پیر: 5 فروری 2018 کی اہم ترین عالمی خبروں کے ساتھ آئی بی سی اردو

[pullquote]مشرق وسطیٰ کے جنگ زدہ علاقے: صرف جنوری میں 83 بچے ہلاک، یونیسیف[/pullquote]
اقوام متحدہ کے بچوں کے امدادی ادارے یونیسیف کے مطابق مشرق وسطیٰ کے جنگ زدہ علاقوں میں رواں برس کے صرف پہلے مہینے میں کم از کم تراسی بچے مارے گئے۔ یہ بات یونیسیف کے علاقائی ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ گیئرٹ کاپیلیئر نے پیر کے روز بتائی۔ کاپیلیئر نے کہا کہ ان بچوں کی آوازیں کبھی خاموش نہیں ہوں گی اور کسی نہ کسی فورم پر اُن کے حق میں آواز بلند کی جاتی رہے گی۔ جنوری کے مہینے میں یہ 83 بچے لیبیا، فلسطینی علاقوں، شام اور یمن میں مارے گئے۔

[pullquote]فلسطینی نے چاقو کے وار کر کے اسرائیلی شہری کو ہلاک کر دیا[/pullquote]
اسرائیلی حکام کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کی ایک یہودی بستی ایریل میں ایک فلسطینی نے چاقو کے وار کر کے ایک اسرائیلی شہری کو ہلاک کر دیا، جس کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ اسرائیلی فوج اور پولیس اس مفرور فلسطینی کی تلاش میں ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اس قتل کا ذکر اپنی سیاسی جماعت لیکوڈ پارٹی کے ایک اجلاس میں بھی کیا۔ گزشتہ برس چھ دسمبر کو امریکی صدر ٹرمپ کے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد سے مشرقی یروشلم اور ویسٹ بینک میں کافی زیادہ کشیدگی پائی جاتی ہے۔

[pullquote]حوثی ملیشیا کا فائر کردہ بیلسٹک میزائل تباہ کر دیا، سعودی عرب[/pullquote]
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملکی فضائی دفاعی نظام کے ذریعے یمن میں حوثی ملیشیا کی طرف سے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ ایجنسی کے مطابق یہ میزائل شمالی یمن کے صوبے صعدہ سے پیر پانچ فروری کی صبح فائر کیا گیا تھا۔ سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کے مطابق اس میزائل کا ہدف خمیس مشیط نامی سعودی شہر تھا۔ یہ شہر یمنی سرحد سے سو کلومیٹر دور ہے۔ یمن کی خانہ جنگی میں اب تک نو ہزار سے زائد انسان مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]شامی فورسز کے فضائی حملوں میں 23 سویلین ہلاک[/pullquote]
شامی حکومتی فورسز کی طرف سے باغیوں کے زیر قبضہ علاقے مشرقی غوطہ میں فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 23 سویلین ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ بات شامی خانہ جنگی پر نظر رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ آبزرویٹری کے مطابق دارالحکومت دمشق کے قریب واقع اس علاقے پر ہونے والی بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ بدترین حملہ بیت السوا نامی شہر کی ایک مارکیٹ پر کیا گیا جس میں نو سویلین ہلاک ہوئے۔

[pullquote]شام میں روسی جنگی جہازوں کو زیادہ بلند پرواز کرنے کا حکم[/pullquote]
روس نے شام میں تعینات اپنے جنگی جہازوں کو زیادہ بلندی پر پرواز کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کا مقصد کندھے پر رکھ کر چلائے جانے والے میزائلوں سے بچنا بتایا گیا ہے۔ ایک روسی اخبار کے مطابق یہ حکم ہفتے کے روز ایک روسی لڑاکا طیارہ مار گرائے جانے کے تناظر میں جاری کیا گیا ہے۔ شامی باغیوں نے صوبہ ادلب میں ہفتے کے روز روس کا SU-25 طیارہ مار گرایا تھا اور اس کے پائلٹ کا ہلاک کر دیا تھا۔ اخبار کے مطابق روسی جنگی طیارے اب پانچ ہزار میٹر سے زیادہ بلندی پر پرواز کریں گے۔

[pullquote]شام میں مزید دو ترک فوجی ہلاک[/pullquote]
شام کے شمالی حصے میں ایک عسکری کارروائی کے دوران مزید دو ترک فوجی مارے گئے ہیں۔ انقرہ ذرائع کے مطابق اس طرح گزشتہ دو ہفتوں سے کرد جنگجو تنظیم ’وائی پی جی‘ کے خلاف جاری آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے ترک فوجیوں کی تعداد سولہ ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس دوران پانچ ترک فوجی ایک امریکی میزائل کی زد میں آ کر مارے گئے تاہم اس خبر کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔ انقرہ حکومت کا الزام ہے کہ وائی پی جی کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کے ساتھ مل کر ترک ریاست کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔

[pullquote]عراق میں موجود امریکی فوجیوں کی جزوی واپسی شروع[/pullquote]
عراقی حکومت کے ترجمان سعد الحدیثی کے مطابق عراق میں تعینات امریکی فوجی دستوں کی تعداد میں کمی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ امریکی فوجیوں کی تعداد میں اس کمی کی وجہ دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف عراقی فوج کی مکمل فتع بنی۔ الحدیثی نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ عراق میں امریکی دستوں کی تعداد بتدریج کم کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فوجی کمی ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس سے مراد امریکا کا مکمل فوجی انخلا نہیں ہے۔ عراق میں امریکا نے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف فضائی حملوں کا سلسلہ سن 2014 میں شروع کیا تھا۔

[pullquote]مودی فلسطینی صدر عباس سے راملہ میں ملیں گے[/pullquote]
بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نو سے بارہ فروری تک عُمان اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گےلیکن وہ اس دورے کی ابتداء فلسطینی علاقوں میں راملہ کے دورے سے کریں گے۔ راملہ میں مودی فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے مطابق مودی کا فلسطینی علاقے کا یہ پہلا دورہ بہت مختصر ہو گا۔ بھارتی وزیر اعظم فلسطینی صدر کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے علاوہ صحت اور سیاحت کے امور پر بات چیت کریں گے۔ بعد ازاں دونوں رہنما ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔ بھارتی وزیر اعظم گزشتہ برس اسرائیل کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔

[pullquote]ترک صدر کی روم آمد کے خلاف مظاہرہ، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں[/pullquote]
اطالوی پولیس نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی آمد کے خلاف ہونے والے مظاہرے کو ختم کر دیا ہے۔ پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔ بیان کے مطابق دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ بقیہ ذمہ دار افراد کی تلاش کے لیے ویڈیو فوٹیج سے مدد لی جا رہی ہے۔ ترک صدر ایردوآن نے ویٹیکن میں کیتھولک مسیحیوں کے پیشوا پوپ فرانسس سے بھی ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات پچاس منٹ تک جاری رہی۔

[pullquote]مالدیپ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی[/pullquote]
بحر ہند کی جزیرہ ریاست مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین نے ملک میں پندرہ دن کے لیے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان صدارتی مشیر عظیمہ شکور نے ٹیلی وژن پر کیا۔ ایمرجنسی کے نفاذ سے صدر کو وسیع تر انتظامی اختیارات حاصل ہو گئے ہیں اور وہ مشتبہ افراد کی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کر سکتے ہیں۔ صدر یامین کی حکومت ملکی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے سے انکار کر چکی ہے۔ اس انکار کے بعد سے صدر اور سپریم کورٹ کے مابین تناؤ کے نتیجے میں مالدیپ میں شدید سیاسی بحران پیدا ہو چکا ہے۔

[pullquote]پنجگور میں بم دھماکا: ایک شخص ہلاک، سات زخمی[/pullquote]
پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں سڑک کنارے نصب ایک بم کے پھٹنے سے ایک شخص ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے۔ طبی حلقوں نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیونکہ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ایک مقامی پولسی افسر کے مطابق یہ بم پنجگُور شہر میں پھٹا، جو کوڑے کے ایک ڈھیر کے قریب سڑک پر نصب کیا گیا تھا۔ ابھی تک کسی نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

[pullquote]لائن آف کنٹرول پر کم از کم چار بھارتی فوجی ہلاک[/pullquote]
بھارتی حکام نے دعویٰ کيا ہے کہ کشمير کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوجيوں کی جانب سے کی گئی فائرنگ کے نتيجے ميں کم از کم چار بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے ہيں۔ بھارتی فوج کے ايک ترجمان کے مطابق پاکستانی افواج نے راجوڑی سيکٹر ميں خودکار ہتھياروں سے بلا اشتعال فائرنگ کی اور مارٹر گولے بھی برسائے۔ اس واقعے ميں کم از کم چار بھارتی فوجی ہلاک جبکہ دو ديگر زخمی ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق بھارت کی جانب سے بھی سخت جوابی کارروائی کی گئی، جس ميں پاکستان فوج کی سرحدی پوسٹوں کو شديد نقصان پہنچا۔

[pullquote]پیرس حملوں کے واحد زندہ بچ جانے والے مشتبہ حملہ آور کے خلاف مقدمے کا آغاز[/pullquote]
2015ء میں ہونے والے پیرس دہشت گردانہ حملوں کے واحد زندہ بچ جانے والے مشتبہ حملہ آور کو مقدمے کی سماعت کے لیے بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان دہشت گردانہ حملوں کے نتیجے میں 130 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صالح عبدالسلام کو نصف شب کو پیرس کے نزدیک واقع ایک جیل سے برسلز منتقل کیا گیا جہاں اس کےخلاف مسلسل چار روز تک مقدمے کی کارروائی جاری رہے گی۔ صالح عبدالسلام برسلز کا رہنے والا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے