ہفتہ : 24.02.2018 آج کی اہم عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان میں خونریز حملے، پچیس فوجیوں سمیت تیس افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے تین صوبوں میں عسکریت پسندوں کے متعدد نئے خونریز حملوں میں پچیس سرکاری فوجیوں سمیت کم از کم تیس افراد ہلاک ہو گئے۔ افغان حکام کے مطابق ان میں سے ایک بہت بڑا حملہ صوبے فراہ میں کیا گیا۔ علاوہ ازیں آج ہفتے کی صبح عسکریت پسندوں کی طرف سے ایک خود کش حملہ کابل میں بھی کیا گیا، جس میں کم از کم دو افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔ طالبان عسکریت پسندوں کے مغربی صوبے فراہ کے ضلع بالا بلوک میں کیے گئے ایک بڑے حملے میں افغان فوج کی ایک چیک پوسٹ کو ہدف بنایا گیا، جس میں 25 فوجی مارے گئے۔ لشکر گاہ نامی ایک صوبائی دارالحکومت اور ناد علی نامی ضلع میں ہوئے دو دیگر حملوں میں بھی کم از کم تین افراد ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے۔

[pullquote]ٹرمپ کے سابق مشیر کا امریکا کے خلاف سازش کا اعتراف[/pullquote]

امریکی صدر کے ایک اور مشیر رِک گیٹس نے امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے اسکینڈل کے حوالے سے اعتراف کر لیا ہے۔ رک گیٹس نےغلط بیانی کا اعتراف کیا ہے۔ امریکی خصوصی تفتیش کار رابرٹ مولر نے اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ کے قریبی ساتھی پال مانا فورٹ اور گیٹس پر لگے امریکا کے خلاف سازش اور منی لانڈرنگ کے بتیس الزامات کی تحقیق کی تھی۔ پال مانافورٹ اور رِک گیٹس پر لگائے گئے الزامات میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے مبینہ طور پر کئی ملین ڈالر کی آمدنی کو چھپانے کی کوشش کی، جو انہوں نے یوکرائن کے سابق سیاستدان وکٹور یانوکووچ اور ان کی ماسکو نواز سیاسی جماعت کے لیے کام کرتے ہوئے کمائے تھے۔

[pullquote]امریکی سفارت خانے کی یروشلم منتقلی کا فیصلہ باعث تشویش ہے، ترکی[/pullquote]

ترکی نے کہا ہے کہ امریکا کا مئی میں اسرائیل میں اپنا سفارت خانہ یروشلم منتقل کرنے کا فیصلہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون کی تنظیم او آئی سی کے فیصلوں کو نظر انداز کرنے کے مترداف ہے۔ انقرہ حکومت کا مزید کہنا ہے کہ ایسا کر کے امریکا امن عمل کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ ترک وزارت خارجہ نے آج جاری کیے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی فیصلہ تشویش کا باعث ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے جمعے کے روز کہا تھا کہ امریکا اسرائیل میں اپنی ایمبیسی رواں برس مئی میں تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

[pullquote]فلوریڈا کے اسکولوں میں پولیس تعنیات کی جائے گی، گورنر[/pullquote]

امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں سترہ افراد کی ہلاکت کے بعد ریاست کے گورنر نے اسکولوں میں پولیس تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فلوریڈا کے گورنر رِک اسکاٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اساتذہ کو مسلح کرنے کے بجائے قانون کا نفاذ چاہتے ہیں۔ گورنر رک اسکاٹ کا یہ بھی کہنا تھا کہ فلوریڈا میں مسلح ہتھیار رکھنے کے لیے عمر کی حد اٹھارہ سے اکیس سال مقرر کی جائے گی۔ یہاں یہ امر اہم ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ آتشیں ہتھیاروں سے متعلق قوانین کو سخت کرنے کے خلاف ہیں۔

[pullquote]ایسٹونیا اپنے قیام کا صد سالہ جشن منا رہا ہے[/pullquote]

سابق سوویت یونین کی بالٹک کی ریاستوں میں سے ایک ملک ایسٹونیا آج اپنے قیام کی سوویں سالگرہ منا رہا ہے۔ آج سے ٹھیک سو سال پہلے چوبیس فروری سن 1918 کو اس ملک نے روس سے اپنی آزادی کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے ملک بھر میں آزادی کی صد سالہ تقریبات منائی جا رہی ہیں۔ ایسٹونیا کے بارے میں یہ بات اہم ہے کہ اپنی مجموعی آبادی کے لحاظ سے یہ ملک یورپی یونین کی رکن سب سے چھوٹی ریاستوں میں سے ایک ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کے خلاف سخت تر امریکی پابندیاں[/pullquote]

امریکا شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں مزید سخت کر رہا ہے۔ امریکی وزارت خزانہ کے مطابق اس تناظر میں ایک شخص اور پچاس سے زائد تجارتی اور شپنگ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ان پابندیوں کا مقصد اس کمیونسٹ ملک کے جوہری اور میزائل پروگراموں کو منجمد کرانا ہے۔خیال رہے کہ شمالی کوریا کو پہلے سے ہی اُس کی طرف سے جوہری ہتھیار سازی اور بیلسٹک میزائل تجربات کے تناظر میں عالمی اقتصادی پابندیوں کا سامنا ہے۔

[pullquote]شامی حکومتی فورسز اور باغیوں کے مابین لڑائی میں تیزی[/pullquote]

شامی دارالحکومت دمشق کے مضافات میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں پر ملکی فورسز کے تیز حملوں کے بعد باغیوں نے دمشق شہر پر راکٹوں اور مارٹر گولوں سے نئے حملے کیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق باغیوں کے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کیے گئے ان حملوں میں پچیس سے زائد عام شہری ہلاک ہوئے۔ صدر بشارالاسد کی فورسز باغیوں کے زیر قبضہ علاقے مشرقی غوطہ میں بمباری کا سلسلہ ابھی تک جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صدر بشار الاسد نے حالیہ برسوں میں ملک کے اہم علاقوں پر تو ایران اور روس کی مدد سے اپنا کنٹرول مضبوط کیا ہے تاہم غوطہ کا علاقہ ابھی تک شامی باغیوں کے قبضے میں ہے۔

[pullquote]بھارت میں جیپ بچوں پر چڑھ دوڑی، نو بچے ہلاک[/pullquote]

مشرقی بھارت میں ایک تیز رفتار جیپ اسکول کے بچوں کے ایک گروپ پر چڑھ دوڑی، جس کی وجہ سے نو بچے ہلاک جبکہ دس زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایا ہے کہ یہ حادثہ آج بروز ہفتہ بہار ریاست کے شہر مظفرپور میں رونما ہوا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں دس سے سولہ سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق بھارت میں سالانہ ایک لاکھ دس ہزار افراد اسی طرح کے روڈ ایکسیڈنٹس میں مارے جاتے ہیں۔

[pullquote]موغادیشو میں الشباب کا دوہرا کار بم حملہ، اڑتیس ہلاکتیں[/pullquote]

صومالی دارالحکومت موغادیشو میں شدت پسند تنظیم الشباب کی طرف سے کیے گئے دوہرے بم حملے میں اڑتیس افراد ہلاک ہو گئے۔ ان حملوں کے بعد شہر میں عسکریت پسندوں اور ملکی سکیورٹی فورسز کے مابین شدید لڑائی بھی شروع ہو گئی۔ موغادیشو کے مدینہ ہسپتال کے ڈائریکٹر محمد یوسف کے مطابق ان حملوں میں جو درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے، ان میں سے مزید پانچ آج ہفتے کی صبح تک انتقال کر گئے۔ ان حملوں کی ذمے داری ممنوعہ شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کر لی تھی۔

[pullquote] مشرقی غوطہ میں حکومتی بمباری جاری، ہلاکتوں کی تعداد پانچ سو ہو گئی[/pullquote]

شامی علاقے مشرقی غوطہ میں جاری حکومتی بمباری کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ سو تک پہنچ گئی ہے۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق دمشق کے اس نواحی علاقے میں بمباری کا سلسلہ بدستور چھٹے روز بھی جاری ہے۔ ہلاک شدگان میں بچوں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ ادھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل شام میں تیس روزہ جنگ بندی کے لیے آج بروز ہفتہ ایک قرار داد پر ووٹنگ کرے گی۔

[pullquote]مشرقی غوطہ میں قتل عام بند کیا جائے، ترک صدر[/pullquote]

شامی علاقے مشرقی غوطہ میں جاری دمشق حکومت کی کارروائی پر عالمی برداری نے شدید احتجاج کیا ہے۔ ترک حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ باغیوں کے زیر قبضہ اس علاقے میں ’قتل عام‘ کا سلسلہ بند کیا جائے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ شامی حکومت مشرقی غوطہ میں ’قتل عام‘ کر رہی ہے، جس پر عالمی برداری کو فوری ردعمل ظاہر کرنا چاہیے۔

[pullquote]امریکا میں اسلحے کی حمایت کرنے والی لابی سے تعاون ختم کرنے کا اعلان[/pullquote]

امریکی ریاست فلوریڈا میں اندھا دھند فائرنگ کے واقعے کے بعد متعدد بین الاقوامی کاروباری ادارے اسلحے سازی کی حمایت کرنے والے امریکا کے سب سے بڑے اور با اثر ادارے ’این آر اے‘ کے ساتھ اپنا تعاون ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ان میں انشورنس اور سکیورٹی کمپنیوں کے علاوہ گاڑیاں کرائے پر دینے والے متعدد گروپس بھی شامل ہیں۔ اس طرح اب این آر اے یا اس کے ملازمین کو ان اداروں کی جانب سے رعایت دیے جانے کا سلسلہ بند کر دیا جائے گا۔ فلوریڈا میں فائرنگ کے واقعے میں سترہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

[pullquote]افریقہ کی مالی امداد کو زیادہ کیا جائے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ براعظم افریقہ میں ترقیاتی منصوبہ جات کے لیے زیادہ مالی مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنے ہفتہ وار ریڈیائی پیغام میں انہوں نے کہا کہ افریقی ممالک کو صرف تعاون ہی نہیں بلکہ مزید مالی امداد چاہیے۔ انہوں نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے، جب بدھ کو گھانا کے صدر برلن پہنچ رہے ہیں۔ میرکل کے مطابق تمام ترقی یافتہ ممالک کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ افریقہ میں ترقیاتی منصوبہ جات کے لیے زیادہ سرمایا کاری کریں۔

[pullquote]افغانستان میں حملے، بیس افراد مارے گئے[/pullquote]

افغانستان میں ہوئے متعدد حملوں کے نتیجے میں بیس سے زائد افراد مارے گئے ہیں۔ حکام نے آج بروز ہفتہ بتایا کہ تین مختلف حملوں کی وجہ سے درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔ طالبان باغیوں نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ یہ تازہ حملے ایک ایسے وقت میں کیے گئے ہیں، جب افغانستان میں قیام امن کے لیے ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔ آئندہ ہفتے ہونے والی اس کانفرنس میں طالبان سے امن مذاکرات شروع کرنے پر گفتگو کی جانا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے