جسٹس اعجازالاحسن کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ، آئی جی پنجاب طلب

لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے تاہم اب تک کسی طرح کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ذرائع کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن کی لاہور میں رہائش گاہ پر گزشتہ رات اور آج صبح نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر دورہ کیا اور فائرنگ کے واقعے کا جائزہ لیا۔

چیف جسٹس نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس کیپٹن (ر) عارف نواز کو بھی جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر طلب کرلیا۔

خیال رہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن نواز شریف اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف پاناما پیپرز کیس کی سماعت کرنے والے پانچ رکنی بینچ کا حصہ تھے۔

جسٹس اعجازالاحسن سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما پیپز کیس کے حتمی فیصلے کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر ریفرنسز کی کارروائی کے نگراں جج بھی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کو توہینِ عدالت کے جس کیس کا سامنا ہے وہ جسٹس اعجاز الاحسن کے حوالے سے ہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے