پیر : 22 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکی حکومت شٹ ڈاؤن، کانگریس کا نیا مذاکراتی عمل بھی ناکام[/pullquote]

اتوار اکیس جنوری کو بھی اراکین کانگریس بجٹ منظور کرنے کی کوششوں میں ناکام رہے۔ اگر بجٹ کی منظوری کی رکاوٹیں دور ہو جاتیں تو آج پیر کی دوپہر میں ہونے والی ووٹنگ کے نتیجے میں امریکی حکومتی شٹ ڈاؤن ختم ہو سکتا تھا۔ بعض اراکین کے مطابق پیش رفت کے بجائے معاملات مزید الجھ گئے ہیں۔ ویک اینڈ کی وجہ سے حکومتی شٹ ڈاؤن کا اثر زیادہ محسوس نہیں کیا گیا لیکن اُس کے گہرے اثرات پیر سے سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ امریکی حکومتی شٹ ڈاؤن کی وجہ سے لاکھوں وفاقی ملازمین کو بائیس جنوری سے رخصت پر بھیج دیا جائے گا۔ یوں یہ ملازمین آج سے نئے ہفتے کا آغاز بغیر تنخواہ کے گھر بیٹھ کر کریں گے۔

[pullquote]عفرین میں ترک فوج کے خلاف کرد ملیشیا کی کامیابی کا دعویٰ[/pullquote]

شام کے حالات پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے تصدیق کی ہے کہ کُرد جنگجُوؤں نے ترک فوج کے قبضے سے کچھ چوکیوں کو واپس اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ آبزرویٹری کے مطابق ترک فوج کے حملوں میں اب تک اکیس افراد کی ہلاکت ہوئی ہے اور اِن میں چھ بچے بھی شامل ہیں۔ قبل ازیں شامی کردوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ عفرین میں بعض مقبوضہ چوکیوں سے ترک فوج کو پیچھے ہٹا دیا گیا ہے۔ کرد میڈیا سینٹر کے مطابق ایک خصوصی آپریشن کے دوران نصف درجن ترک فوجی بھی مارے گئے ہیں۔

[pullquote]لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور بھارت کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری[/pullquote]

متنازعہ علاقے کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور بھارت کی فوجوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ پیر کے روز بھی جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تازہ جھڑپوں میں ایک عام شہری ہلاک جب کہ دیگر تین زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق دونوں فورسز کے درمیان فائرنگ کے ساتھ ساتھ مارٹر گولوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ حالیہ چند ہفتوں میں دونوں فوجوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب 13 عام شہری اور نو فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

[pullquote]امریکا عالمی تجارت کے لیے خطرہ ہے، چین[/pullquote]

چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ عالمی تجارت کے لیے امریکا ایک خطرہ ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی یہ وضاحت امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے اُس بیان کے جواب میں ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ سن 2001 میں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں چین کی شمولیت کی امریکی حمایت ایک غلطی تھی۔ امریکا کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ عالمی تجارتی ادارے کی جانب سے چین کو بین الاقوامی مارکیٹ کے دائرے میں لانے کی ناکامی بھی امریکی غلطی کو ثابت کرتی ہے۔ چین کی وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا کہ بیجنگ حکومت ورلڈ ٹریڈ آرگنائریشن کے ضوابط کا احترام کرتی ہے۔

[pullquote]بین الکوریائی رابطے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے آغاز میں مددگار ہو سکتے ہیں، جنوبی کوریا[/pullquote]

جنوبی کوریا کے صدر مُون جے اِن نے کہا ہے کہ جزیرہ نما کوریا میں نئے رابطے امریکا کے ساتھ مذاکراتی عمل کے بند دروازے کھول سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ موجودہ رابطوں کا خوشگوار مُوڈ کب تک برقرار رہتا ہے۔ صدر مون کے مطابق مذاکراتی سلسلے کو جاری رکھنے کے لیے ہمت اور دانش مندی کی ضرورت ہے اور اس کا تسلسل سرمائی اولمپکس کے بعد بھی جاری رکھنے سے ہی بات آگے بڑھے گی۔ جنوبی کوریا کے صدر کا یہ بیان شمالی کوریائی وفد کی آمد کے تناظر میں ہے۔ اکیس جنوری کو شمالی کوریا کا ایک وفد جنوبی کوریا دو روز کے لیے پہنچا تھا۔

[pullquote]جولیان آسانج ایک مسئلہ بن چکے ہیں، ایکواڈورین صدر[/pullquote]

لاطینی امریکی ملک ایکواڈور کے نئے صدر لینن مورینو نے کہا ہے کہ لندن میں اُن کے سفارتخانے میں پناہ لیے ہوئے جولیان آسانج اب ایک مسئلہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اُن کی حکومت کو یہ مسئلہ ورثے میں ملا ہے اور جلد ہی اس کے حل کے لیے مثبت پیش رفت کا امکان ہے۔ صدر مورینو نے ان خیالات کا اظہار اپنے ملک کے ٹیلی وژن پر انٹرویو کے دوران کیا۔ خفیہ دستاویزات کو عام کرنے والی ویب سائٹ وکی لیکس کے بانی جولیان آسانج اپنی گرفتاری سے بچنے کے لیے لندن میں اِس لاطینی امریکی ملک کے سفارت خانے میں سن 2012 سے پناہ لیے ہوئے ہیں۔

[pullquote]امریکی سفارت خانہ اگلے برس یروشلم منتقل کر دیا جائے گا، مائیک پینس[/pullquote]

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے پیر کے روز اسرائیلی پارلیمان سے خطاب میں کہا ہے کہ تل ابیب میں قائم امریکی سفارت خانے کو اگلے برس کے اختتام تک یروشلم منتقل کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر اسرائیلی پارلیمان میں بعض عرب قانون سازوں نے احتجاج کیا، تو انہیں اسمبلی سے نکال دیا گیا۔ مائیک پینس نے اسرائیلی پارلیمان میں یہ بات ایک ایسے موقع پر کہی ہے، جب فلسطینی صدر محمود عباس برسلز میں یورپی وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے یورپی یونین کی رکن ریاستوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر فلسطین کو بہ طور ریاست تسلیم کریں۔

[pullquote]فلپائنی آتش فشاں نے راکھ اگلنا شروع کر دی[/pullquote]

فلپائن کے آتش فشاں مایون نے راکھ اگلنا شروع کر دی ہے۔ اس آتش فشاں کی گڑگڑاہٹ بھی قرب و جوار میں واضح طور پر سنائی دے رہی ہے۔ حالیہ ایام میں اس کے دہانے سے لاوا بھی نکل چکا ہے۔ اتوار اکیس جنوری کو دو مرتبہ لاوے کو نکلتے دیکھا گیا۔ ایک مرتبہ لاوا پانچ سو میٹر تک بلند بھی ہوا۔ حکام نے مایون آتش فشاں کے ارد گرد کے آٹھ کلومیٹر علاقے کے لوگوں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ایسا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ آتش فشاں اگلے دنوں میں پھٹ سکتا ہے۔ یہ آتش فشاں فلپائن کے صوبے البے میں واقع ہے۔

[pullquote]’سیریل کلر‘ جرمن نرس پر مزید 97 افراد کے قتل کے الزامات[/pullquote]

ایک جرمن مرد نرس، جسے چھ مریضوں کو زہریلی ادویات دے کر ہلاک کرنے کے جرم میں عمر قید کا سامنا ہے، اب اسے مزید 97 افراد کو ہلاک کرنے کے الزامات کا سامنا کرنا ہو گا۔ 41 سالہ نیلز ہؤگل کو دوسری عالمی جنگ کے بعد جرمن تاریخ کا سب سے بڑا سیریل کلر قرار دیا جا رہا ہے۔ ہؤگل نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے ایک ہسپتال میں مختلف افراد کو زہریلے ٹیکلے لگائے جو حرکت قلب بند ہونے کا سبب بنے۔ اس سے قبل ایک مقدمے میں اس پر چھ افراد کے قتل کے الزامات ثابت ہوئے تھے تاہم اس کے بعد استغاثہ نے سینکڑوں ہلاک شدگان کے جسموں کے نمونے حاصل کیے تھے، تاکہ ان کی موت کی اصل وجوہات معلوم ہو سکیں۔

[pullquote]اپانی وزیراعظم کا ملکی دستور میں ترامیم کا پلان[/pullquote]

جاپان کی پارلیمنٹ کے نئے سیشن کا افتتاح آج بروز پیر جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے کیا۔ اپنی افتتاحی تقریر میں انہوں نے مزید اقتصادی وعدوں کے ساتھ ساتھ مضبوط ملکی دفاع اور امن پسندانہ دستور میں ترامیم کرنے کا واضح عندیہ دیا۔ اس تناظر میں انہوں نے پارلیمنٹ میں کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنی اپنی تجاویز پارلیمنٹ میں جمع کرائیں گی اور اُن کی روشنی میں ملکی ترقی کی منصوبہ بندی کے لیے پارلیمانی فورم پر مفصل بحث کی جائے گی۔ قدامت پسند رہنما شینزو آبے مسلسل چھ سالوں سے جاپان کی وزیراعظم چلے آ رہے ہیں۔

[pullquote]یمن کے لیے سعودی عرب کی مزید ڈیڑھ ارب ڈالر کی امداد[/pullquote]

سعودی عرب نے جنگ سے تباہ حال ملک یمن کے لیے انسانی ہمدردی کے تحت ڈیڑھ ارب ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی امداد حال ہی میں اقوام متحدہ کی اپیل کے بعد جاری کی گئی ہے۔ انسانی ہمدردی کے تحت دی جانے والی امداد کے علاوہ ریاض حکومت نے یمنی بندرگاہوں کی استعداد بہتر کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔ قبل ازیں سعودی عرب کی جانب سے یمن کے سینٹرل بینک کو بھی دو ارب ڈالر فراہم کیے جا چکے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ تقریباً تین برسوں سے سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد یمن میں سرگرم حوثی ملیشیا کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]سوشل ڈیموکریٹس وسیع تر مخلوط حکومت سازی کے لیے مذاکرات پر رضا مند ہو گئے[/pullquote]

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے قدامت پسند اتحاد کے ساتھ مل کر وسیع تر حکومت سازی کے لیے باقاعدہ مذاکرات شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ اس پیشرفت کے نتیجے میں جرمنی میں حکومت سازی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ اتوار کے دن جرمن شہر بون میں سوشل ڈیمویٹک پارٹی کے ایک اجلاس میں 362 ارکان نے وسیع تر مخلوط حکومت کے لیے مذاکرات شروع کرنے کے حق میں ووٹ دیا جب کہ 279 نے اس کی مخالفت کی۔ توقع ہے کہ اب جرمنی میں نئی حکومت قائم کرنے کی خاطر باقاعدہ مذاکرات آج بروز پیر سے شروع کر دیے جائیں گے۔

[pullquote]امریکا کو برطانیہ کے ساتھ ’قیمتی تعلقات‘ پر توجہ دینا چاہیے، ٹلرسن[/pullquote]

امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ امریکا کو برطانیہ کے ساتھ اپنے ’قیمتی تعلقات‘ پر توجہ دینا چاہیے۔ ٹلرسن نے یہ بات لندن میں برطانوی وزیراعظم ٹیریزا مے اور وزیرخارجہ بورس جانسن سے ملاقات کے بعد کہی۔ ٹلرسن کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کا اپنا مجوزہ دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ ٹرمپ کے اس دورے کی منسوخی کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان انتہائی قریبی تعلقات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

[pullquote]امریکی نائب صدر اسرائیل پہنچ گئے[/pullquote]

امریکا کے نائب صدر مائیک پینس اردن کا دورہ مکمل کرنے کے بعد آج اسرائیل پہنچ گئے ہیں۔ اسرائیل میں قیام کے دوران وہ اعلیٰ اسرائیلی حکومتی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ سے بھی خطاب کریں گے۔ مشرق وسطیٰ کے موجودہ دورے میں اسرائیل پہنچنے سے قبل وہ مصر اور اردن بھی گئے تھے۔ ان ملکوں میں قیام کے دوران پینس نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اردنی شاہ عبداللہ ثانی کے ساتھ ملاقاتیں کی تھیں۔ گزشتہ برس اپنا منصب سنبھالنے کے بعد پینس پانچویں مرتبہ اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں۔

[pullquote]ایران کی بحری فوجی مشقیں شروع ہو گئیں[/pullquote]

ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق ملکی بحریہ نے آبنائے ہُرمز میں اپنی سالانہ سمندری فوجی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مرتبہ ان فوجی مشقوں میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے دستے شامل نہیں ہیں۔ ایرانی ٹیلی وژن کے مطابق ان فوجی مشقوں میں ایرانی ایئرفورس کے علاوہ زمینی دستے بھی شریک ہوں گے۔ ایرانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا ہے کہ ان فوجی مشقوں سے اقوام عالم پر ایرانی بحری قوت کا اظہار ہو سکے گا۔ عالمی تجارتی گزرگاہوں میں آبنائے ہرمز کو خاصی اسٹریٹیجک اہمیت حاصل ہے اور یہ آئل ٹینکروں کا تیسرا مصروف ترین راستہ ہے۔

[pullquote]کابل ہوٹل پر حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 22 تک پہنچ گئی[/pullquote]

کابل کے معروف لگژری ہوٹل انٹر کانٹیننٹل پر طالبان کے حملے کے نتیجے میں معلوم ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہو گئی ہے۔ افغان حکام نے کہا ہےکہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ حملہ آور کس طرح اس ہوٹل کی سکیورٹی کو توڑنے میں کامیاب ہوئے۔ ہوٹل کی سکیورٹی تین ہفتے قبل ہی ایک پرائیویٹ کمپنی نے سنبھالی تھی۔ طالبان حملہ آوروں کا یہ حملہ 12 گھنٹے سے بھی زائد وقت کے بعد اُس وقت ختم ہوا جب افغان سکیورٹی فورسز نے ناروے کے فوجیوں کی مدد سے تمام چھ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔ افغان وزارت صحت کے ترجمان وحید مجروح کے مطابق اب تک 22 لاشیں کابل کے مختلف ہسپتالوں میں لائی جا چکی ہیں۔ مجروح کے مطابق، ’’بعض لاشیں اس بُری طرح سے جل چکی ہیں کہ ان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کی ضرورت ہو گی۔‘‘

[pullquote]فلسطینی رہنما عباس کی یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ سے ملاقات[/pullquote]

فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے کہا ہے کہ صدر محمود عباس بائیس جنوری کو یورپی یونین کے حکام سے ملاقات میں فلسطینی تنازعے کے لیے واضح حمایت کرنے کی درخواست کریں گے۔ المالکی نے برسلز میں دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ محمود عباس یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کے ساتھ بروز پیر ہونے والی ملاقات میں یونین سے درخواست کریں گے کہ وہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد سے فلسطینی قیادت امریکا سے سخت ناراضی کا اظہار کر رہی ہے۔ محمود عباس بارہا کہہ چکے ہیں کہ امریکا اسرائیل فلسطینی تنازعے کا جانبدار ثالث نہیں ہے۔

[pullquote]عراق میں پارلیمانی انتخابات مئی میں ہوں گے[/pullquote]

عراقی پارلیمنٹ نے ملک میں بارہ مئی کو پارلیمانی انتخابات منعقد کرانے کے حکومتی فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔ یہ توثیق پارلیمنٹ میں پیش کردہ ایک قرارداد کی منظوری سے کی گئی۔ اس قرارداد کے حق میں ملکی وزیراعظم حیدرالعبادی کا کہنا تھا کہ الیکشن میں تاخیر ایک غیردستوری عمل ہو گا لہذا ایسا نہیں کیا جا سکتا۔ عراق کی سنی اور کرد سیاسی جماعتیں انتخابات میں تاخیر کا مطالبہ داعش کی مسلح کارروائیوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے تیس لاکھ مہاجرین کی واپسی کے ساتھ نتھی کرتی ہیں۔ انتخابات ملتوی کرنے کے اپیلیوں کو عراقی سپریم کورٹ نے ہفتہ بیس جنوری کو مسترد کر دیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے