ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا اللہ عباسی کا نقیب اللہ کے کزن سے رابطہ

سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ایڈیشنل آئی جی اور راؤ انوار کے خلاف تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ثنا اللہ عباسی نے کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے نقیب اللہ محسود کے کزن نور رحمان محسود سے رابطہ کیا۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا اللہ عباسی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی سے متعلق لواحقین کے تحفظات دور کرنے کے لیے آئی جی خیبرپختونخوا سے رابطہ ہوا ہے اور وہ لواحقین کو سیکیورٹی میں کراچی بھیجیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ نقیب اللہ کے لواحقین جلد سے جلد آکر ملاقات کریں اور مقدمہ درج کروائیں۔

آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ کمیٹی کے مزید اجلاس بھی ہوں گے اور مقدمے میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق دو سیکورٹی گاڑیاں جنوبی وزیرستان کے لیے روانہ ہوگئی ہیں تاکہ با حفاظت نقیب کے والد اور بھائی کراچی آسکیں۔

رپورٹ کے مطابق اہل خانہ کو یہ خوف ہے کہ کہیں انہیں بھی نقیب کی طرح نشانہ نا بنا دیا جائے۔

دوسری جانب نقیب کے کزن نور رحمان کا کہنا تھا کہ ملزم کو گرفتار کرکے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔

نقیب کہ اہلخانہ کا موقف ہے کہ وہ راؤ انور کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے ۔

واضح رہے کہ 13 جنوری کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے نقیب اللہ کی ہلاکت کے معاملے پر پولیس کی 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی مقتول کو بے گناہ قرار دے چکی ہے جب کہ کمیٹی نے پولیس پارٹی کے سربراہ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو معطل کرکے گرفتار کرنے اور نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بھی سفارش کی جس پر انہیں عہدے سے ہٹا کر نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔

راؤ انوار کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے متعلق ذرائع کا کہنا ہےکہ پولیس حکام کو نقیب کے اہل خانہ کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کا انتظار ہے، اگر اس کے اہل خانہ نے مقدمہ درج نہ کرایا تو پھر سرکار کی مدعیت میں راؤ انوار کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے