پی ایس ایل فائنل اور جگمگاتا ‏کراچی

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل 25 مارچ کو کراچی میں ہوگا جس کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

شہر قائد کی تمام اہم شاہراہوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے، اہم شاہراہوں پر کھلاڑیوں کی تصاویر آویزاں کردی گئی ہیں اور نیشنل اسٹیڈیم کے باہر بھی خوبصورتی کے لئے پودے لگائے گئے ہیں۔

روشنیوں کا شہر جگمگا رہا ہے اور جگمگاتا کراچی پی ایس ایل کے فائنل کی میزبانی کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔ شائقین کرکٹ بھی بے تابی سے فائنل کا انتظار کر رہے ہیں۔

گزشتہ کئی سالوں سے سیاسی و ملکی حالات کے باعث کراچی کی روشنیاں ماند پڑ گئی تھیں جو اب بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ کراچی آپریشن کے بعد شہر کی صورتحال ماضی کی نسبت بہت بہتر ہے۔

پورے ملک کی طرح شہر قائد میں بھی اب امن قائم ہو چکا ہے اور عوام سکھ اور چین کا سانس لے رہے ہیں۔ دہشتگردی کے باعث ملکی معیشت تباہ ہوئی، عوام کا جانی و مالی نقصان تو ہوا ہی مگر دہشتگردی کی وجہ سے ملک میں ہونے والی کھیلوں کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔

3 مارچ 2009 کو لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملہ ہوا جس میں7 افراد شہید اور سری لنکن ٹیم کے 7 کھلاڑیوں سمیت 20 افراد زخمی ہوئے تھے۔

اس واقعے کے بعد پاکستان سے انٹرنیشنل کرکٹ کا خاتمہ ہوا اور کرکٹ کے کروڑوں مداح مایوس ہوئے مگر اب پھر ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو رہی ہے اور آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم روشنیوں سے جگمگاتے شہر کراچی میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔

25 مارچ کو پی ایس ایل کا فائنل بھی کراچی میں ہوگا جو اسلام آباد یونائیٹڈ اور دفاعی چیمپئن پشاور کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ کا جادو صرف پاکستانیوں پر ہی نہیں چلا بلکہ دنیا بھر میں موجود کرکٹ شائقین بھی پی ایس ایل کے سحر میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ضرور ہے مگر پاکستان کا مقبول ترین کھیل کرکٹ ہے۔

پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل کامیابی سے لاہور میں منعقد ہوا تھا تو چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل کراچی میں منعقد کرانے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی گزشتہ سال کراچی کنگز کی تقریب میں پی ایس ایل 3 کا فائنل کراچی میں کرانے کا وعدہ کیا تھا۔ پی ایس ایل کا فائنل روشنیوں کے شہر کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا تو دنیا پرامن کراچی اور پرامن پاکستان دیکھےگی۔

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے کام کا آغاز پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن سے ہی ہوگیا تھا اور اب پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے فوری بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی کا دورہ کرے گی جس کے بعد دیگر ممالک کی ٹیموں کو بھی حوصلہ ملے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحال ہوتے ہی ملک کے کرکٹ کے ویران میدان پھر سے آباد ہو جائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت کو نا سراہنا ناانصافی ہوگی۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے ساتھ وفاقی حکومت، سندھ و پنجاب کی صوبائی حکومتوں، پاکستان آرمی، رینجرز اور پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے اداروں کا کردار بھی قابل ستائش ہے۔

میں پی ایس کایل ے فائنل سے پہلے کراچی کے شائقین کرکٹ کو پیشگی مبارکباد پیش کرتا ہوں، کراچی کنگز فائنل میچ نہیں کھیل رہی تو کیا ہوا، فائنل تو کراچی میں ہو رہا ہے۔

مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کی یہی دعا ہے کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل طے شدہ پروگرام کے تحت کامیابی کے ساتھ جگمگاتے ہوئے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہو اور پاکستان کا ایک اور مثبت پیغام دنیا تک پہنچنے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے