اتوار : 15 اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بارسلونا میں علیحدگی پسند رہنماؤں کے حق میں مظاہرہ[/pullquote]

ہسپانوی شہر بارسلونا میں اتوار کے دن ہزاروں افراد نے ایک احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔ یہ مظاہرین کاتالونیا کے علیحدگی پسند رہنماؤں کے خلاف ’بغاوت‘ کے الزامات عائد کرنے پر ناراضی کا اظہار کر رہے تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ میڈرڈ حکومت نے اس نیم خود مختار علاقے کے نو اہم رہنماؤں پر ’بغاوت‘ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ یہ مظاہرہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب جرمنی کی ایک عدالت نے چند روز قبل کاتلان رہنما کارلیس پوج ڈیمونٹ کو بغاوت کے الزامات کے تحت اسپین کے حوالے کرنے سے انکار کیا ہے۔

[pullquote]ہنگری کے الیکشن کے حتمی نتائج کی تصدیق کر دی گئی[/pullquote]

ہنگری کے الیکشن کمیشن نے بارہ اپریل کو ہونے والے پارلیمانی الیکشن کے حتمی سرکاری نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ ان نتائج کے مطابق قدامت پسند وزیر اعظم وکٹور اوربان کی فیدس پارٹی کو 133 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔ یوں 199 نشستوں والی ملکی پارلیمان میں اوربان کی سیاسی پارٹی کو قطعی اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔ مہاجرت مخالف سیاستدان اوربان مسلسل تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہوں گے۔ قطعی اکثریت حاصل ہونے کے نتیجے میں اب اوربان نئے قانون سازی اور آئینی ترامیم بھی کر سکیں گے۔

[pullquote]روس کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کی ضرورت ہے، جرمن صدر[/pullquote]

جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے کہا ہے کہ وہ سکرپل کیس کی وجہ سے روس اور مغرب کے مابین تعلقات میں خرابی پیدا ہونے پر تحفظات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ ان باہمی تعلقات میں بہتری کی خاطر نئی سفارتی کوششوں کے حق میں ہیں۔ ایک اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ روسی صدر پوٹن سے قطع نظر تمام روس کو ’دشمن‘ قرار نہیں دینا چاہیے۔ سابق روسی جاسوس سیرگئی سکرپل اور ان کی بیٹی ژولیا پر برطانیہ میں ہوئے کیمیکل حملے کی وجہ سے روس اور مغربی ممالک کے مابین ایک سنگین سفارتی بحران پیدا ہو چکا ہے۔

[pullquote]زہریلا کیمیکل روس میں تیار نہیں ہوا تھا، روسی وزیر خارجہ[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سکرپل اور ان کی بیٹی کو جس زہریلے کیمیکل سے حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، وہ امریکا، برطانیہ یا کسی نیٹو رکن ملک میں تیار کیا گیا تھا۔ سیرگئی لاوروف نے کہا کہ انہیں خفیہ معلومات ملی ہیں، جس کے تحت سوئس لیب میں اس مواد کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ یہ BZ کیمیکل روس یا سابق سوویت یونین میں تیار نہیں کیا گیا تھا۔ سوئس لیب نے روسی وزیر خارجہ کے اس بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

[pullquote]مونٹینیگرو میں صدارتی الیکشن، جوکانووچ کی واپسی[/pullquote]

مونٹینیگرو میں اتوار کے دن صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کی جا رہی ہے۔ عوامی جائزوں کے مطابق میلو جوکانووچ اس الیکشن کے پہلے مرحلے میں ہی قطعی اکثریت حاصل کر سکتے ہیں۔ وہ ماضی میں چھ مرتبہ وزیر اعظم اور ایک مرتبہ صدر کے طور پر خدمات سر انجام دی چکے ہیں تاہم گزشتہ کچھ سالوں سے وہ ملکی سیاست سے دوری اختیار کیے ہوئے تھے۔ چھپن سالہ جوکانووچ نے کہا ہے کہ ان کی سیاست میں واپسی کا مقصد اس یورپی ملک کو روس کے اثرورسوخ سے بچانا ہے۔

[pullquote]امریکا شام سے رخصت نہیں ہو گا، امریکی سفیر[/pullquote]

اقوام متحدہ میں امریکا کی مستقل مندوب نِکی ہیلی نے کہا ہے کہ مقاصد کے حصول تک امریکا شام سے رخصت نہیں ہو گا۔ پندرہ اپریل کو ہیلی نے فوکس نیوز کو بتایا کہ امریکا کے بنیادی تین مقاصد میں ایک کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال روکنا، دوسرا داعش کی مکمل شکست اور تیسرے ایران کی سرگرمیوں پر نگاہ رکھنا ہے۔ امریکی سفیر نے یہ بھی کہا کہ یہ اُن کی حکومت کا مقصد ہے کہ امریکی فوجی شام سے واپس اپنے وطن لوٹ آئیں لیکن یہ اُسی صورت میں ممکن ہو گا جب مقاصد حاصل ہو جائیں گے۔ شام میں امریکا کے دو ہزار کے قریب فوجی موجود ہیں۔

[pullquote]عرب لیگ کی سمٹ میں ایران پر شاہ سلمان کی تنقید[/pullquote]

عرب لیگ کے سربراہ اجلاس کے افتتاجی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے پرزور انداز میں عرب ملکوں کے داخلی مسائل میں ایران کی مبینہ مداخلت کی مذمت کی ہے۔ سعودی بادشاہ نے یمن میں حوثی ملیشیا کی ایرانی حمایت و تعاون پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی سرزمین کی جانب 116 میزائل داغے جا چکے ہیں۔ اپنے خطاب میں شاہ سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اُس فیصلے کو بھی مسترد کیا، جس کے تحت امریکا نے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے اپنے سفارت خانے کو تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ سعودی بادشاہ نے واضح کیا کہ مشرقی یروشلم فلسطین سرحدوں کا لازمی حصہ ہے۔

[pullquote]مالی میں امن فوجیوں پر حملہ، دس فرانسیسی فوجی زخمی[/pullquote]

مالی میں فرانس اور اقوام متحدہ کے امن مشن پر حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ جنگجوؤں نے ہفتے کے دن یہ کارروائی ٹمبکٹو میں امن فوجیوں کا بھیس بدل کر سر انجام دی۔ بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں دو کار بم حملے اور درجنوں راکٹ فائر کے گئے۔ مالی کی حکومت نے بتایا ہے کہ اس کارروائی کی وجہ سے اقوام متحدہ کا ایک امن سپاہی ہلاک جبکہ دس فرانسیسی فوجی زخمی ہوئے۔ سن دو ہزار تیرہ سے ایسے حملوں کے نتیجے میں مالی میں تعینات اقوام متحدہ کے 162 امن فوجی اور دیگر اہلکار مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]ونی منڈیلا کی آخری رسومات میں ہزاروں افراد کی شرکت[/pullquote]

جنوبی افریقہ میں نسلی عصبیت پر مبنی قوانین کے خلاف جدوجہد کرنے والی خاتون رہنما ونی منڈیلا کی آخری رسومات ادا کر دی گئی ہیں۔ ہفتے کے دن ونی کے آبائی علاقے زویٹو میں منعقد ہوئی اس تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ نیلسن منڈیلا کی سابقہ اہلیہ ونی منڈیلا کو ان کی خدمات کے باعث جنوبی افریقہ میں’مادر ملت‘ بھی قرار دیا جاتا ہے۔ وہ دو اپریل کو اکاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ ان کی موت پر عالمی سطح پر خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا۔

[pullquote]ہنگری میں وزیر اعظم اوربان کے خلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ[/pullquote]

ہنگری میں ہفتے کے دن وزیر اعظم وکٹور اوبان کے خلاف ایک بڑی احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ مہاجرت اور اسلام مخالف اوربان کی قدامت پسند سیاسی جماعت نے گزشتہ ہفتے منعقد ہونے والے الیکشن میں قطعی اکثریت حاصل کی تھی۔ تاہم دارالحکومت میں جمع ہوئے مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ اس انتخابی عمل میں منظم طریقے سے دھاندلی کی گئی۔ مسلسل تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے اوربان پر الزام ہے کہ انتخابی مہم میں انہوں نے مہاجرین کے خلاف ’نفرت انگیزی‘ پھیلائی تھی۔

[pullquote]جاپان اور چین دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے پر رضامند[/pullquote]

جاپانی وزیر خارجہ تارو کونو نے اتوار پندرہ اپریل کو چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ٹوکیو میں ملاقات کی ہے۔ گزشتہ نو برسوں میں وانگ یی پہلے چینی وزیر خارجہ ہیں جو جاپان کے دورے پر ہیں۔ اُن کے دورے کو جاپانی وزیراعظم اور چینی صدر شی جن پنگ کی اُس ملاقات کا تسلسل قرار دیا گیا ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا تھا۔ جاپانی وزیر خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ دونوں ملکوں کے لیڈروں کی ملاقلات کے بعد وسیع تر تعاون اور تعلقات کو بہتر بنانے پر اتفاق رائے پیدا ہوا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ چین اور جاپان کے اقتصادی روابط نہ ہونے کے برابر ہیں۔

[pullquote]مغرب سے تعلقات بہتر بنانے کی ہر کوشش کی جائے گی، روسی نائب وزیر خارجہ[/pullquote]

روس کے نائب وزیر خارجہ سیرگئی رائبکوف نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت مغربی اقوام کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کرتی رہے گی۔ رائبکوف کا یہ بیان شام پر مغربی اقوام کے چودہ اپریل کے فضائی حملوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ روس کی سرکاری نیوز ایجنسی تاس کے مطابق نائب وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ شام کے معاملے پر اقوام متحدہ میں پیش کردہ امریکا، فرانس اور برطانیہ کی مجوزہ قرارداد کا بغور جائزہ ضرور لیا جائے گا لیکن انہوں نے کسی سمجھوتے کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔

[pullquote]روس کو برائی کی جڑ بنا کر پیش کرنا درست نہیں، جرمن صدر[/pullquote]

جرمنی کے صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر نے روس کو برائی کا منبع بنا کر پیش کرنے کے سلسلے کو ترک کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں اشٹائن مائر کا کہنا تھا کہ شام پر فضائی حملے کے بعد امریکا اور روس کے درمیان براہ راست چپقلش کا امکان بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان دونوں ملکوں کے تعلقات میں خرابی کے منفی اثرات کا جرمنی کو سامنا ہو سکتا ہے۔ جرمن صدر کا انٹرویو بلڈ اَم زونٹاگ میں شائع ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ روس اور مغرب کے درمیان پیدا ہونے والی دوری باعثِ تشویش ہے۔

[pullquote]امریکی اتحادی فضائی کارروائی ’جارحیت‘ تھی، شامی صدر[/pullquote]

شامی صدر بشار الاسد نے کہا ہے کہ مغربی طاقتوں کی طرف سے شام میں فضائی حملے ’جارحیت‘ پر مبنی تھے۔ اتوار کے دن دمشق میں انہوں نے روسی وفد سے ملاقات میں مزید کہا کہ ان کی افواج نے ان حملوں کو ناکام بنا دیا۔ تاہم امریکا کا کہنا ہے کہ ہفتے کے دن شام میں کیمیائی ہتھیار تیار کرنے والی تنصیات پر کیے کامیاب حملے کیے گئے تھے۔ دوسری طرف امریکا نے خبردار کیا ہے کہ اگر شامی حکومت نے دوبارہ کیمیائی حملہ کیا تو عسکری اتحاد شام میں دوبارہ کارروائی کرنے سے نہیں کترائے گا۔

[pullquote]اسرائیل کی ایران کو وارننگ[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے شام میں موجودگی کے تناظر میں ایران کو خبردار کیا ہے۔ انہوں نے یہ انتباہ ایسے وقت میں دی ہے، جب مغربی طاقتوں نے شام میں مبینہ کیمیائی حملے کے ردعمل کے طور پر شامی حکومت کی تین عسکری تنصیبات پر میزائل حملے کیے ہیں۔ نیتن یاہو نے عالمی طاقتوں پر زور دیا ہے کہ وہ کسی ’دہشت گرد ریاست‘ کو بھی جوہری ہتھیاروں کے حصول سے باز رکھے۔ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ ایرانی جنگجو شام میں بشار الاسد کی حامی افواج کو تعاون فراہم کر رہی ہیں۔ تاہم ایران اس الزام کو مسترد کرتا ہے۔

[pullquote]سلامتی کونسل میں شام پر حملے کی مذمتی قرار داد مسترد[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام پر امریکی اتحادی ممالک کے حملے کی مذمتی قرارداد مسترد کر دی گئی ہے۔ ہفتے کے دن امریکا، فرانس اور برطانیہ کی طرف سے اس کارروائی کے بعد ماسکو نے سلامتی کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا، جس میں ان حملوں کی مذمت کی خاطر ایک قرار داد پیش کی گئی تھی۔ تاہم صرف روس، چین اور بولیویا نے اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ آٹھ ممالک نے اس کی مخالفت کی۔ ادھر عالمی ادارے کے سربراہ انٹونیو گوٹیرش نے اس معاملے پر تناؤ میں اضافے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں مبینہ کیمیائی حملے کی جامع چھان بین ہونا چاہییں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے