ملک کے 5 لاکھ گریجویٹ نوجوان بیروز گاری کا شکار

اسلام آباد: پاکستان شماریات بیورو (پی بی ایس) نے قومی اسمبلی کے سامنے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں 5 لاکھ گریجویٹ نوجوان بے روزگاری کا شکار ہیں۔

قومی اسمبلی رکن اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ حمید کے سوال پر وزارت برائے افرادی قوت نے تحریری جواب جمع کرایا کہ صرف اسلام آباد میں 6 ہزار 776 نوجوان بے روزگار ہیں جن میں مردوں کی تعداد 3 ہزار 819 اور خواتین کی 2 ہزار 957 ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں گریجوٹ نوجوانوں کی سب سے بڑی تعداد ہے، صوبہ پنجاب میں کل 3 لاکھ 10 ہزار نوجوان ذریعہ معاش کی تلاش میں سرگرداں ہیں، جن میں مرد اور عورت کی تفریق کے اعتبار سے 2 لاکھ 10 ہزار خواتین جبکہ 99 ہزار 874 مرد بے روز گریجویٹ ہیں۔

قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ بے روزگار گریجویٹ نوجوانوں کی دوسری بڑی تعداد صوبہ سندھ میں ہے جہاں کل 97 ہزار 222 نوجوانوں میں سے 53 ہزار 673 مرد اور 43 ہزار 549 خواتین شامل ہیں۔

پی بی ایس نے انڈسٹری اور ملازمت کی درجہ بندی کے معیار کے مطابق افرادی قوت کا حجم اور ساخت کا لیبر فورس سروے (ایل ایف ایس) کروایا تھا۔

بے روز گار گریجویٹ نوجوانوں کے حوالے سے مذکورہ سروے سال 15-2014 میں کرایا گیا۔

اراکین قومی اسمبلی کو آگاہ کیا گیا کہ چھٹی مردم شماری کے تنائج پر مشتمل اعداد وشمار کی روشنی میں صوبوں میں موجودہ بے روزگار گریجویٹ نوجوان کے بارے میں واضح تصویر سامنے آ سکے گی۔

وزارت نے بتایا کہ حتمی اعداد وشمار اپریل 2018 تک پیش کیے جا سکتے ہیں۔

دیگر دو صوبوں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بے روزگار گریجویٹ کی کل تعداد بلترتیب 83 ہزار 367 اور 11 ہزار ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ خیبرپختوںخوا میں 36 ہزار 548 نوجوان مرد اور 46 ہزار 819 خواتین گریجویٹ ہیں لیکن ملازمت یا کسی دوسرے ذریعہ معاش سے وابستہ نہیں۔

اراکین قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ملک میں ملازمت کے مواقعے محدود ہونے کی وجہ سے نوجوان بیرون ملک جانے کی جستجو میں ہیں۔

رکن قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کی رہنما شگفتہ جمانی کے تحریری سوال کے جواب میں وزارت داخلہ نے ایوان کو بتایا کہ 7 ہزار 537 پاکستانیوں نے 2012 سے 2017 کے درمیانی عرصے میں یورپین ممالک میں سکونت اختیار کی۔

اس حوالے سے پڑھیں : جاپان میں مستقل رہائش اب بہت آسان

وزارت داخلہ نے بتایا گیا کہ 2017 میں سے سب سے زیادہ پاکستانیوں نے یورپین ممالک کا رخ کیا جبکہ 2012 میں صرف 223 شہریوں نے بیرون ملک ہجرت کی۔

فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق 2013 میں ہزاروں پاکستانیوں نے برطانیہ کا رخ کیا جبکہ 2017 میں 904 شہریوں نے سکونت اختیار کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2017 میں ٹلی جانے والوں کی تعداد 570 جبکہ 2012 میں صرف 36 تھی۔

اسپین میں سکونت اختیار کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 2017 میں 386 رہی جبکہ 2012 میں صرف 2 شہری اسپین گئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے