پیر : 26 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مصر میں پولیس کی کارروائی میں چھ جنگجو ہلاک[/pullquote]

مصری پولیس نے بندرگاہی شہر اسکندریہ میں کارروائی کرتے ہوئے چھ جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ان پر الزام تھا کہ وہ اسکندریہ کے سکیورٹی چیف پر ہوئے ناکام حملے میں ملوث تھے۔ پولیس کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے اتوار کے دن ایک مشتبہ گھر پر چھاپہ مارا تو جنگجوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ان جنگجوؤں کا تعلق اخوان المسلمون کے عسکری دھڑے ہشام تحریک سے تھا۔

[pullquote]یورپی ممالک سے روسی سفارت کاروں کی بے دخلی[/pullquote]

جرمنی نے برطانیہ میں سابقہ روسی جاسوس پر حملے کے تناظر میں چار روسی سفارت کاروں کو بے دخل کر دیا ہے۔ جرمن وزارت خارجہ کے مطابق یہ اقدام برطانیہ سے اظہار یکجہتی کے طور پر اٹھایا گیا ہے۔ اس بیان میں مزید بتایا گیا کہ روس اس سلسلے میں جاری تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہا۔ دوسری جانب فرانس اور ڈنمارک سمیت یورپی یونین کے چودہ رکن ممالک نے بھی روسی سفارت کاروں کو نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ یورپی کونسل کے سربراہ ڈونلڈ ٹسک کے مطابق آئندہ دنوں میں یورپی یونین کے مشترکہ فریم ورک میں رہتے ہوئے مزید سفارت کاروں کو بھی بے دخل کیا جا سکتا ہے۔ سابق روسی جاسوس سیرگئی سکرپل اور ان کی بیٹی پر برطانوی علاقے سیلسبری میں زہریلی گیس سے حملہ کیا گیا تھا۔

[pullquote]عفرین پر کنٹرول، ترک فوج کی کارروائی وسیع تر[/pullquote]

شام میں فعال ترک فورسز نے عفرین کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کے بعد کرد باغیوں کے خلاف اپنی کارروائی کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ ترک فوج نے شام میں حامی ملیشیا گروہوں کے ساتھ عسکری کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ اتوار کو اس شمالی علاقے کے مرکزی شہری عفرین کا کنٹرول حاصل کیا تھا تاہم اس علاقے کے کچھ حصوں میں کرد باغی مزاحمت دکھا رہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اب ترک فوج اس علاقے سے بارودی سرنگوں کو صاف کر رہی ہیں تاکہ شہری اپنے گھروں کو واپس لوٹ سکیں۔

[pullquote]روس میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد چونسٹھ ہو گئی[/pullquote]

روس کے شہر کیمورافو کے ایک شاپنگ مال میں آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد 64 ہو گئی ہے جبکہ دس افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ روسی حکام نے بتایا ہے کہ آتشزدگی کے وقت سکیورٹی الارم بند کرنے والے گارڈ سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ سائبیریا میں کوئلے کی کان کنی کی وجہ سے مشہور اس شہر میں ہوئے اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کے روز پیش آنے والے اس حادثے کے بعد امدادی اور ریسکیو کا کام پیر کے دن بھی جاری ہے۔ فوری طور پر اس آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

[pullquote]ٹیلی کوم اسکینڈل، اسرائیلی وزیر اعظم سے پوچھ گچھ[/pullquote]

اسرائیلی پولیس نے آج بروز پیر وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے تفتیش کی ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ ٹیلی کوم اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں نیتن یاہو کے دو قریبی ساتھیوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ نیتن یاہو پر الزام ہے کہ ان کی انتظامیہ نے بیزک ٹیلی کوم کمپنی کو مراعات دی ہیں۔ تاہم وہ ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ پولیس کے مطابق وزیر اعظم سے کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی گئی تاہم پولیس نے اس بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔

[pullquote]یورپی یونین کا رکن بننا اسٹریٹیجک مقصد ہے، ترک صدر[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ انقرہ حکومت کا اسٹریٹیجک مقصد ہے کہ یورپی یونین کی مکمل رکنیت حاصل کر لی جائے۔ آج بروز پیر بلغاریہ میں یورپی رہنماؤں سے ملاقات میں ایردوآن اس بابت بھی مذاکرات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ اس ملاقات کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔ ادھر یورپی یونین کے صدر ژاں کلود ینکر نے کہا ہے کہ یورپی یونین اور ترکی کے نظریات میں کئی اختلافات ہیں لیکن تعاون کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

[pullquote]سابق صدر کے بیٹے کے خلاف فراڈ کا مقدمہ[/pullquote]

انگولا کے سابق صدر یوزے فلومینو داس سانتوس کے بیٹے پر بدعنوانی کے الزامات کے تحت فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سینٹرل بینک سے غیر قانونی طور پر پانچ سو ملین کی رقوم نکلوائیں۔ سرکاری ریڈیو نے پیر کے دن بتایا ہے کہ اس فراڈ کیس میں ملوث ہونے کے شبے میں سینٹرل بینک کے سابق گورنر کے خلاف بھی قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

[pullquote]
پوج ڈیمونٹ جرمنی میں سیاسی پناہ نہیں لیں گے، وکیل[/pullquote]

کاتا لونیا کے سابق صدر کارلیس پوج ڈیمونٹ جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواست جمع نہیں کرائیں گے۔کاتالان رہنما کے وکیل خاؤمے آلانسو کے مطابق پچپن سالہ پوج ڈیمونٹ کا اس طرح کا کوئی منصوبہ نہیں۔ گزشتہ روز جرمنی سے گرفتار کیے جانے والے پوج ڈیمونٹ کو آج کسی وقت نیو موئنسٹر کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پوج ڈیمونٹ نے گزشتہ برس اکتوبر میں نیم خود مختار علاقے کاتالونیا کی اسپین سے آزادی کی تحریک شروع کی تھی۔ اس طرح وہ ملکی آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تھے۔ بعد ازاں ان کے خلاف یورپی ورانٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

[pullquote]یمن میں حوثی باغیوں کے مظاہرے[/pullquote]

یمن میں حوثی باغیوں کے ہزاروں حامیوں نے آج بروز پیر صنعاء میں احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا۔ یمن جنگ کے تین سال مکمل ہونے پر منعقد کی گئی ان ریلیوں میں شرکاء نے سعودی عسکری اتحاد کی کاررائیوں کے خلاف نعرے بازی کی اور قیام امن کا مطالبہ کیا۔ ادھر سعودی عرب نے کہا ہے کہ اتوار کی رات حوثی باغیوں نے سعودی عرب میں میزائل حملے کیے ہیں۔ سعودی حکام کے مطابق یمن سے داغے گئے سات میزائلوں کو ہوا میں بھی تباہ کر دیا گیا، لیکن ان کا ملبہ گرنے سے ریاض میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

[pullquote]کانگو میں انسانی بحران کی صورتحال شدید ہوتی ہوئی[/pullquote]

عوامی جمہوریہ کانگو میں انسانی المیے کی صورتحال شدید ہوتی جا رہی ہے۔ یورپی یونین کے ایک اعلیٰ سفارتکار نے خبردار کیا ہے کہ اس افریقی ملک کے مشرقی علاقوں میں تین ملین افراد کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔ متاثرہ افراد کی یہ تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں دوگنا ہو چکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس بحرانی صورتحال میں 7.7 ملین افراد کو خوارک کی شدید قلت کا سامنا بھی ہے۔ اس سفارتکار نے کہا ہے کہ اگر عالمی برداری نے فوری ایکشن نہ لیا تو صورتحال مزید ابتر ہو جائے گی۔

[pullquote]موغا دیشو میں کار بم حملہ، چار افراد مارے گئے[/pullquote]

صومالی دارالحکومت موغا دیشو میں کار بم حملے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جبکہ دس زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ اتوار کے روز کی گئی اس کارروائی میں دو فوجی بھی مارے گئے۔ یہ حملہ موغا دیشو میں واقع پارلیمانی ہیڈ کوارٹرز اور صدر محل کے نزدیک ہی کیا گیا۔ ایک سینیئر پولیس اہلکار کے مطابق یہ دھماکا اس وقت ہوا، جب ایک چیک پوائنٹ پر ایک مشتبہ کار کو تلاشی کے لیے روکا گیا۔ اس کارروائی سے کچھ گھنٹے قبل موغا دیشو کے نواح میں بھی ایک کار بم حملہ کیا گیا، جس میں ایک شخص ہلاک ہوا۔

[pullquote]
بوکو حرام کا حملہ ، نائجر میں پانچ افراد مارے گئے[/pullquote]

شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے جنگجوؤں کی طرف سے نائجر میں کیے گئے ایک حملے کے نتیجے میں پانچ افراد مارے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ یہ کارروائی نائجیریا سے متصل شمال مشرقی نائجر میں کی گئی ۔ نائجیریا میں فعال شدت پسند ہمسایہ ممالک میں بھی پرتشدد کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔ جنوری میں بھی ان جنگجوؤں نے نائجر میں حملہ کرتے ہوئے سترہ فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

[pullquote]مصر میں صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ شروع[/pullquote]

مصر میں صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ عوامی جائزوں کے مطابق صدر عبدالفتاح السیسی اس انتخابی عمل میں آسانی سے کامیابی حاصل کر لیں گے۔ اس الیکشن کے دوران مصر کے ستائیس صوبوں میں چودہ ہزار پولنگ اسٹیشنوں کی نگرانی اور سلامتی کو یقینی بنانے کی خاطر ڈھائی لاکھ سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ صدارتی انتخابات کے سرکاری نتائج دو اپریل کو متوقع ہیں۔

[pullquote]حوثی باغیوں کے میزائل حملے ، ریاض میں ایک شخص ہلاک[/pullquote]

یمن میں فعال حوثی باغیوں نے سعودی عرب میں بڑے پیمانے پر میزائل حملے کیے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ اتوار کی رات یہ حملے یمن خانہ جنگی میں سعودی اتحادی افواج کی شمولیت کے تین برس مکمل ہونے کے موقع پر کیے گئے۔ اس کارروائی کی وجہ سے سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ مارچ سن دو ہزار پندرہ میں شروع ہونے والی اس جنگ کے دوران ریاض میں پہلی مرتبہ کوئی ہلاکت ہوئی ہے۔ باغیوں نے کہا ہے کہ ریاض میں کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے