جمعہ : 06 اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شامی قصبے دوما پر فضائی حملے، ستائیس شہری ہلاک[/pullquote]

سیرین آبزرویٹری فار ہییومن رائٹس کے مطابق باغیوں کے زیر قبضہ قصبے دوما میں شامی حکومت کے فضائی حملوں کے نتیجے میں ستائیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مرنے والوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔ شام کے حالات و واقعات پر نظر رکھنے والے مبصر ادارے سیرین آبزرویٹری نے یہ بھی بتایا ہے کہ دوما پر کم سے کم بیالیس فضائی حملے کیے گئے۔ آبزرویٹری کے ترجمان رامی عبدل رحمان نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

[pullquote]امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ سے خوفزدہ نہیں، چین[/pullquote]

چین نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ تجارتی جنگ میں ہر قیمت ادا کرنےکو تیار ہے۔ چینی وزارت تجارت نے اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ چین امریکا سے تجارتی جنگ نہیں چاہتا تاہم وہ کسی ایسی ممکنہ جنگ سے خائف بھی نہیں ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں چین کو انتباہ کیا تھا کہ وہ چینی مصنوعات پر ایک سو بلین ڈالر اضافی محصول لگانے پر غور کر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر اتنے بھاری محصولات عائد کریں گے ، جس سے چین کی معیشت کو نقصان ہو سکتا ہے۔

[pullquote]اسرائیل اور غزہ پٹی کی سرحد پر تازہ مظاہرے، تین فلسطینی ہلاک، درجنوں زخمی[/pullquote]

اسرائیل اور غزہ پٹی کی سرحد پر تازہ پر تشدد واقعات میں تین فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے تقریباً ڈھائی سو افراد میں سے متعدد کی حالت نازک ہے۔ آج بعد نماز جمعہ فلسطینی مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے سینکڑوں ٹائروں کو نذر آتش کر دیا، جس کی وجہ سے سرحدی علاقے میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ اس کا مقصد اسرائیل کے ماہر نشانہ بازوں کو دھوکا دینا تھا۔ جواب میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے براہ راست فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیل برسائے۔ گزشتہ ہفتے شروع ہونے والے ان مظاہروں کے نتیجے میں اکیس فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]عالمی تجارتی تنظیم نے امریکا کے ساتھ نا انصافی کی، صدر ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہےکہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن نے چین کو بے شمار مراعات دیتے ہوئے امریکا کے ساتھ نا انصافی کی ہے۔ امریکی صدر نے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ اگرچہ چین ایک بڑی معاشی طاقت ہے تاہم ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں اسے ترقی پذیر ملک سمجھا جاتا ہے اور اسی لیے زیادہ مراعات بھی دی جاتی ہیں۔ مزید یہ کہ عالمی تجارتی تنظیم امریکا کے ساتھ جانبداری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔صدر ٹرمپ نے تاہم اپنے اس دعوے کی حمایت میں کسی قسم کے ثبوت فراہم نہیں کیے۔

[pullquote]لبنان کے لیے فرانس کی جانب سے پانچ سو پچاس ملین یورو امداد کا اعلان[/pullquote]

آج بروز جمعہ فرانس نے ایک ڈونر کانفرنس میں لبنان کے لیے 550 ملین یورو کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ ژان ایو لا دریاں کے مطابق اس امداد کا کچھ حصہ عطیہ ہو گا جبکہ بقیہ رقم ادھار کے طور پر دی جائے گی اور اس پر سود کی شرح بہت کم ہو گی۔ توقع ہے کہ اس کانفرنس میں لبنان کے لیے لاکھوں ڈالر کے وعدے کیے جائیں گے۔ متعدد سیاسی بحرانوں کی وجہ سے لبنان کی اقتصادی ترقی متاثر ہوئی ہے جبکہ شامی مہاجرین کی ایک بڑی تعداد بھی اس ملک پر اضافی بوجھ بنی ہوئی ہے۔

[pullquote]سعودی عرب امریکا سےاکتیس بلین ڈالر کا آرٹلری نظام خریدے گا[/pullquote]

امریکا نے سعودی عرب کو ایک اعشاریہ اکتیس بلین ڈالر کا آرٹلری نظام فروخت کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ اعلان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے تین ہفتے تک جاری رہنے والے امریکی دورے کے اختتام پر کیا گیا۔ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان اسلحے کی فروخت کے مزید معاہدے بھی متوقع ہیں۔ گزشتہ برس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ ریاض حکومت واشنگٹن سے ایک سو دس بلین ڈالر مالیت کا اسلحہ خریدے گی۔

[pullquote]بھارتی وزارت دفاع کی ویب سائٹ ہیک ہو گئی[/pullquote]

بھارتی وزیر دفاع نرملا سدھارمن کا کہنا ہے کہ اُن کی وزارت کی ویب سائٹ ہیک کر لی گئی ہے ۔ سدھارمن کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں ایسی کسی بھی صورت حال سے بچنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ ان کے بقول حکومت ویب سائٹ کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ٹویٹر پر شیئر ہوئے ویب سائٹ کے اسکرین شاٹس میں ڈھیلے ڈھالے کپڑوں میں ملبوس ایک چینی کردار کو دکھایا گیا ہے۔ بھارت نے حالیہ برسوں میں ڈیجیٹل سیکورٹی پر زیادہ توجہ مرکوز کی ہے تاہم ہیکنگ کے واقعات اب بھی رونما ہوتے رہتے ہیں۔

[pullquote]نائجیریا: بینکوں اور پولیس اسٹیشن پر حملوں میں پندرہ افراد ہلاک[/pullquote]

نائجیریا کے قصبے اوفا میں دو بینکوں اور ایک پولیس اسٹیشن پر مسلح افراد کے حملے میں پندرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس ترجمان اجے اوکاسامنی نے اے ایف پی کو بتایا کہ تھانوں اور بینکوں پر حملہ ایک ہی وقت میں کیا گیا۔ اس پُرتشدد کارروائی میں نو پولیس اہلکاروں کے علاوہ چھ شہری بھی ہلاک ہوئے۔ نائجیریا کے اس وسطی علاقے میں جرائم پیشہ گروہ عموماﹰ سکیورٹی فورسز پر حملے کرتے ہیں۔

[pullquote]برطانیہ آگ سے کھیل رہا ہے، روس[/pullquote]

سابق روسی ڈبل ایجنٹ سیرگئی اسکریپل اور ان کی بیٹی ژولیا پر کیمیکل حملے کے تناظر میں شروع ہونے والے تنازعے پر روس نے برطانیہ سے کہا ہے کہ وہ ’آگ سے کھیل رہا ہے‘۔ اقوام متحدہ کے لیے روسی سفیر واسیلی نَیبینزیا کے بقول لندن حکومت نے ایک ’جھوٹی کہانی‘ گھڑی ہے۔ برطانیہ اس حملے کا الزام روس پر عائد کرتا ہے جبکہ کریملن اسے مسترد کرتا ہے۔ یہ تنازعہ روس اور مغربی ممالک کے مابین ایک بڑے سفارتی بحران کا سبب بن چکا ہے۔

[pullquote]سیرگئی اسکریپل کی حالت سنبھل گئی، طبی حکام[/pullquote]

سابق روسی ڈبل ایجنٹ سیرگئی اسکریپل کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ جمعے کے دن برطانوی طبی حکام نے بتایا ہے کہ کیمیکل حملے کا نشانہ بننے والے اسکریپل کی حالت مسلسل بہتر ہو رہی ہے اور اب ان کی حالت تشویشناک نہیں رہی۔ چار مارچ کو اسکریپل اور ان کی بیٹی یولیا پر یہ حملہ کیا گیا تھا، جس کے بعد سے وہ زیر علاج ہیں۔ لندن حکومت نے اس حملے کا الزام روس پر عائد کر رکھا ہے جبکہ ماسکو حکومت اسے مسترد کرتی ہے۔

[pullquote]جرمن عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں، اسپین[/pullquote]

ہسپانوی حکومت نے کہا ہے کہ وہ جرمن عدالت کی طرف سے کاتلان علیحدگی پسند رہنما کارلیس پوج ڈیمونٹ کو میڈرڈ حکومت کے حوالے نہ کرنے کے فیصلے کا احترام کرتی ہے۔ جرمن صوبے شلیسوگ ہولشٹائن کی ایک عدالت نے گزشتہ روز اپنے ایک فیصلے میں پوج ڈیمونٹ کو ضمانت پر رہا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں بغاوت کے الزامات کے تحت اسپین کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ میڈرڈ حکومت نے پوج ڈیمونٹ کے لیے یورپی وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ میڈرڈ کا کہنا ہے کہ پوج ڈیمونٹ کاتالونیا میں آزادی سے متعلق ہوئے متنازعہ ریفرنڈم کے نتیجے میں ہونے والے تشدد میں ملوث بھی تھے۔

[pullquote]دمشق میں بم دھماکا، ایک شخص ہلاک[/pullquote]

شامی دارالحکومت دمشق میں واقع ایک مسجد کے نزدیک ہوئے ایک بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ چھ زخمی ہو گئے ہیں۔ سرکاری نیوز ایجنسی SANA کے مطابق یہ دھماکا جمعے کے دن برزہ نامی علاقے میں ہوا۔ دمشق میں اس طرح کے پرتشدد واقعات رونما ہونا معمول کی بات نہیں ہے۔ برزہ کا علاقہ مشرقی دمشق میں واقع ہے، جو ہرستا کے نزدیک ہی واقع ہے۔ گزشتہ ماہ ہی ہرستا سے باغی جنگجوؤں کا انخلاء مکمل ہوا تھا۔

[pullquote]اسرائیلی غزہ سرحد پر تازہ مظاہرے شروع[/pullquote]

غزہ پٹی میں آج بڑے پیمانے پر مظاہروں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اسرائیلی اور غزہ پٹی کی سرحد پر ہونے والے ان مظاہروں کے دوران پرتشدد واقعات امکان ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے سرحد پر جمع ہونے والے فلسطینیوں کو منشتر کرنے کی خاطر آنسو گیس کے شیل فایر کیے ہیں۔ اسرائیل نے خبردار کیا ہے کہ اگر مظاہرین نے سرحد کی طرف پیشقدمی کی تو فائرنگ سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ ہفتے شروع ہونے والے ان مظاہروں کے نتیجے میں اکیس فلسطینی ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

[pullquote]میں بے قصور ہوں، سابق جنوبی افریقی صدر[/pullquote]

جنوبی افریقہ کے سابق صدر جیکب زوما نے کہا ہے کہ ان کے خلاف بدعنوانی کے الزامات ’سیاسی محرکات‘ پر مبنی ہیں۔ آج بروز جمعہ عدالت میں پیش ہونے پر زوما نے کہا کہ جب تک یہ الزامات ثابت نہیں ہوتے، تب تک وہ بے قصور ہی رہیں گے۔ عدالت میں پیشی کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ کی عمارت کے باہر اپنے حامیوں سے خطاب میں مزید کہا کہ کچھ لوگ حتمی فیصلے سے قبل ہی ان سے مجرموں جیسا رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ نوے کی دہائی میں لاکھوں بلین ڈالر مالیت کی ایک اسلحہ ڈیل پر انہیں بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے۔

[pullquote]امریکا سے ممکنہ تجارتی جنگ کی صورت میں چین ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار[/pullquote]

چین نے جمعے کے دن کہا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ ممکنہ تجارتی جنگ کی صورت میں ’ہر قیمت‘ ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ چینی درآمدات پر سو بلین ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کے اس بیان پر چین کی وزارت تجارت کی طرف سے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر امریکا بین الاقوامی کمیونٹی اور چین کے خلاف یک طرفہ اقدامات لے گا تو بیجنگ حکومت بھی ہر ممکن اقدام کرے گی۔

[pullquote]روہنگیا مسلمانوں کا قتل ’نسل کشی‘ ہے، فلپائنی صدر[/pullquote]

فلپائن کے صدر روڈریگو ڈویٹرٹے نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل کو ’نسل کشی قرار دے دیا ہے۔ انہوں ںے منیلا میں ایک اجتماع سے خطاب میں کہا کہ وہ اس مسلم کمیونٹی کو اپنے ملک میں پناہ دینے کے لیے تیار ہیں۔ اس تناطر میں انہوں نے یورپی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ بھی ان مہاجرین کو اپنے اپنے ممالک میں پناہ دیں۔ ڈویٹرٹے نے مزید کہا کہ افسوس ہے کہ عالمی برادری یہ بحران ختم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ میانمار میں اس تشدد کے باعث سات لاکھ روہنگیا بنگلہ دیش مہاجرت پر مجبور ہو چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے