ہفتہ : 27 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کابل میں طالبان کا خودکش کار بم حملہ، ساٹھ سے زائد ہلاک[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں ہوئے ایک تازہ خود کش بم حملے کے نتیجے میں کم از کم 95 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے افغان حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ستائیس جنوری بروز ہفتہ دارالحکومت کابل میں ہونے والے اس خود کش بم دھماکے میں کم از کم 158 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ افغان وزارت صحت کے ترجمان وحید اللہ مجروح نے بتایا کہ اس حملے کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں ہیں۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور اس باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ممکن ہے۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]تاریخ کی سب سے بڑی ڈیجیٹل چوری، 55 ارب روپے کی کرپٹو کرنسی ہیک[/pullquote]

ڈیجیٹل کرنسی کی تاریخ میں سب سے بڑی ہیکنگ میں 55 ارب روپے سے زائد مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کر لی گئی۔گزشتہ چند برسوں میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرپٹو کرنسی نے بہت تیزی سے مقبولیت حاصل کی ہے اور بینکوں کے نظام سے آزاد اس آن لائن کرنسی میں بٹ کوائن کرنسی نے اپنا نام بنایا ہے جس کی قدر میں بھی بہت اضافہ ہوا ہے لیکن اس کے علاوہ بھی بہت سی ڈیجیٹل کرنسیز اپنا نام بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔کرپٹو کرنسیز کے ذریعے جہاں لوگوں نے بہت تیزی سے پیسہ کمایا ہے وہیں حال ہی میں بٹ کوائن کرنسی کی قدر میں 50 فیصد سے زائد گراوٹ سے لوگ کنگال بھی ہوئے۔حال ہی میں جاپان میں پیش آنے والے آن لائن کرنسی کی ہیکنگ کے واقعے کو کرپٹو کرنسیز کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری کہا جا رہا ہے۔جاپان کی ایکسچینج میں 50 کروڑ ڈالر مالیت کی’نم کوائن‘ کرنسی ایک دوسرے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی جو ہیکرز کے ہاتھ لگ گئی۔نم کرنسی کی لین دین کرنے والی ایجنسی کوائن چیک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہیک کی گئی کرنسی انٹرنیٹ اسٹوریج کے ایک طریقے ’ہاٹ والٹ‘ میں موجود ہیں۔کوائن چیک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد سوائے بٹ کوائن کے ہر قسم کی کرپٹو کرنسی سے رقم نکلوانے پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے جب کہ نم کوائن کی تجارت روک دی گئی ہے۔

[pullquote]شامی کرد علاقوں میں ترک عسکری آپریشن، جرمنی میں بڑے مظاہرے[/pullquote]

جرمنی کے مغربی شہر کولون میں ہفتے کے روز قریب 12 ہزار کرد باشندوں نے شامی کرد علاقوں میں ترک عسکری آپریشن کے خلاف مظاہرہ کیا۔ جرمن پولیس کے مطابق بعض افراد کے پاس کالعدم تنظیم کردستان ورکرز پارٹی کے پرچم تھے، جنہیں مظاہرے میں شرکت سے روکا گیا، جس کی وجہ سے یہ مظاہرہ دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔ پولیس کے مطابق اس مظاہرے سے قبل سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، کیوں کہ کرد مظاہرین اور ترک قوم پرستوں کے درمیان تصادم کا خطرہ تھا۔ بتایا گیا ہے کہ جرمنی کے کئی دیگر شہروں میں بھی ہفتے کے روز کرد نسل کے باشندوں نے ایسے مظاہرے کیے۔

[pullquote]جرمنی میں سامیت دشمن مضبوط ہو رہے ہیں، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ہولوکاسٹ کے بین الاقوامی یادگاری دن کے موقع پر ہفتے کے روز خبردار کیا کہ جرمنی میں سامیت مخالف جذبات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہولوکاسٹ کے لاکھوں متاثرین کی یاد تازہ رہنا چاہیے، تاکہ نسل پرستی، نفرت انگیزی اور سامیت دشمنی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ میرکل نے کہا کہ یہ بات باعث شرم ہے کہ ملک میں موجود یہودی عبادت گاہوں اور اداروں کے تحفظ کے لیے پولیس کی ضرورت پڑتی ہے۔ انہوں نے آئندہ وفاقی حکومت میں اسی حوالے سے ایک خصوصی کمشنر کے عہدے کے قیام کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ اقوام متحدہ نے 27 جنوری کو بین الاقوامی ہولوکاسٹ میموریل ڈے قرار دے رکھا ہے۔

[pullquote]صومایہ سے افریقی یونین کی امن فوج کا انخلا درست نہیں ہو گا، افریقی یونین[/pullquote]

افریقی یونین کی صومالیہ میں تعینات امن فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ صومالیہ میں اس مشن کا اختتام اب تک کی تمام پیش رفت کو ضائع کر دے گا۔ فرانسسکو مادیرا نے یہ بات ادیس ابابا میں افریقی یونین کے اجلاس کے حاشیے پر افریقی رہنماؤں اور بین الاقوامی پارٹنرز سے گفت گو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ صومالیہ کے لیے افریقی امن مشن کی معیاد سن 2020 میں پوری ہو جائے گی تاہم اس میں توسیع بے حد ضروری ہے۔ مادیرا کا کہنا تھا کہ صومالیہ میں شدت پسند تنظیم الشباب اب بھی بڑے دہشت گردانہ حملوں کی صلاحیت رکھتی ہے، اس لیے افریقی امن فوج کو اس ملک میں آئندہ بھی تعینات رہنا چاہیے۔

[pullquote]حماس عہدیدار کی گاڑی کو بم حملے کا نشانہ بنانے کے درپردہ اسرائیل ہے، لبنان کا الزام[/pullquote]

لبنانی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں فلسطینی تنظیم حماس کے ایک عہدیدار کی گاڑی کو بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنانے میں اسرائیل ملوث تھا۔ لبنانی حکام کی جانب سے کہا گیا کہ 14 جنوری کو جنوبی بندرگاہی شہر سیدون میں حماس کے عہدیدار محمد حمدان کی گاڑی کو بم حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس واقعے میں حمدان زخمی ہو گئے تھے۔ حمدان عوامی سطح پر حماس تنظیم میں کسی سیاسی عہدے کے حامل نہیں، تاہم فلسطینی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اس تنظیم کے سکیورٹی ڈھانچے کا حصہ ہیں۔

[pullquote]امریکا وائی پی جی کو مزید اسلحہ نہیں دے گا، ترکی[/pullquote]

انقرہ حکومت کے مطابق امریکا نے ترکی سے کہا ہے کہ وہ شام میں فعال کرد ملیشیا ’وائی پی جی‘ کو مزید اسلحہ فراہم نہیں کرے گا۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ترجمان ابراہیم کالان نے بتایا ہے کہ ایردوآن اور امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر میک ماسٹر کے مابین ہونے والی گفتگو میں واشنگٹن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اب اس کرد تحریک کو مزید اسلحہ فراہم نہیں کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ ایردوآن اور میک ماسٹر کے مابین یہ ٹیلی فونک گفتگو جمعے کی شب ہوئی۔ ترک میڈیا نے یہ خبر ایک ایسے وقت میں نشر کی ہے، جب شامی علاقے عفرین میں ترک فوجی کارروائی آٹھویں دن میں داخل ہو گئی ہے۔

[pullquote]امریکا وائی پی جی کو مزید اسلحہ نہیں دے گا، ترکی[/pullquote]

انقرہ حکومت کے مطابق امریکا نے ترکی سے کہا ہے کہ وہ شام میں فعال کرد ملیشیا ’وائی پی جی‘ کو مزید اسلحہ فراہم نہیں کرے گا۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ترجمان ابراہیم کالان نے بتایا ہے کہ ایردوآن اور امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر میک ماسٹر کے مابین ہونے والی گفتگو میں واشنگٹن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اب اس کرد تحریک کو مزید اسلحہ فراہم نہیں کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ ایردوآن اور میک ماسٹر کے مابین یہ ٹیلی فونک گفتگو جمعے کی شب ہوئی۔ ترک میڈیا نے یہ خبر ایک ایسے وقت میں نشر کی ہے، جب شامی علاقے عفرین میں ترک فوجی کارروائی آٹھویں دن میں داخل ہو گئی ہے۔

[pullquote]پرنس الولید بن طلال کو رہا کر دیا گیا، خاندانی ذرائع[/pullquote]

سعودی عرب کے ارب پتی شہزادے الولید بن طلال کے خاندانی ذرائع نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا ہے کہ بن طلال کو رہا کر دیا گیا ہے۔ وہ دو ماہ سے زائد عرصے تک رٹز کارلٹن ہوٹل میں دیگر شہزادوں کے ہمراہ مقید رکھے گئے تھے۔ انہی خاندانی ذرائع کے مطابق بن طلال ہفتہ ستائیس جنوری کو رہائی کے بعد اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ اُن کی رہائی روئٹرز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو کے چند گھنٹوں بعد ہوئی ہے۔ اس انٹرویو میں بھی بن طلال نے اپنے جلد رہا ہونے کا بتایا تھا۔

[pullquote]جاپانی وزیر خارجہ چین کے دورے پر[/pullquote]

جاپان کے وزیر خارجہ تارو کونو آج دو روزہ دورے پر چین روانہ ہو رہے ہیں۔ وہ اس دورے کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے امکانات کے ساتھ ساتھ خطے کی صورت حال بشمول شمالی کوریائی تنازعے پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے۔ تارو کونو کا اپریل سن 2016 میں منصب وزارت سنبھالنے کے بعد یہ پہلا چینی دورہ ہے۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ان دونوں ملکوں کے درمیان بحیرہ جنوبی چین کے مختلف جزائر پر ملکیت کا تنازعہ ایک مرتبہ پھر ابھرا ہے۔ ان جزائر پر جاپان کی عملداری قائم ہے۔

[pullquote]محصور مشرقی غوطہ پر حکومتی فورسز کی بمباری کا سلسلہ جاری[/pullquote]

شام کے جنگی طیاروں نے باغیوں کے زیر قبضہ علاقے مشرقی غوطہ پر ہفتہ ستائیس جنوری کو بمباری کا سلسلہ جاری رکھا۔ دوسری جانب روس اس علاقے میں جنگ بندی کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔ شامی فوج نے مشرقی غوطہ کا محاصرہ گزشتہ تین برس سے زائد عرصے سے کر رکھا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس علاقے کی محصور آبادی کو خوراک اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ ابھی تک روس یا دمشق حکومت کی جانب سے جنگ بندی کے طے پانے کی کوئی حتمی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔ دوسری جانب ویانا میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں شام میں قیام امن کا نواں راؤنڈ بھی بے نتیجہ رہا ہے۔

[pullquote]فرانسیسی دارالحکومت کو سیلاب کا سامنا[/pullquote]

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں سے گزرنے والے دریائے سین کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے سین کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے اور سیلابی کیفیت اگلے ایک ہفتے تک برقرار رہنے کا یقینی امکان ہے۔ حکومت کی جانب سے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو چوکس رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ جمعہ چھبیس جنوری سے سیلابی پانی دریا کے کناروں سے باہر آنا شروع ہو چکا ہے اور کچھ گلیاں زیر آب بھی آ چکی ہیں۔ ایک نواحی علاقے کے طبی مرکز سے 86 افراد کو دوسری جگہ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]ووزنیاکی نے آسٹریلین اوپن جیت لیا[/pullquote]

ڈنمارک سے تعلق رکھنے والی ٹینس کی عالمی نمبر دو کیرولین ووزنیاکی نے رواں سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کو جیت لیا ہے۔ انہوں نے ستائیس جنوری کو کھیلے گئے فائنل میچ میں رومانیہ کی عالمی نمبر ایک سیمون ہالیپ کو تین سیٹ کے میچ میں سات چھ، چھ تین اور چھ چار سے ہرایا۔ یہ میچ تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہا۔ کل اتوار اٹھائیس جنوری کو مردوں کا فائنل میچ راجر فیڈرر اور کروشیا کے مارین چِلچ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

[pullquote]شمالی کوریا پر دباؤ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے، میٹس[/pullquote]

امریکا کے وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جوہری پروگرام سے دستبرداری کے لیے بین الاقوامی پریشر برقرار رکھنا ضروری ہے۔ میٹس کے مطابق اس دباؤ کے نتیجے میں ہی تنہائی کا شکار ہونے والا ملک اپنی جوہری ہتھیار سازی کا عمل ترک کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور جنوبی کوریا امن پسند اقوام ہیں اور وہ سرمائی اولمپکس کے لیے دونوں کوریائی ملکوں کے مذاکراتی عمل کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ امریکی وزیر دفاع نے ان خیالات کا اظہار اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب سونگ یونگ مُو کے ساتھ ملاقات کے بعد کیا۔ دونوں وزرائے دفاع نے ہونولُولُو میں امریکا پیسیفیک کمانڈ کے صدر دفتر میں ملاقات کی ہے۔

[pullquote]جرمن صدر اردن اور لبنان کا دورہ کریں گے[/pullquote]

جرمنی کے صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر آج ہفتہ ستائیس جنوری سے لبنان اور اردن کے چار روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ اُن کے دورے کی پہلی منزل اردن ہے۔ وہ اپنے اس دورے کے دوران دونوں ملکوں کی سیاسی قیادتوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وہ اردن میں قیام کے دوران الاذرق ایئر بیس پر متعین جرمن فوجیوں کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے۔ گزشتہ ایک سو بیس برسوں کے دوران اشٹائن مائر پہلے جرمن صدر ہوں گے جو لبنان کا دورہ کریں گے۔ وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایک ریفیوجی کیمپ بھی جائیں گے۔ اشٹائن مائر بہ طور وزیرخارجہ اردن کا سات مرتبہ اور لبنان کا چھ مرتبہ دورہ کر چکے ہیں۔

[pullquote]چیک جمہوریہ میں صدارتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ[/pullquote]

چیک جمہوریہ کے صدارتی الیکشن کے لیے ووٹنگ جمعہ چھبیس جنوری سے شروع ہے اور یہ ووٹنگ آج دوپہر دو بجے تک جاری رہے گی۔ صدارتی الیکشن کے نتائج سہ پہر تک عام ہو سکتے ہیں۔ موجودہ صدر میلوس زیمان کو چیک اکیڈمی آف سائنسز کے سابق سربراہ ژیری ڈراہوس کے ساتھ سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ اندازوں کے مطابق روس نواز موجودہ صدر زیمان کے جیتنے کا امکان ہے لیکن اعتدال پسند ڈراہوس اپ سیٹ کرسکتے ہیں۔ ڈراہوس یورپ نواز بھی ہیں۔ چیک جمہوریہ اس وقت عوامیت پسندی کی بڑھتی مقبولیت کے تناظر میں منقسم ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا میں آتش زدگی، زخمیوں کی عیادت کے لیے ملکی صدر کا دورہ[/pullquote]

جنوبی کوریائی حکام جمعہ چھبیس جنوری کو ایک ہسپتال میں لگنے والی آگ میں 37 ہلاک شدگان کی شناخت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس آگ کی لپیٹ میں آ کر ڈیڑھ سو سے زائد افراد جھلس کر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ آج جنوبی کوریائی صدر مُون جے اِن نے جلی ہوئی عمارت کے معائنے کے علاوہ زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ انہوں نے حالیہ کچھ عرصے میں ہونے والے المناک واقعات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ آگ میریانگ شہر کے ہسپتال میں لگی تھی۔ انہوں نے اس حادثے کی مکمل اور شفاف تفتیش کا حکم دیا ہے۔

[pullquote]نانگا پربت میں پھنسے یورپی کوہ پیماؤں کو بچانے کا خصوصی آپریشن[/pullquote]

پاکستانی حکومت آج ہفتہ ستائیس جنوری کو دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں سے ایک نانگا پربت میں پھنسے دو یورپی کوہ پیماؤں کو بچانے کا ایک خصوصی آپریشن کرے گی۔ دونوں سیاحوں میں ایک پولستانی مرد اور دوسری فرانسیسی عورت ہے۔ یہ نانگا پربت کی آٹھ ہزار میٹر سے زائد بلند چوٹی کو سر کرنے کی کوشش میں تھے کہ سات ہزار چار سو کی بلندی پر پھنس کر رہ گئے ہیں۔ اس ریسکیو آپریشن میں خصوصی پاکستانی ٹیم کی رہنمائی اور معاونت کے لیے چار دوسرے پولستانی کوہ پیماؤں کی خدمات بھی لی گئی ہیں۔

[pullquote]جنوبی افغانستان میں خود کش حملہ، دو ہلاک[/pullquote]

ایک افغان اہلکار نے بتایا ہے کہ جنوبی صوبے قندھار میں ہوئے ایک خودکش حملے میں کم از کم دو افراد مارے گئے ہیں۔ خودکش بمبار کا نشانہ ایک پولیس کی گاڑی تھی۔ قندھار صوبے سے رکن پارلیمنٹ محمد نہیم لالئی کے مطابق اس حملے میں کوئی پولیس اہلکار تو ہلاک نہیں ہوا لیکن دو شہری اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔ افغان حکام نے تین پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ طالبان نے اس خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]میری مشکلات جلد ختم ہو جائیں گی، پرنس الولید بن طلال[/pullquote]

سعودی عرب کے مقید ارب پتی پرنس الولید بن طلال نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ اُن کی رہائی جلد ممکن ہے کیونکہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ شہزادہ الولید بن طلال کو سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف جاری مہم کے دوران کئی دوسرے شہزادوں کے ہمراہ حراست میں لیا گیا ہے۔ چند ایک شہزادے اب رہائی بھی پا چکے ہیں۔ پرنس الولید بن طلال نے روئٹرز کو انٹرویو سعودی دارالحکومت ریاض کے رٹز کارلٹن ہوٹل کے اُس کمرے سے دیا، جس میں انہیں قید رکھا گیا ہے۔ اسی ہوٹل میں شاہی خاندان کے بقیہ مقید افراد کو رکھا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے