نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دروازے کھل گئے، شائقین کی آمد شروع

کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ آج کراچی میں کھیلا جائے گا جس کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کے دروازے کھل گئے ہیں اور شائقین کی آمد شروع ہوگئی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کی سیکیورٹی رینجرز نے سنبھال لی ہے اور پاک فوج کے دستے بھی پہنچ گئے ہیں، جب کہ اطراف کی تمام سڑکوں کو بند کردیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم کے دروازے کھول دیے گئے ہیں اور شائقین کی آمد شروع ہوگئی ہے جن کے لئے 7 مقامات پر پارکنگ کا بندوبست کیا گیا ہے۔ پارکنگ ایریاز سے شٹل سروس کے ذریعے شائقین کو اسٹیڈیم کے قریب پہنچایا جارہا ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچز کی ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے ساتھ ہی کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے۔ اس سے قبل لاہور میں بھی انٹرنیشنل میچز ہوچکے ہیں۔

2015 میں لاہور میں گرین شرٹس کو طویل عرصے بعد زمبابوے کیخلاف محدود اوورز کی سیریز کے دوران اپنی سرزمین پر انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا موقع ملا تھا، بعد ازاں سری لنکا کیخلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ بھی گذشتہ سال لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا گیا۔

اب ویسٹ انڈیز کی میزبانی کا اعزاز کراچی کو حاصل ہورہا ہے جہاں 9سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی، یہاں آخری بار آنے والی غیرملکی ٹیم سری لنکا تھی،آئی لینڈرز نیشنل اسٹیڈیم میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد ہی لاہور گئے تھے جہاں دہشت گردوں کے حملے نے پاکستان کے میدان ویران کردیے، پی ایس ایل میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے پاکستانی کرکٹرز کو اب انٹرنیشنل کرکٹ میں کیریبیئن اسٹارزکا سامنا کرنا ہے۔

گرین شرٹس اس وقت ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون ہیں تو ویسٹ انڈیز اس فارمیٹ میں عالمی چیمپئن ہے،سیکیورٹی اور دیگر وجوہات کی بناپر مہمان اسکواڈ کمزور پڑجانے کے باوجود مختلف لیگز میں تہلکہ خیز کارکردگی پیش کرنے والے کرکٹرز کسی موقع پر بھی پاکستان کو حیران و پریشان کرسکتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ میں جارح مزاج کپتان اور آل راؤنڈر کارلوس بریتھ ویٹ کی کمی محسوس ہوگی، کرس گیل، ایون لیوس جیسے اوپنرز اور جیسن آل راؤنڈر جیسا اسٹار بھی میسر نہیں، جیسن محمد کو قیادت کے ساتھ بیٹنگ کا بوجھ بھی اٹھانا ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے