بدھ : 21 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان شہریوں کے قتل عام کی تحقیقات ہونی چاہییں، ہیومن رائٹس واچ[/pullquote]

ہیومن رائٹس واچ نے افغانستان میں بیس عام شہریوں کی ہلاکت کے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انسانی حقوق کی اس تنظیم نے بدھ کے روز کہا کہ یہ تحقیقات افغان حکومت اور امریکی فوج کو مشترکہ طور پر کرنی چاہییں۔ ایچ آر ڈبلیو کا الزام ہے کہ افغان خفیہ ایجنسی (این ڈی ایس) سے منسلک خصوصی دستوں نے ضلع میوند میں بیس افراد کو اس وقت ہلاک کر دیا، جب وہ امریکی بمباری سے بچنے کے لیے بھاگ رہے تھے۔ اس کے علاوہ ان اہلکاروں نے چند افراد کو گھروں سے نکال کر بھی فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ گزشتہ ماہ پیش آیا تھا۔

[pullquote]امریکی صدر کی آتشیں ہتھیاروں سے متعلقہ قانون میں محدود سختی کی کوشش[/pullquote]

امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک اسکول میں اندھا دھند فائرنگ کے ایک حالیہ واقعے میں سترہ افراد کی ہلاکت کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آتشیں ہتھیاروں سے متعلق ملکی قانون میں محدود سختی کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ٹرمپ نے واشنگٹن میں کہا کہ انہوں نے وزارت انصاف کو حکم دیا ہے کہ وہ ’پمپ اسٹاکس‘ پر پابندی کی تیاریاں شروع کر دے۔ آتشیں ہتھیاروں میں ’پمپ اسٹاکس‘ ایک ایسے طریقہ کار کو کہتے ہیں، جس کی مدد سے کسی بھی ہتھیار سے مشین گن کی طرح مسلسل فائرنگ کی جا سکتی ہے۔ ’پمپ اسٹاکس‘ کسی بھی آتشیں ہتھیار کے ساتھ لگایا جانے والا پلاسٹک کا ایک ایسا اضافی حصہ ہوتا ہے، جو امریکا میں بڑی آسانی سے اور کم قیمت پر خریدا جا سکتا ہے۔

[pullquote]آسٹریا میں انتہائی دائیں بازو کی سیاست: نازی گیتوں کی ایک اور کتاب کا انکشاف[/pullquote]

آسٹریا میں انتہائی دائیں بازو کے سیاسی حلقوں میں سامیت دشمنی پر مبنی نازی گیتوں کی ایک نئی کتاب کا انکشاف ہوا ہے۔ ملکی جریدے ’فالٹر‘ کے مطابق یہ نئی کتاب ’برُونا زُوڈیشیا‘ نامی اس طلبہ تنظیم کے سربراہ کی ملکیت ہے، جو آسٹرین فریڈم پارٹی ایف پی او کا ایک کارکن ہے اور جس کا نام ہَیرِوگ گوئچوبر ہے۔ انتہائی دائیں بازو کا یہ سیاستدان آسٹریا کے وزیر ٹرانسپورٹ نوربرٹ ہوفر کا میڈیا سے متعلق مشاورتی اہلکار بھی ہے۔ جریدے ’فالٹر‘ کے مطابق اس نئی کتاب میں کئی ایسے گیت شامل ہیں، جن کے متعدد حصے سامیت دشمنی کے مظہر ہیں۔ آسٹریا میں ابھی گزشتہ ہفتے بھی پہلی بار ایسا ہی ایک اسکینڈل سامنے آیا تھا۔

[pullquote]لیٹویا کے مرکزی بینک کے سربراہ کو معطل کر دیا گیا[/pullquote]

لیٹویا کے مرکزی بینک کے سربراہ المارس رمشیوِچ کو بدعنوانی میں ملوث ہونے کے شبے میں معطل کر دیا گیا ہے۔ ایک حکومتی بیان میں بتایا گیا کہ جب تک ان کے خلاف کرپشن کے الزامات میں کوئی فیصلہ نہیں ہو جاتا، رمشیوِچ بینک سے متعلق تمام تر سرگرمیوں سے دور رہیں گے۔ انہیں گزشتہ ہفتے کے روز حراست میں لیا گیا تھا۔ انسداد بدعنوانی کے ملکی محکمے ’ کے این اے بی‘ کے مطابق ملکی مرکزی بینک کے اس سربراہ نے ایک لاکھ یورو رشوت مانگی تھی اور پھر یہ رقم وصول بھی کر لی تھی۔ باون سالہ رمشیوِچ کے بقول انہیں کردار کشی کی ایک مہم کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

[pullquote]جرمن جہادیوں کی وطن واپسی: سکیورٹی اداروں کے اہلکار تیاریوں میں[/pullquote]

جرمنی میں داخلی سلامتی کے ذمے دار اداروں اور خفیہ ایجنسی کے اہلکار شام اور عراق سے لوٹنے والے جہادیوں اور ان کے اہل خانہ کی واپسی سے پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی تیاریوں میں ہیں۔ یہ بات جرمنی میں مہاجرین اور ترک وطن سے متعلقہ امور کے نگران دفتر کے ایک ذیلی مشاورتی مرکز کی طرف سے بتائی گئی۔ اس مشاورتی مرکز کے سربراہ فلوریان آندرس نے کہا کہ واپس لوٹنے والے جرمن جہادیوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ جرمن حکام کا اندازہ ہے کہ شام اور عراق میں داعش کی عسکری ناکامیوں کے بعد اس تنظیم کے جرمن جہادیوں کے واپس آنے والے صرف بچوں کی تعداد ہی سو سے زائد ہو گی۔

[pullquote]مقدونیہ کے نام کا تنازعہ ’اپنے خاتمے کے اتنا قریب جتنا آج سے پہلے کبھی نہیں‘[/pullquote]

وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ مقدونیہ کے نام سے متعلق اس یورپی ملک اور یونان کے مابین پایا جانے والا تنازعہ اپنے حل کے کافی قریب پہنچ چکا ہے۔ میرکل نے بدھ کے روز کہا کہ گزشتہ پوری ایک دہائی میں مقدونیہ اور یونان اس بارے میں اپنا آپس کا جھگڑا ختم کر سکنے کے کبھی اتنے قریب نہیں تھے، جتنے کہ آج۔ یونان یورپی یونین کا رکن ہے جبکہ بلقان کے خطے کی خود مختار ریاست مقدونیہ ماضی میں کالعدم یوگوسلاویہ کا حصہ تھی۔ مقدونیہ کے وزیر اعظم نے اسی ہفتے کے اوائل میں امید ظاہر کی تھی کہ مقدونیہ اور یونان آپس کے اس تنازعے کا ایک مستقل حل ممکنہ طور پر اس سال جولائی تک نکال لیں گے۔

[pullquote]فوکس ویگن کے قریب سوا لاکھ ملازمین، اجرتوں کا تنازعہ طے ہو گیا[/pullquote]

جرمن کار ساز ادارے فوکس ویگن اور فولاد کی ملکی صنعت کے کارکنوں کی نمائندہ ٹریڈ یونین آئی جی میٹال کے مابین اس ادارے کے قریب سوا لاکھ کارکنوں کی اجرتوں میں اضافے اور بہتر پینشن سے متعلق تنازعہ ختم ہو گیا ہے۔ یہ تصفیہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب فوکس ویگن کے آجروں اور کارکنوں کے نمائندوں کے مابین مذاکرات میں رات گئے ہوا۔ فوکس ویگن کے اعلیٰ ترین مذاکراتی نمائندے مارٹن روزِک نے کہا کہ پینشن سے متعلق کئی ضمنی فیصلوں کے علاوہ اس سال مئی سے کمپنی کے ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں میں چار اعشاریہ تین فیصد اضافہ کر دیا جائے گا۔

[pullquote]مخالفت کے باوجود تیل اور گیس کی تلاش جاری رہے گی، قبرصی صدر[/pullquote]

قبرص کے صدر نے کہا ہے کہ ترکی کی طرف سے شدید مخالفت کے باوجود قبرص اپنی سمندری حدود میں تیل اور گیس کی تلاش کے منصوبے پر کام کرتا رہے گا۔ صدر نیکوس اناستاسیادیس نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا کہ جمہوریہ قبرص توانائی کے آف شور ذرائع کی تلاش کا کام بند نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح حاصل ہونے والی دولت قبرص کے منقسم جزیرے کے دوبارہ اتحاد کے بعد تمام قبرصی شہریوں پر خرچ کی جائے گی۔ اس منصوبے سے متعلق نکوسیا اور انقرہ کے مابین شدید اختلاف رائے پایا جاتا ہے، جس کی وجہ اس جزیرے کی جمہوریہ قبرص اور ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے طور پر متنازعہ تقسیم ہے۔

[pullquote]عفرین میں شامی دستوں کا داخلہ: نتائج سنگین ہوں گے، ترکی[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ترجمان نے کہا ہے کہ شامی شہر عفرین میں دمشق حکومت کے فوجی دستوں کے داخلے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ یہ بات صدارتی ترجمان نے بدھ کو ملکی دارالحکومت انقرہ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اس وقت شامی حکومت کے ساتھ کسی براہ راست مکالمت کا حصہ تو نہیں لیکن انقرہ کے پیغامات دمشق حکومت تک پہنچا دیے گئے ہیں۔ ترک فوج جنوری کے مہینے سے عفرین میں ان شامی کرد ملیشیا گروپوں کے خلاف مسلح کارروائیاں کر رہی ہے، جنہیں ترکی دہشت گرد قرار دیتا ہے۔ دوسری طرف مغربی دنیا، خاص کر امریکا کے حمایت یافتہ ان شامی کرد ملیشیا گروپوں اور اسد حکومت کے دستوں کے مابین عفرین میں ترک فوج کے خلاف عسکری اشتراک عمل بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔

[pullquote]دہشت گردی کی مالی معاونت کا الزام: ’پاکستان کو تین ماہ کی مہلت مل گئی‘[/pullquote]

پاکستان کا نام ممکنہ طور پر دہشت گردی کی مالی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کیے جانے کے حوالے سے اسلام آباد حکومت کو ’تین ماہ کی مہلت‘ مل گئی ہے۔ فرانسیسی دارالحکومت میں ان دنوں بین الاقوامی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نامی ادارے کا ایک اجلاس ہو رہا ہے، جس میں امریکا اور اس کے چند یورپی اتحادیوں کی کوشش تھی کہ پاکستان کا نام ان ریاستوں کی فہرست میں شامل کیا جائے، جو اپنے ہاں دہشت گردوں کے لیے مالی معاونت روکنے میں ناکام رہی ہیں۔ پیرس میں اس ٹاسک فورس کا اجلاس جمعے کو ختم ہو گا۔ اس ادارے نے اپنے اجلاس کے خاتمے سے قبل پاکستانی وزیر خارجہ خواجہ آصف کی ایک ٹویٹ پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ خواجہ آصف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ یہ ٹاسک فورس پاکستان سے متعلق کوئی بھی فیصلہ اب تین ماہ بعد کرے گی۔

[pullquote]روسی امریکی تعلقات میں دوبارہ بہتری بہت مشکل کام ہو گا، ماسکو[/pullquote]

ماسکو حکومت نے کہا ہے کہ روسی امریکی تعلقات کی بحالی اور ان میں دوبارہ بہتری ایک ’بہت مشکل‘ کام ہو گا۔ یہ بات روسی نائب وزیر خارجہ سیرگئی ریابکوف نے بدھ کے روز کہی۔ روس اور امریکا کے باہمی روابط یوکرائن کے تن‍ازعے اور شامی خانہ جنگی کے علاوہ ان الزامات کی وجہ سے بھی سرد جنگ کے بعد سے اپنی اب تک کی نچلی ترین سطح پر آ چکے ہیں کہ روس نے مبینہ طور پر دو ہزار سولہ کے امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کی کوشش کی تھی۔ امریکی الیکشن میں مبینہ مداخلت کے الزام میں واشنگٹن کی طرف سے تیرہ روسی شہریوں پر فرد جرم بھی عائد کی جا چکی ہے۔ ماسکو میں نائب وزیر خارجہ نے آج یہ الزام بھی لگایا کہ مارچ میں ہونے والے روسی صدارتی الیکشن سے قبل امریکا روس کے داخلی معاملات میں مداخلت کی کوشش کر رہا ہے۔

[pullquote]تابکار ایٹمی مادے: پاکستان عالمی ادارے کی ہدایات پر عمل کرے گا[/pullquote]

پاکستان نے کہا ہے کہ اس نے تابکار ایٹمی مادوں کی درآمد اور برآمد کے سلسلے میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی ہدایات پر عمل درآمد کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اسلام آباد میں ملکی وزارت خارجہ نے بدھ اکیس فروری کو بتایا کہ پاکستان کا پورا ارادہ ہے کہ وہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی یا آئی اے ای اے کی ہدایات اور مشوروں پر عمل کرے گا۔ نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق پاکستان نے یہ بات اس پس منظر میں کہی ہے کہ بین الاقوامی برادری کی طرف سے کافی عرصے سے پاکستانی جوہری پروگرام کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ دو حریف ہمسایہ ممالک کے طور پر پاکستان اور بھارت دونوں ہی ایٹمی طاقتیں ہیں لیکن وہ ابھی تک ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے کی رکن نہیں ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ کو صدر بننے سے کروڑوں کا کاروباری نقصان ہوا، ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر[/pullquote]

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سب سے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے کہا ہے کہ امریکی صدر بننے سے ان کے والد کے ریئل اسٹیٹ بزنس کو کروڑوں کا کاروباری نقصان ہوا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے یہ بات بدھ کے روز اپنے دورہء بھارت کے دوران نئی دہلی میں کہی۔ امریکی صدر کے دنیا بھر میں اربوں ڈالر کے جائیداد کے خاندانی کاروبار کا نگران ادارہ ٹرمپ آرگنائزیشن کہلاتا ہے۔ ان کے بیٹے کے مطابق یہ الزامات غلط ہیں کہ ٹرمپ خاندان صدارتی عہدے کے ذریعے اپنے لیے مالی مفادات کی کوشش کر رہا ہے۔ ٹرمپ جونیئر نے کہا کہ جب تک ان کے والد صدارتی منصب پر فائز رہیں گے، ٹرمپ آرگنائزیشن امریکا سے باہر کسی بھی ادارے کے ساتھ کوئی نئے کاروباری معاہدے نہیں کرے گی۔

[pullquote]شام میں خونریز حملوں کی نئی لہر: سینکڑوں ہلاکتیں، ہزار سے زائد افراد زخمی[/pullquote]

جنوب مغربی شام میں خونریز حملوں کی ایک نئی لہر کے دوران گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں دو سو تیس سے زائد افراد ہلاک اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ بات شامی اپوزیشن تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتائی تاہم ان اعداد و شمار کی غیر جانبدار ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ اقوام متحدہ کے ذرائع کے مطابق ان حملوں کے دوران ملکی دارالحکومت دمشق کے نواح میں مشرقی غوطہ کے باغیوں کے زیر قبضہ علاقے میں کم از کم چھ ہسپتالوں پر بھی بمباری کی گئی۔ ان حملوں کے بعد کئی ہسپتال معمول کے مطابق کام کرنے کے قابل نہ رہے۔ مشرقی غوطہ میں محصور قریب چار لاکھ شہریوں کا بیرونی دنیا سے رابطہ تاحال تقریباﹰ مکمل طور پر کٹا ہوا ہے۔

[pullquote]جرمنی سے افغان شہریوں کی ایک اور اجتماعی ملک بدری[/pullquote]

جرمنی سے مزید 14 افغان شہریوں کو ملک بدر کر دیا گیا ہے۔ صوبے باویریا کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ ان میں سے چھ کو مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے، تین کو اپنی شناخت چھپانے جبکہ ایک کو جرمنی میں سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے کر واپس بھیجا گیا ہے۔ اس گروپ میں شامل دیگر افغان شہریوں کی جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ منصوبے کے مطابق 58 افغان شہریوں کو ملک بدر کیا جانا تھا۔ اس اجتماعی ملک بدری کے خلاف میونخ میں تقریباً دو سو افراد نے احتجاج بھی کیا۔ افغانستان میں سلامتی اور انسانی حقوق کی خراب صورتحال کی وجہ جرمنی سے افغان پناہ گزینوں کے واپس بھیجے جانے پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

[pullquote]امریکی، شمالی کوریائی نمائندوں کی ملاقات آخری لمحات میں منسوخ[/pullquote]

امریکی نائب صدر مائیک پینس کی شمالی کوریائی نمائندے سے ملاقات عین آخری لمحات پر منسوخ کر دی گئی۔ امریکی وزارت خارجہ نے بتایا کہ جنوبی کوریا میں جاری سرمائی اولمپکس کے دوران پینس کے پاس شمالی کوریائی وفد کے ساتھ ایک مختصر سی ملاقات کا موقع تھا اور پینس اس کے لیے تیار بھی تھے۔ تاہم عین موقع پر پیونگ یانگ نے یہ ملاقات نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ پیونگ یانگ کی جانب سے یہ فیصلہ مائیک پینس کے اُس بیان کے بعد کیا گیا، جس میں انہوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شمالی کوریائی حکومت پر شدید تنقید کی تھی۔

[pullquote]انٹرنیٹ پر نفرت انگیز تبصروں کی ذمے دار صارفین کی ایک چھوٹی سی اقلیت[/pullquote]

جرمنی میں انٹرنیٹ پر نفرت انگیز تبصروں کی ذمے دار زیادہ تر صارفین کی ایک ایسی چھوٹی سی اقلیت ہے، جو مزید چھوٹی ہوتی جا رہی ہے۔ یہ بات ایک تازہ میڈیا سروے کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے این ڈی آر کی طرف سے ملک بھر میں سوشل میڈیا پر ہونے والے سینکڑوں مباحثوں کے حالیہ تجزیے کے بعد ہیمبرگ میں اس مطالعے کے نتائج پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مثلاﹰ فیس بک پر نفرت انگیز مواد کو کلک یا ’لائک‘ کرنے والے افراد اکثر ایسے صارفین ہوتے ہیں، جن کی تعداد مجموعی فیس بک اکاؤنٹس کا تقریباﹰ پانچ فیصد بنتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے