کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور پلے آف میں پہنچ گیا

شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے انتہائی اہم میچ میں کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 173 رنز کا ہدف 12 گیندیں قبل ہی 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا گیا اور پہلے ہی اوور میں 19 رنز بنائے گئے تاہم دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر رکی ویسلز کائلز ایبٹ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

پشاور کو دوسرا نقصان ساتویں اوور میں 61 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب یاسر شاہ نے ڈیوائن اسمتھ کو 14 رنز پر بولڈ کر دیا۔

دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کامران اکمل اور محمد حفیظ نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔

محمد حفیظ 27 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے لیکن دوسری جانب کامران اکمل نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور 59 گیندوں پر سنچری اسکور کی، وہ 107 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

شاندار کارکردگی پر کامران اکمل کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا اور ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ہونے پر انہیں حنیف محمد کیپ بھی پہنائی گئی۔

کامران اکمل اس سنچری کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 5 ہزار رنز بنانے والے چوتھے پاکستان کرکٹر بھی بن گئے ہیں۔

کامران اکمل نے نا صرف ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری اسکور کی بلکہ وہ پی ایس ایل تیسرے ایڈیشن کے ٹاپ اسکورر بھی بن گئے ہیں۔

کامران اکمل ٹورنامنٹ میں اب تک 10 میچز میں 3 ففٹیز اور ایک سنچری کی بدولت 43 سے زائد کی اوسط سے347 رنز بنا چکے ہیں۔

[pullquote]لاہور قلندرز کی اننگز[/pullquote]

قبل ازیں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور ڈیوسچ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن قلندرز کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے اور تیسرے اوور میں حسن علی نے 19 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان کو سلو ڈلیوری پر بولڈ کر دیا، فخر نے 6 رنز کی اننگز کھیلی۔

قلندرز کے قائد میکلم بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 7 کے انفرادی اسکور پر سمین گل نے بولڈ کر دیا۔

دو وکٹیں جلد گر جانے کے بعد ڈیو سچ اور سلمان آغا بہترین انداز سے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھا رہے ہیں۔

ڈیوسچ نے 29 گیندوں پر شاندار ففٹی اسکور کی جبکہ آغا سلمان 95 کے مجموعی اسکور پر 28 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر لیام ڈاسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اننگز کے 15 ویں اوور میں حسن علی کی گیند پر سمین گل نے ڈیوسچ کا کیچ ڈراپ کیا لیکن اسی اوور میں حسن علی نے انہیں محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔

ڈیوسچ نے 42 گیندوں پر 7 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

صدف گلریز اور سہیل اختر نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 172 رنز تک پہنچایا، دونوں نے بالترتیب 26 اور 30 رنز کی اننگز کھیلیں اور ناٹ آؤٹ رہے۔

اس جیت کے ساتھ ہی پشاور زلمی پوائنٹ ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر پہنچ گیا ہے جہاں اب پلے آف میں اس کا مقابلہ 18 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ ہو گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے