کراچی: ڈیفنس سے منشیات فروش کی حراست سے دوغیرملکی بازیاب، رینجرز

پاکستان رینجرز سندھ نے کراچی کے علاقے ڈیفنس سے مبینہ منشیات فروشوں کی حراست سے دو غیرملکی باشندوں کو بازیاب کرا دیا جبکہ 3 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

رینجرز کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق ڈیفنس کے علاقے خیابان محافظ میں ایک بنگلے میں غیرملکی مغویوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا اور تلاشی کے دوران تنزانیہ سے تعلق رکھنے والے موسس جوزف اور نائجیریا سے تعلق رکھنے والے فرانک انیگبوک کو بازیاب کرا دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق تنزانیہ اور نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے دونوں افراد مختلف منشیات فروشوں کے ساتھ کراچی پہنچے تھے۔

موسس جوزف کو مبینہ منشیات فروش کی جانب ضامن کے طور پر کراچی بھیجا گیا تھا جن کو رقم کی بروقت عدم ادائیگی پر ڈیفنس کے بنگلے میں یرغمال بنایا گیا تھا۔

رینجرز کے مطابق فرانک انیگبوک دوسرے منشیات فروش کے ساتھ ڈیل میں کراچی آیا تھا تاہم انھیں موسس کو یرغمال بنانے والے مبینہ منشیات فروش نے اٹھا لیا تھا۔

اعلامیے کے مطابق مذکورہ چھاپے کے دوران تین مبینہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، ایک ایس ایم جی میگزین، 19 عدد ایس ایم جی راؤنڈز، ایک بلٹ پروف جیکٹ، ایک ایس ایم جی پاؤچ بھی برآمد کرلیا گیا۔

رینجرز کا کہنا تھا کہ گرفتار تمام ملزمان سے ابتدائی تفتیش کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق غیرملکیوں کو یرغمال بنانے والے مرکزی ملزم کا تعلق بلوچستان کے علاقے پنجگور سے ہے جو اندرون اور بیرون ملک منشیاتی فروشی کے کاروبار میں ملوث ہے جبکہ ان کی پنجگور سے تعلق رکھنے والے ایک اسمگلر سے شراکت داری ہے۔

اعلامیے کے مطابق ڈیفنس کے جس بنگلے میں چھاپہ مارا گیا تھا وہ مذکورہ اسمگلر کی ملکیت اور ان کے تعلقات بین الاقومی منشیات اسمگلروں سے بھی ہیں۔

گرفتار دیگر ملزمان مرکزی ملزم کی معاونت کررہے تھے۔

رینجرز کا کہنا ہے تینوں ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

بازیاب غیرملکی باشندوں کو سفری دستاویزات کی عدم موجودگی پر فارن ایکٹ کے تحت پولیس کے کردیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے