ہفتہ : 20 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ٹرمپ کی عائد کردہ سفری پابندیاں: امریکی سپریم کورٹ میں سماعت اپریل سے[/pullquote]

امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سفری پابندیاں عائد کرنے کے اختیار پر حتمی فیصلہ دینے کے لیے دائر کردہ اپیلوں کی باقاعدہ سماعت رواں برس اپریل سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالت نے جمعہ انیس جنوری کو بتایا کہ فریقین کے دلائل سننے کے بعد حتمی فیصلہ اس سال جون میں سنایا جائے گا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے منصب صدارت سنبھالنے کے بعد چھ مسلمان ملکوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی امریکا آمد کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس حکم کے خلاف مختلف ریاستی عدالتوں نے امتناعی احکامات ضرور جاری کیے تھے لیکن اس معاملے میں صدارتی اختیارات سے متعلق حتمی فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے امتناعی احکامات کے خلاف ملکی سپریم کورٹ میں ایک اپیل بھی دائر کر رکھی ہے۔

[pullquote]پوپ فرانسس پیرو ميں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی رہنما پوپ فرانسس نے اپنے پیرو کے دورے کے دوسرے دن ترُوخییو صوبے کا دورے شروع کر دیا ہے۔ اکیاسی برس کے پوپ اٹھارہ جنوری کی سہ پہر لاطینی امریکی ملک پیرو کے دارالحکومت لیما پہنچے تھے۔ ترُوخییو کے تاریخی قصبے ہوانچاکو میں میں وہ ایک دعائیہ تقریب کی قیادت کریں گے۔ اس تقریب میں پانچ لاکھ افراد کی شرکت کی توقع ہے۔ اسی صوبے کے ایک اور قصبے بیونس آئرس کو سیلاب سے شدید تباہی کا سامنا رہا ہے۔ پوپ اس قصبے کا دورہ بھی کریں گے۔ پیرو میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے 130 انسانی جانیں ضائع ہو گئی تھیں۔

[pullquote]شمالی کوریا کا وفد جنوبی کوریا کا دورہ کرے گا[/pullquote]

شمالی کوریا نے تصدیق کی ہے کہ اُس کا ایک وفد اکیس جنوری کو جنوبی کوریا کا دورہ کرے گا۔ یہ وفد جنوبی کوريا ميں ان مقامات کا جائزہ لے گا، جہاں سرمائی اولمپکس کے کھيل منقعد ہوں گے۔ دوسری جانب شمالی کوریا نے جنوبی کوریائی وزارت اتحاد کے نگران وزیر کے اس بیان پر برہمی ظاہر کی ہے، جس میں پیونگ یانگ سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ واضح کرے کہ اس ویک اینڈ پر ثقافتی وفد کی آمد کو کس بنیاد پر منسوخ کیا گیا۔ کل سے جنوبی کوریا کا دورہ شروع کرنے والا وفد سرمائی اولمپکس میں شرکت کرنے والے شمالی کوریائی ثقافتی طائفے کے دورے کی تفصیلات بھی طے کرے گا۔

[pullquote]امریکی نائب صدر نے مشرق وسطیٰ کا دورہ شروع کر دیا[/pullquote]

امریکی نائب صدر مائیک پینس مشرق وسطیٰ کے اپنے نئے دورے کی پہلی منزل مصر پہنچ گئے ہیں۔ وہ اس چار روزہ دورے کے دوران مصر کے بعد اردن اور اسرائیل بھی جائیں گے۔ امریکی صدر کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارت خانے کی آئندہ تل ابیب سے یروشلم منتقلی کے اعلان کے بعد سے پینس ٹرمپ انتظامیہ کے وہ اعلیٰ ترین رکن ہیں، جو اِس وقت مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں۔ قاہرہ میں قیام کے دوران مائیک پینس آج ہفتے کو مصری صدر عبد الفتاح السیسی کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ وہ کل اتوار کو اردن اور پھر پیر کے روز اسرائیل پہنچیں گے۔

[pullquote]شامی کرد ملیشیا پر ترک فوج کا نیا حملہ[/pullquote]

ترک فوج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی شام میں کرد ملیشیا (YPG) کے ٹھکانوں پر ہفتہ بیس جنوری کو تازہ حملہ کیا گیا ہے۔ ترک فوج کے مطابق یہ حملہ عفرین سے گولے داغے جانے کا رد عمل ہے۔ ایک روز قبل ہی ترک وزیر دفاع نورالدین جان کِلی نے کہا تھا کہ عفرین پر ابھی صرف شیلنگ شروع کی گئی ہے اور اِس شامی علاقے میں موجود تمام دہشت گردانہ نیٹ ورکس اور عناصر کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ ایسا امکان پیدا ہو گیا ہے کہ ترک فوج کے زمینی دستے بھی شمالی شام کے سرحدی قصبے عفرین میں کارروائی کر سکتے ہیں۔

[pullquote]انسانی حقوق کے چینی وکیل کی گرفتاری سمجھ سے بالاتر ہے، وکیل[/pullquote]

چین میں جمعہ انیس جنوری کو حراست میں لیے گئے انسانی حقوق کے وکیل یُو وَین شَینگ کی پیروی کرنے والے وکیل نے ان کے خلاف مبینہ الزام کو لایعنی قرار دیا ہے۔ وَین شَینگ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے پبلک سروس میں مداخلت کا ارتکاب کیا۔ ان کے وکیل کے مطابق اُن کے مؤکل کا سفارشات پر مبنی خط انٹرنیٹ پر جاری کرنا، اُن کے حقوق کے دائرے میں آتا ہے اور یہ کوئی غیرقانونی فعل نہیں۔ وَین شَینگ کی گرفتاری کی وجہ بھی یہی خط خیال کیا جا رہا ہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وَین شَینگ کو اُس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ اپنے بچے کو اسکول چھوڑنے کے لیے اپنے اپارٹمنٹ کی عمارت سے باہر نکلے تھے۔

[pullquote]کنٹرول لائن پر شیلنگ سے ایک سپاہی اور ایک لڑکا ہلاک، بھارت[/pullquote]

ایک بھارتی اہلکار نے بتایا ہے کہ کنٹرول لائن پر مبينہ طور پر پاکستان کی جانب سے کی گئی شیلنگ سے ایک فوجی اور ایک لڑکے کی ہلاکت ہوئی ہے۔ بھارتی اہلکار کے مطابق ہفتہ بیس جنوری کی صبح پاکستانی فوج نے بھارتی فوج کی سرحدی پوزیشنوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ اس دوران خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کے علاوہ مارٹر گولے بھی داغے گئے۔ کنٹرول لائن پر مسلسل چوتھے دن بھی وقفے وقفے سے فائرنگ و گولہ باری کے تبادلے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہيں۔

[pullquote]سلامتی کونسل میں پاکستانی اور امریکی مندوبین کے درمیان لفظوں کی جنگ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے افغانستان سے متعلق منعقدہ خصوصی اجلاس میں امریکی اور پاکستانی مندوبین کے درمیان افغانستان کی صورت حال پر دلائل کا تبادلہ ہوا، جس دوران لفظوں کی جنگ بھی دیکھنے میں آئی۔ امریکی نائب وزیر خارجہ جان سلیوان نے کہا کہ اب امریکا پاکستان کے ساتھ نہیں چل سکتا کیونکہ اُس نے دہشت گرد تنظیموں کے ارکان کو پناہ دے رکھی ہے۔ اس کے جواب میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے واضح کیا کہ افغانستان اور اُس کے اتحادیوں، خاص طور پر امریکا کو پہلے افغانستان کے اندرونی چیلنجز پر توجہ دینا چاہیے نہ کہ وہ اس تنازعے کا الزام کسی اور کے سر دھریں۔ ملیحہ لودھی نے یہ بھی کہا کہ ’وہ جو تصور کرتے ہیں کہ ایسی پناہ گاہیں افغانستان سے باہر قائم ہیں، ان کا حقیقت سے آگاہ ہونا ضروری ہے‘۔

[pullquote]یمنی جنگ میں شریک ملکوں کو جرمن اسلحے کی فروخت معطل[/pullquote]

جرمن حکومت نے فوری طور پر ایسے ملکوں کو ہتھیاروں کی فروخت روک دی ہے، جو یمن کی جنگ میں شریک ہیں۔ برلن حکومت کے اس فیصلے کو خارجہ پالیسی میں واضح تبدیلی قرار دیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کے ترجمان اشٹیفان زائبرٹ نے بتایا کہ جرمنی کی فیڈرل سکیورٹی کونسل نے یمنی جنگ میں شریک ممالک کو اسلحے کی فروخت کی مزید اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ یمن کی جنگ میں سعودی عرب کی قیادت میں ایک عسکری اتحاد قائم ہے، اس میں اردن، متحدہ عرب امارات، بحرین، مصر، کویت، مراکش، سوڈان اور سینیگال شامل ہیں۔ حوثی باغیوں کے خلاف قائم اس اتحاد کے جنگی طیارے یمنی علاقوں میں اہداف کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]امریکی حکومت بند ہو گئی، کانگریس نے بجٹ منظور نہ کیا[/pullquote]

امریکی کانگریس کی طرف سے ہنگامی بجٹ کی عدم منظوری کے بعد وفاقی حکومتی دفاتر بند ہو گئے ہیں۔ محکمہ خزانہ کے مطابق مالی وسائل نہ ہونے کے باعث اس کے وفاقی ملازمین میں سے صرف چوالیس فیصد ایسے ہیں، جو رخصت پر نہیں بھیجے جائیں گے۔ واشنگٹن سے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق سرکاری اداروں کی اس بندش اور لاکھوں ملازمین کے رخصت پر بھیجے جانے سے فی الحال امریکا کی وفاقی حکومت کی کارکردگی جزوی طور پر متاثر ہو گی لیکن اگر یہ شٹ ڈاؤن زیادہ دیر تک چلا تو اس کے اثرات ہر حکومتی شعبے میں زیادہ شدت سے محسوس کیے جانے لگیں گے۔ جمعہ انیس جنوری کو رات گئے مقررہ ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد واشنگٹن انتظامیہ کے پاس کوئی چارہ نہیں بچا تھا کہ وہ اپنے دفاتر بند کر دے۔

[pullquote]ترکی میں سیاحوں کی بس کا حادثہ، ایک درجن کے قریب ہلاک[/pullquote]

ترکی کے وسطی صوبے اسکیشہر (Eskisehir) میں ہونے والے ایک بس حادثے میں کم از کم گیارہ افراد کی موت واقع ہو گئی ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں سیاح سوار تھے، جو دارالحکومت انقرہ سے روانہ ہوئے تھے۔ حادثے کی وجہ ڈرائیور کا بس پر عدم کنٹرول بتایا گیا ہے۔ بس بے قابو ہو کر سڑک کنارے بڑے بڑے درختوں سے ٹکراتی چلی گئی۔ بس شمالی مغربی شہر بُرسا کی جانب روانہ تھی۔ پولیس نے بس کے ڈرائیور کو غفلت برتنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

[pullquote]امریکی جنگی بحری جہاز نے خلاف ورزی کی، چین[/pullquote]

چین نے امریکا پر الزام لگایا ہے کہ اُس کے ایک جنگی بحری جہاز نے بحیرہ جنوبی چین میں چینی جغرافیائی سالمیت کی خلاف ورزی کی ہے۔ چینی حکام کے مطابق سترہ جنوری کو امریکی بحری جہاز یُو ایس ایس ہوپر بحیرہ جنوبی چین میں واقع جزیرے ہوانگ یان کی بارہ ناٹیکل میل کی حدود میں داخل ہوا تھا۔ امریکی جہاز کو چینی بحریہ نے واپس لوٹ جانے کی ہدایت دی تھی۔ اس پيش رفت کے حوالے سے چينی وزارت خارجہ کا بيان وزارت کی ویب سائٹ پر بیس جنوری کو جاری کیا گيا۔ بحیرہ جنوبی چین کے ہوانگ یان جزیرے کو متنازعہ قرار دیا جاتا ہے کیونکہ فلپائن بھی اس پر ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے