منشیات اسمگلنگ: پی آئی اے کے اسٹیورڈز کو 2 سال قید

اسلام آباد سے چار کلو منشیات اسمگل کر کے پیرس لے جانے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے دو فضائی میزبانوں کو فرانس کی عدالت نے 2 سال فی کس قید کی سزا سنادی۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق پیرس میں فضائی میزبانوں تنویر گلزار اور عامر معین کو جرم ثابت ہونے پر دو، دو سال قید کی سزا سنائی گئی۔

دوسری جانب عدالتی فیصلہ سامنے آنے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے منشیات اسمگلنگ میں ملوث دونوں فلائٹ اسٹیورڈز کو برطرف کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے محکمانہ طور پر پی آئی اے انتظامیہ نے فرانس کی عدالت سے فیصلے کی کاپی مانگ لی ہے۔

پیرس میں پی آئی اے کے اسٹیشن ہیڈ کو عدالتی فیصلے کی کاپی حاصل کر کے فوری طور پر چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) پی آئی اے مشرف رسول کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے موصول ہونے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے قومی ایئرلائن کی بدنامی کا باعث بننے والے دونوں فضائی میزبانوں کو نوکری سے برطرف کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پیرس میں گرفتار ملزم تنویر گلزار کو قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 749 کی لینڈنگ کے بعد سامان کی کلیئرنس کے دوران منشیات برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

فرانسیسی حکام کے مطابق ایئرپورٹ میں معمول کی تلاشی کے دوران تنویر گلزار کے کوٹ میں پوشیدہ جیب میں سے ایک، ایک کلوگرام کے منشیات کے چار پیکٹ برآمد کیے گئے جن کی مالیت 4 کروڑ روپے تھی، تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ برآمد ہونے والی منشیات ہیروئن، کوکین یا حشیش ہے۔

تنویر گلزار کی نشاندہی اور ابتدائی بیان پر دوسرے فضائی میزبان عامر معین کو فرانس کی کسٹم اتھارٹیز نے ہوٹل میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا۔

اس دوران ہوٹل میں قیام پذیر پی آئی اے عملے سے تقریباً دو گھنٹے تک پوچھ گچھ بھی کی گئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے