02 مارچ : آج کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا کی طرف سے اسٹیل اور ایلومونیم کی درآمد پر ٹیکس کا منصوبہ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اسٹیل اور ایلومونیم کی درآمدات پر نئے ٹیکس متعارف کرانے کے منصوبے پر واشنگٹن کے اہم تجارتی پارٹنرز نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ کینیڈا اور یورپی یونین نے کہا ہے کہ اگر ایسا ہوا تو وہ بھی جوابی اقدامات کریں گے۔ برازیل، چین اور میکسیکو نے بھی کہا ہے کہ اگر امریکا اسٹیل اور ایلومونیم کے درآمدات پر ٹیکسوں کو بڑھاتا ہے تو ان کی طرف سے بھی ردعمل آئے گا۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسٹیل کی درآمد میں پچیس جبکہ ایلومونیم کی درآمد میں دس فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

[pullquote]اسٹیل پر ٹیکس کا امریکی منصوبہ، جرمنی نے مسترد کر دیا[/pullquote]

جرمنی نے امریکا کی طرف سے اسٹیل کی درآمدی ٹیکس میں اضافے کے منصوبے کو مسترد کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسٹیل کی درآمد میں پچیس جبکہ ایلومونیم کی درآمد پر دس فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ تاہم جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ترجمان نے کہا ہے کہ برلن حکومت نے اس منصوبے کو رد کر دیا ہے۔ اسٹیل اور ایلومونیم کی درآمدات پر نئے ٹیکس عائد کرنے کے منصوبے پر واشنگٹن کے دیگر اہم تجارتی پارٹنرز نے بھی شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ کینیڈا، برازیل، چین اور میکسیکو نے بھی کہا ہے کہ اگر امریکا اسٹیل اور ایلومونیم کی درآمدات پر ٹیکس بڑھاتا ہے تو ان کا ردعمل بھی آئے گا۔

[pullquote]ترکی: دو یونانی فوجی گرفتار کر لیے گئے[/pullquote]

ترک نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق عدالت نے ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد دو یونانی فوجیوں کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ان فوجیوں پر الزام ہے کہ وہ ترک سرحد عبور کرنے کے علاوہ امکاناً جاسوسی کرنے کی کوشش میں تھے۔ دوسری جانب یونانی حکومت نے بتایا کہ اُس کے دو فوجی گشت کرتے ہوئے غلطی سے سرحد عبور کر گئے تھے۔ ایتھنز حکومت کے مطابق اس کے فوجی انتہائی خراب موسم کی وجہ سے حادثاتی طور پر سرحد عبور کر گئے تھے۔

[pullquote]الشباب کے حملے، ایک درجن کے قریب صومالی شہری و فوجی ہلاک[/pullquote]

شورش زدہ افریقی ملک صومالیہ میں سرگرم جہادی گروپ الشباب کے مختلف حملوں میں کم از کم گیارہ افراد مارے گئے ہیں۔ ان میں ایک خود کش کار حملہ فوجی ٹھکانے پر کیا گیا۔ اس حملے میں تین فوجی اور تین شہری شامل ہیں۔ جبکہ ایک دوسرا حملہ بلد شہر میں کیا گیا جس میں دو شہری ہلاک ہوئے۔ ان حملوں کی ذمہ داری الشباب نے قبول کر لی ہے۔ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب صومالی صدر محمد عبداللہ فارماجَو یوگنڈا کے دورے پر ہیں اور افریقی یونین کے امن دستوں کے لیے کمپالا حکومت کی حمایت کے خواہشمند ہیں۔

[pullquote]برکینا فاسو: تین حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا، ملکی وزیر دفاع[/pullquote]

افریقی ملک بُرکینا فاسو کے وزیر دفاع ژاں کلود بَود نے بتایا ہے کہ ملکی فوج کے صدر دفتر پر حملہ کرنے والے تین حملہ آور ہلاک کر دیے گئے ہیں۔ وزیر دفاع کے مطابق حملہ آوروں نے منظم انداز میں مختلف مقامات پر حملے کیے۔ ان حملوں میں پانچ شہری اور دو فوجیوں کی ہلاکت کے علاوہ پچاس دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ایک دوسرے حکومتی بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ دارالحُکومت واگاڈوگو میں فرانسیسی سفارت خانے کے قریب چار حملہ آور جوابی حملے میں ہلاک ہوئے۔ فرنچ ایمبیسی نے حملہ آوروں کو انتہا پسند جہادی بتایا ہے۔

[pullquote]برکینا فاسو: تین حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا، ملکی وزیر دفاع[/pullquote]

افریقی ملک بُرکینا فاسو کے وزیر دفاع ژاں کلود بَود نے بتایا ہے کہ ملکی فوج کے صدر دفتر پر حملہ کرنے والے تین حملہ آور ہلاک کر دیے گئے ہیں۔ وزیر دفاع کے مطابق حملہ آوروں نے منظم انداز میں مختلف مقامات پر حملے کیے۔ ان حملوں میں پانچ شہری اور دو فوجیوں کی ہلاکت کے علاوہ پچاس دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ایک دوسرے حکومتی بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ دارالحُکومت واگاڈوگو میں فرانسیسی سفارت خانے کے قریب چار حملہ آور جوابی حملے میں ہلاک ہوئے۔ فرنچ ایمبیسی نے حملہ آوروں کو انتہا پسند جہادی بتایا ہے۔

[pullquote]اٹلی، برلُسکونی کا وزارت عظمٰی کے لیے امیدوار کا اعلان[/pullquote]

سابق اطالوی وزیراعظم اور ارب پتی سیاستدان سِلوِیو برلسکونی نے اپنے ایک قریبی ساتھی انتونیو تاجانی کو الیکشن جیتنے کی صورت میں نیا وزیراعظم بنانے کا اعلان کیا ہے۔ تاجانی اِس وقت یورپی پارلیمنٹ کے صدر ہیں۔ انہیں اس منصب کے لیے سن 2017 میں منتخب کیا گیا تھا۔ اٹلی میں عام انتخابات اتوار چار مارچ کو ہوں گے۔ اسی پارلیمانی انتخاب میں ایوانِ بالا اور علاقائی اسمبلیوں کے لیے بھی رائے شماری کی جائے گی۔ اتوار کے الیکشن میں بائیں اور دائیں بازو کی مختلف سیاسی جماعتوں کے اتحاد مدِ مقابل ہیں۔

[pullquote]اسرائیلی پولیس کی وزیراعظم سے مزید پوچھ گچھ[/pullquote]

اسرائیلی پولیس نے جمعہ دو مارچ کو ملکی وزیراعظم سے کرپشن الزامات کے تحت ایک مرتبہ پھر چھان بین کی ہے۔ اس تفتیش کا تعلق نیتن یاہو کی جانب سے بڑے ٹیلی کام ادارے بیزک کے معاملات میں غیر ضروری مداخلت بتائی گئی ہے۔ اسی تفتیشی سلسلے کے دوران پولیس پہلے ہی وزیراعظم کے دو قریبی ساتھیوں کو حراست میں لے چکی ہے۔ نیتن یاہو کے ساتھیوں پر الزام ہے کہ اُنہوں نے ٹیلی کام کمپنی بیزک کو خلافِ ضابطہ لاکھوں ڈالر کا بزنس دیا ہے تا کہ نیتن یاہو کی تشہیر مثبت انداز میں کی جا سکے۔ اسرائیلی وزیراعظم کرپشن کے تمام الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

[pullquote]روسی اقدامات ’ناقابل قبول اور غیر تعمیری‘ ہیں، نیٹو[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے روس کے انتباہوں کو ’ناقابل قبول‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات کشیدگی کم کرنے میں مددگار نہیں ہوں گے۔ نیٹو کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل جمعرات کو روسی صدر نے نئے جوہری ہتھیاروں کے بارے میں روسی عوام کو آگاہ کیا۔ نیٹو کے ایک ترجمان نے کہا کہ ماسکو کے اس اقدام کا مقصد اتحادی ممالک کو دھمکانا ہے اور یہ ’ناقابل قبول اور غیر تعمیری‘ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو ایک نئی سرد جنگ اور ہتھیاروں کے حصول کی دوڑ کے خلاف ہے۔

[pullquote]’تجارتی جنگ‘ جیتنا آسان ہے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تجارتی جنگ بہتر ہے اور اِس میں کامیابی حاصل کرنا آسان ہے۔ انہوں نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب ٹرمپ کی طرف سے امریکا میں اسٹیل اور ایلومونیم کی درآمد پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جرمنی، کینیڈا اور امریکا کے دیگر اہم تجارتی پارٹنر ممالک نے اس پیشرفت پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس امریکی فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق تجارتی امور پر امریکا لاکھوں ڈالر کا نقصان اٹھا رہا ہے اور اب ‘تجارتی جنگ‘ ناگزیر ہوچکی ہے، جِسے جیتنا آسان ہے۔

[pullquote]’مشرقی غوطہ میں بحرانی صورتحال کے ذمہ دار بشار الاسد ہیں‘[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ مشرقی غوطہ میں پیدا انسانی بحران کے لیے شامی صدر بشار الاسد کا احتساب کرنا چاہیے۔ دونوں رہنماؤں نے جمعے کے دن ٹیلی فون پر گفتگو میں اتفاق کیا کہ باغیوں کے زیرقبضہ اس علاقے میں حملوں کی ذمہ دار دمشق حکومت ہی ہے۔ ادھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے روس سے کہا ہے کہ وہ شامی علاقے مشرقی غوطہ میں 30 روزہ جنگ بندی پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ سلامتی کونسل کے مطابق روس کی طرف سے جنگی کارروائیوں میں روزانہ پانچ گھنٹے کا وقفہ امدادی سامان کی ترسیل کے لیے کافی نہیں ہے۔

[pullquote]کینیا میں حملہ، پانچ پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

صومالی شدت پسند گروہ الشباب کی ایک پرتشدد کارروائی کے نتیجے میں کینیا میں پانچ پولیس اہلکار مارے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ یہ حملہ آج جمعے کی صبح کینیا کے شمالی مشرقی حصے میں کیا گیا۔ صومالیہ کی سرحد کے قریبی علاقے میں کیے گئے اس حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے، جن میں اس ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ اس علاقے میں ماضی میں بھی شدت پسند گروہ الشباب سکیورٹی اہلکاروں پر حملے کرتا رہا ہے۔

[pullquote]شام میں کیمیائی حملے برادشت نہیں کیے جائیں گے، ٹرمپ اور ماکروں[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں اور ان کے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی فونک گفتگو میں مشترکہ طور پر کہا ہے کہ شام میں مزید کسی کیمیائی حملے کی صورت میں خاموش نہیں رہا جائے گا۔ ان دونوں رہنماؤں نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ دمشق حکومت پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالے تا کہ وہ مشرقی غوطہ میں بحرانی صورتحال کو ختم کرنے کی کوشش کرے۔ اٹھارہ فروری سے مشرقی غوطہ میں شروع کیے گئے شامی آپریشن کے نتیجے میں سینکڑوں شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہزاروں افراد وہاں محصور ہیں، جنہیں فوری انسانی مدد کی ضرورت ہے۔

[pullquote]میانمار کی طرف سے بنگلہ دیش سے متصل سرحدی علاقوں میں اضافی فورس تعینات[/pullquote]

میانمار نے بنگلہ دیش کی سرحدوں پر سکیورٹی بڑھانے کے فیصلے کا دفاع کیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ انہی سرحدی راستوں کا استعمال کرتے ہوئے لاکھوں روہنگیا مہاجرین پناہ کے لیے بنگلہ دیش پہنچے۔ میانمار کے حکام کے مطابق انتہا پسندوں کے خطرات کے پیش نظر ان مقامات پر سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی بڑھائی گئی ہے۔ ادھر ڈھاکا حکومت نے سرحدی علاقوں میں میانمار کی طرف سے فوج کی اضافی تعیناتی پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔

[pullquote]نائجیریا، بوکو حرام کے حملے میں گیارہ افراد ہلاک[/pullquote]

نائجیریا میں بوکو حرام کے مشتبہ جنگجوؤں نے حملہ کرتے ہوئے تین امدادی کارکنوں اور آٹھ سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ حکام نے جمعے کے دن بتایا ہے کہ جنگجوؤں نے بورنو ریاست میں واقع ایک فوجی ٹھکانے پر حملہ کیا اور اس حملے کے بعد زوردار جھڑپ بھی ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے جنگجوؤں کو پسپا کرتے ہوئے علاقے کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ بورنو ریاست کو بوکو حرام کا گڑھ قرار دیا جاتا ہے۔

[pullquote]کابل میں بم دھماکا، نشانہ غیر ملکی فوجی[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں آج جمعے کی صبح ہوئے ایک طاقتور بم دھماکے کے نتیجے میں ایک نوجوان لڑکی ہلاک جبکہ چار دیگر افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق بظاہر نشانہ غیر ملکی دستوں کو بنایا گیا۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ صبح نو بجے یہ دھماکا قابیل بے کے علاقے میں ہوا۔ انہوں نے اس بارے میں زیادہ معلومات فراہم نہیں کیں تاہم کہا کہ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

[pullquote]نئے میزائلوں سے متعلق پوٹن کا بیان معاہدے کی خلاف ورزی کو ظاہر کرتا ہے، واشنگٹن[/pullquote]

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنے ملک کی میزائل صلاحیت سے متعلق اپنے بیان میں ان حقائق کی تصدیق کر دی ہے جن کے بارے میں واشنگٹن حکومت پہلے ہی تحفظات کا اظہار کرتی رہی ہے۔ محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوئرٹ کے مطابق روس عدم استحکام پیدا کرنے والے ہتھیاروں کی تیاری میں ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصے سے مصروف ہے اور یہ اس حوالے سے موجودہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ روسی صدر نے گزشتہ روز اپنے خطاب میں روس کے نئے میزائلوں کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا تھا۔

[pullquote]بھارت میں ماؤ نواز دس باغی ہلاک کر دیے گئے[/pullquote]

بھارت کے مشرقی حصے میں پولیس نے ماؤ نواز دس باغیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع باجپور میں یہ کارروائی جمعے کی صبح کی گئی۔ مخبری پر مارے گئے چھاپوں کے دوران سکیورٹی اہلکاروں نے باغیوں سے ہتھیار بھی ضبط کر لیے۔ یہ باغی وسطی اور مشرقی بھارت کے متعدد علاقوں میں فعال ہیں۔ سن دو ہزار دس میں ان علیحدگی پسندوں کی پرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں صرف چھتیس گڑھ میں ہی 76 سکیورٹی اہلکار مارے گئے تھے۔

[pullquote]روس مشرقی غوطہ میں 30 روزہ جنگ بندی کو یقینی بنائے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے روس سے کہا ہے کہ وہ شامی علاقے مشرقی غوطہ میں 30 روزہ جنگ بندی پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ سلامتی کونسل کے مطابق روس کی طرف سے جنگی کارروائیوں میں روزانہ پانچ گھنٹے کا وقفہ امدادی سامان کی ترسیل کے لیے کافی نہیں ہے۔ سلامتی کونسل نے چند روز قبل شام بھر میں 30 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا تاکہ جنگ زدہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے کے علاوہ وہاں سے ایسے افراد کو نکالا جا سکے جنہیں طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ تاہم شامی حکومت کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر جنگی کارروائیوں میں پانچ گھنٹے کا وقفہ کیا جا رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے