پاکستانی گالفر نے قطر اوپن امیچر چیمپئن شپ جیت لی اور ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی آسٹریلین اوپن کی نئی فاتح

پاکستان کے نوجوان گالفر احمد بیگ نے دوحا میں ہونے والی قطر اوپن امیچر گالف چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔

دوحا گالف کلب میں 3 روز تک 54 ہولز پر ہونے والی چیمپئن شپ میں پاکستان کے نوجوان گالفر نے 3 انڈر پار کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔

18 سالہ احمد، جنہوں نے حال ہی میں کراچی میں فیلڈر چیلنج چیمپئن شپ میں بھی کامیابی حاصل کی تھی، پہلے راونڈ میں 4 ہولز پر بوگی کی وجہ سے اوور پار رہے لیکن دوسرے اور تیسرے راونڈ میں احمد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

دوسرے راونڈ میں 18 سالہ گالفر نے 5 بڑڈیز کھیل کر اپنا اسکور بہتر کیا جب کہ تیسرے راونڈ میں بھی ان کا کھیل شاندار رہا۔

ایک موقع پر ڈبل بوگی کی وجہ سے ان کی لیڈ متاثر ہونے کا خدشہ رہا لیکن اس کے بعد 3 برڈیز کھیل کر انہوں نے اپنی پوزیشن مستحکم کی اور ٹورنامنٹ میں فتح کو یقینی بنایا۔

امیچر چیمپئن شپ میں فتح کے ساتھ احمد بیگ نے آئندہ ماہ ہونے والے قطر ماسٹرز کے لئے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔

نوجوان گالفر روان برس مارچ میں فیلڈو ایشین چیلنج فائنلز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

[pullquote]ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی آسٹریلین اوپن کی نئی فاتح[/pullquote]

ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے ٹینس اسٹار کیرولین وزنائیکی نے آسٹریلین اوپن ویمنزکے فائنل میں سیمونا ہیلپ کو شکست دے کر گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والی ڈنمارک کی پہلی کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

کیرولین وزنائیکی نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد رومانیہ سے تعلق رکھنے والی اسٹار سیمونا ہیلپ کو 7-6، (7-2) 3-6، اور 6-4 سے شکست دے دی۔

کیرولین نے اپنے کیریئر میں پہلا گرینڈ سلم ٹائٹل اپنے نام کر کے نئے سیزن کا آغاز شاندار انداز میں کیا۔

کامیابی کے بعد انھوں نے کہا کہ گرینڈ سلیم جیتنا دیرینہ خواب تھا اور اس خواب کی تعبیر ملنے پر میں جذباتی ہو رہی ہوں اور اس لمحے کو ہمیشہ یاد رکھوں گی۔

انھوں نے کہا کہ اس کامیابی تک پہنچنے کے لیے میرے والد نے پورے کیریئر کے دوران بہت تعاون کیا اور انھی کی بدولت آج اس مقام پر پہنچی ہوں جس پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

آسٹریلین اوپن چمپیئن کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی کوشش کروں گی کہ عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید کامیابیاں اپنے نام کرلوں۔

کیرولین نے اس شاندار فتح کے بعد آسٹریلین اوپن کے ساتھ ساتھ سیمونا ہیلپ سے خواتین کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن بھی چھین لی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے