اگر

البرٹ آئن سٹائن کا کہنا ہے:”Two things are infinite: The Universe and human stupidity: And I am not sure about the Universe.”کبھی غور کریں کہ اگرکولمبس کا جہاز ڈوب جاتا یا وہ امریکہ کی بجائے کسی اورطرف نکل جاتا تو آج دنیا کی کیا صورت ہوتی؟اگر ’’بزرگوں‘‘ نے گندم کھانے کی غلطی نہ کی ہوتی تو کیاہوتا؟

اگر سیب گرتے وقت نیوٹن کادھیان کسی اورطرف ہوتا؟اگر مغلوں نے بحری قوت پر توجہ دی ہوتی اور گوروں کو برصغیر کے ساتھ تجارت کی اجازت نہ دی ہوتی؟اگر شاہجہاں کوممتاز محل سے اتنی محبت نہ ہوتی تو آج تاج محل کی جگہ کوئی ہائوزنگ اسکیم ہوتی یا فیکٹری؟دوسری جنگ عظیم کے دوران اگر جرمنی امریکہ سے پہلے ایٹم بم بنانے میںکامیاب ہو جاتا تو کیا ہوتا؟اگر ترکی کے شیخ الاسلام نے وہاں قائم ہونے والا پہلا میڈیکل کالج اور پرنٹنگ پریس بند نہ کروا دیا ہوتا؟اگر مسلمان علم و ہنر(سائنس اینڈ ٹیکنالوجی) کے حصول پرتوجہ مرکوز رکھتے؟اگر مندرجہ ذیل چند چیزیں ایجاد نہ ہوتیں تو آج ہماری زندگیاں کیسی ہوتیں؟

بجلیبھاپ کا انجنہوائی جہازموٹرکارٹرینفلش سسٹمفونریڈیوٹی ویکمپیوٹراگر سلطان سلیم نے جارحیت پسند، شرارتی شہزادے محمد کی بجائے کسی اور کو ولی عہد بنا دیا ہوتا توکیا مسلمانوں کی تاریخ کو سلطان محمد فاتح نصیب ہوتا؟ قسطنطنیہ کبھی استنبول کہلاتا؟اگر سیزر اپنی شریک ِ حیات کی بات مان لیتا، اپنے دوستوں کے مشوروں پرکان دھرتا اور اپنے قتل کے روز سینیٹ نہ جاتا؟اگر احمد تنبل کی تلوارکی ضرب کے مقابل ظہیر الدین بابر کا آہنی خود کمزور ثابت ہوتا تو ہندوستان میں مغلیہ سلطنت کی بنیاد کون رکھتا؟

اگر سعودی عرب سے ’’تیل‘‘ نہ نکلتا؟اگر اورنگزیب عالمگیر بھی اپنے دادا جلال الدین محمد اکبر کی طرح سیکولر ہوتا؟اگر جارج واشنگٹن کی بجائے اس وقت بھی امریکنوں کو ڈونلڈ ٹرمپ ٹائپ کوئی بندہ لیڈ کر رہا ہوتا؟اگر کبھی زمین سے کئی گنا بڑا کوئی سیارہ زمین سے ٹکرا گیا ہوتا؟اگر ضیاء الحق کی جگہ بھٹو مزید دس سال نکال گیا ہوتا؟اگر سوسال تک خلافت ِ راشدہ کا تسلسل رہتا اور خلافت ملوکیت میں تبدیل نہ ہوتی؟

یہ کام ہوتےہوتے رہ گیا تھا، ہوجاتا اور اسلام روس کا سرکاری مذہب قرار پاتا تو آج یہ دنیا کیسی ہوتی؟اگر 18جون 1815کو نپولیون بوناپارٹ کے جرنیلوں کی حماقت کے سبب اس کے 40,000جانثار میدان جنگ (واٹرلو) میں نہ مارے جاتے تو یورپ کیا ہندوستان کا نقشہ بھی کیا ہوتا کیونکہ نپولیون اور شیر میسور میں رابطے تھے؟اگر بانی ٔ پاکستان قیام پاکستان کے بعد پہلے 10 سال تک خود نوزائیدہ ملک کی قیادت کرتے؟

اگر H.C. Oersted، Henry Becquerel اور Alexander Fleming وغیرہ کو ’’حماقتیں‘‘ راس نہ آتیں یا وہ اتنے خوش نصیب نہ ہوتے تو پنسلین، الیکٹرو میگنٹزم سے لے کر ویاگرا تک کا وجود نہ ہوتا۔ یہ سب فقط ’’اتفاقات‘‘ تھے جو نہ ہوتے توکیا ہوتا؟اگر پاکستان کو صرف پندرہ سال کے لئے لگاتار جینوئن حکمران نصیب ہوجاتے یا اب بھی ہوجائیں تو یہ ملک کیسا ہوسکتا ہے؟اگر مساجد کو جزوی طور پر سکولز کے طور پر بھی استعمال کیاجاسکے اور نمازی سارا خرچ شیئر کرلیں؟اگر ووٹر ہونے کے لئے میٹرک لازمی قرار دیدیا جائے؟اگر اسلامی تعلیمات، اعتدال اور میانہ روی کی روشنی میں پاپولیشن مینجمنٹ کے منصوبہ پرعمل درآمد ہوسکے؟اگر ….. اگر….. اگر….. میں ہی سفر تمام ہوجاتا ہے لیکن سوچنے میں کیا برائی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے