منگل : 20 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یمن خانہ جنگی سے ممکنہ علیحدگی، امریکی قانون دان فیصلہ کریں گے[/pullquote]

یمن جنگ سے علیحدگی اختیار کرنے کے حوالے سے امریکی قانون دان جمعرات کے دن ووٹنگ کریں گے۔ امریکی فوج یمن میں فعال ایران نواز حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عسکری اتحاد کی معاونت کر رہی ہیں۔ یہ ووٹنگ ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے، جب سعودی کراؤن پرنس محمد بن سلمان امریکا کا دورہ کر رہے ہیں۔ امریکی کانگریس کے متعدد ارکان یمن کی خانہ جنگی پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔ ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ اس جنگ کے خاتمے کے لیے یمنی باغی اور سعودی حکام خفیہ مذاکرات کر رہے ہیں۔

[pullquote]چین اور بھارت باہمی تعلقات میں بہتری کے لیے رضا مند[/pullquote]

بھارتی حکام نے کہا ہے کہ نئی دہلی اور بیجنگ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر مشاورت کے لیے تیار ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ آج بروز منگل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے چینی صدر شی جن پنگ سے ٹیلی فون پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس گفتگو کے بعد نئی دہلی حکومت کی طرف سے بتایا گیا کہ دونوں ممالک کشیدگی میں کمی اور مسائل کے حل کی خاطر مذاکرات کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ مودی نے چینی صدر کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دینے کے لیے فون کیا تھا۔

[pullquote]’پوٹن کی کامیابی سے امریکا کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی توقع‘[/pullquote]

روسی نائب وزیر خارجہ سیرگئی رائبکوف نے کہا ہے کہ ولادیمیر پوٹن کے دوبارہ صدر منتخب ہونے سے امریکا کے ساتھ باہمی تعلقات میں بہتری کی امید کی جا سکتی ہے۔ منگل کے دن انہوں نے ماسکو میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اتوار کو ہوئے صدارتی الیکشن میں پوٹن کی ’بڑی جیت‘ امریکا اور روس کے کشیدہ تعلقات میں بہتری کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ کریملن امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’کچھ امریکی سیاستدانوں‘ کو روس کو عالمی سطح پر اکیلا کرنے کی کوشش ترک کر دینا چاہیے۔

[pullquote]سعودی ولی عہد اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات[/pullquote]

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے آج ملاقات کر رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں سلامتی اور یمنی جنگ میں ایرانی کردار کے موضوعات پر گفت گو متوقع ہے۔ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب امریکا کے اہم ترین اتحادیوں میں سے ایک ہے۔ امریکا اور سعودی عرب یمنی تنازعے میں ایرانی کردار پر تشویش کا اظہار کرتے آئے ہیں اور اسے خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہیں۔ اس ملاقات میں سعودی عرب میں خواتین کے حقوق اور سعودی اقتصادیات کا تیل کی برآمد پر انحصار کم کرنے کے موضوعات پر بھی بات چیت ہو گی۔

[pullquote]لیبیا مالیاتی اسکینڈل، سابق فرانسیسی صدر سارکوزی زیرحراست[/pullquote]

سابق فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کو منگل کے روز پولیس نے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے تفتیشی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ سارکوزی پر الزام ہے کہ سن 2007ء میں ان کی صدارتی مہم کے لیے لیبیا کے سابق رہنما معمر قذافی سے سرمایہ مہیا کیاگیا تھا۔ منگل کی صبح سارکوزی کو حراست میں لیا گیا اور استغاثہ نے ان سے بدعنوانی، منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کرنے جیسے امور پر پوچھ گچھ کی۔ 63 سالہ سابق صدر اب تک پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کے احکامات کو رد کرتے آئے تھے۔ سن 2012ء میں اپنی مدت صدارت مکمل کرنے والے سارکوزی کو کئی طرح کے مقدمات کا سامنا ہے۔

[pullquote]اعلیٰ امریکی جنرل جو ڈنفورڈ کابل میں[/pullquote]

امریکی میرین جنرل جو ڈنفورڈ متعدد دیگر اعلیٰ فوجی عہدیداروں کے ہم راہ کابل پہنچ گئے ہیں۔ اپنے اس دورے میں وہ افغانستان میں امریکی عسکری مہم کا جائزہ لیں گے۔ امریکی وزارت دفاع کی جانب سے پیر کی شب جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ امریکی جنرل کابل میں افغان اور امریکی عہدیداروں کے علاوہ فوجیوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ فی الحال افغان صدر کے دفتر کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ آیا اشرف غنی اور جنرل ڈنفورڈ کے درمیان کوئی ملاقات طے ہے۔ ڈنفورڈ نے کابل میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ وہ افغانستان میں عسکری مہم میں موجود اہلکاروں سے بات کرنا چاہتے ہیں تاکہ اصل صورت حال سے آگہی ہو۔

[pullquote]پوٹن کا انتخابات میں فتح کے بعد مغربی دنیا سے بات چیت پر زور[/pullquote]

صدارتی انتخابات میں زبردست کامیابی کے بعد روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ وہ مغربی دنیا سے بات چیت پر زور دیں دے۔ پوٹن نے یہ بات اپنے نائبین کے ایک اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اتوار کے روز ہونے والے صدارتی انتخابات میں پوٹن 77 فیصد ووٹ لینے میں کامیاب رہے۔ تاہم عالمی رہنماؤں کی جانب سے پوٹن کو مبارک باد دینے کے سلسلے میں اب تک کوئی گرم جوشی نہیں دیکھی گئی ہے۔ پوٹن نے کہا کہ وہ اس نئی صدارتی مدت میں مغربی دنیا کے ساتھ روابط میں اضافہ کریں گے اور روسی شہریوں کی بہبود پر توجہ دیں گے۔

[pullquote]دمشق کے ایک ضلع پر اسلامک اسٹیٹ کا قبضہ[/pullquote]

شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جہادیوں نے شامی دارالحکومت دمشق کے چھوٹے سے ضلع القدم پر قبضہ کر لیا ہے۔ شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے کچھ علاقوں سے باغیوں کے انخلا کے بعد شامی فورسز ان علاقوں میں منتقل ہوئی تھیں اور القدم ضلع سے نکل گئی تھیں اور اسی صورت حال میں داعش کے جہادیوں نے پیش قدمی کی۔ القدم ضلع یرموک کی فلسطینی مہاجر بستی کے قریب ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عسکریت پسند سرکاری فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے بعد اس ضلع میں داخل ہو گئے اور 36 شامی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔

[pullquote]ننگرہار اسٹیڈم بم حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی[/pullquote]

افغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہار کے دارالحکومت جلال آباد کے اسٹیڈیم کے باہر ہونے والے بم حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کر لی ہے۔ پاکستانی سرحد سے قریب واقع اس افغان صوبے میں گزشتہ روز ہوئے اس بم دھماکے میں تین افراد ہلاک جب کہ دیگر دس زخمی ہو گئے تھے۔ یہ بم دھماکا اس وقت ہوا تھا، جب سابق جنگی سردار گلبدین حکمت یار کی قیادت میں ایک ریلی جلال آباد میں واقع اس اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوئی۔

[pullquote]سن 2015ء میں عراق میں اغوا ہونے والے 39 بھارتی شہری ہلاک[/pullquote]

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے مطابق سن 2015ء میں عراق میں اغوا ہونے والے 39 بھارتی شہریوں کی لاشیں مل گئی ہیں۔ تین برس قبل ان افراد کو عسکریت پسندوں نے موصل شہر سے اغوا کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ تمام افراد ایک تعمیراتی کمپنی کے ملازم تھے۔ منگل کے روز سشما سوراج نے بتایا کہ ان افراد کو قتل کرنے کے بعد دفن کر دیا گیا تھا۔ سوراج کے مطابق ان افراد میں سے 38 کی لاشوں کے ڈی این اے نمونوں سے ان کی شناخت کی گئی ہے۔

[pullquote]’برطانیہ میں جاسوس کو زہر سے ہلاک کرنے پر روس کو موثر جواب دیا جانا چاہیے‘[/pullquote]

پولستاتی وزیراعظم ماتیوس موراویسکی اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ برطانیہ میں سابق روسی جاسوس کو کیمیائی حملے میں ہلاک کرنے پر روس کے خلاف موثر یورپی ردعمل ضروری ہے۔ لندن حکومت نے اس سے قبل تصدیق کی تھی کہ چار مارچ کو سابقہ روسی جاسوس سیرگئی سکریپل اور ان کی بیٹی یولیا پر سالیسبری میں ہونے والے حملے میں روس ملوث تھا۔ روسی حکومت نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے رد کیا ہے۔ چوتھی مرتبہ چانسلر کا عہدہ سنبھالنے والی انگیلا میرکل نے پولستانی دارالحکومت وارسا میں کہا کہ اس واقعے پر یورپی کونسل کے سربراہی اجلاس میں گفت گو کی جائے گی۔

[pullquote]امدادی کارکنوں کی متاثرہ علاقوں تک رسائی میں میانمار کی کارکردگی بدترین[/pullquote]

تحقیقی گروپ اے سی اے پی ایس کے مطابق امدادی گروپوں کی رسائی کے اعتبار سے میانمار کی کارکردگی بدترین ہیں۔ جنیوا میں قائم اسے عالمی ادارے کے مطابق میانمار میں امدادی گروپوں کو متاثرہ علاقوں تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جب کہ انہیں دھمکیاں تک دی جاتی ہیں۔ اس عالمی گروپ کے مطابق روہنگیا مسلمانوں کے خلاف جاری آپریشن والے علاقوں میں ہیومینیٹیرین امداد پہنچانے کی کوشش کرنے والے امدادی گروپوں کے مسائل میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔

[pullquote]چین کو دنیا میں اس کا جائز مقام ملنا چاہیے، شی جن پنگ[/pullquote]

چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین کو دنیا میں وہ مقام لینا چاہیے، جس کا وہ مستحق ہے۔ منگل کے روز سالانہ پارلیمانی سیشن کے اختتام پر اپنے خطاب میں شی جن پنگ نے کہا کہ چین اپنے دشمنوں کے خلاف ہر طرح کی لڑائی کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین دنیا میں اپنا مقام حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپل میں تین ہزار مندوبین سے خطاب میں چینی صدر نے کہا کہ سخت محنت کرنے والے چینی عوام اپنی خودداری اور اعتماد میں مزید بہتری دیکھیں گے۔

[pullquote]بھارت موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے متاثرہ ملک[/pullquote]

بھارت موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں سب سے آگے ہے، جب کہ اس کے بعد پاکستان کا نمبر آتا ہے۔ پیر کے روز ایچ ایس بی سی کی جانب سے جاری کردہ ایک فہرست میں بتایا گیا ہے کہ 67 ترقی پزیر ممالک کی فہرست میں بھارت موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ملک ہے۔ اس فہرست کے مطابق موسمی حالات کی حساسیت، توانائی کی ٹرانزیشن کے مسائل اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیتوں کے اعتبار سے بھارت کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش بدترین پوزیشن پر ہیں۔ واضح رہے کہ یہ 67 ممالک دنیا کی 80 فیصد آبادی کے حامل ہیں۔

[pullquote]مشرقی غوطہ سے قریب اسی ہزار عام شہریوں کو نکال لیا، روس[/pullquote]

روسی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شام کے جنگ زدہ علاقے مشرقی غوطہ سے 79 ہزار سات سو دو عام شہریوں کو نکال لیا گیا ہے۔ روسی بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقی غوطہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی آپریشن جاری ہے۔ پیر کے روز روسی وزارت دفاع کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ صرف پیر کے روز چھ ہزار چھیالس عام شہریوں کو اس شورش زدہ ضلع سے نکالا گیا۔ واضح رہے کہ مشرقی غوطہ گزشہ طویل عرصے سے حکومتی فورسز کے زیر محاصرہ ہے۔

[pullquote]سفید شمالی گینڈا اپنی بقا کے خطرے سے دوچار[/pullquote]

آخری نر سفید شمالی گینڈا ہلاک ہو جانے کے بعد اس جانور کی بقا خطرے میں پڑ گئی ہے۔ کینیا کے حکام نے منگل کے روز 45 سالہ گینڈے ’سوڈان‘ کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ اپنی نوع کا آخری نر تھا۔ اس نر کو شکار سے بچانے کے لیے غیرمعمولی اقدامات کیے گئے تھے، تاہم اس کے جسم پر موجود پرانے زخم اور عمر کی وجہ سے ہڈیوں کے مسائل بلآخر اس جانور کی موت کا سبب بنے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے