پاکستان اور ایران کا15 روزہ مسافر ٹرین سروس بحال کرنے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان اور ایران کے ریلوے حکام نے دونوں ممالک کے درمیان 15 روزہ مسافر ٹرین سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ ٹرین مشہد یا قُم سے چلے گی اور محرم سے قبل اس کا آغاز ہوجائے گا۔ امن و امان کی صورت حال بہتر ہونے پر پندرہ روزہ مسافر ٹرین کی بحالی کا فیصلہ وزارت ریلوے میں پاکستانی اور ایرانی ریلوے ماہرین کے مشترکہ اجلاس میں ہوا۔

ایرانی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل زاہدان ریلوے ماجد آرجونی نے کی۔ اجلاس میں تاجروں کے مطالبے پر کوئٹہ اور زاہدان کے درمیان 15 مال گاڑیاں چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

ٹرینیں چلانے کی تاریخوں کے حوالے سے ایرانی حکام بعد میں آگاہ کریں گے۔

اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے باعث پاکستان ریلوے ڈویژن اب اس پوزیشن میں ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں مال بھجوایا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں سپنز اور تفتان (ایم ایل تھری) سیکشن کی اپ گریڈیشن بھی زیر بحث آئی،(ایم ایل تھری) کی موجودہ فزیبلٹی اسٹڈی کے لئے ”درخواست برائے تجویز ” جاری ہوچکی ہے جو 2018 ءمیں مکمل ہوگی۔

اپ گریڈیشن میں ٹریکس کے ڈھانچے کی تبدیلی، 183 ڈپس کی پُلوں میں تبدیلی، پرانے پُلوں کی تعمیر اور مکمل سگنل شامل ہیں۔

عام طور پر ایران سے ایل پی جی براستہ سڑک برآمد کی جاتی ہے، پاکستان ریلوے نے ایران سے ایل پی جی کے خصوصی کنٹینرز منگوانے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔

پاکستان نے ایران کو مال برداری پر خصوصی مراعات دینے کی پیشکش کی ہے تاکہ ریلوے کے ذریعے تجارت کو فروغ ملے۔

پاکستان ریلوے حکام کے مطابق دونوں ملکوں کے مابین ہونے والا 1959 کے معاہدے کی تجدید بھی زیر بحث آئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے