کاروان علم فاونڈیشن کےزیراہتمام اسکالرشپ ہولڈرزکنونشن 2018ء ،ملک بھرسے ہونہار طلبہ کی شرکت

اتوار کے روز لاہور کے معروف نجی ہوٹل میں کاروان علم فاؤنڈیشن کے زیراہتمام "سکالرشپ ہولڈ رز کنونشن”2018کا انعقاد ہوا جس میں سینئر صحافیوں، ماہر تعلیم، سماجی شخصیات ،اساتذہ و طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی .

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاروان علم فاؤنڈیشن کے بانی و سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اعجاز حسن قریشی نے کہا:اعلیٰ تعلیمی اداروں کو چاہئے کہ وہ رسرچ کوفروغ دیں اور طلباء کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں۔پڑھ لکھ کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے والے نوجوانوں کو چاہئے کہ اب وہ بھی اپنے ان پسماندہ سکولوں کے طلبہ و طالبات کیلئے کچھ کریں جہاں سے انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی ہے۔میں خود پانچویں کلاس سے پی ایچ ڈی تک وظیفوں پر پڑھا ہوں اس لئے میں اس درد کو بہتر طور پر محسوس کرسکتا ہوں۔

ڈاکٹر اعجاز حسن قریشی

تقریب سے سینئر صحافیوں، ماہر تعلیم، سماجی شخصیات اوراساتذہ و طلبہ نے بھی خطاب کیا۔کنونشن کی صدارت سماجی کارکن و ماہر تعلیم احسان اللہ وقاص نے کی جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی سینئر کالم نویس و اینکر جاوید چوہدری تھے ۔

کنونشن میں چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت و بلتستان سے چار سو سے زائد طلبہ،ان کے والدین اور تعلیمی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

کاروان علم فاؤنڈیشن کے بانی و سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اعجاز حسن قریشی نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس فاؤنڈیشن کا آغاز دس ہزار روپے سر ہوا تھا محب وطن پاکستانیوں کے تعاون سے اب اس کے فنڈز کروڑوں روپے تک پہنچ چکے ہیں۔پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا خواب غریب گھروں کے نوجواں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کر کے پورا کیا جاسکتا ہے۔

مہمان خصوصی جاوید چوہدری نے طلبا و طالبات کو کیریئر کونسلنگ کے حوالے سے لیکچر دیا۔باصلاحیت طلبہ کی پذیرائی،فروغ تعلیم اور قومی یکجہتی کی مظہر اس تقریب میں  پُرعزم باہمت طلبہ،والدین ،اساتذہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔خصوصی طور پر وزیرستان سے آئی طالبہ نگہت محسود نے پرجوش تقریر کی اور پشتوزبان میں شاعری بھی سنائی۔

تقریب میں  پُرعزم باہمت طلبہ،والدین ،اساتذہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا

باہمت معذور طلبہ نے اپنی روداد سنائی کہ کاروان علم فاؤنڈیشن کے تعاون سے نہ صرف انہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی بلکہ آج وہ اچھے عہدوں پر فائز ہیں اور ملک پاکستان کا سرمایہ بن چکے ہیں۔طلباء و طالبات نے اپنی اپنی علاقائی زبانوں میں شعرو شاعری بھی سنائی اور شرکاء سے خوب داد سمیٹی۔

یاد رہے کہ اس کنونشن میں ملک بھرکے 36میڈیکل کالجز 49جامعات اور دیگر تعلیمی اداروں سے طلبہ شریک ہوئے جس میں ایم بی بی ایس، ڈی فارمیسی ،ایم ایس سی ،ایم اے ،بی ایس انجینئرنگ ،بی ایس آنرز ،ایف ایس سی/ ایف اے کے طلبہ شریک ہوئے تھے۔

تقریب میں ایوب صابر اظہار، ندیم شفیق،خالد ارشاد صوفی، طیب اعجاز قریشی، ذوالفقار راحت، گل نوخیز اختر، شاہد نذیر چوہدری، نوید چوہدری، فرحان احمد خان ، حسان خالد، ندیم نظر،حبیب اکرم،افتخار مجاز،اسد اللہ غالب اور زابر سعید بدر نے بھی شرکت کی۔

مہمانان گرامی، سینئرصحافیوں و کالم نگاروں کو کاروان علم فاؤنڈیشن کی جانب سے تحائف و ایوارڈز بھی دیے گئے جبکہ تقریب کے اختتام پر طلبہ کو بھی تعریفی سرٹیفیکٹس اور تحائف دیے گئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے