فیس بک پرائیویسی: اپنی معلومات محفوظ کرنے کا طریقہ جانیے

فیس پر پرائیوسی کو لاحق خطرات اور اس حوالے سے کنٹرول ہمیشہ تبدیل ہو رہے ہوتے ہیں۔ جب آپ اپنی یا اپنے بچوں کی کوئی تصویر فیس بک پر لگاتے ہیں تو آپ کے کون سے فیس بک دوست اسے دیکھ سکتے ہیں یا شیئر کر سکتے ہیں؟ یا گیمز سمیت جو ایپلی کیشنز آپ نے فیس بک پر انسٹال کی ہیں وہ آپ کی کون کون سی اور کس قسم کی معلومات کسی تیسرے فریق کے لیے جمع کر رہی ہیں ؟

آپ اس بات کو کیسے یقینی بنا سکتے ہیں کہ جو ویڈیو آپ فیس بک پر لائیو کرتے ہیں صرف وہی لوگ دیکھ سکتے ہیں جنہیں آپ نے منتخب کیا ہو؟

جب بھی آپ فیس بک پر کوئی کلک یا کام کرتے ہیں تو اس میں شیئرنگ اور پرائیویسی کے مضمرات ہوتے ہیں جنہیں آپ کو اپنی اگلی کوئی بھی پوسٹ شیئر کرنے سے پہلے ذہن میں رکھنا چاہیے۔

خوش قسمتی سے فیس بک صارفین کے مسلسل مطالبے اور دنیا بھر میں مختلف حکومتوں کے قوانین کی وجہ سے فیس بک نے پرائیوسی کے کنٹرول کو کافی آسان بنایا ہے۔

یہاں ہم آپ کو فیس بک پرائیوسی کنٹرول کرنے کے حوالے سے بنیادی معلومات فراہم کر رہے ہیں:

[pullquote]پرائیویسی کا بنیادی آپشن:[/pullquote]

اگر آپ فیس بک کے مینیو میں جا کر پیچیدہ مگر تفصیلی سیٹنگز کو ابھی نہیں سمجھتے ہیں تو آپ کے لیے سب سے آسان طریقہ بھی موجود ہے جس کے ذریعے آپ اہم پرائیویسی سیٹنگ کو تبدیل کر سکتے ہیں۔

آپ اپنے فیس بک پر لاگ ان ہونے کے بعد سب سے اوپر دائیں جانب موجود ’’سوالیہ نشان ‘‘پر کلک کریں اور ’’پرائیوسی چیک اپ‘‘ کو منتخب کریں۔ یہاں پر آپ اپنی شیئر کی گئی چیزوں ، پروفائل اور ایپس کے حوالے سے سیٹنگز تبدیل کر سکتے ہیں۔

[pullquote]پوسٹس (Posts):[/pullquote]

کسی بھی پوسٹ، تصویر یا ویڈیو کو فیس بک پر شیئر کرنے سے قبل آپ پرائیوسی سیٹنگز تبدیل کر سکتے ہیں۔ ہمارا مشورہ ہے کہ آپ جو بھی چیز شیئر کریں تو اسے صرف ’’فرینڈز‘‘ تک محدود رکھیں اور کبھی بھی کوئی چیز ’’پبلک ‘‘یعنی عام نہ کریں۔ جب آپ اسے پبلک کریں گے تو فیس بک کا کوئی بھی صارف یا حتیٰ کہ وہ لوگ جو فیس بک پر موجود نہیں بھی ہیں وہ بھی آپ کی چیزوں کو دیکھ سکیں گے۔

تاہم اگر آپ کوئی مشہور شخصیت ہیں اور اپنا پیج چلا رہے ہیں یا آپ کا کوئی کاروباری پیج ہے تو اس کی سیٹنگز میں آپ پوسٹس کو ’’پبلک‘‘ رکھ سکتے ہیں۔

ایک اہم بات کہ، جب آپ پوسٹ کے لیے صرف ’دوستوں‘ کا انتخاب کرتے ہیں تو آپ کو مزید تفصیلی سیٹنگز کا آپشن یعنی ’’کسٹم ‘‘ بھی میسر ہوتا ہے۔ اس آپشن کو منتخب کر کے آپ ان دوستوں کا بھی انتخاب کر سکتے ہیں جن کو آپ اپنی پوسٹ نہیں دکھانا چاہتے ہیں۔

آپ نے اگر کوئی بھی فیس بک گروپ یا گروپس بھی جوائن کر رکھے ہیں یا دوستوں کی فہرستیں مرتب کر رکھی ہیں تو آپ ان سیٹنگز کے ذریعے اپنی پوسٹس کو کسی خاص گروپ یا دوستوں کی فہرست سے چھپا سکتے ہیں۔

آپ یہ تمام سیٹنگز اپنی تمام پوسٹس یا کسی خاص پوسٹ کے لیے بھی کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ جب بھی کوئی پوسٹ کرنے لگیں تو پوسٹ بٹن کے بائیں جانب موجود شیئرنگ بٹنگ کا انتخاب کریں۔

اچھی بات نہیں ہے کہ یہ تمام سیٹنگ آپ کبھی بھی ، کسی بھی وقت تبدیل کر سکتے ہیں۔

[pullquote]ایپلی کیشنز (Apps):[/pullquote]

کیا آپ کو یاد ہے کہ آپ 2010 میں ’فارم ویل‘ گیم فیس بک پر کھیلتے تھے؟ یا دو سال قبل ’’کینڈی کرش‘‘ کھیلنے کے شوقین تھے؟ یا انسٹاگرام کی فیس بک ایپ جو آپ نے انسٹال کی تھی؟

[pullquote]آپ کو یاد نہیں ہے نا؟[/pullquote]

جو بھی ایپ آپ نے فیس بک پر انسٹال کی ہے تو آپ اسے اجازت دیتے ہیں کہ وہ آپ کے فیس بک دوستوں کو آپ کی جانب سے کچھ بھی پوسٹ کر سکتی ہے (اگر آپ نے اس کی اجازت منسوخ نہ کر رکھی ہو تو) ۔

اس حصے میں ہم آپ کو بتائیں گے کہ آپ کے پاس کون کون سی ایپ انسٹال ہے اور اس کے پاس کس قسم کا اجازت نامہ موجود ہے۔ یہاں آپ یہ بھی کنٹرول کر سکتے ہیں کہ آپ کے پاس انسٹال ایپ کون دیکھ سکتا ہے؟

آپ اپنے فیس بک پر لاگ ان ہونے کے بعد سب سے اوپر دائیں جانب موجود ’’سوالیہ نشان ‘‘پر کلک کریں اور ’’پرائیوسی چیک اپ‘‘ کو منتخب کریں۔ ایپس (Apps) آپشن میں آپ کو وہ تمام ایپس نظر آئیں گی جوکہ آپ کے فیس بک میں انسٹال ہیں۔ ان میں کوئی بھی ایپ جو آپ استعمال نہیں کرتے ہیں اسے (x) کے بٹن کے ذریعے ڈیلیٹ کریں۔

یہاں پر جو ایپس آپ استعمال کرتے ہیں ان کی سیٹنگ کو ’Only Me(صرف مجھے) ‘ کی سیٹنگ پر کردیں۔

[pullquote]پروفائل (Profile):[/pullquote]

یہاں پر آپ اپنے ای میل ایڈریسز، سالگرہ، آبائی شہر، شادی شدہ ہونے یا نہ ہونے سمیت دیگر تفصیلات کی پرائیوسی کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔

ای میلز میں آپ کو وہ ای میل ایڈریس نظر آئے گا جس کے ذریعے آپ فیس بک پر رجسٹر ہوئے تھے یا وہ ای میل ایڈیس بھی آپ کو ملے گا جو کہ فیس نے آپ کو دیا ہے (جو یقینی کوئی بھی استعمال نہیں کرتا ہے) ۔

سالگرہ سیٹنگز میں آپ اپنی تاریخ پیدائش کو چھپا سکتے ہیں جس کے ذریعے آپ کے دوستوں کو آپ کی عمر کا علم تو نہیں ہو گا مگر وہ آپ کی سالگرہ پر آپ کو پیغامات ضرور بھیج سکیں گے۔

آبائی شہر ، یہ سیٹنگ صرف آپ کے دوستوں کے لیے کنٹرول کی جا سکتی ہے مگر ایڈورٹائزر اور دیگر افراد اس معلومات کو ہمیشہ دیکھ سکیں گے۔ بالخصوص اگر آپ فیس بک کی موبائل ایپ استعمال کرتے ہیں کیونکہ وہ ہمیشہ خودکار طریقے سے آپ کی لوکیشن کی معلومات اکٹھی کر رہی ہوتی ہے۔

یہ آپشن آپ کو صرف چیدہ چیدہ معلومات کے حوالے سے آپ کو آگاہ کرتا ہے۔ لیکن اگر آپ آپشنز کی تفصیلات دیکھنا چاہتے ہیں تو ’’My About Page‘‘ بٹن پر کلک کریں جس کے ذریعے آپ اپنے پروفائل پیج پر پہنچ جائیں گے ۔

وہاں پر آپ دیگر کئی تفصیلات مثلاً تعلیم، نوکری، رہائش، رابطہ ، بنیادی معلومات، خاندان ، زندگی کے اہم مواقع وغیرہ ملیں گی جنہیں آپ اپنی خواہش کے مطابق دوستوں سے چھپا یا ان پر عیاں کر سکتے ہیں۔

نوٹ: یہ آرٹیکل پرائیویسی سیٹنگز سے متعلق بنیادی تفصیلات پر مبنی ہے۔ اس آرٹیکل کی اگلی قسط میں ہم آپ کو ایڈوانس پرائیویسی آپشنز کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے