بدھ : 24 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]حریت قیادت کا بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان [/pullquote]

حریت قیادت نے بھارت کے یوم جمہوریہ کو مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضیہ کشمیر کی حریت پسند قیادت نے 26 جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی نے مشترکہ اعلان میں کہا ہے کہ جمعے کے روز بھارت کے یوم جمہویہ کے موقع پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی جائے گی، تمام کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے جب کہ گھروں پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔دوسری جانب کشمیری عوام مقبوضہ وادی کے ضلع شوپیاں میں چائے بند کے مقام پر قابض افواج کے خلاف احتجاج کر رہے تھے کہ بھارتی فورسز نے اُن پر بلا اشتعال فائرنگ اور آنسو گیس سے شیلنگ شروع کر دی۔بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 17 سالہ نوجوان شاکر احمد میر سمیت 3 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

[pullquote]صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کا انحصار فلسطینیوں پر ہے، امریکی وزیر خارجہ[/pullquote]

امریکی نائب صدر مائیک پینس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے منصوبے کا انحصار فلسطینیوں پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن فلسطینی رہنماؤں کے مذاکرات کی میز پر واپس آنے سے مشروط ہے۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ داووس میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمین نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔ یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان کے بعد سے اب تک فلسطینی رہنماؤں نے کسی امریکی رہنما سے ملاقات نہیں کی ہے۔

[pullquote]افغانستان میں سیو دا چلڈرن کے دفتر کے قریب دھماکا[/pullquote]

افغان حکام کا کہنا ہے کہ غیر سرکاری تنظیم سیو دا چلڈرن کے دفتر کے قریب کار میں نصب بم کے ذریعے حملہ کیا گیا ہے۔ کابل حکام کے مطابق یہ واقعہ افغانستان کے مشرقی حصے میں واقع شہر جلال آباد میں پیش آیا۔ صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں اور سکیورٹی اداروں کے مابین مسلح تصادم کے بعد شدت پسندوں نے بارود سے بھری کار سیو دا چلڈرن کے دفتر کے قریب اڑا دی تھی۔ اس واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں نہیں بتایا گیا ہے۔

[pullquote]یورپی یونین کے شہریوں کو بریگزٹ کے بعد برطانیہ سے نہیں نکالا جائے گا، ڈیوڈ ڈیوس[/pullquote]

بریگزٹ وزیر ڈیوڈ ڈیوس نے برطانیہ میں مقیم یورپی یونین کے شہریوں کو اطمینان دلایا ہے کہ بریگزیٹ کی وجہ سے انہیں ملک سے نہیں نکالا جائے گا۔ ڈیوس نے یہ بات ایک پارلیمانی کمیٹی میں بات کرتے ہوئے کہی۔ ڈیوس کا کہنا تھا کہ شہریوں کے حقوق کی حفاظت کے حوالے سے بعض معاملات برطانوی وزراء کو دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے طے کرنا ہوں گے۔ اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ترجمان اشٹیفان زائبرٹ نے کہا تھا کہ برلن کی کوشش ہو گی کہ بریگزٹ مذاکرات کی خاطر یورپی یونین کے ستائیس رکن ممالک متقفہ موقف اختیار کریں۔

[pullquote]جرمن کابینہ کی ہتھیاروں کی ریکارڈ فروخت کی منظوری[/pullquote]

جرمن کابینہ نے اب تک کی سب سے زیادہ ہتھیاروں کی برآمدات کی منظوری دے دی ہے۔ ایک نیوز رپورٹ کے مطابق یہ ہتھیار تنازعات کے حامل ممالک کو برآمد کیے جائیں گے۔ ہتھیاروں کی برآمدات کی یہ منظوری جرمن کابینہ کی جانب سے ہتھیاروں کی فروخت میں کمی کے وعدوں کے باوجود دی گئی ہے۔ سن 2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک چانسلر میرکل کی حکومت نے پچیس اعشاریہ ایک بلین یورو سے زائد مالیت کے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دی ہے۔

[pullquote]بھارت آسیان اجلاس کی میزبانی کرے گا[/pullquote]

بھارت جمعرات کے روز جنوبی ایشیائی ملکوں کی تنظیم آسیان کے اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ بھارتی حکام اور سفارت کاروں کے مطابق اجلاس میں خطے کی بحری سکیورٹی کے حوالے سے بات کی جائے گی۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے آسیان اجلاس میں تمام دس رکن ممالک کو شرکت کی دعوت دے رکھی ہے۔ یہ رہنما جمعے کے روز بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی، انڈونیشین صدر یوکو ودودو اور فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے بحری سلامتی اور تعاون کے موضوع پر بات کریں گے۔

[pullquote]جرمنی، دیوار برلن کا آخری ٹکڑا دریافت[/pullquote]

تاریخ میں دلچسپی رکھنے والے ایک سینتیس سالہ جرمن شخص کا کہنا ہے کہ اسے دیوار برلن کے اسّی میٹر طویل ایک ایسے ٹکڑے کے بارے میں معلوم ہے، جس کے بارے میں حکام لاعلم ہیں۔ جرمن شہری کرسٹیان بورمان نے ایک مقامی اخبار کو بتایا کہ اُن کی تحقیق کے مطابق یہ اصل دیوار کا آخری ٹکڑا ہے۔ برلن میں آثار قدیمہ کا ذمہ دار محکمہ بظاہر دیوار برلن کے اس حصے کے متعلق نہیں جانتا تھا۔ بورمن کو دیوار کی یہ بقایا جات برلن شہر کے شمالی حصے میں سن 1999 میں ملی تھیں تاہم انہوں نے اب تک اس حوالے سے کسی کو نہیں بتایا تھا۔

[pullquote]لیبیا میں دو کار بم دھماکے، کم از کم تیس افراد ہلاک[/pullquote]

لیبیا کے شہر بن غازی کے ایک رہائشی علاقے میں منگل کی شام دو کار بم پھٹنے سے کم از کم تیس افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ پہلا بم حملہ ایک مسجد کے باہر کیا گیا جب کہ اس کے کچھ ہی دیر بعد جب وہاں امدادی کارروائی کی جا رہی تھی تو دوسرا دھماکا ہوا۔ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں متعدد شہری، طبی عملے کے افراد اور سیکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ بم حملے کس شدت پسند تنظیم یا گروہ کی جانب سے کیے گئے ہیں۔

[pullquote]اے ایف ڈی کے سیاست دان اسلام قبول کرنے کے بعد پارٹی سے مستعفی[/pullquote]

جرمنی میں مہاجرین اور اسلام مخالف عوامیت پسند سیاسی جماعت اے ایف ڈی کے ایک سیاست دان نے اسلام قبول کرنے کے بعد اے ایف ڈی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اے ایف ڈی نے اپنی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور اہم سیاست دان آرتھر واگنر کے اسلام قبول کرنے کی تصدیق کی ہے۔ آرتھر واگنر کا تعلق وفاقی جرمن ریاست برانڈنبرگ سے ہے۔ واگنر سن 2015 میں مہاجرین اور اسلام مخالف جماعت اے ایف ڈی میں شامل ہوئے تھے۔

[pullquote]روہنگیا مہاجرین کی وطن واپسی پر نظر ثانی کی جائے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے مطالبہ کیا ہے کہ بنگلہ دیش سے روہنگیا مہاجرین کی وطن واپسی کے منصوبوں پر نظر ثانی کی جائے۔ اس عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ مزید روہنگیا مسلمانوں کو میانمار سے جبری نکال دیے جانے کا خدشہ ہے۔ ادارہ برائے مہاجرین اور دیگر غیر سرکاری تنظیموں کے مطابق روہنگیا مہاجرین کو میانمار میں اپنی حفاظت سے متعلق خدشات ہیں اور اب تک میانمار کے سکیورٹی اداروں نے ان کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے ہیں۔ گزشتہ برس اگست کے مہینے میں روہنگیا کے خلاف فوجی کریک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد لاکھوں روہنگیا مسلمان ہجرت کر کے بنگلہ دیش چلے گئے تھے۔

[pullquote]شامی جنگجو منبج پر ممکنہ ترک حملے کے لیے تیار ہے، ترجمان[/pullquote]

شام میں امریکی حمایت یافتہ شامی جنگجوؤں کے ترجمان نے کہا ہے کہ شمالی شامی علاقے مَنبج میں ترک فوج کے کسی بھی ممکنہ حملے کے پیش نظر اگلے مورچوں میں صف بندیاں کر دی گئی ہیں۔ امریکی حمایت یافتہ کرد فورسز YPG کے ایک ترجمان کے مطابق شہر کو حملے سے بچانے کے لیے شامی جنگجو امریکی قیادت میں اتحاد سے رابطے میں ہیں۔ خیال رہے کہ ترک صدر رجب طیب ایردوان نے حال ہی میں کہا تھا کہ ترک فوج کے دستے عفرین کے بعد بہت جلد منبِج میں بھی کرد ملیشیا گروپوں کے خلاف ایسا ہی ایک آپریشن شروع کر دیں گے۔

[pullquote]مصر کے سابق آرمی چیف کو فوج نے گرفتار کرلیا[/pullquote]

قائرہ: مصری فوج نے اپنے سابق آرمی چیف سامی عنان کو گرفتار کرلیا جو آئندہ عام انتخابات میں صدر عبدالفتح السیسی کے خلاف مہم چلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق سابق آرمی چیف سامی عنان کو مسلح افواج کو بغاوت پر اکسانے کا الزام لگا کر گرفتار کیا اور عبدالفتح السیسی کے سامنے مقابلے کی دوڑ سے باہر کردیا۔خیال کیا جارہا تھا کہ سامی عنان عبدالفتح السیسی کے مقابلے میں سخت حریف ہیں لیکن ان کو راستے سے ہٹانے کے بعد امکان ہے کہ 26 سے 28 مارچ تک ہونے والے انتخابات میں مصری صدر کامیابی حاصل کریں گے۔

[pullquote]دائیں بازو کی عوامیت پسندی ایک ’زہر‘ ہے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہےکہ یورپ میں دائیں بازو کی عوامیت پسندی ایک ’زہر‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ میں عوامیت پسندی کا فروغ مختلف مسائل کو حل نہ کرنا بنا۔ یہ بات اہم ہے کہ جرمنی میں دائیں بازو کی مسلم اور مہاجرین مخالف عوامیت پسند جماعت الٹرنیٹیو فار جرمنی نے ستمبر کے انتخابات میں ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ فرانس، ہالینڈ اور دیگر یورپی ممالک میں بھی عوامیت پسند تنظیموں کی مقبولیت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ میرکل نے کہا کہ یونان کا مالیاتی بحران اور سن 2015ء میں مہاجرین کا معاملہ جرمنی میں عوامیت پسندی کے فروغ کا باعث بنا۔

[pullquote]یمنی صوبے صعدا میں فضائی حملے، متعدد ہلاکتیں[/pullquote]

سعودی میڈیا نے آج بدھ کے روز کہا ہے کہ یمنی صوبے صعدا میں چالیس باغی جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب حوثیوں باغیوں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سعودی قیادت میں اتحاد کی جانب سے فضائی حملوں میں بائیس افراد ہلاک ہوئے، جن میں نو شہری بھی شامل ہیں۔ سعودی عرب اور اُس کے اتحادیوں پر یمن میں اُن کی تین سالہ فوجی مداخلت کے حوالے سے عام شہری ہلاکتوں کے تناظر میں دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

[pullquote]روسی اور امریکی وزرائے خارجہ کے درمیان شمالی کوریا کے موضوع پر بات چیت[/pullquote]

روسی وزیرخارجہ سیرگئی لاوروف نے بدھ کے روز اپنے امریکی ہم منصب ریکس ٹلرسن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان اس بات چیت میں شمالی کوریا کی صورت حال اور شمالی شام میں جاری کشیدگی کے موضوعات زیربحث رہے۔ وزارتی بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ شمالی کوریا پر عائد سلامتی کونسل کی پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد ضروری ہے۔

[pullquote]بھارتی وزیر اعظم کی دنیا کو لاحق تین بڑے خطرات کی جانب نشاندہی[/pullquote]

سوئٹزرلينڈ کے علاقے داووس ميں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دنیا کو اس وقت تین بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔ مودی کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا خطرہ زمین پر آب و ہوا کی تبدیلی ہے جس کے باعث کرہ ارض کو شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔ بھارتی وزیراعظم کے مطابق انسانیت کے لیے دوسرا بڑا خطرہ دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور انتہا پسندانہ رویے ہیں۔ تیسری وجہ کا تذکرہ کرتے ہوئے مودی کا کہنا تھا کہ عالمگیریت کی کشش کم ہونے کے بعد کئی ممالک نے محض خود پر توجہ مرکوز کر دی ہے۔

[pullquote]بھارتی نژاد برطانوی شہری عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل[/pullquote]

واشنگٹن: امریکا نے بھارتی نژاد برطانوی شہری سدھارتا ڈھار اور مراکشی نژاد بیلجیئم کے شہری عبدالطیف گائنی کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔داعش سے تعلق رکھنے والا سدھارتا ڈھار برطانیہ میں پیدا ہوا اور اس وقت برطانیہ کی بدنام دہشت گرد تنظیم المہاجرون کا اہم کمانڈر ہے جس نے 2014 کے اواخر میں انگلینڈ کو چھوڑ دیا تھا جبکہ شام جا کر شدت پسند تنظیم داعش میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔اس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ’جہادی جان‘ کے نام سے مشہور داعش کے جلاد محمد ایموازی کے بعد قیدیوں کو قتل کرنے کا کام انجام دے رہا ہے۔امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ ڈھار ایک نقاب پوش رہنما ہے جو پہلی مرتبہ جنوری 2016 میں داعش کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں سامنے آیا تھا۔

[pullquote]شام میں کیمیائی حملوں کے پیچھے روس کا ہاتھ ہے، ریکس ٹیلرسن[/pullquote]

پیرس: امریکی سیکریٹری اسٹیٹ آف ریکس ٹیلرسن نے کہا ہے کہ شام میں حکومت کی جانب سے کیے جانے والی حالیہ کیمیائی حملوں کی ذمہ داری روس پر عائد ہوتے ہے کیونکہ وہ ماسکو میں جاری خانہ جنگی کی حمایت کرتا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پیرس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب سے روس شام کے معاملات میں شامل ہوا ہے، چاہے کوئی بھی حملہ کرے روس مشرقی غوطہ میں متاثرین کی داد رسی کرتا ہے اور بے شمار شامیوں کو کیمائی ہتھیار سے نشانہ بناتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے