امریکا، اسرائیل اور بھارت کا ‘ملاپ’ خطرے کی علامت، رضا ربانی

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے امریکا، اسرائیل اور بھارت کے مابین ابھرتے ہوئے تعلقات کو مسلم ممالک کے لیے بڑا خطرہ قرار دے دیا۔

تہران میں منعقدہ اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کے 13 ویں سالانہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان، امریکا کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے کے یکطرفہ فیصلے کی شدید مخالفت کرتا ہے جو عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا ‘القدس کے معاملے پر پاکستان پر شدید دباؤ رہا اور مسلم دنیا یاد رکھے آج پاکستان اور ایران کو سخت رویے کا سامنا ہے جبکہ کل کوئی دوسرا ملک ہوگا، ہمیں کسی بھی قسم کے نظریاتی، نسلی، لسانی تفریق سے بلا تر ہو کر سوچنا ہوگا’۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ مسلم ممالک اقتصادی، تجارتی سطح سمیت تعلیم، طب، سائنس، ٹیکنالوجی، زراعت، توانائی، دفاع اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان گزشتہ 15 برسوں میں ہزاروں فوجی اہلکاروں اور شہریوں کی زندگیوں سے محروم ہو گیا ہے لیکن دہشت گردوں اور انتہاء پسندی کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھے گا۔

اس موقع پر انہوں نے زور دیا کہ مٹھی بھر دہشت گردوں کی وجہ سے اسلام کے تشخص کو نقصان پہنچ رہا ہے اس لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا چاہیے، انہوں نے کہا کہ دین اسلام کا حقیقی اور آفاقی پیغام جو امن، برداشت اور محبت پر مبنی ہے، کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہیے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسلم ممالک پر مشتمل پارلیمانی یونین (پی یو آئی سی) ایک طاقتور ادارہ ہے جس کے پلٹ فارم سے اٹھنے والی آواز اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

انہوں نے پی یو آئی سی کے قیام کو مسلم ممالک کے مابین مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے رابطے اور تعاون زور دیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے