پیر : 26 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مشرقی غوطہ پر حملوں میں وقفہ، روسی صدر نے حکم جاری کر دیا[/pullquote]

روسی وزیر دفاع سیرگئی شوئیگُو نے بتایا ہے کہ صدر ولادیمیر پوٹن نے شامی دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے مشرقی غوطہ پر حملوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وقفے کے احکامات دیے ہیں۔ شوئیگُو کے مطابق روزانہ صبح نو بجے سے دوپہر دو بجے تک حملوں میں وقفہ رکھا جائے گا اور اس پر عمل منگل ستائیس فروری سے شروع کیا جائے گا۔ روسی وزیر دفاع نے مشرقی غوطہ کے محصور شدہ علاقے سے شہریوں کے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے ایک محفوظ راستے کے تعین کا اشارہ بھی دیا ہے۔ دو روز قبل سلامتی کونسل میں اس علاقے میں تیس روزہ جنگی بندی کی قرارداد منظور کی گئی تھی۔

[pullquote]نئی مخلوط حکومت کی ڈیل، سی ڈی یو نے منظوری دے دی[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن میں چانسلر انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کے کنونشن میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ نئی مخلوط حکومت کی ڈیل کو منظور کر لیا گیا ہے۔ اس فیصلے کو انگیلا میرکل کے چوتھی مرتبہ چانسلر کا منصب سنبھالنے کی جانب ایک اور قدم قرار دیا گیا ہے۔ اب میرکل کو سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے اراکین کی منظوری کا انتظار ہے۔ اپوزیشن سیاسی جماعت ایس پی ڈی کے ساڑھے چار لاکھ سے زائد اراکین پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اس معاہدے کو منظور کرنے کے بارے میں اپنی رائے دینے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]پاپوا نیوگنی میں شدید زلزلہ[/pullquote]

بحر الکاہل کی جزیرہ ریاست پاپوا نیوگنی میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کی وجہ سے حکومت نے سمندر میں قائم تیل اور گیس کے مراکز کو فوری طور پر بند کر دیا ہے۔ کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات ہیں۔ دارالحکومت پورٹ مورزبی کے علاوہ کئی اور مقامات پر عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ پاپوا نیو گنی کے حکام کے مطابق ٹیلی فون کا نظام معطل ہو کر رہ گیا ہے۔ ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

[pullquote]یمن میں ہیضے کی وبا شدید ہو سکتی ہے، عالمی ادارہٴ صحت[/pullquote]

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اقوام عالم کو متنبہ کیا ہے کہ اگلے مہینوں میں خانہ جنگی کے شکار ملک یمن میں ہیضے کی وبا شدید تر ہو سکتی ہے۔ اس وبا کی وجہ سے یمن میں اب تک دو ہزار اموات ہو چکی ہیں۔ عالمی ادارہٴ صحت کے اعلیٰ اہلکار پیٹر سالاما کے مطابق موسم برسات کے دوران ہونے والی بارشوں سے ہیضے کی وبا مزید پھیل سکتی ہے۔ گزشتہ کئی ہفتوں سے یمن میں ہیضے کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے۔ سالاما کے مطابق اپریل سے اگست کے دوران ہونے والی بارشوں سے ہیضہ ایسے علاقوں میں پھیل سکتا ہے، جو ابھی محفوظ ہیں۔

[pullquote]فغانستان: گولن تحریک کے اسکولوں کا کنٹرول ترک حکومت نے سنبھال لیا[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں ملکی وزارت تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ فتح اللہ گولن سے وابستہ تحریک کے اسکولوں کا مکمل کنٹرول اب ترکی کی سرکاری تعلیمی فاؤنڈیشن معارف نے سنبھال لیا ہے۔ گولن تحریک نے افغانستان میں ایک درجن اسکول قائم کر رکھے تھے۔ اسکولوں کے انتظام کی تبدیلی کی ایک تقریب کابل میں منعقد ہوئی اور اُس میں ترک وزیر تعلیم عِصمت یلماز اور اُن کے افغان ہم منصب محمد ابراہیم شنواری نے شرکت کی۔ ترک حکومت نے سن 2017 میں ان اسکولوں کا کنٹرول ملکی ادارے معارف کے سپرد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ فتح اللہ گولن جلاوطن ترک مبلغ ہیں اور امریکا میں مقیم ہیں۔

[pullquote]متنازعہ علاقوں میں ظلم و بربریت کی ذمہ دار بڑی طاقتیں ہیں، رعد الحسین[/pullquote]

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق ادارے کے سربراہ زید رعد الحسین نے کہا ہے کہ تنازعات کے شکار خطوں میں ظلم و بربریت کی ذمہ داری بڑی طاقتوں پر بھی عائد ہوتی ہے کیونکہ وہ وقت پر تادیبی اقدامات کرنے سے قاصر رہی ہیں۔ انہوں نے شام، میانمار، یمن، کانگو اور برونڈی میں ہونے والی ہلاکتوں اور انسانوں پر ڈھائے گئے مظالم کا احاطہ کرتے ہوئے ان ملکوں کو انسانوں کی قتل گاہیں قرار دیا۔ رعد الحسین نے سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اراکین پر بھی ذمہ داری عائد کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے ویٹو کے استعمال سے بھی بروقت احتیاطی اقدامات نہیں اٹھائے جا سکے۔

[pullquote]یورپی یونین نے دو شامی وزیروں پر پابندیاں عائد کر دیں[/pullquote]

یورپی یونین نے شام کے صنعتوں اور اطلاعات کے وزراء پر سفری پابندیوں کے علاوہ اُن کے اثاثے منجمد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے یہ فیصلہ آج پیر کے روز اپنے ایک اجلاس میں کیا۔ جن وزرا پر پابندیوں کا نفاذ ہوا ہے، اُن کو ایک ماہ قبل وزارتیں دی گئی تھیں۔ یورپی یونین کی عائد کردہ پابندیوں کے زمرے میں آنے والے شامی شہریوں کی تعداد 257 ہو گئی ہے۔ ان کے علاوہ 67 مختلف کمپنیوں اور اداروں کو بھی اٹھائیس رکنی یورپی بلاک کی پابندیوں کا سامنا ہے۔ یورپی یونین نے شام پر خام تیل ایکسپورٹ کرنے کی پابندی بھی عائد کر رکھی ہے۔

[pullquote]سری دیوی کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی، دبئی پولیس[/pullquote]

دبئی پولیس نے کہا ہے کہ بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق وہ ہوٹل میں اپنے کمرے کے باتھ ٹب میں کسی وجہ سے حواس کھو کر گریں اور ٹب میں بھرے پانے میں ڈوب گئیں۔ دبئی پولیس نے یہ بیان پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد مرتب کی جانے والی رپورٹ کی بنیاد پر جاری کیا ہے۔ اس سے پہلے سری دیوی کی موت کی وجہ دل کا شدید دورہ بتائی گئی تھی۔ انتقال کے وقت اُن کی عُمر چون برس تھی۔

[pullquote]شام میں قیام امن، جرمنی اور فرانس کا روس پر دباؤ[/pullquote]

جرمنی اور فرانس کے سربراہان مملکت نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی جانب سے شام میں فوری جنگ بندی کے نفاذ کے علاوہ دمشق حکومت کے فضائی حملوں کو روکنے کے لیے اپنے ’اثر و رسوخ کا بھرپور انداز میں استعمال‘ کریں۔ دوسری جانب کریملن کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ برلن، پیرس اور ماسکو کے حکام نے شام سے متعلق ’معلومات کے تبادلے‘ میں تیزی پر اتفاق کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے شام میں اگلے تیس دنوں کے لیے مکمل جنگ بندی کی قرار داد دو روز قبل منظور کی تھی۔

[pullquote]یورپی یونین کا میانمار کے خلاف نئی پابندیوں کا منصوبہ[/pullquote]

یورپی یونین کے وزرائے خارجہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف میانمار کی فوجی کارروائیوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں نئی پابندیوں عائد کرنے کے حق میں ہیں۔ برسلز میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیدریکا موگیرینی نے میانمار کی فوجی قیادت کے خلاف ٹھوس تجاویز طلب کر لی ہیں۔ ممکنہ طور پر میانمار کی سرکردہ شخصیات کے خلاف سردست سفری اور مالی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ میانمار کی فوجی کارروائیوں کی وجہ سے تقریبا آٹھ لاکھ روہنگیا اپنی جانیں بچا کر بنگلہ دیش ہجرت کر چکے ہیں۔

[pullquote]ایک اہم شامی کُرد رہنما ترکی کی درخواست پر پراگ میں گرفتار[/pullquote]

شام کی مرکزی کُرد سیاسی جماعت PYD نے کہا ہے کہ اس کے ایک اہم رہنما کو چیک جمہوریہ کے دارالحکومت پراگ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پی وائی ڈی پارٹی کے مطابق صالح مسلم کو ترکی کی درخواست پر گرفتار کیا گیا ہے۔ مسلم کو ترکی میں بغاوت کے مقدمے کا سامنا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ترکی کی ایک عدالت نے صالح مسلم پر ’’ریاست اور ملک کے اتحاد کو توڑنے‘‘ اور دیگر جرائم کی فرد جرم عائد کی تھی، جس کے بعد سے وہ ترکی کو مطلوب ہیں۔

[pullquote]نائجیریا نے 110 بچیوں کے اغوا کی تصدیق کر دی[/pullquote]

نائجیریا کے شمال مشرق میں ایک اسکول پر ہونے والے حملے کے بعد سے 110 بچیوں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ ابوجہ حکومت نے داپچی علاقے میں ہونے والی اس کارروائی کی ذمے داری شدت پسند ملیشیا بوکو حرام پر عائد کی ہے۔ والدین نے گزشتہ جمعرات کو ہی ایک سو پانچ ناموں پر مشتمل ایک فہرست جاری کر دی تھی لیکن حکومت نے تب ایسے دعوے مسترد کر دیے تھے۔ بعدازاں فوج نے یہ بیان بھی جاری کیا تھا کہ چند ایک مغوی بچیوں کو آزاد کروا لیا گیا ہے۔

[pullquote]اسپین میں ورلڈ موبائل کانگریس کا آغاز[/pullquote]

ہسپانوی شہر بارسلونا میں ورلڈ موبائل کانگریس کا آغاز ہو گیا ہے۔ یکم مارچ تک جاری رہنے والی اس کانگریس میں عالمی موبائل کمپنیاں اپنی نئی اختراعات اور ایجادات کو پیش کریں گی۔ جنوبی کوریائی سام سنگ کمپنی اپنے دو نئے اسمارٹ فون پیش کرے گی۔ ان دونوں اسمارٹ فونز میں کیمرے کی کوالٹی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے موبائل فون پر تیز ترین انٹرنیٹ فراہم کرنے کی ریسرچ بھی جاری ہے۔ اسی سلسلے میں رواں برس امریکا، جنوبی کوریا، جاپان اور چین میں فائیو جی انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کر دی جائے گی۔

[pullquote]شام میں خانہ جنگی، یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا اجلاس[/pullquote]

شامی خانہ جنگی سے متعلق صلاح و مشورے کے لیے آج پیر کے روز یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا ایک اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ وزرائے خارجہ یہ طے کریں گے کہ کس طرح مشرقی غوطہ میں ظلم و تشدد کے شکار شہریوں کی بہتر طریقے سے مدد کی جا سکتی ہے۔ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ شام کے شمالی کرد علاقے عفرین میں ترک فوجی کارروائی کا جائزہ بھی لیں گے۔ ترک حکام سے فوجی کارروائی کی شدت میں کمی لانے کا مطالبہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

[pullquote]نئی وسیع تر اتحاد پر مبنی حکومت کے قیام کی منظوری، میرکل کی جماعت کا کنوینشن[/pullquote]

چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین پیر کے روز ملک میں وسیع تر اتحاد پر مبنی حکومت کے قیام کی منظوری کے لیے کنوینشن منعقد کر رہی ہے۔ اس اجتماع میں ملک بھر سے سی ڈی یو سے تعلق رکھنے والے نمائندے شریک ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ قدامت پسند جماعت سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار ایک مندوبین سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ طے پانے والے حکومت سازی کے معاہدے کو منظور یا رد کرنے کا فیصلہ کریں گے۔ دوسری جانب ملک کی دوسری سب سے بڑی جماعت ایس پی ڈی اس معاہدے کی توثیق کے لیے دو مارچ سے ارکان کی رائے لینا شروع کرے گی اور ان انتخابات کا نتیجہ چار مارچ کو جاری کیا جائے گا۔

[pullquote]شام میں مزید 35 شہری ہلاک[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں مزید پینتیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان میں سے پچیس شہری اس وقت ہلاک ہوئے، جب داعش کے زیر قبضہ الشفاء نامی علاقے پر بمباری کی گئی۔ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق الشفاء کی بمباری میں سات بچے بھی مارے گئے ہیں۔ داعش کے کنٹرول میں شام کا صرف تین فیصد علاقہ باقی بچا ہے۔ دوسری جانب باغیوں کے زیر قبضہ مشرقی غوطہ میں اسد فورسز نے ایک مرتبہ پھر بمباری کی ہے، جس کے نتیجے میں دس شہریوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

[pullquote]مشرقی غوطہ شامی خانہ جنگی کے بدترین حملوں کی زد میں[/pullquote]

زیر محاصرہ شامی علاقے مشرقی غوطہ میں شدید فضائی حملوں کے بعد وہاں پھنسے عام شہری امداد اور طبی مدد کے منتظر ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے فائربندی کے مطالبے کے باوجود علاقے میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں شامی صدر بشارالاسد کی حامی فورسز کی جانب سے مشرقی غوطہ پر کی جانے والی شدید بمباری کے نتیجے میں اب تک پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہفتے کے روز سلامتی کونسل نے شام میں 30 روزہ فائربندی کا مطالبہ کیا تھا اور کہا گیا تھا کہ فائربندی پر عمل درآمد ’بلاتاخیر‘ کیا جائے۔

[pullquote]ڈھائی ملین ڈالر مالیت کی ہیروئن ویتنام سے چین اسمگل کرنے کی کوشش ناکام[/pullquote]

ویتنام کی پولیس نے ڈھائی ملین ڈالر مالیت کی ہیروئن چین اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ چینی سرحد کے قریب منشیات سے لدے ٹرک کو پکڑا گیا، جب کہ پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرک کی جانب سے فرار کی کوشش کی بنا پر پولیس نے اس پر فائرنگ بھی کی۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ چینی سرحد پر واقع صوبے کاؤ بانگ میں پیش آیا اور ٹرک سے ایک سو کلوگرام ہیرون برآمد کی گئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے