اتوار : 18 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]آسيان اجلاس ميں شمالی کوريا کے جوہری و ميزائل پرگرام کی مذمت[/pullquote]

جنوب مشرقی ايشيائی ممالک کی تنظيم آسيان نے شمالی کوريا کے متنازعہ جوہری و ميزائل پرگراموں پر شديد تحفاظات کا اظہار کيا ہے۔آسٹريليا کی ميزبانی ميں ہونے والے آسيان کے اجلاس کے مشترکہ اعلاميے ميں پيونگ يانگ حکومت پر زور ديا گيا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی بين الاقوامی ذمہ دارياں پوری کرے۔ اس اعلامیے میں مزید کہا گيا ہے کہ شمالی کوريا کا ميزائل اور جوہری پروگرام علاقائی و عالمی سکيورٹی کے ليے خطرہ ہے۔ آسٹريليا اس دس رکنی بلاک کا رکن نہيں تاہم چين کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے تناظر ميں اس خطے ميں دفاعی و اقتصادی روابط بڑھانا چاہتا ہے۔

[pullquote]ديگر ملک بھی آئی سی سی سے الگ ہو جائيں، فلپائنی صدر[/pullquote]

فلپائنی صدر روڈريگو ڈوٹيرٹے نے ديگر ملکوں پر زور ديا ہے کہ وہ ان کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے بين الاقوامی فوجداری عدالت يا آئی سی سی سے الگ ہو جائيں۔ انہوں نے ملٹری اکيڈمی ميں اپنے خطاب ميں کہا کہ آئی سی سی بنيادی طور پر يورپی يونين کا ايک معاہدہ ہے۔ ہالينڈ کے شہر دی ہيگ ميں قائم آئی سی سی نے پچھلے ماہ ہی اعلان کيا تھا کہ فلپائن ميں خونريز انسداد منشيات مہم کی ابتدائی تفتيش شروع کی جا رہی ہے۔ فلپائن نے جمعے کے روز انٹرنيشنل کریمنل کورٹ سے دستبرداری کا اعلان کيا تھا۔

[pullquote]افغانستان ميں طالبان کے تازہ حملے، متعدد ہلاک[/pullquote]

افغانستان ميں طالبان کے ايک تازہ حملے ميں افغان پوليس کے کم از کم پانچ اہلکار مارے گئے ہيں۔ صوبہ غزنی کے پوليس چيف محمد زمان نے بتايا کہ طالبان جنگجوؤں نے چيک پوسٹوں پر ہفتے کی شب حملے کيے جس کے بعد سکيورٹی دستوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ دو گھنٹوں تک جاری رہا۔ دريں اثناء مغربی صوبے غور ميں سڑک کنارے نصب ايک بم پھٹنے سے ايک شخص ہلاک اور پانچ ديگر زخمی ہو گئے۔ پوليس ترجمان اقبال نظامی کے بقول اس بم کا ہدف بھی سکيورٹی اہلکار ہی تھے۔ افغانستان ميں طالبان نے موسم بہار کی آمد کے ساتھ اپنے حملے بڑھا ديے ہيں۔

[pullquote]غزہ پٹی: اسرائيلی فوج کی حماس کے ٹھکانوں پر بمباری[/pullquote]

اسرائيلی فضائيہ نے غزہ پٹی ميں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنايا ہے۔ اسرائيلی افواج نے اتوار کو جاری کردہ ايک بيان ميں کہا ہے کہ غزہ ميں ہونے والی ہر چھوٹی بڑی پيش رفت کا ذمہ دار حماس کو ٹھہرایا جائے گا۔ فلسطينی ذرائع کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درميانی شب کی گئی اس کارروائی ميں کوئی ہلاک نہيں ہوا۔ يہ کارروائی غزہ کے شمالی حصے ميں اسرائيلی سرحد کے قريب ايک دھماکے کے بعد کی گئی۔ اسرائيلی فوج کے مطابق اس ميں کوئی ہلاکت نہيں ہوئی تھی۔ اس سے قبل جمعرات کے روز بھی سرحد کے پاس دو دھماکے ہوئے تھے۔ فی الحال کسی گروہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہيں کی ہے۔

[pullquote]پاکستان میں مزید دو پولیو ورکرز مار دیے گئے[/pullquote]

پاکستان کے شمال مغربی قبائلی علاقے میں مسلح افراد نے انسداد پولیو مہم میں شریک دو اہلکاروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی شب مہمند ایجنسی میں صافی کے علاقے میں پیش آیا۔ اس حملے کے بعد علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا اور پیرا ملٹری فورس فرنٹیئر کور حملہ آوروں کی تلاش میں مصروف ہے۔ انسداد پولیو مہم کی ایک ٹیم واپس اپنے ہیڈکوارٹرز لوٹ رہی تھی جب ایک سڑک کے کنارے جھاڑیوں میں چھپے ہوئے مسلح افراد نے اس کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ اس فائرنگ کے سبب دو اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق اس ٹیم میں شامل تین اہلکاروں کو یرغمال بھی بنا لیا گیا ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں سات مسلم انتہا پسندوں کو سزائے موت[/pullquote]

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے سات مسلم انتہا پسندوں کو سزائے موت سنا دی ہے۔ ان ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے سن دو ہزار پندرہ میں ایک صوفی درگاہ کے ایک محافظ کو ہلاک کیا تھا۔ شمالی شہر رنگ پور کے دفتر استغاثہ سے وابستہ راتیش چندرا بھومک نے اتوار کے دن صحافیوں کو بتایا کہ یہ تمام جنگجو ’جماعت مجاہدین بنگلہ دیش‘ کے رکن تھے۔ ان کے بقول چھ ملزمان کو عدالت میں سزا سنائی گئی جبکہ ایک کو اس کی عدم موجودگی میں، کیونکہ وہ ابھی تک مفرور ہے۔ ممنوعہ ’جماعت مجاہدین بنگلہ دیش‘ کے رکن تمام افراد کا تعلق بنگلہ دیش سے ہی بتایا جاتا ہے۔

[pullquote]مشرقی غوطہ ميں جنگ بندی کے ليے مذاکرات جاری[/pullquote]

شامی دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے مشرقی غوطہ ميں سرگرم مرکزی باغی گروہ کے مطابق جنگ بندی کے ليے اس وقت اقوام متحدہ کے ساتھ بات چيت جاری ہے۔ فلق الارحمان کے استنبول ميں مقيم ترجمان وائل الوان نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتايا کہ شہريوں کی حفاظت کے ليے اس وقت جنگ بندی پر مذاکرات جاری ہيں۔ باغيوں کے زير قبضہ اس علاقے کی بازيابی کے ليے شامی حکومت کی فوج نے آپريشن شروع کر رکھا ہے، جس کے نتيجے ميں يہ علاقہ تين حصوں ميں تقسيم ہو گيا ہے۔ اقوام متحدہ نے اسی ہفتے بتايا تھا کہ مشرقی غوطہ سے بيس ہزار شہری نقل مکانی کر چکے ہيں۔ يہ علاقہ سن 2013 سے محصور ہے اور اسی ليے وہاں بنيادی سہوليات کی شديد قلت ہے اور ايک انسانی بحران پیدا ہو چکا ہے۔

[pullquote]روسی صدارتی اليکشن ميں دھاندلی کے الزامات[/pullquote]

روسی اپوزيشن کے ارکان اور ايک غير سرکاری تنظيم نے صدارتی اليکشن ميں دھاندلی کے الزامات عائد کيے ہيں۔ ’گولوس‘ نامی اين جی او نے آج سہ پہر تک 1,764 بے ضابطگيوں کے بارے ميں بتايا ہے۔ علاوہ ازيں ايسی رپورٹيں بھی ہيں کہ مبصرين کو ان کے کام سے روکا جا رہا ہے۔ پوٹن کے مخالف کھڑے ہونے والے اميدوار اور پابندی کے زمرے ميں آنے والے ايلکسی ناوالنی کے مطابق ماسکو اور ديگر شہروں ميں انتخابی عمل ميں دھاندلی کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہيں۔ روس کے مرکزی اليکشن کميشن نے کہا ہے کہ اس معاملے کی تحقيقات کی جائيں گی۔ کميشن کے مطابق قريب اسی فيصد پولنگ اسٹيشنوں کی ويڈيو کيمروں کی مدد سے نگرانی جاری ہے۔

[pullquote]’شمالی کوريائی ميزائل وسطی يورپ تک پہنچ سکتے ہيں‘[/pullquote]

جرمنی کی انٹيليجنس ايجنسی کے ايک اعلی اہلکار نے کہا ہے کہ شمالی کوريائی راکٹ وسطی يورپ تک بھی پہنچ سکتے ہيں۔ بی اين ڈی کے ڈپٹی ڈائريکٹر اولے ڈيہل نے يہ بات قانون سازوں کی ايک خفيہ ملاقات ميں کہی تھی۔ اس بارے ميں خبر جرمن اخبار ’بلڈ ام زونٹاگ‘ ميں آج شائع ہوئی ہے اور اخبار نے ميٹنگ ميں شامل افراد کے ذرائع سے يہ بات لکھی ہے۔ اخبار کی رپورٹ ميں يہ بھی لکھا ہے کہ جرمن خفيہ ايجنسی جنوبی اور شمالی کوريا کے مابين مذاکرات کو مثبت پيش رفت کے طور پر ديکھتی ہے۔ فوری طور پر بی اين ڈی نے خبر پر کوئی تبصرہ نہيں کيا۔

[pullquote]زمبابوے ميں اليکشن جولائی ميں ہوں گے، صدر[/pullquote]

زمبابوے کے صدر ايمرسن منانگاگوا نے اعلان کيا ہے کہ ملک ميں صدارتی اور پارليمانی انتخابات رواں سال جولائی ميں ہوں گے۔ نئے صدر کے ليے يہ اليکشن امتحان کی حيثيت رکھتے ہيں۔ گزشتہ برس نومبر ميں فوج کی مداخلت کے نتيجے ميں چورانوے سالہ سابق صدر رابرٹ موگابے طويل عرصے کے بعد اقتدار سے الگ ہوئے۔ صدر منانگاگوا نے مزيد کہا کہ وہ اليکشن کے موقع پر مغربی ممالک کے مبصرين کو بھی دعوت ديں گے۔ علاوہ ازيں انيس مارچ کو زمبابوے ميں يورپی يونين کی ايک مبصر ٹيم کا دورہ بھی متوقع ہے۔

[pullquote]روس زہريلا مادہ جمع کر رہا ہے، برطانوی وزير خارجہ[/pullquote]

برطانيہ نے روس پر اس زہريلے مادے کے ذخائر جمع کرنے کا الزام عائد کيا ہے، جس کے استعمال سے حال ہی ميں ايک سابق روسی ڈبل ايجنٹ پر حملہ کيا گيا۔ برطانوی وزير خارجہ بورس جانسن نے ايک نشرياتی ادارے کو ديے اپنے انٹرويو ميں اتوار کو کہا کہ ان کے پاس ايسے شواہد ہيں، جن سے ثابت ہوتا ہے کہ روس پچھلے دس سال سے نہ صرف ’نوويچوک‘ نامی اس زہريلے مادے کو حاصل کرنے کے طريقہ ہائے کار کا تعين کرتا آيا ہے بلکہ اسے ذخيرہ بھی کر رہا ہے۔ دريں اثناء سرگئی سکريپل اور ان کی بيٹی ژوليا پر مبينہ کيميائی حملے کی تحقيقات کے ليے کيميائی ہتھياروں کے واچ ڈاگ کے اہلکار پير انيس مارچ کو برطانيہ پہنچ رہے ہيں۔

[pullquote]فلپائن: ہوٹل ميں آگ لگنے کے سبب تين افراد ہلاک[/pullquote]

فلپائن کے دارالحکومت منيلا کے ايک ہوٹل ميں آگ لگنے کے سبب کم از کم تين افراد کی ہلاکت اور تيئس کے زخمی ہونے کا بتايا گيا ہے۔ ہلاک ہونے والے تينوں افراد عملے کے ارکان تھے۔ اطلاعات ہيں کہ ريسکيو کارروائياں جاری ہيں اور ايک درجن سے زائد افراد اب بھی ہوٹل ميں پھنسے ہوئے ہيں۔ يہ آگ بائنس منزلہ ’واٹر فرنٹ منيلا پويلين ہوٹل‘ کی دوسری منزل پر آج اتوار کے روز لگی، جہاں مرمت کا کام جاری تھا۔ ساڑھے تين سو کمروں والے اس ہوٹل سے بقيہ تمام مہمانوں کو بحفاظت باہر نکال ليا گيا ہے۔

[pullquote]عفرين کے مرکز پر مکمل کنٹرول حاصل، ترک صدر[/pullquote]

ترک افواج اور اس کے حامی شامی باغیوں نے اتوار کی صبح وسطی عفرين پر مکمل کنٹرول حاصل کر ليا ہے۔ اتوار کے دن ترک صدر رجب طيب ايردوآن نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فری سيريئن آرمی کے يونٹس اور ترک دستوں نے اس کُرد شہر کے مرکز پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور اس وقت وہاں بارودی سرنگيں صاف کرنے کا کام جاری ہے۔ فی الحال اس پيش رفت کی تصديق کُردوں کی جانب سے نہيں کی گئی ہے۔ ترکی نے شامی علاقے عفرين ميں وائی پی جی کے خلاف فوجی آپريشن بيس جنوری کو شروع کيا تھا۔ انقرہ حکومت YPG کو ترکی ميں سرگرم کرد باغيوں کی ہی شاخ تصور کرتی ہے۔

[pullquote]صدارتی الیکشن: پوٹن ستر فیصد عوامی حمایت حاصل کر لیں گے، عوامی جائزے[/pullquote]

آج بروز اتوار روس میں صدارتی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ عوامی جائزوں کے مطابق صدر ولادیمیر پوٹن 70 فیصد عوامی حمایت حاصل کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر صدر کے عہدے پر براجمان ہو جائیں گے۔ 65 سالہ پوٹن گزشتہ اٹھارہ برس سے برسر اقتدار ہیں۔ وہ تین مرتبہ صدر اور ایک مرتبہ روسی وزیر اعظم کے طور پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ مرکزی اپوزیشن رہنما ایلکسی ناوالنی نے عوام سے کہا ہے کہ وہ اس الیکشن کا بائیکاٹ کر دیں۔ انہیں قانونی وجوہات کی بنا پر انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ملی تھی۔

[pullquote]شامی صدر کا مشرقی غوطہ میں فوجی محاذوں کا دورہ[/pullquote]

شام کے سرکاری نیوز ادارے SANA کے مطابق شامی صدر بشار الاسد نے مشرقی غوطہ میں فوجی محاذوں کا دورہ کیا ہے۔ اتوار کے دن بشار الاسد نے یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے، جب شامی فوج نے باغیوں سے کہا ہے کہ وہ اس شورش زدہ علاقے کے شہر حرستا سے نکل جائیں۔ شامی فورسز نے حامی ملیشیا گروہوں اور روسی فوج کے تعاون سے مشرقی غوطہ کے زیادہ تر علاقوں کو بازیاب کرا لیا ہے تاہم کچھ مقامات پر باغی ابھی تک مزاحمت دکھا رہے ہیں۔

[pullquote]عفرین میں اب گوریلا جنگ شروع ہو گی، عفرین کی کرد انتظامیہ[/pullquote]

شامی کردوں نے کہا ہے کہ عفرین کی لڑائی کا ایک نیا باب شروع ہو گیا ہے۔ یہ بیان ایک ایسے وقت پر دیا گیا ہے، جب ترک فورسز نے حامی ملیشیا گروہوں کے تعاون سے شمالی شام کے شہر عفرین کا قبضہ سنبھال لیا ہے۔ اس علاقے کی کرد انتظامیہ نے اتوار کے دن کہا ہے کہ اب جنگجو براہ راست لڑائی کے بجائے گوریلا جنگ شروع کریں گے۔ عفرین ایگزیکٹیو کونسل کے شریک چیئرمین عثمان شیخ عیسیٰ نے کہا کہ ان کی فورسز علاقے میں پھیلی ہوئی ہیں اور ترک اہداف کو نشانہ بنائیں گی۔ دو ماہ کی لڑائی کے بعد ترک فورسز اتوار کے دن ہی عفرین میں ان کرد باغیوں کو پسپا کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے