پیر : 19 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ولادیمیر پوٹن ایک مرتبہ پھر روسی صدر منتخب[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن مزید چھ سال تک منصب صدارت پر فائز رہیں گے۔ ملکی الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ ووٹوں کی گنتی مکمل کر لی گئی ہے اور پوٹن کو تقریباً ستتر فیصد عوامی تائید حاصل ہوئی ہے۔ حزب اختلاف اور بین الاقوامی مبصرین نے انتخابی عمل کے دوران ستائیس سو سے زائد بے قاعدگیوں کی شکایات درج کرائی ہیں۔ سلامتی اور تعاون کی یورپی تنظیم ( او ایس سی ای) نے اتوار کو ہوئے ان انتخابات میں اپنے چھ سو مبصرین روس بھر میں تعینات کیے تھے۔ 65 سالہ پوٹن گزشتہ تقریباً دو دہائیوں سے صدر یا وزیراعظم کی صورت میں بر سراقتدار ہیں۔

[pullquote]سرگئی سکرپل پر زہریلی گیس کا حملہ، یورپی یونین کا لندن حکومت سے غیر مشروط یکجہتی کا اظہار[/pullquote]

یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے برطانیہ میں سابق روسی ایجنٹ پر حملے کے معاملے پر لندن حکومت کے ساتھ غیر مشروط یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ آج برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے اپنے اجلاس کے دوران ایک مشترکہ بیان ميں کہا کہ یورپی یونین سرگئی اسکرپل اور ان کی بیٹی پر حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔ اس بیان کے مطابق اس طرح کا غیر محتاط اور غیر قانونی اقدام دوسرے شہریوں کی جانوں کے لیے بھی خطرہ ہے۔ دوسری جانب ماسکو حکام نے کہا ہے کہ برطانیہ وہ ثبوت فراہم کرے، جس کی بنیاد پر اس نے اس حملےکی ذمہ داری روس پر عائد کی ہے۔

[pullquote]یورپی ثالثی عفرین کی جنگ ختم کر سکتی ہے، کرد برادری[/pullquote]

جرمنی میں کرد برادری کی نمائندہ تنظیم ( کے جی ڈی) نے شامی شہر عفرین پر ترک قبضے کے بعد یورپ کی جانب سے ثالثی کی تجویز پیش کی ہے۔ کے جی ڈی کے مطابق یورپی مصالحت کاری سے یہ جنگ تیزی سے یا مکمل طور پر ختم ہو سکتی ہے۔ مزید یہ کہ ساتھ ہی انقرہ کو ایک واضح اشارہ بھی دیا جائے تاکہ شمالی شام میں دوبارہ سے ایک جمہوری اور خود مختار حکومت قائم ہو سکے۔ ترک فوج اور اس کے اتحادیوں نے کرد اکثریتی علاقے عفرین پر قبضہ کر لیا ہے۔

[pullquote]مصر میں گزشتہ پانچ دنوں میں چھتیس دہشت گرد ہلاک[/pullquote]

مصر میں گزشتہ پانچ دنوں کے دوران کم از کم چھتیس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ مصری فوج نے آج پیر کو بتایا کہ یہ ہلاکتیں جزیرہ نما سینائی میں جاری کارروائی کے دوران ہوئیں۔ ملکی صدر عبدالفتح السیسی کی جانب سے تین ماہ کے دوران اسلامک اسٹیٹ کو ختم کرنے کے اعلان کے بعد فوج نے فروری میں یہ آپریشن شروع کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ان پانچ دنوں میں ساڑھے تین سو کے لگ بھگ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ انسداد منشیات کے لیے ایک منصوبے کا اعلان کرنے والے ہیں[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج پیر کو انسداد منشیات کے لیے ایک منصوبے کا اعلان کرنے والے ہیں۔ ٹرمپ کے مشیر داخلہ اینڈریو بریمبرگ کے مطابق اس دوران صدر ٹرمپ منشیات فروشوں کو سزائے موت دیے جانے کی تجویز بھی پیش کریں گے۔ ان کے بقول اگلے تین برسوں کے دوران اُن ادویات کے نسخوں پر بھی کم از کم ایک تہائی کی کمی کی جائے گی، جو اوپیم سے تیار کی جاتی ہیں۔ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ ایسے منشیات فروشوں کو بھی سخت سزائیں دی جائیں، جن کے پاس سے کم مقدار میں نشہ آور اشیاء برآمد ہوں۔ حالیہ برسوں کے دوران امریکا میں منشیات کی وجہ سے اموات میں اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]صدارتی انتخابات جیتنے پر میرکل جلد پوٹن کو مبارک باد دیں گی[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل ولادی میر پوٹن کو ایک مرتبہ پھر روسی صدر بننے پر جلد ہی مبارکباد دیں گی۔ میرکل کے ترجمان اسٹیفن زائبرٹ کے مطابق وہ اس تہنیتی پیغام کے متن کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے تاہم انہیں یقین ہے کہ اس میں جرمنی اور روس کے باہمی روابط میں مشکلات کا تذکرہ ضرور شامل ہو گا۔ زائبرٹ کے بقول یوکرائن اور شام کے بحرانوں سمیت متعدد موضوعات پر برلن اور ماسکو کا موقف بالکل مختلف ہے۔ پوٹن ستتر فیصد ووٹ لے کر دوبارہ روسی صدر منتخب ہوئے ہیں۔ 65 سالہ پوٹن گزشتہ تقریباً دو دہائیوں سے صدر یا وزیراعظم کی طور پر برسر اقتدار ہیں۔

[pullquote]اسرائیل میں فرانسیسی سفارت خانے کے ایک ملازم پر اسلحے کی اسمگلنگ کا شبہ[/pullquote]

اسرائیل میں فرانسیسی سفارت خانے کے ایک ملازم پر غزہ پٹی سے غرب اردن اسلحہ اسمگلنگ کا شبہ ہے۔ اسرائیلی خفیہ ادارے شین بیت کے مطابق اس مشتبہ شخص نے پانچ مرتبہ اپنے سفر کے دوران ستر پستولیں اور دو خود کار ہتھیار غزہ سے باہر پہنچائے۔ اس بیان میں بتایا گیا کہ سفارت خانے کی گاڑی میں سفر کرنے کی وجہ سے اس شخص سے بہت سخت انداز میں جانچ پڑتال نہیں کی جاتی تھی۔ شین بیت کی رپورٹ کے مطابق سفارت خانے کے ملازم نے صرف مالی فوائد کے لیے یہ کام کیا ہے اور افسران ان کارروائیوں سے بے خبر تھے۔

[pullquote]عفرین پر قبضہ ایک بڑی کامیابی ہے، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے شامی علاقے عفرین پر قبضے کو ایک بڑی کامیابی سے تعبیر کیا ہے۔ ایردوآن کے مطابق ترک دستوں کی پشت پناہی میں لڑنے والے شامی باغیوں نے اس علاقے سے کرد جنگجوؤں کو مکمل طور پر باہر دھکیل دیا ہے۔ ترک صدر کے مطابق یہ عسکری کارروائی شمالی شام میں کردوں کے زیر اثر دیگر علاقوں تک بھی پھیل سکتی ہے۔ ترک حکومت نے جنوری میں شامی سرحد کے قریب کرد علاقوں میں عسکری کارروائی شروع کی تھی۔ ترکی کا موقف ہے کہ شامی کرد کالعدم کرد تنظیم کردستان ورکز پارٹی (پی کے کے) کو تعاون فراہم کرتے ہیں۔

[pullquote]سابق جرمن چانسلر شروئڈر پر بھی پابندیاں عائد کی جانا چاہیں، یوکرائنی وزیر خارجہ[/pullquote]

یوکرائن کے وزیر خارجہ پاؤلو کلمکن نے سابق جرمن چانسلر گیرہارڈ شروئڈر پر پابندیاں عائد کرنے کی بات کی ہے۔ بلڈ اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کلمکن نے کہا کہ شروئڈر دنیا بھر میں روس کے ایک اہم لابسٹ یا تشہیر کرنے والی شخصیت ہیں۔ ان کے بقول صرف روسی حکومت یا ریاستی اداروں پر ہی نہیں بلکہ ان افراد پر بھی پابندیاں لگائی جانی چاہیں جو بیرون ملک روسی منصوبوں پر کام کرتے ہیں۔گیرہارڈ شروئڈر 2005ء سے نارتھ اسٹریم نامی کمپنی سے منسلک ہیں۔ یہ کمپنی بحر بالٹک سے روسی گیس کی جرمنی کو ترسیل کے ایک منصوبے پر کام کر رہی ہے۔

[pullquote]کوپن ہیگن میں ترک سفارت خانے پر حملہ[/pullquote]

ڈنمارک میں ترک سفارت خانے پر آتش گیر مادہ پھیکنے والے دو مبینہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ ڈینش پولیس کے افسر ہینرک مول کے مطابق اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم کوپن ہیگن میں قائم اس عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح تین بجے پیش آیا۔ مول نے مزید بتایا کہ پولیس اس واقعے کی چشم دید گواہ ہے اور اس نے دو افراد کو جائے وقوعہ سے فرار ہوتے ہوئے بھی دیکھا ہے۔

[pullquote]چین میں لو ہی نائب وزیر اعظم[/pullquote]

چین میں حکومت کی تشکیل نوکے دوران لو ہی‘ کو نائب وزیر اعظم بنا دیا گیا ہے۔ ہی کو صدر شی جن پنگ کا ایک بااعتماد مشیر برائے اقتصادی امور کہا جاتا ہے۔ اس طرح اب ’ہی‘ کی توجہ اقتصادی اور معاشی امور پر ہو گی اور ان کا عہدہ چین کے مرکزی بینک صدر سے بڑھ گیا ہے۔ انسٹھ سالہ یی گنگ کو چین کے مرکزی بینک کا سربراہ تعینات کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]سکرپل پر مبینہ کیمیائی حملہ، ماہرین نمونوں کے حصول کے لیے لندن میں[/pullquote]

کیمیائی ہتھیاروں کے انسداد کی تنظیم ( او پی سی ڈبلیو) کے ماہرین آج پیر کو برطانیہ پہنچ رہے ہیں۔ برطانوی وزارت خارجہ کے مطابق یہ ماہرین سابق روسی جاسوس سرگئی سکرپل اور ان کی بیٹی پر کیے جانے والے حملے میں استعمال ہونے والی زہریلی گیس کے نمونے اکٹھے کریں گے۔ بین الاقوامی لیبارٹری میں ان نمونوں کی جانچ پڑتال میں دو ہفتوں کا وقت لگ سکتا ہے۔ چار مارچ کو سکرپل اور ان کی بیٹی سیلسبری کے علاقے میں بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے۔ لندن حکام کو شک ہے کہ اس ناکام قاتلانہ حملے کے پیچھے روس کا ہاتھ ہے۔

[pullquote]سوچی کی آسٹریلوی وزیر اعظم سے ملاقات[/pullquote]

میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی آج آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بُل سے ملاقات کے لیے دارالحکومت کینبرا پہنچ گئی ہیں۔ کینبرا میں ان کا استقبال کرتے ہوئے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ سوچی آسیان اجلاس میں شرکت کے لیے جمعے کے روز آسٹریلیا پہنچی تھیں، اس دوران آسٹریلیا میں ان کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سوچی کو میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف مظالم کے باعث عالمی سطح پر بھی تنقید کا سامنا ہے۔ آسٹریلوی وزیر اعظم نے سوچی سے ملاقات سے قبل کہا ہے کہ وہ اُن کے ساتھ میانمار میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بھی بات چیت کریں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے