عالمی اقتصادی فورم اجلاس میں شرکت کیلئے وزیراعظم سوئٹرزلینڈ پہنچ گئے

زیورخ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے زیورخ پہنچ گئے۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں گذشتہ روز (23 جنوری) سے شروع ہونے والا عالمی اقتصادی فورم کا 48 واں اجلاس 26 جنوری تک جاری رہے گا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین کی دعوت پر اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

زیورخ ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال سوئٹزرلینڈ میں تعینات پاکستانی سفیر احمد نسیم وڑائچ اور دیگر حکومتی عہدیداران نے کیا۔

عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عالمی بینک، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، ایشیائی ڈیولپمنٹ بینک، اسلامی ترقیاتی بینک کے سربراہوں کے علاوہ دیگر ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے بارے میں ثمرآور تبادلہ خیال ہوگا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ‘بیلٹ اینڈ روڈ امپیکٹ’ کے عنوان سے ایک سیشن میں بھی شرکت کریں گے۔

دوسری جانب عالمی میڈیا کے ساتھ انٹرویوز بھی وزیراعظم کے پروگرام کا حصہ ہیں۔

عالمی اقتصادی فورم اجلاس میں 70 سے زائد ملکوں کے سربراہان، 38 سے زائد عالمی تنظیموں کے سربراہ جبکہ سیاست، کاروبار اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے 3 ہزار سے زائد افراد شرکت کر رہے ہیں۔

اس اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شریک ہیں، جنہوں نے گذشتہ روز سیشن سے خطاب کیا جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فورم کے آخری روز یعنی جمعے کو اختتامی خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ ڈیووس میں اِن دنوں موسم انتہائی سرد ہے اور برفباری نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کر رکھا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے