جمعرات : 8 فروری 2018 کی اہم ترین عالمی خبروں پر مشتمل بلیٹن کے ساتھ

[pullquote]سعودی عرب میں چار پاکستانیوں کو سزائے موت[/pullquote]
سعودی عرب میں چار پاکستانیوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کر دیا ہے۔ ان پر قتل اور ریپ کا جرم ثابت ہوا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ان افراد نے ریاض میں ایک گھر میں ڈاکا ڈالتے ہوئے ایک خاتون کو ریپ کرنے کے بعد ہلاک کر دیا تھا اور ساتھ ہی اس کے نو عمر بیٹے کو بھی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ اے ایف پی کے اعدادوشمار کے مطابق سعودی حکومت سن دو ہزار اٹھارہ کے شروع ہونے کے بعد اب تک بیس افراد کی سزائے موت پر عملدرآمد کر چکی ہے۔

[pullquote]خالدہ ضیاء کو پانچ برس قید کی سزا[/pullquote]
بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے اپوزیشن بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی رہنما خالدہ ضیاء کو پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ بدعنوانی کے اس مقدمے میں عدالت نے سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے بیٹے طارق رحمان اور دیگر چار افراد کو دس دس برس کی سزائے قید سنائی ہے۔ ان پر الزامات تھے کہ انہوں نے فلاحی کاموں کے لیے ملنے والی غیر ملکی امداد میں خُرد برد کی تھی۔ آج فیصلہ سنائے جانے سے قبل خالدہ ضیاء کے حامیوں نے احتجاج بھی کیا تھا۔ اس موقع پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

[pullquote]برطانوی پارلیمان میں کام کرنے والے ہر پانچ میں سے ایک فرد کو جنسی طور پر ہراساں کیا گیا، رپورٹ[/pullquote]
برطانوی پارلیمان میں کام کرنے والے ہر پانچ میں سے ایک فرد کو گزشتہ برس کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیا گیا یا اسے غیر مناسب سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ بات ایک تازہ رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں اس طرح کے رویوں سے بچنے کے لیے شکایات جمع کرانے کا ایک نیا نظام لانے کے ساتھ اس ادارے کے کلچر میں بنیادی تبدیلیاں لانے کی سفارش کی گئی ہے۔ برطانوی پارلیمان کی طرف سے تیار کرائی گئی اس رپورٹ کے مطابق 19 فیصد افراد نے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کی شکایت کی اور ایسی شکایات کرنے والی خواتین کی تعداد مردوں کے مقابلے میں دو گنا تھی۔

[pullquote]سعودی شاہی عدالت پر تنقید کی سزا، پانچ سال قید[/pullquote]
سعودی عرب کی ایک فوجداری عدالت نے مقبول کالم نگار صالح الشحی کو پانچ برس قید کی سزا سنا دی ہے۔ انہوں نے شاہی عدالت پر تنقید کی تھی، جو ولی عہد محمد بن سلمان کی سربراہی میں قائم ایک سرکاری ادارہ ہے۔ صالح الشحی ایک معروف کالم نگار ہیں جن کے ٹوئٹر پر 12 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔ انہوں نے 12 دسمبر کو ایک ٹیلی وژن پروگرام میں اس ادارے پر تنقید کی تھی جس کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ صحافیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ’’کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس‘ CJP پہلے ہی سعودی حکومت سے الشحی کی رہائی کا مطالبہ کر چکی ہے۔

[pullquote]شامی تنازعہ: روسی، ایرانی اور ترک صدور ملاقات کریں گے[/pullquote]
ترکی، روس اور ایران کے رہنما استنبول میں شامی تنازعہ پر گفتگو کریں گے۔ ترک صدرارتی دفتر کی طرف سے بدھ کے دن بتایا گیا ہے کہ صدر ایردوآن نے ٹیلی فون پر اپنے روسی اور ایرانی ہم منصبوں سے گفتگو کی، جس میں شام میں قیام امن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں ممالک کے رہنما استنبول میں ملاقات کے لیے آمادہ ہو گئے ہیں۔ جلد ہی اس سمٹ کی حتمی تاریخ طے کر لی جائے گی۔

[pullquote]امریکی عسکری اتحاد کا حملہ ’جنگی جرائم‘ کے زمرے میں آتا ہے، شام[/pullquote]
شام نے کہا ہے کہ امریکی عسکری اتحاد کی طرف سے کیا گیا تازہ فضائی حملہ ’جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات مشرقی شام میں کی گئی اس خونریز کارروائی میں شامی فوج کے حامی دو سو زائد جنگجو مارے گئے تھے۔ اس حملے کی ردعمل میں شامی حکومت نے بدھ کے دن کہا کہ امریکا کی سربراہی میں قائم یہ اتحاد غیرقانونی ہے اور اسے تحلیل کر دینا چاہیے۔ یہ عسکری اتحاد شام میں جہادیوں کے خلاف فعال ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے