نواب شاہ: ملزمان کا لڑکی سے گینگ ریپ، تشویشناک حالت میں چھوڑ کر فرار

نواب شاہ کے علاقے قاضی احمد میں 3 افراد نے مبینہ طور پر 14 سالہ لڑکی کو گینگ ریپ کے دوران مزاحمت پر تشدد کا نشانہ بنایا اور تشویشناک حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

متاثرہ لڑکی کے والدین نے پیپلز یونیورسٹی میڈیکل ہسپتال میں صحافیوں کو بتایا کہ 3 ملزمان نے ان کی 14 سالہ بیٹی کو اغوا کیا اور ان کی بیٹی کی جانب سے ریپ کے دوران مزاحمت پر اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کی ریڑھ کی ہڈی متاثر ہوئی۔

متاثرہ لڑکی کے والدین نے بتایا کہ ابتدا میں پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرنے سے انکار کیا جبکہ میڈیا میں واقع کی خبر نشر ہونے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولس نے تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جبکہ علاقے کے بااثر افراد ان پر کیس ختم کرنے اور ملزمان سے معاوضہ لینے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

متاثرہ خاندان نے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سے واقع پر از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تاکہ انہیں انصاف فراہم کیا جاسکے اور ان کی متاثرہ بیٹی کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت کو ہدایات جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

بعد ازاں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما فریال تالپور نے شہید بینظیر آباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) اور ڈپٹی کمشنر کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی، علاوہ ازیں انہوں نے متاثرہ لڑکی کو علاج کی تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

نواب شاہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین عظیم مغل نے ہسپتال جا کر متاثرہ لڑکی اور اس کے اہل خانہ سے ملاقات کی جبکہ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو متاثرہ لڑکی کو تمام طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے