جمعرات : 12 اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شام میں کیمیائی حملے کے ثبوت موجود ہیں، فرانسیسی صدر[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے شامی علاقے مشرقی غوطہ میں کیے گئے کیمیائی حملے کے شواہد مل گئے ہیں۔ ان کے بقول شامی صدر بشار الاسد کی حکومت نے یہ حملہ ایک خاص وقت کا انتخاب کر کے کیا تھا۔ ماکروں کے مطابق اس حملے میں کم از کم کلورین کی موجودگی کے شواہد مل چکے ہیں۔ فرانسیسی صدر نے واضح کیا کہ فرانس بھی اس حملے کا مناسب جواب خاص وقت پر دے گا۔ ماکروں نے ان خیالات کا اظہار ایک فرانسیسی ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

[pullquote]سال رواں کی پہلی سہ ماہی میں افغان سویلین ہلاکتوں میں اضافہ[/pullquote]

افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن نے کہا ہے کہ رواں برس کی پہلی سہ ماہی کے دوران دہشت گردانہ حملوں اور عسکری کارروائیوں کے دوران افغان شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس مشن کے ایک بیان کے مطابق ان تین ماہ میں 763 افغان شہری مارے گئے اور پندرہ سو کے قریب زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ طالبان اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے حملوں میں ہونے والی شہری ہلاکتوں میں چھ فیصد اضافہ بھی ہوا۔ دوسری جانب امریکی اور افغان دستوں کے فوجی آپریشنوں کے دوران شہری ہلاکتوں میں مجموعی طور پر کمی دیکھنے میں آئی۔

[pullquote]جرمن نوآبادیاتی دور: برلن میں سڑکوں کے نام بدلنے کا فیصلہ[/pullquote]

جرمن دارالحکومت کے برلن مِٹے نامی وسطی حصے کی بلدیاتی انتظامیہ نے براعظم افریقہ میں جرمن نوآبادیاتی دور کی اہم شخصیات سے منسوب سڑکوں اور گلیوں کے نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فیصلے کے تحت اب ایسی سڑکوں اور گلیوں کو افریقی ممالک نمیبیا اور تنزانیہ میں نوآبادیاتی دور کے خلاف مزاحمتی تحریکوں کے نمایاں رہنماؤں سے موسوم کر دیا جائے گا۔ وسطی برلن میں مقامی حکومتی سطح پر اس بارے میں بحث گزشتہ تین دہائیوں سے جاری تھی اور حتمی فیصلہ بدھ گیارہ اپریل کی شام ایک رائے شماری میں کیا گیا۔

[pullquote]شام میں کسی عسکری کارروائی میں شامل نہیں ہوں گے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے شام میں کسی عسکری کارروائی کا حصہ بننے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ میرکل کے بقول شامی تنازعے کے حل کے حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بیان ڈنمارک کے وزیر اعظم لارس لوکے راسموسن سے ملاقات کے بعد دیا۔ جرمن چانسلر نے مزید کہا کہ شام کے معاملے میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ واضح ہے کہ اسد حکومت نے تمام کیمیائی ہتھیار تلف نہیں کیے ہیں۔ شام میں مبینہ کیمیائی حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عسکری کارروائی کی دھمکی دے رکھی ہے۔

[pullquote]ہنگری پر یورپی اقدار کی خلاف ورزیوں کے الزامات[/pullquote]

ہنگری پر یورپی اقدار کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ یوڈتھ سارگن ٹینی کی اس رپورٹ میں یورپی یونین کی رکن ریاستوں سے بوڈاپیشٹ حکومت کے خلاف یورپی معاہدے کی شق نمبر سات کے تحت قانونی چار جوئی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس طرح ہنگری یورپی سطح پر اپنے حق رائے دہی سے محروم بھی ہو سکتا ہے۔ ہالینڈ کی سیاستدان یوڈتھ سارگن ٹینی نے یہ رپورٹ یورپی پارلیمان میں پیش کی ہے۔ ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان پر شہریوں کے بنیادی حقوق سلب کرنے، آزادی اظہار پر قدغن لگانے اور عدلیہ کے وقار کو مجروع کرنے کے الزامات ہیں۔

[pullquote]سیرگئی سکرپل اور ان کی بیٹی پر کیمیائی حملہ کیا گیا تھا، او پی سی ڈبلیو[/pullquote]

کیمیائی ہتھیاروں کے انسداد کی بین الاقوامی تنظیم ( او پی سی ڈبلیو) نے سابق روسی جاسوس پر کیمیائی حملے کی تصدیق کر دی ہے۔ او پی سی ڈبلیو کے مطابق سیرگئی سکرپل اور ان کی بیٹی جولیا کے خون کے نمونوں سے ثابت ہو گیا ہے اس حملے میں زہریلا مادہ استعمال کیا گیا تھا۔ ان نمونوں کی چار مختلف لیبارٹریوں میں جانچ پڑتال کی گئی تھی۔ تاہم اس رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ کیمیائی مادہ کس ملک میں تیار کیا جاتا ہے۔ برطانوی حکومت چار مارچ کے اس حملے کی ذمہ داری روس پر عائد کرتی ہے، جسے ماسکو نے مسترد کر دیا ہے۔

[pullquote]غزنی کے ایک اہم ترین ضلع پر طالبان کا حملہ، مقامی گورنر ہلاک[/pullquote]

افغان صوبے غزنی میں طالبان کے ایک حملے میں مقامی گورنر سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عارف نوری نے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع خواجہ عامری میں آج جمعرات کی علی الصبح پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ طالبان سیڑھی کی مدد سے اس سرکاری کمپاؤنڈ میں داخل ہوئے۔ نوری کے بقول اس حملے میں خفیہ ادارے کے نو افسران زخمی بھی ہیں۔ طالبان نے واٹس ایپ کے ذریعے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تعداد بیس بتائی ہے۔ افغان حکام نے بتایا ہے کہ اس دوران حالات پر قابو پا لیا گیا ہے۔

[pullquote]دنیا بھر میں سزائے موت دیے جانے کے واقعات میں کمی، ایمنسٹی[/pullquote]

دنیا بھر میں موت کی سزا سنانے اور اس پر عمل درآمد کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق گزشتہ برس993 افراد کو سزائے موت دی گئی، جو 2016ء کے مقابلے میں چار فیصد کم ہے۔ ان میں 84 فیصد سزاؤں پر ایران، سعودی عرب، عراق اور پاکستان میں عملدرآمد کیا گیا۔ اسی طرح 2017ء میں اس سے ایک برس قبل کے مقابلے میں سزائے موت کے سترہ فیصد کم فیصلے سامنے آئے۔ ان اعداد وشمار میں چین میں سزائے موت دیے جانے کے واقعات شامل نہیں ہیں۔ ایمنسٹی کے بقول چین میں ہر سال کئی ہزار افراد کو سزائے موت سنائی اور دی جاتی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں غیر ملکیوں کی ریکارڈ تعداد[/pullquote]

جرمنی میں غیر ملکیوں کی تعداد اپنی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ جرمن دفتر شماریات کے مطابق گزشتہ برس کے اختتام تک جرمنی میں بسنے والے دیگر ممالک کے شہریوں کی کُل تعداد 10.6 ملین تھی، جو 2016ء کے مقابلے میں 5.8 فیصد زیادہ ہے۔ اس کی ایک اہم وجہ یورپی یونین کے رکن ممالک کی شہریوں کی جرمنی آمد ہے۔ ان میں خاص طور پر پولینڈ، رومانیہ اور بلغاریہ کے شہری شامل ہیں۔ دوسری جانب گزشتہ برس شام، عراق اور افغانستان کے باشندوں کی جرمنی آمد کا سلسلہ کم ہوا ہے۔

[pullquote]صارفین کے نجی کوائف کا تحفظ اوّلین ترجیح ہے، زوکر برگ[/pullquote]

فیس بک کے بانی مارک زوکر برگ گزشتہ روز دوسری مرتبہ امریکی کانگریس کے سامنے پیش ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے صارفین کے نجی کوائف کے تحفظ کو اوّلین ترجیح قرار دیا۔ تینتیس سالہ زوکر برگ نے عالمی سطح پر انٹرنیٹ کی اہمیت اور آن لائن نیٹ ورکس کے لیے مؤثر ضوابط کو ناگزیر قرار دیا۔ کانگریس کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کیمبرج انالیٹیکا نے ان کے نجی کوائف کو بھی استعمال کیا ہے۔ مارک زوکر برگ فیس بک کے صارفین کے کوائف کے غیر قانونی استعمال کے حوالے سے امریکی کانگریس میں پیش ہوئے تھے۔

[pullquote]صارفین کے نجی کوائف کا تحفظ اوّلین ترجیح ہے، زوکر برگ[/pullquote]

فیس بک کے بانی مارک زوکر برگ گزشتہ روز دوسری مرتبہ امریکی کانگریس کے سامنے پیش ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے صارفین کے نجی کوائف کے تحفظ کو اوّلین ترجیح قرار دیا۔ تینتیس سالہ زوکر برگ نے عالمی سطح پر انٹرنیٹ کی اہمیت اور آن لائن نیٹ ورکس کے لیے مؤثر ضوابط کو ناگزیر قرار دیا۔ کانگریس کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کیمبرج انالیٹیکا نے ان کے نجی کوائف کو بھی استعمال کیا ہے۔ مارک زوکر برگ فیس بک کے صارفین کے کوائف کے غیر قانونی استعمال کے حوالے سے امریکی کانگریس میں پیش ہوئے تھے۔

[pullquote]شام کے موضوع پر سلامتی کونسل میں تقسیم افسوس ناک ہے، گوٹیرش[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے شامی تنازعے میں شدت کی وجہ سے سلامتی کونسل سے ایک ہنگامی درخواست کی ہے۔ گوٹیرش نے مطالبہ کیا کہ اس کشیدہ ماحول میں سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کو صورتحال کو قابو میں رکھنے کی پوری کوشش کرنی چاہیے۔ ان کے بقول سلامتی کونسل میں شام کے موضوع پر تقسیم انتہائی افسوس ناک ہے۔ کونسل میں حالیہ دنوں کے دوران شام میں مبینہ کیمیائی حملے کے بارے میں پیش کی جانے والی تین قراردادیں روس اور امریکا کے ویٹو کی وجہ سے ناکام ہو چکی ہیں۔

[pullquote]شام پر حملے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے، ٹرمپ کی ترجمان[/pullquote]

امریکی صدر کی ترجمان نے کہا ہے کہ شام پر عسکری کارروائی ہی واحد حل نہیں ہے۔ سارہ سینڈرز کے مطابق شام پر حملے کا ابھی تک نہ تو حتمی فیصلہ ہوا ہے اور نہ ہی وقت کا کوئی تعین کیا گیا ہے۔ سینڈرز کا یہ بیان ٹرمپ کی اس ٹویٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے روس کو شام میں امریکی میزائل حملوں کے لیے تیار رہنے کا کہا تھا۔ صدر کی ترجمان کے بقول اتحادیوں سے اس بارے میں صلاح و مشورے جاری ہیں۔ دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے کہا ہے کہ ان کی نیوی ایسی کسی بھی کارروائی کے لیے تیار ہے۔

[pullquote]مجھے روسی تعاون کی فی الحال کوئی ضرورت نہیں، ژولیا سکرپل[/pullquote]

سابق روسی جاسوس سیرگئی سکرپل کی بیٹی ژولیا نے روسی سفارت خانے کی جانب سے مدد کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے توسط سے جاری بیان میں ژولیا نے کہا کہ فی الحال انہیں سفارت خانے کے تعاون کی کوئی ضرورت نہیں اور انہیں علم ہے کہ برطانیہ میں روسی سفارت خانے سے کیسے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ ژولیا کے بقول وہ ماسکو میں اپنی کزن سے بھی رابطہ نہیں رکھنا چاہتیں۔ لندن حکام کو شک ہے کہ کریملن حکومت ژولیا کی کزن کو استعمال کر رہی ہے۔ ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد ان کا یہ پہلا بیان ہے۔

[pullquote]میں اپنے بیان میں معافی مانگتا ہوں، پوپ[/pullquote]

پوپ فرانسس نے چلی میں جنسی استحصال کے واقعات کے حوالے سے دیے جانے والے اپنے بیان پر معافی مانگی ہے۔کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا کے بقول جنوری میں چلی کے دورے کے دوران صورتحال کا صحیح اندازہ لگانے میں ان سے غلطی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بارے میں مکمل معلومات مہیا نہیں کی گئی تھیں۔ چلی میں پوپ نے خوان باروس نامی ایک ایسے بشپ کا دفاع کیا تھا، جن پر الزم ہے کہ انہوں نے دو سابقہ پادریوں کی جانب سے جنسی استحصال کے واقعات کو دبانے کی کوشش کی تھی۔

[pullquote]شام کی موجودہ صورتحال، ایردوآن اور ٹرمپ کی بات چیت[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے شامی تنازعہ پر گفتگو کی ہے۔ ٹیلیفون پر ہونے والی اس بات چیت میں شام کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے قریبی روابط برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم نہ تو انقرہ حکام نے اور نہ ہی وائٹ ہاؤس نے اس حوالے سے مزید تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اتحادی ہونے کے باوجو آج کل ترکی اور امریکا کے تعلقات میں تناؤ پایا جاتا ہے۔ حالیہ دنوں میں ترکی کی روس کے ساتھ قربت بڑھی ہے۔

[pullquote]دوما پر اسد دستوں کا قبضہ مکمل، روسی ذرائع[/pullquote]

شامی دستوں نے مشرقی غوطہ کے شہر دوما پر مکمل طور پر قبضہ کر لیا ہے۔ روس کے عسکری ذرائع نے بتایا کہ دوما کے مرکز پر شامی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔ اس بیان میں مزید بتایا گیا کہ علاقے میں قانون کی بالادستی قائم کرنے کے لیے روس کی عسکری پولیس بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ دوما باغیوں کے زیر قبضہ مشرقی غوطہ کا آخری علاقہ تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے