جمعہ : 19 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]تائیوان نے چین کی سینکڑوں پروازوں کو روک دیا[/pullquote]

تائیوان کی حکومت نے چینی ہوائی کمپنیوں کی تقریباً دو سو پروازوں کو اُس آبنائے کے اوپر سے گزرنے سے روک دیا ہے، جو اُسے مرکزی چینی سرزمین سے جدا کرتی ہے۔ یہ پروازیں چین سے تائیوان کے مختلف شہروں کے لیے تھیں۔ اس بندش کی وجہ چینی فضائی کمپنیوں کی جانب سے نئے فضائی روٹس کا متعارف کرانا خیال کیا گیا ہے۔ تائیوان کی حکومت مسلسل چینی فضائی کمپنیوں کو ہدایت کرتی رہی ہے کہ وہ اپنے فضائی راستے میں کی جانے والی تبدیلی پر عمل کرنے سے اجتناب کرے۔ تائی پے حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ چینی حکام نے نئے فضائی راستے کے انتخاب کے لیے کوئی مشاورت نہیں کی تھی۔

[pullquote]یمن میں ملیریا بخار مسلسل پھیلتا ہوا[/pullquote]

عالمی ادارہٴ صحت نے کہا ہے کہ تین سال کی خانہ جنگی کے بعد یمن کا صحت کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور ناکافی علاج کی سہولتوں کی وجہ سے ملیریا کے بخار کی پھیلی ہوئی وبا کی لپیٹ میں کوئی بھی آ سکتا ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق یمن میں سن 2016 میں ملیریا کے مریضوں کی تعداد تین لاکھ چھتیس ہزار تھی اور یہ گزشتہ برس کے دوران بڑھ کر چار لاکھ تینتیس ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق ملیریا کے پھیلنے کی دو بڑی وجوہات میں گندے پانی کے اخراج یا سیورج نظام کا تقریباً خاتمہ اور صافی پینے کے پانی کی عدم دستیابی ہیں۔

[pullquote]ویت نام نے چین کے ساتھ مشترکہ ثقافتی تقریب ملتوی کر دی[/pullquote]

ویت نامی حکومت نے عوامی دباؤ کے تحت چین کے اشترک سے مرتب کی جانے والی ایک خصوصی ثقافتی تقریب کو ملتوی کر دیا ہے۔ ویت نامی عوام کا چین کے خلاف ردعمل چینی فوج کی اُس پیش قدمی کے نتیجے میں ہے، جس کے تحت اُس نے ایک ویت نامی جزیرے پر قبضہ کر لیا تھا۔ یہ جزیرہ بحیرہ جنوبی چین میں واقع ہے۔ چینی و ویت نامی ثقافتی تقریب آج بروز جمعہ ہنوئی اوپیرا ہاؤس میں منعقد کی جانی تھی۔ تقریب کو مؤخر کرنے کا حکم نامہ ویت نامی وزارتِ ثقافت کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

[pullquote]ایرانی جوہری ڈیل کے حوالے سے امریکی ایوانٍ نمائندگان میں نیا بِل پیش[/pullquote]

امریکا کے ایوانِ نمائندگان میں ایک نئی مسودہٴ قرارداد پیش کی گئی ہے، جس کا مقصد ایران کو جوہری ڈیل کی شرائط کا مزید پابند کرنا ہے۔ اس مسودہٴ قانون کو رپبلکن پارٹی کے دو اراکین پیٹر روسکیم اور لِز چینی نے پیش کیا ہے۔ اس کا نام ’ایران فریڈم پالیسی اور پابندیوں کا قانون‘ رکھا گیا ہے۔ اس بِل میں ایرانی عسکری تنصیبات کا بین الاقوامی ماہرین کے ذریعے کسی بھی وقت معائنہ کرنے کو خاص طور پر شامل کیا گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حالیہ ایام میں متعدد مرتبہ ایرانی جوہری ڈیل میں ترمیم کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ اُدھر ایران مسلسل اس امریکی مطالبے کو مسترد کرتا چلا آ رہا ہے۔

[pullquote]افغانستان: اڑاتالیس گھنٹوں میں کم از کم بیس ہلاکتیں[/pullquote]

افغان حکام کے مطابق پچھلے دو ایام کے دوران مختلف پرتشدد واقعات میں کم از کم بیس انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ ان میں دو افراد مغربی صوبے فراہ میں طالبان کے ایک حملے میں مارے گئے جبکہ پانچ افراد کی موت صوبے ہرات کے ایک ضلع شنڈنڈ میں واقع ایک مکان میں بم پھٹنے سے ہوئی۔ ان ہلاکتوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ مغربی صوبے ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ کی ایک چیک پوسٹ پر طالبان کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں آٹھ پولیس اہلکار مارے گئے۔ بقیہ ہلاکتیں بھی ہلمند کے دوسرے مقامات پر طالبان عسکریت پسندوں کے حملوں میں ہوئی ہیں۔

[pullquote]امریکی نائب صدر کا ایک اور اسرائیلی دورہ[/pullquote]

امریکا کے نائب صدر مائیک پینس اسرائیل کا اپنا پانچواں دورہ شروع کر رہے ہیں۔ ان کے اس دورے میں امریکا کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کی بعد کی صورت حال اور فلسطینی اتھارٹی کی امداد کو محدود کرنے جیسے معاملات پر بات چیت ہو گی۔ اسرائیل کے بعد مائیک پینس اردن اور مصر بھی جائیں گے۔ پینس یہ دورہ ایک ایسے وقت پر کر رہے ہیں جب ٹرمپ انتظامیہ نے فلسطینی مہاجرین کی امداد کرنے والی اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی UNRWA کے 65 ملین ڈالر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

[pullquote]چینی انسانی حقوق کے وکیل کی گرفتاری[/pullquote]

چینی حکومت نے انسانی حقوق کے وکیل یُو وین شینگ کو حراست میں لے لیا ہے۔ یُو کی بیوی نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ایک ریسرچر پیٹرک پُون کو بتایا کہ اُس کے شوہر کو جمعہ انیس جنوری کی صبح گرفتار کیا گیا ہے۔ چینی حکام نے حال ہی میں گرفتار ہونے والے اس وکیل کی وکالت کا لائسینس بھی معطل کر دیا تھا اور اُن کی جانب سے ایک وکالت کرنے کی فَرم قائم کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق یُو کی گرفتاری ظاہر کرتی ہے کہ بیجنگ حکومت اپنے ناقدین کو کسی صورت برداشت کرنے پر تیار نہیں ہے۔

[pullquote]جرمنی: طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہو گئی[/pullquote]

جرمنی میں جمعرات اٹھارہ جنوری کو آنے والے طوفان کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد آٹھ تک پہنچ گئی ہے۔ جرمن ریاست لوئر سیکسنی کے شہر ہالے کی پولیس نے جمعہ انیس جنوری کو بتایا ہے کہ زخمی ہونے والے دو افراد جانبر نہیں ہو سکے۔ ان میں ایک شخص تیز ہواؤں کے سبب اپنے مکان کی اوپری منزل گرنے سے زخی ہوا جبکہ دوسرے شخص پر ایک درخت آن گرا تھا۔

[pullquote]روہنگیا مہاجرین کا آمد کا سلسلہ جاری ہے، بنگلہ دیش[/pullquote]

بنگلہ دیشی حکومت کے مطابق میانمار سے روہنگیا مہاجرین اب بھی بنگلہ دیش میں داخل ہو رہے ہیں۔ ایک مقامی حکومتی اہلکار کے مطابق گزشتہ دو ایام کے دوران ایک سو سے زائد روہنگیا مہاجرین بنگلہ دیشی علاقے میں داخل ہوئے ہیں۔ گزشتہ برس اگست سے اب تک بنگلہ دیش پہنچنے والے روہنگیا مہاجرین کی تعداد ساڑھے چھ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ ان کی واپسی کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان ایک ڈیل بھی طے پا چکی ہے۔ اس ڈیل کے تحت ان مہاجرین کی واپسی اگلے منگل سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

[pullquote]فرانسیسی صدر سے انگیلا میرکل کی ملاقات[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا آج جمعہ کے پیرس کا دورہ متوقع ہے جس میں وہ فرانسیسی صدر امانویل ماکروں سے ملاقات کریں گی۔ یہ ملاقات جرمنی اور فرانس کے درمیان طے پانے والے ایک معاہدے کی پچپن ویں سالگرہ کے حوالے سے ہے۔ یہ بھی اہم ہے کہ دونوں ملکوں کی پارلیمان اب سے تین دن بعد جرمنی اور فرانس کے درمیان ایک نئے معاہدے پر بات چیت شروع کرنے والی ہیں۔

[pullquote]برلن انٹرنیشنل گرین ویک عام افراد کے لیے کھول دیا گیا[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن میں 83ویں انٹرنیشنل گرین ویک کے دروازے عام افراد کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔ اس ایگریکچرل ٹریڈ فیئر میں رواں برس دنیا کے 66 ممالک سے 1,660 نمائش کنندگان شریک ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ 10 روز تک جاری رہنے والے اس میلے کو چار لاکھ سے زائد افراد دیکھیں گے۔ رواں برس اس میلے میں جانوروں کی فلاح اور پودوں کی حفاظت مرکزی موضوعات ہیں۔

[pullquote]داعش کو فوجی اعتبار سے آئندہ چند ہفتوں میں شکست ہو جائے گی، ماکروں[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کہا ہے کہ شام اور عراق میں سرگرم دہشت گرد گروپ داعش کو آئندہ چند ہفتوں کے دوران مکمل طور پر جنگی شکست ہو جائے گی۔ یہ بات انہوں نے فرانس کی فوجی صلاحیت میں اضافے کے لیے نئے منصوبے پیش کرتے ہوئے کہی۔ فرانس کے جنوبی بندرگاہی شہر ٹولاں Toulon میں ایک فوجی بحری جہاز پر خطاب کرتے ہوئے ماکروں نے ان ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا جن کی کوششوں کے سبب داعش مکمل فوجی شکست کے بالکل قریب ہے۔ ماکروں نے امید ظاہر کی کہ اب فرانس اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر خطے میں استحکام کے لیے کوشش کرے گا۔

[pullquote]ترکی نے شامی علاقے عفرین پر شیلنگ شروع کر دی[/pullquote]

ترک فوج کی طرف سے شامی علاقے عَفرین پر شیلنگ شروع کر دی گئی ہے۔ ترک وزیر دفاع نورالدین جان کِلی کے مطابق عَفرین میں اس طرح کُرد ملیشیا کے خلاف ترک فوجی آپریشن عملی طور پر شروع ہو گیا ہے۔ عفرین کے علاقے پر ترک فوج کے توپخانے کی گولہ باری کی تصدیق نیوز ایجنسی روئٹرز نے بھی کی ہے۔ ترک وزیر دفاع کے مطابق ابھی صرف شیلنگ شروع کی گئی ہے اور سرحد کو فوج نے عبور نہیں کیا ہے۔ اُن کا مزید کہنا ہے کہ شام کے شمالی علاقے میں موجود تمام دہشت گردانہ نیٹ ورک اور عناصر کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔

[pullquote]کاتالونیا پر بیلجیم میں رہتے ہوئے ہی حکومت کر سکتا ہوں، پوج ڈیمونٹ[/pullquote]

اسپین کے نیم خودمختار علاقے کاتالونیا کے سابق صدر کارلیس پوج ڈیمونٹ نے کہا ہے وہ بیجلیم سے ہی کاتالونیا پر حکومت کر سکتے ہیں۔ اُن کا بیان سابقہ پارلیمنٹ کی تحلیل کے بعد قائم ہونے والی نئی اسمبلی میں علیحدگی پسندوں کی اکثریت کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس اسمبلی کے نئے منتخب ہونے والے اسپیکر کا تعلق بھی علیحدگی پسند جماعتوں کے اتحاد سے ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں کاتالونیا کی آزادی کے لیے کرائے جانے والے ریفرنڈم کے بعد میڈرڈ حکومت نے پوج ڈیمونٹ کو ان کے عہدے سے برخاست کرنے کے علاوہ پارلیمنٹ تحلیل کر دی تھی۔

[pullquote]’فلسطینی گھرانے نے اپنے ہی رکن کو ہلاک کر دیا‘[/pullquote]

فلسطین میں ایک کنبے نے اپنے گھر کے ایک فرد کو ہلاک کر دیا ہے۔ حماس نے الزام عائد کیا تھا کہ مقتول نے اسرائیل کی طرف سے اس کے تین جنگجوؤں کو ہلاک کرنے میں معاونت فراہم کی تھی۔ اس گھرانے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ احمد بارہوم کو جمعے کے دن گولی مار کر ہلاک کیا گیا تاہم یہ نہیں بتایا ہے کہ گولی کس نے چلائی۔ اس کنبے نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ان کا بیٹا ’مجرم‘ تھا۔

[pullquote]مونٹی نیگرو میں صدارتی انتخاب پندرہ اپریل کو ہوں گے[/pullquote]

جنوب مشرقی یورپی ملک مونٹی نیگرو کی پارلیمان کے اسپیکر نے اعلان کیا ہے کہ اگلے صدارتی الیکشن پندرہ اپریل کو ہوں گے۔ بلقان خطے کے اس ملک میں سن 2006 میں حاصل کی گئی آزادی کے بعد یہ تیسرے صدارتی انتخابات ہیں۔ موجودہ صدر فلپ وُوژانووچ تین مرتبہ صدر رہنے کے بعد اب صدارتی الیکشن میں شرکت کے اہل نہیں رہے۔ امکان ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد کی رکن ریاست میں حکمران جماعت کے سابق رہنما میلو جوکانووچ امکاناً امیدوار ہو سکتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے