کامران اکمل نے پی ایس ایل کی تیز ترین 50 بنا دی

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے پلے آف میں پشاور زلمی کے کامران اکمل نے کراچی کنگز کے خلاف 17 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر ایونٹ کی تیز ترین نصف سنچری کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں کامران اکمل نے آندرے فلیچر کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا اور ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔

وکٹ کیپر بلے باز نے کراچی کنگز کے تمام ہی باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور صرف 17 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر ایونٹ کی تاریخ کی تیز ترین 50 کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

کامران اکمل نے عثمان شنواری کے ایک اوور میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی بدولت 25 رنز حاصل کیے۔

اس سے قبل پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونچی کے پاس تھا جنہوں نے رواں ایڈیشن کے پہلے پلے آف میں کراچی کنگز کے خلاف 19 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔

پاکستان سپر لیگ تھری کے دوسرے ایلیمینیٹر میں کامران اکمل کی طوفانی اننگز نے پشاور زلمی کو کراچی کنگز کے خلاف 170 کے اسکور تک پہنچادیا۔

پشاور کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین آندرے فلیچر تھے جو 30 گیندوں پر 34 رنز بناکر روی بوپارا کی گیند کا شکار بنے۔

دوسرے اینڈ سے کامران اکمل کی جارحانہ بیٹنگ جاری تھی تاہم روی بوپارا کے ہی اوور میں وہ بھی پوائنٹ پر فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے۔

پشاور کے آگے آنے والے بلے بازوں نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ کپتان ڈیرن سیمی 12 گیندوں پر 23 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

اختتامی اوورز میں زلمی کی کچھ گریں تاہم اس کے باوجود ٹیم 171 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دینے میں کامیاب رہی۔

کراچی کنگز کی جانب سے روی بوپارا نے تین، ٹائمل ملز نے دو جبکہ عثمان شنواری نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں گزشتہ روز کی طرح آج بھی بارش ہوئی جس کی وجہ سے میچ تاخیر کے بعد شروع ہوا جبکہ اسے 16، 16 اوورز تک محدود کردیا گیا ہے۔

نئی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ایک بولر اپنے مکمل چار اوورز کرسکیں گے جبکہ دیگر بولرز زیادہ سے زیادہ تین اوورز ہی کرواسکیں گے جبکہ پاور پلے 5 اوورز کا ہوگا۔

پشاور زلمی کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، انجرڈ تمیم اقبال کی جگہ کرس جارڈن کو شامل کیا گیا ہے۔

بارش کے باعث قذافی اسٹیڈیم میں پچ کو کور سے ڈھانپ دیا گیا تھا اور بارش رکنے کے بعد گراؤنڈ کو خشک کرنے کا کام کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ میچ کےدوران بارش نہیں ہوگی البتہ رات 11 بجے کے بعد ہلکی بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز میچ میں شکست کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایونٹ سے باہر ہوگئی اور آج کھیلے جانے والے میچ کی فاتح ٹیم 25 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایونٹ کا فائنل کھیلے گی۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی مکمل طور پر فٹ نہیں جب کہ کراچی کنگز کو بھی اسی قسم کی مشکلات کا سامنا ہے۔

مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی گھٹنے میں تکلیف کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ آج کا میچ نہیں کھیل سکے۔

کراچی کنگز کے کپتان این مورگن پاکستان نہیں آئے جس کی وجہ سے آج کے میچ میں قیادت کے فرائض فاسٹ بولر محمد عامر سرانجام دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کے زخمی ہونے کے بعد انگلش کرکٹر این مورگن نے بلیو شرٹس کی قیادت کی تھی۔

اس سے قبل کراچی کنگز کی قیادت کے فرائض شعیب ملک، کمار سنگاکارا اور روی بوپارا بھی انجام دے چکے ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم کے اطراف گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے ٹریفک پلان تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے مطابق کینال روڈ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے آنے والی گاڑیاں پنجاب یونیورسٹی ہاسٹل میں پارک ہوں گی۔

ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فیصل ٹاؤن اور اچھرہ سے آنے والی گاڑیاں لبرٹی مارکیٹ پر پارک ہونگی جب کہ کاہنہ، کوٹ لکھپت اور فیروز پور سے آنے والی گاڑیاں لبرٹی میں پارک ہوں گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق والٹن روڈ،کیولری اور فردوس مارکیٹ سے آنے والی گاڑیاں لبرٹی مارکیٹ میں پارک ہوں گی جب کہ ڈیفنس، کینٹ اور گلبرگ سے آنے والی گاڑیاں ایل ڈی اے میں پارک ہوں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے