منگل : 17 جنوری 2018 ” اب تک کی اہم ترین قومی خبریں”

[pullquote]’پاکستان کو نواز شریف اور عمران خان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے‘بلاول[/pullquote]

پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو نواز شریف اور عمران خان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔بدین میں جلسے سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیاسی یتیموں کا ایک ٹولہ جمع کیا گیا اور ایک لاڈلے نے سندھ کے چکر لگانا شروع کردیے ہیں لیکن بچہ بچہ جانتا ہے کہ سندھ کی ترقی کیلئے صرف پیپلز پارٹی نے کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کے خلاف چلاتے رہتے ہیں لیکن ان کے ساتھ سندھ میں وہ شخص ہے جسے کرپشن پر نکالا گیا تھا جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی وزیر اعلیٰ پر کرپشن کے الزامات ہیں لیکن کوئی احتساب نہیں کیا جارہا۔

[pullquote]پروین رحمٰن قتل کیس: سپریم کورٹ کا عدالتی کمیشن کی تشکیل کا حکم[/pullquote]

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سماجی کارکن پروین رحمٰن قتل کیس میں عدالتی کمیشن کی تشکیل کے لیے اٹارنی جنرل اوشتر اوصاف کو نوٹس جاری کردیا۔سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل بینچ نے سماجی کارکن پروین رحمٰن قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے ناقص تفتیش اور کیس خراب کرنے پر سندھ پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔سماعت کے دوران عدالتِ عظمیٰ نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ ضمیر گھمرو کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر عدالت کو معاملےسے آگاہ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

[pullquote]طاہر القادری کی خواہش پر احتجاجی جلسے کیلئے ترانہ تیار[/pullquote]

لاہور کے مال روڈ پراپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی جلسے کے لئے ڈاکٹر طاہر القادری کی خواہش پر نیا ترانہ تیار کرلیا گیا ہے۔نئے ترانے میں ماڈل ٹاؤن اور قصور میں زیادتی پر انصاف کا تقاضہ کیا گیا ہے، ترانہ ڈی جے ولی سنز اور شاعر قیصر ندیم گڈو نے تیار کیا ہے۔ترانے کے بول ہیں کہ ’سر پہ کفن باندھے میدان میں نکلے ہیں، قاتل کے ایوانوں کو ہم ڈھانے نکلے ہیں، ظالمو ں جواب دو ظلم کا حساب دو ، نہیں تو ہو گا اب، دمادم مست قلندر ‘ قصور واقعہ سے متعلق ترانے کے بول میں کہا گیا ہے کہ قصور کی زینب کا قصور تو بتلاؤ، قاتل جو اسکا ہے سولی پہ لٹکاؤ۔ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے ڈی جے ولی سنز کو دھمکی دی گئی ہے کہ اگر ملی نغمات کے علاوہ کسی سیاسی جماعت کا ترانہ جلسہ میں چلایا تو مقدمہ درج کیا جائے گا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پولیس نے تاکید کی ہے کہ کسی گانے میں ماڈل ٹاؤن سانحہ، پاناما یا زینب کا ذکر نہیں ہونا چاہیے ۔

[pullquote]متحدہ اپوزیشن جلسے کیلئےسیکیورٹی فول پروف ہے، ڈی آئی جی آپریشنز[/pullquote]

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے جلسے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، جلسے میں شرکت کے لیے آنے والوں کی3 مقامات پر چیکنگ ہوگی، امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں .لاہور میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے جلسے کی سیکیورٹی پر 6ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دیں گے، 11ایس پیز، 24 ڈی ایس پیز، 80ایس ایچ اوز اور 60انچارج انویسٹی گیشن بھی مامور ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ شرکاء کے لیے ناصر باغ، نیلا گنبد، باغِ جناح اور پنجاب اسمبلی کے عقب میں پارکنگ بنائی گئی ہے، جبکہ 4 مقامات شرکت کیلئے مقرر کیے گئے ہیں۔ڈاکٹر حیدر اشرف نےکہا کہ ٹریفک کی روانی کےلیے بھی موثر حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے، شہریوں کو چاہئے کہ وہ ٹریفک وارڈنز کی ہدایات پر عمل کریں۔

[pullquote]پہلے یہ دو کزن تھے اب تین ہو گئے، دانیال عزیز[/pullquote]

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی زیر قیادت متحدہ اپوزیشن احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پہلے یہ دو کزن تھے اب تین بن گئے ہیں، طاہرالقادری پہلے زرداری کو گالیاں دیتے تھے، اب ان کا ہاتھ پکڑے ہوئے ہیں۔دانیال عزیز کا مزید کہنا ہے کہ عوامی تحریک والوں نے خود اپنی ایف آئی آر کو تبدیل کیا، انہوں نے بتایا کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ ہم نے نہیں روکی تھی۔ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ احتجاجی پارٹیوں کی تعداد 9تک پہنچےگی ،دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نے اپوزیشن پر کڑی تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا، ایک دوسرے کو چور کہنے والے کیسے اکٹھے ہوگئے، ان کے اصل ارادے بےنقاب ہو چکے ہیں۔

[pullquote]اسحاق ڈار کو اشتہاری قراردینے کا فیصلہ برقرار[/pullquote]

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قراردینے کا احتساب عدالت کا فیصلہ برقراررکھتے ہوئے اشتہاری قرار دینے کے خلاف دائر درخواست خارج کراچی، جبکہ احتساب عدالت کی کارروائی پر جاری حکم امتناع بھی ختم کردیا۔جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے انوکھا کام ہوا کہ ملزم کو مفرور قرار دے دیا گیا، پرملزم بھی کیس میں نیک نیتی ثابت نہیں کر سکا۔جسٹس میاں گل اورنگزیب نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ پڑھ کر لگتا ہے کہ رپورٹ ملزم کے کہنے پر لکھی گئی ہے۔وکیل ملزم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کو اپنی مرضی کے ڈاکٹر سے علاج کرانے کا حق ہے، جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ کہنا چاہتے ہیں کہ انہیں یہاں کے ڈاکٹروں پر اعتماد نہیں؟جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پاکستان میں بھی علاج کی بہتر سہولیات دستیاب ہیں۔

[pullquote]کالعدم تنظیم نے راؤ انوار پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی[/pullquote]

کراچی میں ایس ایس پی ملیر راؤ انوار پر خود کش حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے قبول کرلی ۔ حملے میں راؤ انوار محفوظ رہے تھے، تاہم مقابلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے ۔ خود کش حملہ آور کی شناخت اسماعیل آفریدی کے نام سے ہوئی ہے۔گزشتہ شب ایس ایس پی راؤ انوار اپنے دفتر سے گھر جارہے تھے کہ ملیرلنک روڈ پر خود کش بمبار نے حملہ کر دیا۔ ایس ایس پی راؤ انوار بکتر بند گاڑی میں سوار ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے۔راؤ انوار کا کہنا ہے کے خود کش حملہ آور گاڑی سے ٹکرایا اور پھٹ گیا حملے میں راؤ انوار اور ساتھی اہلکار محفوظ رہے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے2نائن ایم ایم پستول اور 2گولیاں برآمد کرلیں۔دوسری جانب وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے ایس ایس پی ملیر پر خودکش سے متعلق ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

[pullquote]سپریم کورٹ: دُہری شہریت کے حامل افسران و ججز کی فہرست طلب[/pullquote]

چیف جسٹس پاکستان نے دُہری شہریت کے حامل افسران اور ججز کی فہرست 15دنوں میں طلب کرلی ۔سپریم کورٹ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے گریڈ 17سے 22تک کے افسران کی فہرست طلب کی گئی ہے، چیف جسٹس پاکستان نے ججز کی دُہری شہریت کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔چیف جسٹس پاکستان نے 15سال بیرون ملک گزار کر دوبارہ سرکاری ملازمت کی بحالی کے لیے درخواست کی سماعت میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار کو ہدایت کی ہے کہ 15 روز میں دوہری شہریت کے حامل ججز کی تفصیلات پیش کریں۔چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز لاحسن پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔

[pullquote]ڈاکٹر عاصم کو لندن جانے کی عدالتی اجازت مل گئی[/pullquote]

سابق وفاقی وزير ڈاکٹر عاصم کو علاج کے لئے لندن جانے کی اجازت مل گئی۔ احتساب عدالت نے درخواست منظور کر لی۔عدالت نے ڈاکٹرعاصم کو لندن جانے کے لئے 15روز کی اجازت دے دی ہے، عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو 60 لاکھ روپے زیر ضمانت جمع کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔ڈاکٹر عاصم کو 20 جنوری سے 5 فروری تک کی اجازت دی گئی ہے۔ ان کے خلاف احتساب عدالت میں 2 ریفرنس زیر سماعت ہیں۔ بيرون ملک قیام کے دوران ڈاکٹر عاصم کو حاضری سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ڈاکٹر عاصم نے عدالت سے 20 فروری تک لندن جانے کی اجازت مانگی تھی۔ درخواست میںموقف اختیار کيا تھا کہ انہیں ريڑھ کی ہڈی ميں تکلیف ہے۔ ایک بار ان کی سرجری بھی ہو چکی ہے جبکہ مزيد ايک سرجری ابھی ہونا باقی ہے۔

[pullquote]لاہور ہائیکورٹ نے احتجاجی جلسے کی مشروط اجازت دے دی[/pullquote]

لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نےمال روڈ کا دھرنا روکنے کے لئے دائر درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے جلسے کی مشروط اجازت دے دی۔عدالت نے فیصلے میں حکم دیا ہے کہ مال روڈ پر جلسہ رات 12 بجے تک ختم کر دیا جائے۔ اس کے علاوہ رات 12 بجے کے بعد میڈیا بھی جلسے کی کوریج نہیں کرے گا۔اس سے قبل سماعت کے دوران عدالت نے ہوم سیکریٹری کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیئے کہ حکومت نے دھرنے پر پابندی کا نوٹیفکیشن تو جاری کردیا مگر قانون سازی نہیں کی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان، جسٹس شاہد جمیل اور جسٹس شاہد کریم پر مشتمل3 رکنی فل بنچ نے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ اور مال روڈ کے تاجروں کی درخواستوں پر سماعت کی۔

[pullquote]انتظار کی کار پر ایک اہلکار نے 12 گولیاں فائر کیں، فارنزک رپورٹ[/pullquote]

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نوجوان انتظار کی کار پر ایک اہلکار نے 12 گولیاں فائر کیں موقع سے ملنے والی گولیوں کے 18 خول اور اہلکاروں سے برآمد ہوئے اسلحہ کا فارنزک جاری ہے ، موازنے کے لیے پولیس اہلکاروں کے 8 پستول بھی فراہم کیے گئے، جبکہ مقدمے کے نویں ملزم نے عدالت سے ضمانت کرالی ہے۔انوسٹی گیشن پولیس کی جانب سے فارنزک لیب کو تجزیے کے دوران فراہم کیے گئے ایک پستول سے 12 گولیاں فائر کیا جانا ثابت ہوگیا جبکہ باقی 6 گولیاں دوسرے ہتھیار سے فائر کی گئیں اور ان کے تجزیے کا کام جاری ہے۔ فارنزک رپورٹ مکمل ہونے کے بعد پتہ چلے گا کہ یہ ہتھیار کس پولیس اہلکار کا تھا۔کیمیکل لیبارٹریز سندھ کے ذرائع کے مطابق جائے وقوع سے ملنے والی گولیوں کے 18 خولز اور اور معطل کرکے گرفتار کیے گئے تمام پولیس اہلکاروں سے برآمد ہونے والے اسلحہ کے فارنزک کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کی جانب سے لیبارٹری بھیجوایا گیا تھا۔ گولیوں اور ہتھیاروں کے تجزیے کا کام جاری ہے۔کیمیکل لیبارٹری کے انچارج ایس ایس پی فیض اللہ کوریجو کے مطابق فارنزک لیبارٹری کو پہنچائے گئے ہتھیاروں میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جن سے کوئی گولی فائر نہیں ہوئی تاہم کچھ ہتھیاروں کے تجزیہ کا کام ابھی باقی ہے۔

[pullquote]بارود پھٹا نہیں جلا، جس سے حملہ آور ہلاک ہوگیا، راجہ عمر خطاب[/pullquote]

کراچی کے علاقے ملیر کینٹ کے قریب ایس ایس پی راؤ انوار کی گاڑی پر حملہ ہوا، حملے میں ایس ایس پی راؤ انوار محفوظ رہے ۔ ڈی آئی جی ایسٹ سلطان خواجہ کہتے ہیں لگتا ہے خودکش حملہ کیا گیا، وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے راؤ انوارکو ٹیلی فون کر کے خیریت دریافت کی ، حملے کی رپورٹ طلب کرلی۔انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمرخطاب نے حملےکی جگہ کادورہ کیا، ایس ایس پی ملیر راؤ انوارپر حملے سے متعلق سی ٹی ڈی انچارج راجہ عمر خطاب کا کہناہے کہ حملے کے بارے میں کچھ کہا نہیں جاسکتا کیوں کہ حملے میں بارود پھٹا نہیں بلکہ جل گیا،جس کے باعث حملہ آور مکمل جھلس گیا۔انہوں نے کہا کہ ممکن ہو کہ حملہ آور کا مقصد راؤ انوار کو روکنا ہو ۔اس دوران حملہ آوروں کے دیگر ساتھی راؤ انوار کے رکنے پرحملہ کرتے۔

[pullquote]کراچی:انتظار قتل کیس، گاڑی میں موجود لڑکی شامل تفتیش[/pullquote]

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نوجوان انتظار کے قتل کے وقت گاڑی میں موجود لڑکی کو شامل تفتیش کرلیا گیا ۔لڑکی نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ فائرنگ سے قبل ہم نے قریب سے ہی 2 برگر خریدے ۔جس کے بعد انتظار کا ایک دوست نظر آیا ۔جس سے انتظار نے ہاتھ ملایا۔اس کے کچھ ہی دیر بعد ایک گاڑی ہماری گاڑی کے آگے آئی، ہمیں روکا گیا ۔ انتظار سے پوچھا کیا ہورہا ہے،لیکن اس نے کوئی جواب نہیں دیا۔انتظار نے گاڑی کو آگے بڑھایا تو فائرنگ ہو گئی ، گاڑی رکی تو وہ اتری اور رکشہ لے کرچلی گئی۔امکان ہے کہ گولی لگنے کے بعد انتظار سے گاڑی بے قابو ہوگئی ہو۔ گاڑی پہلے فٹ پاتھ سے ٹکراتے ہوئے درخت پر لگی اور خالی پلاٹ تک جا پہنچی ۔ خالی پلاٹ پر بنے گٹر سے گاڑی کا ٹائر ملا ہے۔

[pullquote]مردان:3 سالہ بچی عاصمہ کےقتل کیس میں لرزہ خیز انکشاف[/pullquote]

مردان میں تین سالہ بچی عاصمہ کے قتل کیس میں لرزہ خیز انکشاف سامنے آئے ہیں،پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق معصوم بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کیا گیا۔ڈی پی او مردان کا موقف تھا کہ بچی کی موت گلا گھونٹنے سے ہوئی، ضلع ناظم مردان حمایت اللہ مایار کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ چھپائی جارہی ہے۔ بچی کا تعلق غریب خاندان سے ہے جس کا والد بیرون ملک مزدوری کرتا ہے۔ انصاف دلا کر رہیں گے۔مردان کے گاؤں گوجر گڑھی کے علاقہ جندر پار سے اتوار کے روز لاپتا ہونے والی بچی کے قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔اس کیس کے حوالے سے ضلع ناظم مردان حمایت اللہ مایار نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے خود پوسٹ مارٹم رپورٹ دیکھی ہے جس کے مطابق بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کیا گیا ہے۔ اسی لیے رپورٹ چھپائی جارہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ عاصمہ کے خاندان کو انصاف دلانے کے لئے کوشش کی جارہی ہے۔دوسری جانب ڈی پی او مردان میاں سعید کا کہناہے کہ بچی کی موت گلا گھونٹنے سے واقع ہوئی ہے، پوسٹ مارٹم میں ریپ کی کوئی نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔دو دن پہلے معصوم عاصمہ کی لاش اس کے گھر کے قریب کھیتوں سے ملی تھی۔
وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے مردان کے علاقے گوجر گڑھی میں معصوم بچی کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمسن بچوں کے ساتھ ملک بھر میں ہونے والے واقعات پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہیں،صوبہ بدلتے ہی عمران خان کا انصاف بھی بدل جاتا ہے۔امیر مقام نے ایک بیان میں کہا کہ مردان واقعے نے عمران خان کی مثالی پولیس کی کارکردگی بے نقاب کر دی ہے،اس سے پہلے پرویز خٹک کے علاقے اور حلقہ میں معصوم بچیوں کوزیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔

[pullquote]زینب قتل کیس میں ایک مشتبہ شخص لاہور سے گرفتار[/pullquote]

لاہور پولیس نے قصور زینب کیس میں ایک مشتبہ شخص کو بھٹہ چوک ڈیفنس سے گرفتار کر کے قصور پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار مشتبہ شخص کی سی سی ٹی وی میں نظر آنے والے شخص سے خاصی مشابہت ہے،اس کی موبائل فون کی لوکیشن بھی قصور کی ہے ۔اسےتفتیش کے لئے قصور پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے ،جو اس کا ڈی این اے کرائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے