بدھ : 11 اپریل 2018 کی اہم ترین قومی خبریں

[pullquote]پی ٹی آئی میں شمولیت پرابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، چوہدری نثار[/pullquote]

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پارٹی سے اختلاف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت پر ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن وزارت چھوڑنے سے اب تک مسلم لیگ (ن) میں ہی ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے تحریک انصاف رابطہ کیا ہے نہ ہی وہاں سے کوئی رابطہ ہوا ہے اور پی ٹی آئی کی جانب سے عہدے کی پیش کش کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

[pullquote]نئے مالی سال کا بجٹ دینا موجودہ حکومت کا اختیار نہیں، خورشید شاہ[/pullquote]

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے نگراں وزیراعظم کے انتخاب کے حوالے سے ملاقات میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے پاس نئے مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کا اختیار نہیں ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی سے نگراں وزیراعظم کے معاملے پر بات چیت ہوئی تاہم دونوں جانب سے کوئی نام تجویز نہیں کیا گیا۔

[pullquote]سندھ کا آئندہ وزیراعلیٰ پی ایس پی سے ہوگا، مصطفیٰ کمال[/pullquote]

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ سندھ کا آئندہ وزیراعلیٰ پی ایس پی سے ہوگا۔کراچی میں پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال پریس کانفرنس کر رہے تھے۔اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے ایم پی اے انور رضا نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دوستوں کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنائیں گے ،آج ہمارےقافلےمیں ایم پی اے انور رضاشامل ہو رہے ہیں۔مصطفیٰ کمال کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج تقریباً 40عہدے دار پی ایس پی میں شامل ہوئے ہیں۔

[pullquote]نواز شریف کو بند گلی نہیں اڈیالہ جیل کی طرف دھکیلا جارہا ہے، عمران خان[/pullquote]

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو بند گلی کی طرف نہیں اڈیالہ جیل کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فاٹا اصلاحات پرعمل درآمد ہوجانا چاہیے تھا مگراب تک نہیں ہوا، اگر الیکشن جیت کر اقتدارمیں آگئے تو فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کردیں گے اور 3 سے 5 ماہ میں قبائلی علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کرائیں گے، فاٹا کے حوالے سے جلد آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کروں گا ، جس میں ان سے فاٹا کے 3 نکات پر بات ہوگی، ان کے سامنے فاٹا میں سیکورٹی چیک پوسٹ کم سے کم کرنے، بارودی سرنگوں کے خاتمے اور لاپتہ افراد کا معاملہ اٹھاؤں گا۔

[pullquote]عمران خان کراچی سے انتخاب لڑیں انہیں عبرتناک شکست دیں گے، بلاول بھٹو[/pullquote]

حیدر آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ آئیں اور کراچی سے انتخاب لڑیں انہیں عبرتناک شکست دیں گے۔ مٹھی میں تقریب سے خطاب ومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی سندھ کا کوہ نور ہے جس کا ہم بہت خیال رکھتے ہیں لیکن آج بھی کراچی پرایک سیاسی پارٹی کا قبضہ ہے اور کراچی کے بلدیاتی ادارے ایک مخصوص جماعت کے پاس ہیں جو آپس میں لڑرہے ہیں جب کہ وہ خود کام کررہے ہیں اور نہ کسی اور کو کرنے دے رہے ہیں۔

[pullquote]’امن کے ثمرات استحکام اور ترقی کی صورت میں عوام تک پہنچنے چاہیں'[/pullquote]

اسلام آباد: کورکمانڈرز کانفرنس، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنز کی کامیابیوں کا جائزہ، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملک میں امن کے ثمرات، استحکام اور ترقی کی صورت میں عوام تک پہنچنے چاہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس، ملکی سیکیورٹی اور خطے کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ امن کے ثمرات استحکام اور ترقی کی صورت میں عوام تک پہنچنے چاہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں سے پاک علاقوں کا کنٹرول سول انتظامیہ کی صلاحیتیں بڑھا کر ان کے حوالے کیا جارہا ہے۔ریاستی ادارے پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر لے جانے کے لیے کوشاں ہیں۔ فاٹا کو بھی قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں آپریشن ردالفساد، خوشحال بلوچستان پروگرام اور آپریشنز کے ذریعے حاصل کامیابیوں کو مستحکم بنانے کے لیے امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

[pullquote] چودھری نثار کے سنسنی خیز انکشافات[/pullquote]

اسلام آباد: عمران خان نے کوئی رابطہ نہیں کیا، نون ہو یا ش لیگ دونوں ہی قبول ہیں۔ چودھری نثار کی دنیا نیوز سے گفتگو، پارٹی سے منفی پیغامات کا سلسلہ نہ رکا تو ہوسکتا ہے خاموش نہ رہوں۔ چودھری نثار کے سنسنی خیز انکشافات، عمران خان یا تحریک انصاف نے کوئی رابطہ نہیں کیا، 34 سال سے پارٹی میں تھا اور اب بھی ہوں۔ نون لیگ ہو یا ش لیگ دونوں ہی قبول ہیں۔ ناراض لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ نوازشریف جیل گئے تو پارٹی کو بہت نقصان ہوگا۔ پارٹی سے منفی پیغامات کا سلسلہ نہ رکا تو ہوسکتا ہے خاموش نہ رہوں۔چوہدری نثار نے کہا ہے کہ نوازشریف کی گاڑی سے اترنے والا اوٹ پٹانگ بیانات دیتا ہے، نون کا شین بننا قبول ہے لیکن مسلم لیگ ایم اے کے ساتھ کام کرنا ناممکن ہے۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈان لیکس میں مریم نواز کا نام نہیں تھا۔ چودھری نثار نے یہ تمام انکشافات دنیا نیوز اسلام آباد کے بیورو چیف ابراہیم راجہ سے خصوصی گفتگو میں کیے۔

[pullquote]’پاکستانی انتخابات کو فیس بک سے متاثر نہیں ہونے دیں گے'[/pullquote]

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عام انتخابات کو فیس بک سے متاثر نہیں ہونے دیں گے اور ان کی کمپنی کسی بھی طرح مداخلت کے لیے استعمال نہیں ہوسکے گی۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 2018 فیس بک کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس برس پاکستان، بھارت اور دیگر کئی ممالک میں انتخابات ہونے والے ہیں اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان کی کمپنی اب کسی قسم کی مداخلت کے لیے استعمال نہ ہوسکے۔ان کا کہنا تھا ‘ ہم جلعی اکاﺅنٹس کو ڈیلیٹ کررہے ہیں جبکہ ایسے پیجز اور اکاﺅنٹ کے خلاف بھی ایکشن لے رہے ہیں جو کہ انتخابی سرگرمیوں میں مداخلت کررہے ہیں، اسی طرح ہم نے سیکیورٹی اور مواد پر ریویو کے لیے بھی کام کررہے ہیں، جس کے لیے عملے کی تعداد کو 15 سے بڑھا کر 20 ہزار کیا جائے گا’۔

[pullquote]سٹی کورٹ کراچی میں آتشزدگی، اہم ریکارڈ جل کر خاکستر[/pullquote]

کراچی: رات گئے سٹی کورٹ میں اچانک آگ لگنے سے مال خانے کی پوری عمارت جل کر خاکستر ہوگئی جبکہ اس کے ساتھ موجود ریکارڈ روم میں عدالتی ریکارڈ بھی جل گیا۔کراچی کے سٹی کورٹ میں 10 اور 11 اپریل کی درمیانی شب اچانک کورٹ کے مال خانے میں آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مال خانے کی پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا، تاہم مال خانے میں موجود اسلحہ، گولیاں اور بارودی مواد آگ کی شدت سے پھٹنا شروع ہوگیا، جس کی وجہ ریسکیو آپریشن کو روک کر تمام رضاکاروں کو سٹی کورٹ کے احاطے سے باہر نکال دیا گیا اور مال خانے میں موجود بارودی مواد کے دھماکوں سے علاقہ لرزتا رہا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر اور ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان سمیت دیگر اعلیٰ پولیس حکام موقع پر پہنچے۔میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ مال خانہ برطانیہ دور کا تعمیر کردہ تھا تاہم آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔

[pullquote]نون لیگ میں ٹوٹ پھوٹ، نئی سیاسی بساط بچھ گئی؟[/pullquote]

پاکستان میں حکمراں جماعت مسلم لیگ نون میں نواز شریف کی بطور وزیراعطم نااہلی کے بعد سے جماعت میں اندرونی اختلافات کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔اگرچہ نہ صرف نواز شریف بلکہ ان کی صاحبزداری اور بھائی شبہاز شریف کی جانب سے وقفے وقفے سے ان خبروں کی تردید سامنے آتی رہی ہے تاہم اب مسلم لیگ نون کے ٹکٹ سے منتخب ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی اب جماعت سے منحرف ہونا شروع ہوئے ہیں۔اس کی تازہ کڑی پیر کو جنوبی پنجاب سے اس آٹھ ارکان کی جماعت سے علحیدگی کا اعلان ہے۔’لگتا ہے کہ پارٹی کی صفوں میں موجود اختلافات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسے رہنماؤں کو تلاش کیا جا رہا ہے جن کو قیادت سے اختلافات ہیں، کوئی رنجش ہے تو اس بنیاد پر ان کو الگ کر کے ان کی مدد سے مسلم لیگ نون کی طاقت کو بتدریج کم کیا جا سکے اور اس کا مقصد یہ ہو سکتا ہے کہ انتخابات میں یہ جماعت سادہ اکثریت سے ایوان میں نہ آ سکے.

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے