جمعرات : 18 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پاکستانی نژاد خاتون برطانیہ کی پہلی مسلمان وزیر بن گئیں[/pullquote]

پاکستان نژاد برطانوی پارلیمینٹرین نصرت غنی نے برطانیہ کی تاریخ میں پہلی مسلمان خاتون وزیر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔اس سے قبل بھی برطانیہ میں کئی پاکستانی نژاد مسلمان سیاستدان برطانیہ کے کئی اہم سرکاری عہدوں پر تعینات ہونے کے اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔نصرت غنی سے قبل نومبر 2017 میں پاکستانی نژاد شبنم چوہدری اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کی نہ صرف پہلی پاکستانی بلکہ پہلی ایشیائی و خاتون سپرنڈنٹ بنی تھیں۔اسی طرح میئر لندن صادق خان بھی وہ پہلے پاکستانی نژاد اور مسلمان ہیں، جو دنیا کے اہم ترین شہروں میں سے ایک کے میئر منتخب ہوئے۔اعزاز حاصل کرنے کے بعد نصرت غنی نے ٹوئیٹ کی کہ وہ پہلی مسلم خاتون وزیر بننے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔انہوں نے پہلی بار مسلمان خاتون وزیر کی حیثیت سے کامن آف ہاؤس ڈسپیچ باکس میں اپنی تقریر کی ویڈیو بھی شیئرکی۔

[pullquote]چین انڈو پیسیفک خطے میں انتشار انگیز قوت ہے، امریکی ایڈمرل[/pullquote]

امریکی فوج کی پیسیفک کمانڈ کے سربراہ نے کہا ہے کہ چین انڈو پیسیفک علاقے میں انتشار انگیز قوت ہے۔ آج جمعرات کے روز ایڈمرل ہیری ہیرس نے نئی دہلی میں سلامتی کے حوالے سے ایک کانفرنس میں خطے کے ممالک پر زور دیا کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے فروغ اور بحری خود مختاری کی یقین دہانی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارت کی میزبانی میں ہونے والی اس کانفرنس میں جاپان کی فوج کے چیف آف سٹاف اور جوائنٹ سٹاف اور بھارتی بحریہ کے سربراہ بھی شریک تھے۔

[pullquote]شام میں امریکی فوجی موجودگی جارحانہ عمل ہے، شامی حکومت[/pullquote]

شامی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ شام میں امریکی فوج کی موجودگی غیر قانونی اور شامی خودمختاری کے خلاف ایک ’جارحانہ عمل‘ ہے۔ یہ بیان امریکا کی طرف سے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ امریکی فوج شام میں غیر معینہ مدت تک کے لیے رُک سکتی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹِلرسن نے گزشتہ روز کہا تھا کہ داعش کے دوبارہ قوت پکڑنے کے خطرے سے بچنے کے لیے امریکی فوجی غیر معینہ مدت تک شام میں موجود رہ سکتے ہیں۔ ٹِلرسن کے مطابق اس فوجی موجودگی کا مقصد شامی صدر بشار الاسد کو ہٹانے کے لیے سفارتی کوششوں کا راستہ ہموار کرنا اور اس ملک میں ایرانی اثر و رسوخ کو روکنا بھی ہو گا۔

[pullquote]روس اپنا ایک ’آزاد انٹرنیٹ‘ بنانے والا ہے[/pullquote]

روس اپنا ایک آزاد انٹرنیٹ بنانے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے، جس کا انحصار مغربی ممالک پر نہیں ہو گا۔ روسی حکام کے مطابق انٹرنیٹ پر امریکا اور متعدد یورپی ممالک کی اجارہ داری ہے اور وہی انٹرنیٹ کے ضوابط طے کرتے ہیں، جسے روس اپنی سلامتی کے لیے ایک ’سنجیدہ خطرہ‘ قرار دیتا ہے۔ روس کے مطابق اس طرح ملک کے داخلی معاملات میں غیرملکی مداخلت کے خطرات کم کیے جا سکتے ہیں۔ روسی صدر پوٹن انٹرنیٹ کو سی آئی اے کا ایک آلہ قرار دیتے ہیں۔

[pullquote]شام میں امریکی فوجی موجودگی جارحانہ عمل ہے، شامی حکومت[/pullquote]

شامی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ شام میں امریکی فوج کی موجودگی غیر قانونی اور شامی خودمختاری کے خلاف ایک ’جارحانہ عمل‘ ہے۔ یہ بیان امریکا کی طرف سے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ امریکی فوج شام میں غیر معینہ مدت تک کے لیے رُک سکتی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹِلرسن نے گزشتہ روز کہا تھا کہ داعش کے دوبارہ قوت پکڑنے کے خطرے سے بچنے کے لیے امریکی فوجی غیر معینہ مدت تک شام میں موجود رہ سکتے ہیں۔ ٹِلرسن کے مطابق اس فوجی موجودگی کا مقصد شامی صدر بشار الاسد کو ہٹانے کے لیے سفارتی کوششوں کا راستہ ہموار کرنا اور اس ملک میں ایرانی اثر و رسوخ کو روکنا بھی ہو گا۔

[pullquote]افغانستان: بارودی سرنگ پھٹنے سے پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے مغربی حصے میں ایک بارودی سُرنگ پھٹنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ افغان صوبہ ہرات کے گورنر کے ترجمان جیلانی فرہاد کے مطابق ایک رہائشی مکان میں یہ بارودی سُرنگ ممکنہ طور پر افغان سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے نصب کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ شِینداند ضلع میں یہ بارودی سُرنگ بدھ کی شب پھٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک خاندان کے پانچ افراد ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

[pullquote]بھارت اسرائیل سے میزائل خریدنے پر دوبارہ غور کر رہا ہے، نیتن یاہو[/pullquote]

بھارت کے دورے پر پہنچے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتو یاہو نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اسرائیل سے ٹینک شکن میزائل خریدنے پر دوبارہ غور کر رہی ہے۔ بھارتی حکومت نے قبل ازیں ٹینک شکن میزائل خریدنے کا 500 ملین امریکی ڈالرز مالیت کا یہ معاہدہ معطل کر دیا تھا۔ نیتن یاہو کی طرف سے جاری کردہ ایک ٹویٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے انہیں مطلع کیا ہے کہ رافائل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ یہ معاہدہ دوبارہ زیر غور ہے۔ اسرائیل، بھارت کو ہتھیار فراہم کرنے والا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ نیتن یاہو چھ روزہ دورے پر بھارت میں ہیں۔ وہ کل جمعے کے روز واپس لوٹ جائیں گے۔

[pullquote]کُرد جنگجوؤں کے حوالے سے امریکی ضمانت پر مطمئن نہیں، ترکی[/pullquote]

ترکی نے کہا ہے کہ وہ شام میں کُرد جنگجوؤں کے حوالے سے امریکی یقین دہانی سے مطمئن نہیں ہے۔ ترکی ان کرد جنگجوؤں کو ’دہشت گرد‘ قرار دیتا ہے۔ واشنگٹن حکومت نے کہا تھا کہ وہ شمالی شام میں 30 ہزار کُرد جنگجوؤں کو تربیت فراہم کر رہا ہے، تاکہ وہ سرحدی محافظوں کا کردار ادا کر سکیں۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ویک اینڈ پر اس حوالے سے اپنے شدید ردعمل میں کہا تھا کہ وہ ’دہشت گردوں کی فوج‘ قبول نہیں کریں گے۔ تاہم واشنگٹن نے کہا ہے کہ اس کا ایسا کوئی منصوبہ نہیں کہ وہ شمالی شام میں کوئی ’فوج‘ بنائے، بلکہ وہ شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے جہادیوں کے دوبارہ منظم حملوں کو روکنے کے لیے کرد فورسز کی مدد کر رہا ہے۔

[pullquote]بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو پاکستانی خواتین ہلاک[/pullquote]

بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ’بلا اشتعال‘ فائرنگ کرتے ہوئے پاکستان کی دو عام شہری خواتین کو ہلاک جب کہ پانچ دیگر کو زخمی کر دیا ہے۔ یہ بات پاکستانی فوج کی جانب سے بتائی گئی ہے۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے فائرنگ کا یہ تازہ واقعہ پاکستانی پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں پیش آیا۔ اس بیان میں بھارت پر جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے فائر بندی کے معاہدے کی تازہ خلاف ورزی بھی ’بلا اشتعال‘ کی گئی۔

[pullquote]بھارت کا بین البراعظمی میزائل کا تجربہ[/pullquote]

بھارت نے آج بروز جمعرات بین البراعظمی میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ بھارتی وزارت دفاع کے مطابق یہ بھارت کا اب تک کا طویل ترین فاصلے تک مار کرنے والا میزائل ہے اور اس تجربے کا مقصد ہمسایہ ممالک پاکستان اور چین کے خلاف جوہری دفاع کی صلاحیت کو مضبوط کرنا ہے۔ منسٹری کے ٹویٹر پیغام کے مطابق پانچ ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے اگنی پانچ میزائل کو بھارت کے مشرقی ساحل کے قریب خلیج بنگال میں واقع ایک جزیرے سے چھوڑا گیا۔ پیغام کے مطابق یہ بھارت کی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم اضافہ ہے۔

[pullquote]سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر یمن کے مرکزی بینک میں جمع کرادیئے[/pullquote]

ریاض: سعودی عرب نے یمن کی کرنسی کو مستحکم کرنے کے لئے 2 ارب ڈالر کی امداد یمن کے مرکزی بینک میں جمع کرا دی ہے جس کا مقصد مقامی کرنسی کی قدر کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔سعودی سرکاری خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر سعودی حکام نے یمن کے مرکزی بینک میں دو ارب ڈالر کی رقم جمع کرا دی ہے۔ سعودی حکام نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس رقم کے نتیجے میں یمن کی معیشت اور یمنی شہریوں کے معاشی حالات پر مثبت اثرات مرتّب ہوں گے۔واضح رہے کہ خانہ جنگی کا شکار یمن شدید مالی بحران کا شکار ہے ، اس سلسلے میں سعودی عرب کی جانب سے یمنی مرکزی بینک میں جمع کرائی گئی مجموعی رقم تین ارب ڈالر ہو گئی ہے۔

[pullquote]روس نے چین کو S-400 میزائل نظام کی ترسیل شروع کر دی[/pullquote]

روس نے چین کو S-400 میزائل نظام کی ترسیل شروع کر دی ہے۔ روسی نیوز ایجنسی TAAS نے یہ بات روس کے ملٹری انڈسٹریل کمپلیکس کے ذرائع کے حوالے سے بتائی ہے۔ زمین سے فضا میں مار کرنے والے اس میزائل نظام کی فراہمی دونوں ممالک کے درمیان 2014ء میں طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت کی جا رہی ہے۔

[pullquote]اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے فلسطینی ہلاک[/pullquote]

اسرائیلی سکیورٹی فوسز نے گزشتہ ہفتے ایک ربی کو فائرنگ کر کے ہلاک کرنے میں مشتبہ طور پر ملوث ایک فلسطینی کو ہلاک کر دیا ہے۔ اسرائیلی پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک ٹوئیٹ کے مطابق اس دوران ایک اسرائیلی سرحدی گارڈ شدید زخمی ہوا جبکہ دوسرے کو معمولی چوٹیں آئیں۔ پولیس کے مطابق انسدادی دہشت گردی کے اس آپریشن کے دوران دیگر مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

[pullquote]روس نے ٹرمپ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا[/pullquote]

ماسکو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے شمالی کوریا کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ یہ بات روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس نے وزارت خارجہ کے حکام کے حوالے سے بتائی ہے۔ ٹرمپ نے گزشتہ روز خبر رساں ادارے روئٹرز کو ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ روس اقوام متحدہ کی پابندیوں سے بچنے کے لیے شمالی کوریا کی مدد کر رہا ہے۔ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ماسکو حکومت پیونگ یانگ کو غالباﹰ وہ اشیاء فراہم کر رہی ہے جو چین نے فراہم کرنے کا سلسلہ روک دیا ہے۔

[pullquote]ایپل کی طرف اپنا منافع امریکا واپس لانے کا اعلان[/pullquote]

امریکا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اعلان کیا ہے کہ وہ بیرون ملک کمایا گیا منافع واپس امریکا لے جائے گی۔ ایپل کی طرف سے یہ اقدام امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی ٹیکس اصلاحات کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ ان اصلاحات میں بیرون ملک کمائے گئے منافع پر ٹیکس کی شرح 35 فیصد سے کم کر کے 15.5 فیصد کر دی گئی ہے۔ ایپل کے اپنے اعداد وشمار کے مطابق اندازہ ہے کہ یہ کمپنی اپنے منافع پر 38 بلین ڈالر ٹیکس ادا کرے گی۔ ایپل کمپنی کے سی ای او ٹِم کُک نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ پانچ برسوں کے دوران امریکا میں 30 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کریں گے جس سے امریکا میں روزگار کے 20 ہزار نئے مواقع نکلیں گے۔

[pullquote]امریکی تعاون کے بغیر فوج اور حکومت 6 ماہ بھی نہیں چل سکتی، افغان صدرکا اعتراف[/pullquote]

کابل: افغانستان کے صدراشرف غنی نے اعتراف کیا ہے کہ امریکا کے تعاون کے بغیر افغان فوج اور حکومت چھ ماہ بھی نہیں چل سکتی۔غیر ملکی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں افغان صدر نے اپنی حکومت کی نااہلی کا اعتراف کرتے ہوئے اور اپنی حکومت کے مکمل طور پر امریکا پر انحصار کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی حمایت کے بغیر افغان نیشنل آرمی چھ ماہ سے زیادہ نہیں چل سکتی اورافغان حکومت کا وجود بھی باقی نہیں رہ سکتا۔اشرف غنی کا کہنا تھا کہ افغانستان کو 21 بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں سے خطرہ ہے، درجنوں خودکش حملہ آور افغانستان بھیجے جارہے ہیں، پشتون بیلٹ کے بڑے حصے پر طالبان کا کنٹرول ہے اور کابل حکومت انہیں بے دخل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ طالبان کی طاقت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ہم محاذ جنگ میں ہیں، طالبان نے عوام کو اتنا خوفزدہ کردیا ہے کہ وہ حکومت پریقین کرنے پر آمادہ نہیں۔

[pullquote]روسی صدر شمالی کوریا پر عائد عالمی پابندیوں کو سبوتاژ کررہے ہیں، ٹرمپ[/pullquote]

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پوٹن جان بوجھ کر شمالی کوریا پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کو سبوتاژ کررہے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین نے شمالی کوریا کو ایندھن کی فراہمی پر عائد پابندیوں کے نفاذ میں اہم کردار ادا کیا لیکن اب روس نے چین کی جگہ سنبھال لی ہے اور وہ شمالی کوریا کے حوالے سے امریکا کے ساتھ بالکل تعاون نہیں کررہا، بلکہ یوں لگتا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پوٹن جان بوجھ کر شمالی کوریا پر عائد پابندیوں کو سبوتاژ کررہے ہیں۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا ایسے بیلسٹک میزائلوں کی تیاریاں کررہا ہے جن کی براہ راست پہنچ امریکا تک ہے لیکن تمام عالمی کوششوں کے باوجود ہم اس حوالے سے مؤثر نتائج حاصل نہیں کرپارہے جس کی بظاہر وجہ یہی ہے کہ چین شمالی کوریا سے جو کچھ بھی واپس لے رہا ہے وہ روس اسے فراہم کررہا ہے اور بدقسمتی سے روس امریکا تعلقات بھی ایسے نہیں جن سے بہتری کی امید کی جاسکے۔امریکی صدر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ضرورت پڑی تو شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ سے ملاقات کی جاسکتی ہے، لیکن شمالی کوریا کے رویئے کے باعث دوریاں بڑھ بھی سکتی ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب میں حادثہ، عمرے پر گئے 4 پاکستانی دوست جاں بحق[/pullquote]

سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں عمرے پر گئے 4 پاکستانی دوست جاں بحق ہوگئے۔ نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں سوار 4 افراد جاں بحق جب کہ ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ ٹریفک حادثہ مدینہ روڈ پر القسیم کے قریب پیش آیا۔ جاں بحق افراد اور زخمی کی شناخت ہوگئی ہے۔ تمام افراد کا تعلق پاکستان کے ضلع لوئر دیر کے علاقے میدان سے تھا۔چاروں افراد آپس میں دوست تھے جو عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے تھے اور ایک ہی گاؤں کے رہنے والے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں انور زمین ،نعیم اللہ، واحد گل، سلطان باچا شامل ہیں جن کی عمریں 20سے 25 سال کے درمیان تھیں۔ واقعے میں گاڑی کا ڈرائیور آدم خان شدید زخمی ہوگیا ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی عدالت کا عہد تمیمی کو مقدمے کے فیصلے تک قید رکھنے کا حکم[/pullquote]

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل کی فوجی عدالت نے نوعمر فلسطینی مزاحمت کار عہد تمیمی کو ان کے خلاف مقدمے کے فیصلے تک جیل میں قید رکھنے کا حکم دے دیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کی فوجی عدالت میں عہد تمیمی پر قابض صیہونی فوجیوں کو تھپڑ مارنے کے جرم میں مقدمے کی سماعت ہورہی ہے، سماعت کے دوران عدالت کے جج نے کہا کہ ’’ میں اس کا کوئی متبادل نہیں ڈھونڈ سکا ہوں کہ میں عہد تمیمی کو مقدمے کی کارروائی تک زیر حراست رکھنے کے سوا کوئی اور حکم دوں، اس پر جن جرائم کے مرتکب ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے ،وہ اتنے سنگین ہیں کہ حراست کے سوا کسی متبادل کی اجازت نہیں دی جاسکتی‘‘۔16 سالہ عہد تمیمی اور ان کی 20 سالہ کزن نور تمیمی کو مغربی کنارے کے گاؤں نبی صالح میں 2 اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑمارنے کے الزام میں 19 دسمبر کوگرفتار کیا گیا تھا، واقعے کی ویڈیو انٹر نیٹ پر وائرل ہونےکے بعد عہد تمیمی کو اسرائیلی فوج کی توہین کے الزام میں گرفتار کرکے اسرائیل کے زیر انتظام عفر جیل میں بند کردیا گیا تھا۔نوعمر مزاحمت کارعہد تمیمی کو فلسطینیوں کی جانب سے ہیرو قرار دیا جارہا ہےاور وہ فلسطینیوں کی اسرائیلی قبضے کے خلاف مزاحمت کی ایک علامت کے طور پر ابھری ہیں۔ وہ اپنی گرفتاری سے قبل بھی مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج کے قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں حصہ لیتی رہی ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ نے امیگریشن پالیسی پرسوال کرنے والے صحافی کوپریس کانفرنس سے نکال دیا[/pullquote]

واشنگٹن: امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے امیگریشن پالیسی پرسوال کرنے والے سی این این کے رپورٹرکو پریس کانفرنس سے باہرنکلنے کا حکم دے دیا۔اوول آفس میں قازقستان کے صدر کے ہمراہ ٹرمپ کی مشترکہ پریس کانفرنس میں سی این این کے رپورٹر نے ٹرمپ سے سوال کرنا چاہا۔ پہلے توڈونلڈ ٹرمپ نظرانداز کرتے رہے اور پھر جم اکوسٹا کو باہرنکلنے کا حکم دے دیا۔رپورٹر نے امریکی صدرسے افریقی ممالک پر ان کے متنازع بیان کے متعلق سوال کیا تھا۔ امریکی صدرنے امیگریشن پالیسی کے حوالے سےیوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں دنیا کے تمام خطوں سے لوگ امریکا آئیں لیکن صحافی نے جب ان سے وضاحت چاہی تو ٹرمپ نے اسے وائٹ ہاؤس سے باہر نکلنے کو کہہ دیا۔

[pullquote]حج وعمرہ زائرین کی وہیل چیئر دھکیلنے کے لیے عمر کی حد مقرر[/pullquote]

جدہ: سعودی حکومت نے حج و عمرہ کے دوران زائرین کی وہیل چیئر دھکیلنے والے افراد کے لیے عمر کی حد مقرر کر دی۔حرمین الشریفین کی انتظامیہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق حج اور عمرہ کی ادائیگی کے دوران صرف 25 سے 60 سال کی عمر کے مرد وخواتین کو معذور و ضعیف زائرین کی وہیل چیئر دھکیلنے کی اجازت ہو گی۔ وہیل چیئر دھکیلنے کے لیے عمر کی حد زائرین کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے مقرر کی گئی ہے۔

[pullquote]قازقستان: بس میں آتشزدگی سے 52 افراد ہلاک[/pullquote]

شمال مغربی قازقستان میں بس میں آتشزدگی سے کم از کم 52 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔قازقستان کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بس کو حادثہ شمال مغربی قازقستان کے ریجن اکتوب کے ضلع ارگز میں پیش آیا۔بس حادثے میں 5 افراد جان بچانے میں کامیاب ہوئے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثہ پر ہی امداد دی۔قازقستان کی وزارت ایمرجنسی سروس کے مطابق حادثے کے وقت بس میں 55 مسافر اور 2 ڈرائیور موجود تھے۔

[pullquote]ایگزیکٹ ایجنٹس اماراتی عہدیدار بن کر لوگوں سے پیسے بٹورنے میں ملوث، خلیجی اخبار[/pullquote]

خلیجی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ ایگزیکٹ کے کال ایجنٹس خود کو اماراتی عہدیدار ظاہر کر کے جعلی ڈگری لینے والوں سے رقم بٹور رہے ہیں۔اخبار کے مطابق ایگزیکٹ کے چنگل میں پھنسنے والوں سے رقم بٹورنے کا سلسلہ بند نہیں ہوا اور کمپنی کے کال ایجنٹس ڈگریاں لینے والوں کو کال کرتے ہیں، اماراتی لہجے میں بات کرتے ہوئے کلائنٹس سے ڈگریوں کی سرکاری تصدیق کے نام پر رقم ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایگزیکٹ کے کال ایجنٹس سامنے والے کو مکمل ایریا کوڈ کے ساتھ متحدہ عرب امارات کا نمبر بتاتے ہیں جس سے ایسا گمان ہوتا ہے کہ واقعی کسی آفیشل نمبر سے کال آئی ہے۔

[pullquote]میڈیا سے ناراض ٹرمپ کا ‘جعلی’ نیوز ایوارڈز کا اعلان[/pullquote]

واشنگٹن: میڈیا سے ناراض امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اخبارات اور ٹی وی چینلز کے لئے جعلی نیوز ایوارڈز کا اعلان کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ پر سب سے زیادہ تنقید کرنے والے صحافتی ادارے سی این این، نیویارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ کے ناموں کے ساتھ ری پبلکن پارٹی کی ویب سائٹ پر ٹاپ ٹین ‘جھوٹے’ اخباروں اور چینلز کی فہرست جاری کی گئی ہے۔امریکی صدر نے اس حوالے سے سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ بھی کی جس میں انہوں نے ‘جعلی خبروں’ کے مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والے اداروں کا ذکر کیا۔

[pullquote]امریکا، اسرائیل اور بھارت کا ‘ملاپ’ خطرے کی علامت، رضا ربانی[/pullquote]

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے امریکا، اسرائیل اور بھارت کے مابین ابھرتے ہوئے تعلقات کو مسلم ممالک کے لیے بڑا خطرہ قرار دے دیا۔تہران میں منعقدہ اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کے 13 ویں سالانہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان، امریکا کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے کے یکطرفہ فیصلے کی شدید مخالفت کرتا ہے جو عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا ‘القدس کے معاملے پر پاکستان پر شدید دباؤ رہا اور مسلم دنیا یاد رکھے آج پاکستان اور ایران کو سخت رویے کا سامنا ہے جبکہ کل کوئی دوسرا ملک ہوگا، ہمیں کسی بھی قسم کے نظریاتی، نسلی، لسانی تفریق سے بلا تر ہو کر سوچنا ہوگا’۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ مسلم ممالک اقتصادی، تجارتی سطح سمیت تعلیم، طب، سائنس، ٹیکنالوجی، زراعت، توانائی، دفاع اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان گزشتہ 15 برسوں میں ہزاروں فوجی اہلکاروں اور شہریوں کی زندگیوں سے محروم ہو گیا ہے لیکن دہشت گردوں اور انتہاء پسندی کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے