متنازع بنیں کامیابی قدم چومے گی

نمبرون بننا ہے اور رہنا ہے تو مارکیٹ کے اصول سیکھنا ہوں گے۔۔
مارکیٹ میں جہاں چرب زبانی سے آپ اپنی چیز بیچ سکتے ہو۔۔ اسی طرح اپنا چہرہ اور کام بھی ۔۔
لیکن صرف صاف اور سیدھا ۔۔تو ہر کوئی کر سکتا ہے اس کے دام کم لگتے ہیں ۔
بے وقعت شے کو قیمتی بناؤ، بے معنی بات کے ہزار پہلو نکالو تو ہی ہٹ لگے ،،
یعنی کہ فلم ہٹ کرانی ہے تو وہ کچھ دکھاؤ جس کا عام آدمی سوچ بھی نہیں سکتا۔۔
مطلب جو فٹ ہے وہی ہٹ ہے۔۔سمجھے کیا؟
تو کیا شریف آدمی کا منڈی میں جانا کافی نہیں ۔۔
نہیں رائٹر صاحب نہیں ، آؤٹ آف باکس سوچئے ۔۔ یہ تو شریف زادوں کے لیے عام سی بات ہے
تو کیا کسی کے ساتھ خفیہ چکرچلا دیں ۔۔؟؟
ارے نہیں بھولے بادشادہ ۔۔ یہ بھی کوئی نئی بات ہےیا پھرلبھانے والی
تو پھر کیا کیا جائے ڈائریکٹر صاحب ۔۔۔ کہ اسکرپٹ میں جان آجائے ۔۔ ؟
ارے کسی کی جان پر کسی دوسرے کی جان کے ڈورے ڈالیں ۔۔ کسی اور کی جانمن بنادیں
ایک انار اور سوبیمار بنائیں ۔۔ جبھی تو انٹرٹینمنٹ ملے ورنہ تو ڈرامہ کیا ساس بہو اور چکر چلانے کو کم ہے
اچھا!جو میں لکھوں اور آپ صحیح عکاسی کریں توکیا فلم ہٹ ہوجائے گی ؟

ہاں ہاں! آپ کوشش تو کریں ۔۔ بہترین لکھیں بہترین ۔۔ آئٹم نمبر کا تڑکا ہم خود لگالیں گے ۔چھوٹے بجٹ کی بڑی ہٹ فلم لا کر دکھائیں گے ۔۔

بدمعاش تو ہوتا ہی برا ہے ،کسی اچھے کی ،شریف النفس کی ،عزت دار کی ،عزت اچھالیں گے تو مزہ آئے۔۔اس کی حمایت میں اچھے اور برے ، بد اور بدنام، مذہبی اور لبرل سب ہی میدان میں آجائیں گے۔۔ پھر لگے گا تماشا۔۔سیٹی بھی بجے گی ، رنگ بھی جمے گا۔۔
ہمارے معاشرے میں متنازعہ چیز ہٹ ہوتی ہےمتنازعہ ۔۔سمجھے کیا؟
جو دکھتا ہے وہی بکتا ہے ۔یعنی جو فٹ ہے وہی ہٹ ہے ۔
پھر پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑھائی میں ہوگا ۔۔عوام بھی خوش ، ہم اور آپ مالامال ۔۔
بول یاد ہے؟ خدا کے لیے؟ نکاح؟ ڈرٹی پکچر؟ راگنی ایم ایم ایس؟

ا س کے سین ، ڈائیلاگ، کردار اور اداکار ۔۔ کسی نہ کسی متنازع چیز کو دکھایا یا کسی نہ کسی کو متنازع بنادیاگیا۔
سو اور دو سوکلب کی دوڑ میں شامل ہوگئے ، سالے کلب!

رائٹر صاحب ۔۔ جب تلک میڈیا خبروں اور ڈراموں میں اصلاح اور تربیت دکھاتے رہے ، پی ٹی وی چلتا رہا ۔ پھر ٹرینڈ بدلا، نجی ٹی وی چینل آئے ، بریکنگ کی دوڑ شروع ہوئی، اتفاق سے زیادہ اختلاف دکھایا گیا، سوال اٹھائے گئے جواب مانگے گئے، پہلے آپس میں پھر سیاسی گٹھ بندھن پھر صرف ٹاک شوز اور پھر عوام کے سامنے لاکھڑا کیا،، بدکلامی ، گالم گلوچ تک بات پہنچ گئی، پہلے صرف سیاست پر بات ہوتی تھی ، پھر مفادات پر آجکل ذاتیات پر ہورہی ہے ۔۔ سمجھے کیا؟

اور اب اگر ہم ایسا کریں گےتو کہا جائےگا دقیانوسی ہیں ۔ پتھر کے دور میں کھڑا کردیا،، سیکس ایجوکیشن کو عام کرو ، چاہے پڑھا کرسکھا کریا دکھا کر۔۔پھر اس میں کیٹگری بنالیتےہیں ، بلی پھر میڈیا کے سر ، یہ نہیں سوچتے کہ عوام بھی تو یہی سب دیکھ رہے ہیں یا اس کو دیکھنے کے خواہاں ہیں ،،، بس الزام در الزام ۔۔اسی میں ہمیں جینا ہے جبھی نمبرون بن سکتے ہیں ۔۔سمجھے کیا؟

سیاسی حکمت عملی ، متعصب اور مطلبی سیاستدانوں کی بجائے بہت بڑے سیاسی المیوں کے اسباب کہیں اور تلاش کئے جاتےہیں۔
غیر معیاری سیاستدانوں نے پاکستان کو شوشوں پے چلایا ہے، ایک شوشا ختم ہونے کو ہوتا ہے، تو دوسرے شوشے کی تیاریاں شروع کردی جاتی ہیں، اس نیک کام میں پچاسیوں ٹیلیویژن چینل ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں، بیس کروڑ حیران پریشان پاکستانیوں کو مزید ماؤف کرنے کے لئے ان کو لگاتار شور شرابوں سے لبریز سیاسی پروگرام دکھائے جاتےہیں، جن میں سب کے سب شرکاء ایک ساتھ چیختے چلاتے رہتے ہیں، اور احمق دکھائی دیتے ہیں،

لیکن یہی سب تو ہٹ ہے ۔۔

جیسےمتنازع شخصیات، ٹرمپ کو پاکستان اور مسلمان مخالف ٹوئٹ سے پہلے کون جانتا تھا، سنی لیون ، قندیل اور ایسے کئی اور ۔۔۔ لوگوں کو ان سے بیر ہو گا اختلاف بھی ، لیکن سب سے زیادہ دیکھیں گے بھی انہیں اور سنیں گے بھی انہیں ۔۔

اسی طرح متنازع ٹوئٹ۔۔ کوئی گالی لکھ دے ، مخالف مذہب یاجماعت کے بارے میں کچھ لکھ دے ، لوگ جھٹ لائیک ، ڈس لائیک، کمنٹ کرنے پہنچ جاتے ہیں، لاکھوں بار ری ٹوئٹ کردئیے جاتے ہیں ، اور ہٹ

متنازع علاقہ۔۔ قبرص، کویت، میانمار، فلسطین اور کشمیر، جزیرہ نما کوریا، جنوبی بحیرہ چین کا متنازع علاقہ، آبنائے ہرمز ۔۔۔ یہ سب وہ علاقے ہیں جہاں پر پڑوسی ملک کی نظر ہے یاقبضہ ہے ، آپس کی لڑائی اور ظلم وستم کے باعث دنیا بھر میں زیربحث ہیں ، سمجھے کیا؟
متنازع تصویروں میں برہنہ اور نیم برہنہ ۔۔ یا کسی دوسرے ملک کے جاسوس یا صحافی کے ساتھ خفیہ ملاقات کی تصویر ، یاپھر گرنے کی ، زخمی ہونے کی ، ڈرگز لیتے ہوئے ، مخرب الاخلاق حرکات کرتے ہوئے تصاویر یا ایڈیٹڈ تصاویر بھی موضوع بحث بنتی ہیں ۔۔
متنا زع الیکشن ۔۔ جن انتخابات میں دھاندلی ہو یا دھاندلی کا الزام لگے ، دو چار لوگ مارے جائیں ، زخمی ہوں یا ہنگامہ ہو ،،، یا نتائج میں اونچ نیچ ہوجائے تو ہوگئے متنازع۔۔

متنازع باتیں۔۔۔ایک دوسرے سے گفتگو میں ذومعنی بات کریں تو بھی کسی نہ کسی کی گوٹ پھنس جاتی ہے، جو نہ نگلی جاتی ہے نہ اگلی جاتی ہے ،گالم گلوچ، طعن و تشنیع بھی اسی زمرے میں آتے ہیں ،

متنازع گیمز میں ،، بلیو وہیل یاد ہوگی ۔جس نے کھیل کھیل میں کردار کشی کے ساتھ خود کشی یاپھر قتل تک کروادئیے۔پھر دوسرے چینل کی زینت بنی ،، سوشل میڈیا اور میڈیا پر دھوم مچائی ،
یوں کہہ لیں!جتنی بدتمیزی اور بے ہودگی ہوگی، اتنی ریٹنگ ملے گی۔

’کرائم شوز‘ میں باقاعدہ جرائم دکھائے جا رہے ہیں۔سدباب کے بجائے طریقے سمجھائے جارہے ہیں ، لوپ ہولز دکھائے جارہے ہیں ، لیکن ہٹ ہیں ۔ عصمت دری کا شکار بچی یابچےسے تفصیلات پوچھی جاتی ہیں۔ ان کے چہرے اور زخم دکھائے جاتے ہیں ، اقدار کو پیروں تلے روند دیا جاتا ہے ۔اسی لیے تو ریٹنگ آتی ہے ۔

ڈراموں میں محترم رشتوں کے قابل اعتراض ’تعلقات‘ دکھائے جاتے ہیں ۔کچھ لوگ جنھیں اس بارے میں نہیں پتہ ، وہ شعوری یا غیر شعوری طورپر ایسا کر گزرتے ہیں ، اور نام آتا ہے اسی سوپ یا فلم کا ۔۔ سمجھے کیا؟ تو ہوگئی نہ ہٹ!

یہ بالکل ایسا ہی ہےجب ضیا الحق نے شراب پر پابندی لگائی، تو پینے والے تو پیتے رہے، جب کہ غریبوں نے اس سے زیادہ مہلک چیزیں پینا شروع کر دیں!

اصلاح کا کا م پہلے میڈیاکا ہوا کرتاتھا۔ اب تو لوگ پیدا ہی پیٹوں میں داڑھیاں لیے ہوتے ہیں ، ان کے باپ بننے کی کوشش کریں گے تو منہ کے بل گریں گے

جناب ۔! سمجھ گیا ،میری تحریر بھی آپ کے دربار میں جب ہی قابل قبول ہوگی ، جب اس میں بہت کچھ یا سب کچھ متنازع ہو، تاکہ آپکا دھندا بھی چلے اور ہمارے ہاں بھی مندی نہ ہو۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے