جمعرات : 05 اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]میرکل رواں ماہ امریکا کا دورہ کریں گی[/pullquote]

جرمن اخبار ’دی بلڈ‘ کے مطابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل رواں ماہ کی ستائیس تاریخ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گی۔ جرمن روزنامے نے اپنے آن لائن ایڈیشن میں مزید لکھا ہے کہ میرکل کے اس ماہ کے آخر میں امریکی دورے کی خبر کی تصدیق کئی ایک ذرائع نے کی ہے۔ چانسلر میرکل کے دفتر کی جانب سے تاہم اب تک اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

[pullquote]گولن کے پیروکاروں کے خلاف مزید اقدامات ہوں گے، ترکی[/pullquote]

ترک حکومت نے امریکا میں مقیم مذہبی مبلغ فتح اللہ گولن کے پیروکاروں کو بیرونی ممالک سے ترکی واپس لانے اور اُن کے خلاف اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ترک نائب وزیر اعظم باقر بوزداگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملکی خفیہ ادارہ اب تک گولن کی تحریک سے وابستہ بیرونی ممالک میں مقیم اسّی افراد کو گرفتار کر کے ترکی واپس لا چکا ہے۔ ابھی چھ روز قبل ہی ترک حکومت نے کوسووو میں فتح اللہ گولن کے اسکولوں سے رابطے کے الزام میں چھ ترک باشندے بھی گرفتار کیے تھے۔

[pullquote]فرانسیسی، مالی فوجی دستوں سے جھڑپ میں تیس عسکریت پسند ہلاک[/pullquote]

فرانسیسی فوج نے کہا ہے کہ نائجیریا سے متصل مالی کی سرحد کے قریب فرانس اور مالی کے فوجی دستوں سے جھڑپ میں تیس عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ فرنچ آرمی کے ترجمان کرنل پیٹرک شٹائگر نے بتایا ہے کہ یہ لڑائی ساٹھ جہادیوں کے ایک گروپ کے ساتھ ہوئی تھی۔ جھڑپ کے دوران کسی فرانسیسی فوجی کی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔ کرنل شٹائگر کا کہنا ہے کہ اس سرحدی زون کو صحرائے صحارا میں اسلامک اسٹیٹ کے شدت پسند محفوظ پناہ گاہوں کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

[pullquote]گوئٹے مال: بدعنوانی میں ملوث کاروباری افراد بطور سزا سڑکیں اور اسکول بنائیں گے[/pullquote]

گوئٹے مالا میں رشوت دے کر عوامی ٹھیکے حاصل کرنے والے نو کاروباری افراد کو بطور سزا علاقے میں اسکول اور سڑکیں بنانا ہوں گی۔ یہ بات گوئٹے مالا میں اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ انسداد بد عنوانی کے ادارے کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ انسداد بدعنوانی کے ادارے سی آئی سی آئی جی کے مطابق ملزمان نے خود پر عائد الزامات کو تسلیم کر لیا تھا۔ مقامی عدالت کی جانب سے ہر ایک مجرم پر ساڑھے سڑسٹھ ہزار ڈالرز کے برابر جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ ان افراد کو بطور گروپ کم از کم چھ سڑکیں اور دیہی علاقے میں ایک اسکول بھی بنانا ہو گا۔

[pullquote]سلامتی کونسل سفارتی تنازعے پر مذاکرات بلائے، روس[/pullquote]

روس نے اس بڑھتے ہوئے سفارتی تنازعے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے جو برطانیہ میں دوہرے روسی جاسوس سیرگئی اسکرپل اور اُن کی صاحبزادی پر ہوئے کیمیائی حملے کے سبب پیدا ہوا۔ لندن نے اس کی ذمہ داری ماسکو پر عائد کی تھی جس کے بعد مغربی ممالک اور روس کے مابین سفارتی تناؤ پیدا ہوا تھا۔ ماسکو حکام اس کی تردید کرتے ہیں۔ اسی تناظر میں امریکا، یورپی یونین کی رکن ریاستوں اور نیٹو ممالک سے اب تک ڈیڑھ سو کے قریب روسی سفارتکاروں کو بے د‌خل کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ روز برطانیہ نے سابق روسی جاسوس سیرگئی اسکرپل پر حملے کی مشترکہ تحقیقات کے روسی مطالبے کو بھی مسترد کر دیا تھا۔

[pullquote]حوثی باغیوں کی طرف سے داغا گیا میزائل مار گرایا ہے، سعودی فضائیہ[/pullquote]

سعودی فضائیہ نے کہا ہے کہ اس نے سعودی سرحدی شہر جزان کے قریب حوثی باغیوں کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل مار گرایا ہے۔ اُدھر حوثی باغیوں کے ٹیلی ویژن چینل پر بتایا گیا ہے کہ میزائل کا نشانہ ارامکو تیل کمپنی کی ایک تنصیب تھی۔ سعودی فورسز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ راکٹ شمالی یمن میں حوثی باغیوں کے گڑھ صعدہ سے فائر کیا گیا۔ سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد ایران پر حوثی باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنے کا الزام عائد کرتا ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا: زہریلی شراب پینے سے اٹھائیس افراد ہلاک[/pullquote]

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں مقامی میڈیا کے مطابق ناقص شراب پینے سے اٹھائیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مقامی اخبار ’کومپَس‘ نے پولیس کے حوالے سے لکھا ہے کہ یہ افراد مقامی طور پر تیار کردہ سستی شراب پینے سے بیمار ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق مبینہ طور پر یہ زہریلی شراب بیچنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انڈونیشیا میں ہر سال آلودہ شراب پینے سے درجنوں افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب میں پہلا سنیما رواں ماہ کُھل جائے گا[/pullquote]

سعودی عرب میں 35 برس بعد پہلا تجارتی سنیما رواں ماہ کھول دیا جائے گا۔ سعودی وزارت اطلاعات کے مطابق اس حوالے سے امریکی کمپنی AMC کو لائسنس فراہم کر دیا گیا ہے۔ یہ پہلا سنیما گھر دارالحکومت ریاض میں 18 اپریل سے کام شروع کر دے گا، جس کے بعد آئندہ پانچ برسوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں 40 دیگر سنیما قائم کیے جائیں گے۔ بیان کے مطابق سال 2030ء تک ملک بھر میں کُل 350 سینما بنائے جائیں گے۔ یہ پیشرفت سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی طرف سے سعودی عرب جدید بنانے کے پروگرام کا حصہ ہے۔

[pullquote]فرانس شام میں فوجی تعینات نہ کرے، ترک صدر کا انتباہ[/pullquote]

ترکی نے فرانس سے کہا ہے کہ اسے شامی شہر منبج میں فوجی تعینات نہیں کرنے چاہییں۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے بدھ کے جمعرات کے دن انقرہ میں کہا کہ پیرس حکومت کو وہ غلطی نہیں کرنا چاہیے، جو امریکا نے کی تھی۔ ان کے بقول ترک افواج اس شمالی شامی شہر میں کرد باغیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ فرانس نے امریکی حمایت یافتہ کرد فورسز کی حمایت کے لیے سینکڑوں فوجی منبج میں تعینات کر دیے ہیں۔ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق امریکی عسکری اتحاد کے تقریبا ساڑھے تین سو فوجی منبج میں پہلے سے ہی موجود ہیں۔

[pullquote]کیمیکل حملے کے بعد ژولیا کا پہلا بیان[/pullquote]

برطانیہ میں تعینات روسی سفیر الیگزینڈر یاکووینکو نے سابق روسی ڈبل ایجنٹ سیرگئی اسکرپل کی بیٹی ژولیا کی صحت یابی کی خبروں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ژولیا نے جعمرات کو اپنے پہلے بیان میں کہا کہ وہ روزبروز بہتر محسوس کر رہی ہیں۔تاہم ان کے والد کی حالت ابھی تک نازک بتائی جا رہی ہے۔ سیرگئی اور ژولیا کو گزشتہ ماہ برطانیہ میں کیمیکل حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ لندن نے اس حملے کا الزام روس پر عائد کیا ہے تاہم کریملن اسے مسترد کرتا ہے۔ یہ تنازعہ روس اور مغربی ممالک کے مابین ایک بڑے سفارتی بحران کا سبب بن چکا ہے۔

[pullquote]اردن، جرمن وزیر خارجہ ماس کی پرنس فیصل سے ملاقات[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اپنے دورہ اردن کے دوران پرنس فیصل بن حسین سے ملاقات کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس دوران دونوں ممالک کے مابین ’سٹریٹیجک پارٹنرشپ‘ کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ عبدللہ دوئم کے بھائی پرنس فیصل کے مطابق جرمنی اور اردن سیاست، اقتصادیات اور عسکری شعبہ جات میں زیادہ تعاون کریں گے۔ جرمن وزیر اپنے دو روزہ دورہ اردن کے دوران گزشتہ روز عمان پہنچے تھے۔

[pullquote]فیس بک کی جانب سے نجی کوائف کے بارے میں تازہ اطلاعات[/pullquote]

فیس بک نے کوائف کے غیر قانونی استعمال کے بارے میں نئے اعداد و شمار پیش کیے ہیں۔ فیس بک کے ٹیکنالوجی شعبے کے سربراہ مائک شروفر نے کہا کہ ان کے خیال میں کیمبرج انیلیٹکا کے ساتھ 87 ملین صارفین کے کوائف کا تبادلہ کیا گیا تھا۔ ان کے بقول ان میں سے زیادہ تر کا تعلق امریکا سے ہے۔ اس سے قبل اس سماجی ویب سائٹ نے تسلیم کیا تھا کہ پچاس ملین صارفین کے نجی کوائف کو نامناسب استعمال کیا گیا تھا۔ برطانیہ میں موجود مشاورتی کمپنی کیمبرج انیلیٹکا نےکوائف کے غلط الزامات کو مستردکیا ہے۔

[pullquote]یوگینڈا میں ہیضے کے باعث چالیس مہاجر ہلاک[/pullquote]

یوگینڈا کے ایک مہاجر کیمپ ہیضے کی وباء کے نتیجے میں چالیس افراد مارے گئے ہیں۔ بین الاقوامی ادارے ریڈ کراس نے جمعرات کے دن بتایا ہے کہ یہ وہ مہاجر تھے، جو ہمسایہ ملک عوامی جمہوریہ کانگو میں شورش کی وجہ سے یوگینڈا آنے پر مجبور ہوئے تھے۔ مشرقی کانگو میں نسلی فسادات اور ملکی فوج اور مسلح گروہوں کے مابین شدید لڑائی کے باعث گزشتہ برس دسمبر سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد یوگینڈا مہاجرت پر مجبور ہو رہی ہے۔ تاہم مہاجر کیمپوں میں حفظان صحت کی ناقص سہولیات کے باعث شدید مسائل کا سامنا ہے۔

[pullquote]ترکی: یونیورسٹی میں فائرنگ، چار افراد ہلاک[/pullquote]

ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی انادولو کا کہنا ہے کہ ترک صوبے ایزکِیشِیہر کی عثمان غازی یونیورسٹی میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک مسلح شخص نے اسسٹنٹ ڈین، فیکلٹی ریسرچر، ایک لیکچرر اور ایک اسٹاف ممبر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ سی این این ترک کے مطابق حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی فضائی حملہ، فلسطینی شہری ہلاک[/pullquote]

شمالی غزہ میں ہوئے ایک اسرائیلی فضائی حملے میں ایک فلسطینی شہری ہلاک ہو گیا ہے۔ علاوہ ازیں حماس کی جانب سے گزشتہ ہفتے ہونے والے بڑے اجتماع میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ہے۔ اس طرح اسرائیلی اور غزہ سرحد پر مظاہروں کے دوران ایک ہفتے کے دوران ہلاکتوں کی تعداد اکیس ہو گئی ہے۔ توقع ہے کہ احتجاجی مظاہروں کا نیا سلسلہ کل جمعے کے روز سے دوبارہ شروع ہو گا جس کے بعد خدشات ہیں کہ اسرائیلی فوج اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے