وزیر اعظم باؤ کانفرنس 2018 میں شرکت کیلئے چین پہنچ گئے

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی تین روزہ باؤ فورم برائے ایشیا کی سالانہ کانفرنس میں شرکت کے لیے چین پہنچ گئے جہاں وہ افتتاحی سیشن میں خطاب کریں گے۔

چین کے شہر سانیا کی سی پی پی سی سی قائمہ کمیٹی کے رکن یان ژاؤ جوان نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا استقبال کیا، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور وزیرداخلہ احسن اقبال بھی ان کے ہمرا ہیں۔

وزیر اعظم آفس کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی باؤ فورم برائے ایشیا کے 8 سے 10 اپریل کو چین کے صوبہ ہنان کے شہر باؤ میں منعقد ہونے والے فورم کی سالانہ کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

تین روزہ کانفرنس کا موضوع ‘ابھرتے ایشیا کا عالمی خوشحالی میں کردار’ ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق باؤ فورم ایک غیر سرکاری اور غیر منافع بخش بین الاقوامی تنظیم ہے جس کا باضابطہ طور پر قیام 2001 میں عمل میں لایا گیا تھا جس کا مقصد ایشیا، دنیا کے دیگر ممالک اور ایشیا کے مابین گہرے اقتصادی تعاون، روابط اور تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

یہ فورم حکومتی سربراہان، کاروباری برادری، ماہرین اور اسکالرز کو معیشت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے لیے اعلیٰ سطحی تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اس فورم کے ابتدائی 26 اراکین میں سے ایک ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی باؤ فورم کے افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے جبکہ چین کے صدر شی جن پنگ اور کانفرنس میں شریک دیگر رہنما بھی سالانہ فورم سے خطاب کریں گے۔

وزیر اعظم دورے میں چینی قیادت کے علاوہ دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

فورم میں وزیر اعظم کو پاک-چین اقتصادی راہداری(سی پیک) کے منصوبوں پر کامیابی سے عمل درآمد کے حوالے سے پاکستان کی پیش رفت سے دنیا کو آگاہ کرنے کا موقع ملے گا۔

وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ خطے کے ساتھ ساتھ عالمی تناظر میں پاکستان کو کامیاب اقتصادی شراکت دار کے طور پر اجاگر کرنے میں مددگار ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے