تحریک لبیک کا احتجاج، لاہور میں ٹریفک مفلوج

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی متنازع فیض آباد معاہدے پر عملدرآمد کے لیے حکومت کو دی گئی ایک اور ڈیڈلائن جمعرات کے روز ختم ہوگئی جس کے بعد اس کا احتجاج لاہور کے کئی علاقوں تک پھیل گیا اور شہر میں ٹریفک مفلوج ہوگئی۔

ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد دارالحکومت اسلام آباد اور اطراف کے علاقوں میں بھی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی سخت کردی گئی۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کے داخلی اور خارجی راستوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق اسلام آباد میں آرمی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مشترکہ فلیگ مارچ ہوا۔

واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے امیر خادم حسین رضوی فیض آباد معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے پر 2 اپریل سے لاہور کے داتا دربار کے باہر دھرنے کی قیادت کر رہے ہیں، جو گزشتہ سال پاک فوج کے کردار ادا کرنے کے بعد حکومت اور تحریک لبیک یارسول اللہ (ٹی ایل وائی آر اے) کے قائدین کے درمیان طے پایا تھا۔

گزشتہ جمعہ کے روز پارٹی نے اعلان کیا تھا کہ جمعرات (آج) تک ان کے مطالبات پورے نہ ہونے پر وہ اپنے احتجاج کا دائرہ کار ملک کے دیگر شہروں تک پھیلا دیں گے۔

جمعرات کے روز 4 بجے کی ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد تحریک لبیک پاکستان کے سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری کی جانب سے کارکنوں کو سڑکوں پر آنے اور خادم رضوی کی طرف سے احتجاج ختم ہونے کے اعلان تک واپس نہ جانے کی ہدایت کی گئی۔

پیر افضل قادری کی ہدایت کے بعد تحریک لبیک کے کارکنوں نے لاہور کے بیشتر ٹریفک پوائنٹس بند کر دیئے اور شاہدرہ، فیروزپور روڑ، اپر مال اور دیگر علاقوں میں احتجاج شروع کر دیا۔

تحریک لبیک کے کارکنوں نے شاہدرہ سے موٹروے تک ٹریفک مکمل طور پر بند کر دی، جبکہ راستے بند کرنے کے باعث کئی مقامات پر شہریوں اور تحریک لبیک کے کارکنان کے درمیان تصادم بھی دیکھنے میں آیا۔

ذرائع کے مطابق ’ٹی ایل پی‘ کے رہنماؤں نے لاہور ۔ اسلام آباد موٹروے اور جی ٹی روڈ سمیت شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرنے کا منصوبہ تیا ر کر لیا ہے۔

پیر افضل قادری نے گزشتہ ہفتے صحافیوں کو بتایا تھا کہ ’اگر 11 نکاتی فیض آباد معاہدے پر، جس میں گرفتار کارکنان کی رہائی اور ان کے خلاف بنائے گئے مقدمات ختم کرنے کی شقیں بھی شامل تھیں، عملدرآمد نہیں ہوتا تو اگلے جمعہ کو پورا ملک سڑکوں پر ہوگا۔‘

وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشاورتی اجلاس
تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان کے لاہور کے کئی علاقوں میں احتجاج کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں مذہبی جماعت کے دھرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ شہباز شریف کو سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر قانون، ترجمان پنجاب حکومت اور چیف سیکریٹری سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے