اتوار : 08 اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت نیپالی دارالحکومت کے لیے ریلوے رابطہ تعمیر کرے گا[/pullquote]

بھارت نے ہفتے کے روز نیپالی دارالحکومت کھٹمنڈو کے لیے ریلوے تعمیر کرنے اور دریائی راستے کھولنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے نیپالی وزیراعظم کے پی شرما اولی اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان نئی دہلی میں بات چیت میں طے پایا۔ رواں برس ایک مرتبہ پھر برسراقتدار آنے والے کے پی شرما اولی اپنے پہلے غیرملکی دورے پر بھارت پہنچے ہیں۔ اپنے پچھلے دور حکومت میں انہوں نے سن 2016ء میں چین کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت کھٹمنڈو کو چین کی سڑکیں اور بندرگاہیں استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

[pullquote]امریکا نے تائیوان کے لیے آبدوز منصوبے کی اجازت دے دی[/pullquote]

واشنگٹن حکومت نے امریکی دفاعی کمپنیوں کو اجازت دے دی ہے، جس کے تحت وہ تائیوان کو اپنی آبدوزیں تیار کرنے میں مدد فراہم کریں گی۔ تائیوان حکومت نے اس امریکی اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔ اس طرح اب تائیوان چینی خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنے بحری فلیِٹ کو مضبوط بنا سکے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے منصوبے کے مطابق تائیوان جو امریکی آبدوزوں کی خریداری کی کوشش میں رہا ہے، اب وہ خود آبدوزیں تیار کر پائے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے یہ ٹیکنالوجی تائیوان کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

[pullquote]یمن میں باغیوں کے ہاتھوں درجنوں سوڈانی فوجی ہلاک[/pullquote]

یمن میں باغیوں نے گھات لگا کر سعودی اتحاد میں شامل سوڈانی فوجیوں کے ایک قافلے پر حملہ کر دیا۔ اس واقعے میں درجنوں سوڈانی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ فوجی ذرائع کے مطابق ایران نواز شیعہ حوثی باغیوں نے شمالی یمن میں سوڈانی فوجیوں کے قافلے کو چاروں طرف سے گھیر کا فائرنگ کی۔ اس واقعے پر فی الحال سوڈانی حکومت کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے، تاہم سعودی اتحاد میں شامل سوڈان نے یمن میں سیکنڑوں فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔ خرطوم حکومت سن 2015ء سے یمنی تنازعے میں سعودی اتحاد کا حصہ ہے۔

[pullquote]دوسری عالمی جنگ میں گرائے گئے بم کی تلفی، ہزاروں جرمن شہریوں کا علاقے سے انخلا[/pullquote]

جرمن شہر پاڈیربورن میں دوسری عالمی جنگ کے دوران گرایا گیا ایک بم ملنے کے بعد 26 ہزار رہائشیوں کو علاقے سے دور منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران گرایا گیا یہ برطانوی بم پھٹ نہیں سکا تھا اور گزشتہ ماہ ایک گھر کے باغیچے سے ملا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس بم کو باغیچے سے نکالنے کے عمل کے دوران ڈیڑھ کلومیٹر کا علاقہ خالی کرایا گیا ہے۔ اسی تناظر میں دو ہسپتال، یونیورسٹی کے چند حصے اور معمر افراد کے متعدد مراکز بھی خالی کرائے گئے ہیں۔ اس بم کو دوسری جگہ منتقل کر کے محفوظ انداز سے تلف کر دیا جائے گا۔

[pullquote]شام میں کیمیائی حملے کی خبریں من گھڑت ہیں، روس[/pullquote]

روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مشرقی غوطہ کے علاقے دوما میں کیمیائی حملے کی رپورٹیں من گھڑت ہیں۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان اطلاعات کی بنا پر اگر شامی فورسز کے خلاف کوئی بھی عسکری کارروائی کی گئی، تو اس کے نہایت سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ روسی بیان میں کہا گیا ہےکہ ماسکو حکومت اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ تنبیہ کر چکی ہے کہ من گھڑت افواہوں کی بنیاد پر اشتعال انگیز اقدامات کر کے دہشت گردوں کو معاونت فراہم نہ کی جائے۔ اس سے قبل سامنے آنے والی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ دوما میں ممکنہ کیمیائی حملے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک سو سے زائد ہو سکتی ہے۔

[pullquote]ٹریفک حادثے میں شہری کی ہلاکت، امریکی سفیر کی پاکستانی دفتر خارجہ طلبی[/pullquote]

پاکستان نے امریکی سفیر کو ایک امریکی سفارت کار کی گاڑی سے ٹکر کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری کی ہلاکت کے واقعے پر احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا۔ ہفتے کے روز اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے دفاعی اتاچی کی گاڑی ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے میں 22 سالہ پاکستانی شہری عتیق بیگ ہلاک جب کہ اس کے ہم راہ اس کا کزن زخمی ہو گیا تھا۔

[pullquote]غزہ میں ’کوئی معصوم انسان‘ نہیں، اسرائیلی وزیر دفاع[/pullquote]

اسرائیلی وزیردفاع اویگدور لیبرمان نے اتوار کے روز کہا ہے کہ حماس کے زیر انتظام غزہ پٹی کے علاقے میں ’کوئی معصوم‘ نہیں ہے۔ ان کا یہ بیان گزشتہ دس روز سے جاری مظاہروں کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جس میں اب تک 30 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایک اسرائیلی ریڈیو سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ کا ہر شخص حماس سے جڑا ہے، یا حماس سے تنخواہ لے رہا ہے اور انسانی حقوق کے وہ تمام کارکنان جو اسرائیلی سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حماس کے عسکری بازو سے تعلق رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ غزہ پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے استعمال پر اسرائیل کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ ٹاور میں آتش زدگی، ایک شخص ہلاک[/pullquote]

نیویارک میں ٹرمپ ٹاور کی 50ویں منزل پر آتش زدگی کے واقعے میں ایک معمر شخص ہلاک جب کہ چار فائر فائٹرز زخمی ہو گئے ہیں۔ نیویارک کے محکمہ پولیس کے مطابق ہلاک ہوانے والا 67 سالہ ٹوڈ بریسنر جائے حادثہ پر مردہ حالت میں ملا تھا۔ فائربریگیڈ کے مطابق آتش زدگی کی شکار منزل کی وجہ سے عمارت کے متعدد دیگر حصوں میں بھی دھواں پھیل گیا ہے۔ حکام کے مطابق زخمی ہونے والے فائرفائٹرز کو طبی امداد دی جا رہی ہے اور ان میں سے کسی کی زندگی بھی خطرے میں نہیں۔

[pullquote]میونسٹر حملے کے محرکات اب تک غیر واضح[/pullquote]

جرمن پولیس ہفتے کی سہ پہر شمال مغربی جرمن شہر میونسٹر میں ہونے والے وین حملے کے محرکات کی تفتیش میں مصروف ہے۔ گزشتہ روز حملہ آور نے ایک وین ریسٹورنٹ کے باہر بیٹھے لوگوں پر چڑھا دی تھی اور بعد میں خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا تھا۔ اس واقعے میں دو افراد ہلاک جب کہ بیس زخمی ہوئے، جن میں سے چھ شدید زخمی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور ایک جرمن شہری تھا۔

[pullquote]اسد کو مبینہ کیمیائی حملے کی بڑی قیمت چکانا ہو گی، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ مشرقی غوطہ میں شہریوں کے خلاف مبینہ کیمیائی حملے کی شامی صدر بشار الاسد کو ’بھاری قیمت‘ چکانا ہو گی۔ ٹرمپ نے اتوار کے دن اپنی ایک ٹویٹ میں بہت سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایران اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن بھی ’بے حس اسد‘ کی حمایت کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے لکھا کہ ’بے حس کیمیائی حملے کے نتیجے میں خواتین اور بچے بھی مارے گئے ہیں‘۔ دوسری طرف ماسکو نے کہا ہے کہ دمشق حکومت نے مشرقی غوطہ میں کوئی کیمیائی ہتھیار استعمال نہیں کیے۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق اس الزام کی آڑ میں کوئی کارروائی کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

[pullquote]شامی باغی دوما چھوڑنے پر رضا مند ہو گئے[/pullquote]

میڈیا رپورٹوں کے مطابق شامی باغی گروہ مشرقی غوطہ کے شہر دوما سے مکمل انخلاء پر رضا مند ہو گئے۔ گزشتہ تین دنوں سے جاری شدید بمباری کے نتیجے میں ان باغیوں ںے وہاں سے نکل جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایک ڈیل کے تحت شامی حکومت قیدیوں کو رہا کر دے گی، جس کے بدلے میں جیش الاسلام کے جنگجو آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں دوما سے نکل کر شمالی شہر جرابلس چلے جائیں گے۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے، جب شامی فورسز پر دوما میں مبینہ طور پر ایک ہلاکت خیز کیمیائی حملے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔

[pullquote]محمد بن سلمان فرانس پہنچ گئے[/pullquote]

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اپنے دورہ یورپ کی پہلی منزل فرانس پہنچ گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کے دن پیرس پہنچنے پر فرانسیسی وزیر خارجہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس دو روزہ دورے کے دوران محمد بن سلمان منگل کے دن فرانسیسی صدر ماکروں سے ملاقات کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس دوران دونوں رہنما یمنی اور شامی بحرانوں پر گفتگو کے علاوہ ایران سے متعلق بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ سعودی ولی عہد اس یورپی دورے کے دوران آئندہ ہفتے اسپین بھی جائیں گے۔

[pullquote]جرمن دارالحکومت میں حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا[/pullquote]

جرمن میڈیا کے مطابق پولیس نے برلن میں حملے کا ایک منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ اتوار کے دن ایسے چار افراد کو حراست میں لے لیا گیا، جن پر شبہ تھا کہ وہ برلن میں اتوار ہی کے دن ہونے والی ’ہاف میراتھن‘ کے دوران چاقوؤں سے حملہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ جرمن روزنامہ ’دی ویلٹ‘ کے آن لائن ایڈیشن کے مطابق ان مشتبہ افراد کا تعلق انیس عامری کے نیٹ ورک سے ہے۔ عامری نے دسمبر سن دو ہزار سولہ میں برلن میں ہی ایک ٹرک حملہ کرتے ہوئے گیارہ افراد کو ہلاک اور درجنوں دیگر کو زخمی کر دیا تھا۔

[pullquote]میونسٹر حملہ آور ذہنی مسائل کا شکار جرمن شہری تھا، وزیر[/pullquote]

گزشتہ روز میونسٹر میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر عام افراد پر وین چڑھا دینے والے مشتبہ حملہ آور سے متعلق بتایا گیا ہےکہ وہ ذہنی مسائل کا شکار ایک ’تنہا جرمن‘ تھا۔ اتوار کے روز علاقائی وزیرداخلہ نے حملہ آور سے متعلق گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بہت سے اشارے ملے ہیں کہ یہ مشتبہ حملہ آور ذہنی مسائل سے دوچار تھا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انتہائی محتاط انداز سے تفتیش کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ ہفتے کی سہ پہر اس حملہ آور نے ایک وین شمال مغربی جرمن شہر میونسٹر کے ایک سیاحتی مقام میں لوگوں کے ہجوم پر چڑھا دی تھی۔ اس واقعے میں دو افراد ہلاک جب کہ بیس زخمی ہو گئے تھے۔ بعد میں اس حملہ آور نے خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا تھا۔

[pullquote]ہنگری میں عام انتخابات، پولنگ جاری[/pullquote]

ہنگری میں عام انتخابات کے سلسلے میں اتوار کے روز پولنگ جاری ہے۔ ان انتخابات میں ہنگری کے قریب سات اعشاریہ نو ملین ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ ان انتخابات میں مسلم اور مہاجرین مخالف رہنما اور موجودہ وزیراعظم وکٹور اوربان تیسری مدت کے لیے میدان میں ہیں۔ یورپی یونین کے اداروں سے متصادم پالیسیاں جاری رکھنے اور ملک میں سول سوسائٹی کے خلاف مبینہ کریک ڈاؤن میں مصروف وکٹور اوربان مہاجرین سے متعلق سخت نکتہ ہائے نگاہ کے حامل ہیں۔ انتخابات سے قبل کرائے جانے والے عوامی جائزوں میں انہیں اپنے حرفیوں پر واضح برتری حاصل تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے