بدھ 18 اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کاسترو خاندان کی جگہ نیا صدر، کیوبن اسمبلی کا اجلاس شروع[/pullquote]

کیوبا کی قانون ساز اسمبلی کا خصوصی دو روزہ اجلاس بدھ اٹھارہ اپریل سے شروع ہو گیا ہے۔ اس اجلاس میں موجودہ صدر راؤل کاسترو کی جگہ ایک نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔ کیوبا میں جو بھی نیا صدر منتخب کیا جائے گا، وہ کاسترو خاندان سے باہر کا ہو گا۔ اس کا امکان ہے کہ میگوئیل ڈیاز کانیل کو نیا صدر منتخب کر لیا جائے گا۔ راؤل کاسترو نے کیوبا کی صدارت سن 2006 میں سنبھالی تھی۔ انقلابی لیڈر فیڈل کاسترو کیوبا پر سن 1959 سے لے کر سن 2006 تک حکمران رہے تھے۔

[pullquote]اٹلی میں نئی حکومت کی تشکیل ابھی تک معمہ بنی ہوئی ہے[/pullquote]

اٹلی کے صدر سیرگیو ماٹاریلا نے ملکی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا سینیٹ کی سربراہ کو درخواست کی ہے کہ وہ زیادہ سیٹوں کی حامل سیاسی پارٹیوں کے سربراہان کے ساتھ مشاورت کر کے نئی حکومت سازی کے امکان پر رائے دیں۔ اٹلی میں تقریباً چھ ہفتے قبل چار مارچ کو پارلیمانی انتخابات ہوئے تھے۔ اس الیکشن میں انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کو مرکزی سیاسی پارٹیوں سے زیادہ ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ اطالوی سینیٹ کی سربراہ ماریا کاسیلاٹی قدامت پسند سیاسی جماعتوں کے اتحاد اور فائیو اسٹار موومنٹ کے لیڈروں سے رابطے کر کے جمعہ بیس اپریل کو اپنی رائے صدر کو پیش کریں گی۔ فائیو اسٹار موومنٹ نے کسی مخلوط حکومت کا حصہ بننے سے انکار کر رکھا ہے۔

[pullquote]جرمنی: سامیت مخالف حملہ، سیاسی و مذہبی لیڈروں کی شدید مذمت[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن میں ایسے دو افراد پر حملہ کیا گیا، جنہوں نے یہودی ٹوپی کِپا پہن رکھی تھی۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ترجمان کی جانب سے اس حملے کی مذمت کی گئی ہے۔ اسی طرح جرمنی کے وزیر انصاف کاٹارینا بارلے نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بارلے کے مطابق برلن میں کھلے عام ایسے حملے ناقابلِ برداشت ہیں۔ یہ واقعہ جرمن دارالحکومت کے علاقے پرینسلاؤر بیرگ میں رونما ہوا ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں رونما ہوا ہے، جب چانسلر میرکل نے سامیت دشمنی کے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک کمیشنر کا دفتر قائم کیا ہے اور اس منصب کے لیے کمیشنر نے حلف گزشتہ ماہ اٹھایا ہے۔

[pullquote]ترک حکومت تین ہزار فوجیوں کو برخاست کر دے گی[/pullquote]

ترک حکام کے مطابق مسلح افواج کے ایسے تین ہزار اہلکاروں کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے، جن کے جلا وطن ترک مبلغ فتح اللہ گولن سے یا اُن کی تحریک سے رابطے ہیں۔ ان افراد کو برخاست کرنے کا حکومتی فیصلہ وزیر دفاع نور الدین جانیکلی نے بتائی ہے۔ جانیکلی نے یہ ضرور بتایا کہ ان اہلکاروں کو اگلے ایام میں ملازمتوں سے فارغ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔ ان افراد کو برخاست کرنے کے ایک ہنگامی دستاویز جلد ہی وزیراعظم کو پیش کی جا رہی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ انقرہ حکومت جولائی سن 2016 کی ناکام فوجی بغاوت کا الزام فتح اللہ گولن پر عائد کرتی ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی ٹیم کا دوما میں سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی ایک سکیورٹی ٹیم نے شامی دارالحکومت دمشق کے قریبی شہر دوما کا دورہ کیا ہے، جس دوران وہاں سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اگر اس ٹیم نے صورتحال کو محفوظ قرار دیا تو کیمیائی ہتھیاروں کے انسداد کی عالمی تنظیم کے ماہرین آج بدھ کے روز دوما میں ہونے والے مبینہ کیمیائی حملے کے سلسلے میں اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیں گے۔ سات اپریل کو اُس وقت باغیوں کے زیر قبضہ اس شہر میں کیمیائی حملے کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ مغربی ممالک اس حملے کی ذمہ داری شامی حکومت پر عائد کرتے ہیں۔

[pullquote]سابق امریکی خاتون اول باربرا بُش انتقال کر گئیں[/pullquote]

امریکا کی ایک سابقہ خاتون اول باربرا بُش 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ وہ سابق امریکی صدر جارج ایچ ڈبلیو بُش کی اہلیہ اور سابق صدر جارج ڈبلیو بُش کی والدہ تھیں۔ بُش خاندان کے مطابق حالیہ دنوں کے دوران وہ سخت علیل تھیں اور ہسپتال میں زیر علاج رہی تھیں۔

[pullquote]ترک صدر نے قبل از وقت انتخابات کا اعلان کر دیا[/pullquote]

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے بدھ اٹھارہ اپریل کو اپنے ملک میں قبل از وقت پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اس کا امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ انتخابات چوبیس جون کو ہو سکتے ہیں۔ ترک صدر نے قبل از وقت انتخابات کی ضرورت کے حوالے سے کہا کہ ہمسایہ ممالک عراق و شام میں عدم استحکام کے علاوہ بعض اہم سخت اقتصادی فیصلوں پر عمل کرنے کے لیے عوام کی جانب سے نیا مینڈیٹ ضروری ہے۔ ترک الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کی ’ناجائز سرگرمیاں‘، سخت کنٹرول کی ضرورت ہے، جی سیون[/pullquote]

ترقی یافتہ سات صنعتی ممالک کے وزرائے خزانہ نے اٹھارہ سمتبر کو ہونے والے اجلاس میں شمالی کوریا کی ’غیر قانونی و ناجائز سرگرمیوں‘ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت نگرانی اور کنٹرول کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزرائے خزانہ کے اجلاس میں اس پہلو پر خاص طور پر توجہ مرکوز کی گئی کہ شمالی کوریا کسی نہ کسی طرح انٹرنیشنل پابندیوں کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کر رہا ہے۔ جی سیون کے وزارائے خزانہ کے اجلاس میں برطانیہ، فرانس، کینیڈا، جرمنی، اٹلی، جاپان اور امریکا کے علاوہ یورپی یونین بھی شریک تھی۔ یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکا نے پیونگ یونگ کے ساتھ حال ہی میں اعلیٰ سطحی مذاکراتی عمل کی حیران کن خبریں سامنے آئی ہیں۔

[pullquote]جرمنی: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا معاہدہ[/pullquote]

جرمن حکومت آئندہ دو برسوں کے دوران ملک کے 2.3 ملین سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اوسطاﹰ 7.5 فیصد اضافے پر رضا مند ہو گئی ہے۔ جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر اور ورکرز یونین ویرڈی کی طرف سے اس بات کا اعلان آج بدھ کے روز کیا گیا۔ ویرڈی رواں برس تنخواہوں میں چھ فیصد اضافے کا مطالبہ کر رہی تھی اور اسی سلسلے میں حالیہ کچھ ہفتوں کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ اور ایئرپورٹس سمیت متعدد شعبوں میں ہڑتالیں بھی ہوئی تھیں۔

[pullquote]تائیوان کے قریبی سمندر میں چینی بحری مشقیں[/pullquote]

چینی بحریہ آبنائے تائیوان میں فوجی مشقیں کر رہی ہے جن میں اصل ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ان بحری مشقوں کو تائیوان کے لیے ایک تنبیہ قرار دیا گیا ہے کہ وہ چین سے باقاعدہ آزادی حاصل کرنے سے باز رہے۔ حالیہ کچھ عرصے کے دوران امریکا کی طرف سے تائیوان کی حکومت کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے۔ چین کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق ان مشقوں کا ہدف تائیوان کی آزادی کے حامیوں کو نشانہ بنانے کی تیاری کرنا ہے۔ ان ایک روزہ بحری مشقوں کا اعلان گزشتہ ہفتے کیا گیا تھا۔

[pullquote]شامی علاقے دوما میں اقوام متحدہ کی ٹیم پر فائرنگ[/pullquote]

شام کے علاقے دوما جانے والی اقوام متحدہ کی تفتیشی ٹیم کو فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہ تفتیشی ٹیم دوما میں مبینہ کیمیکل حملے کی تفتیش کے لیے دوما پہنچی تھی۔ اقوام متحدہ کے اہلکار نے فائرنگ کے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیم پر فائرنگ منگل سترہ اپریل کو کی گئی تھی۔ تفتیشی ٹیم کا تعلق کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی نگرانی کرنے والے بین الاقوامی ادارے OPCW سے ہے۔ شامی دارالحکومت دمشق کے نواح میں واقع قصبے دوما پر مبینہ گیس حملہ سات اپریل کو کیا گیا تھا اور اس میں چالیس سے زائد افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]لبنان میں پارلیمانی الیکشن چھ مئی کو ہوں گے[/pullquote]

گزشتہ نو برسوں کے بعد لبنان میں پہلے پارلیمانی الیکشن چھ مئی کو ہو رہے ہیں۔ یہ انتخابات گزشتہ برس منظور کیے گئے ووٹنگ کے نئے قوانین کے تحت ہوں گے۔ لبنان میں آخری مرتبہ عام انتخابات جُون سن 2009 میں ہوئے تھے۔ لبنانی پارلیمنٹ کے اراکین کی تعداد 128 ہے۔ چھ مئی کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی تعداد 597 بتائی گئی ہے۔ موجودہ وزیراعظم سعد الحریری امید رکھتے ہیں کہ اُن کا انتخابی اتحاد الیکشن میں کامیابی سے ہمکنار ہو سکتا ہے۔ نئے انتخابی ضوابط کے تحت پہلی مرتبہ آزاد امیدوار بھی پارلیمان کا حصہ بن سکیں گے۔

[pullquote]میکسیکو میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، چھ پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک میکسیکو کی جنوبی ریاست گُوریرو میں پولیس کی ایک گشتی پارٹی پر مشتبہ نامعلوم مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔ ان افراد کی فائرنگ سے کم از کم چھ پولیس اہلکاروں کی موت واقع ہوئی ہے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے کم از کم دس مشتبہ مسلح افراد بھی مارے گئے ہیں۔ گوریرو ریاست کے حکام کے مطابق فریقین کے درمیان تیس منٹ تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔ یہ حملہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب میں کیا گیا تھا۔ جس علاقے میں پولیس پر حملہ کیا گیا ہے، وہاں منشیات فروش آزادانہ گھومتے پھرتے ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ، میرکل کی میزبانی کریں گے، ایرانی جوہری معاہدہ اہم موضوع[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 27 نومبر کو جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی میزبانی کریں گے۔ ان سے قبل فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں بھی امریکی صدر سے ملاقات کریں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ان ملاقاتوں کا اہم ترین موضوع ایران کا جوہری معاہدہ ہو گا جس کے بارے میں امریکی صدر کہہ چکے ہیں کہ اگر اس معاہدے میں اُن کے بقول موجود خامیاں دور نہ کی گئیں تو وہ اس سے الگ ہو جائیں گے۔ ٹرمپ نے اس معاہدے کی توثیق 12 مئی کو کرنی ہے اور ماکروں اور میرکل ممکمنہ طور پر وہ آخری غیر ملکی رہنما ہوں گے جو ٹرمپ سے ملاقات کریں گے اور اس حوالے سے بات کریں گے۔

[pullquote]داعش سے تعلق کے الزام میں 300 سے زائد افراد کے لیے سزائے موت کا حکم[/pullquote]

عراقی عدالتیں دہشت گرد گروپ داعش سے تعلق کے الزام میں اب تک 300 سے زائد افراد کو سزائے موت سنا چکی ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے عراقی عدالتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان میں درجنوں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ اس حوالے سے مقدمات ملک کی دو عدالتیں میں نمٹا رہی ہیں جن میں سے ایک موصل کے قریب جبکہ دوسری دارالحکومت بغداد میں قائم ہے اور یہ زیادہ تر غیر ملکیوں اور خاص طور پر خواتین کے مقدمات کی سماعت جاری رکھے ہوئے ہے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق بغداد میں قائم عدالت اب تک 97 غیر ملکیوں کو سزائے موت جبکہ 185 کو عمر قید کی سزا سنا چکی ہے۔

[pullquote]آرمینیا میں نئے وزیر اعظم کے خلاف مظاہرے[/pullquote]

آرمینیا کے دارالحکومت یریوان میں ہزارہا افراد نے آج بدھ کے روز سابق صدر سیرز سارکیزیئن Serzh Sarkisian کے بطور وزیر اعظم انتخاب کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ ’’سیرز کے بغیر آرمینیا‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے مظاہرین نے دارالحکومت کے وسطی حصے میں مارچ کیا جبکہ شہر کے دیگر حصوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ ایک دہائی تک ملک کے صدر رہنے والے روس نواز سارکیزیئن کو منگل کے روز ملک کا وزیر اعظم منتخب کر لیا گیا تھا۔ ان مظاہروں میں یونیورسٹی طلبہ بھی شریک ہیں۔ حکام کے مطابق اس دوران 70 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

[pullquote]باراتیوں سے بھرے ٹرک کو حادثہ، کم از کم 21 افراد ہلاک[/pullquote]

بھارت میں باراتیوں سے بھرا ایک ٹرک ایک پُل پر سے گرنے کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بھارت کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش میں منگل کی شب یہ حادثہ پیش آیا جب ایک ٹرک ایک پُل کی حفاظتی باڑ سے ٹکرانے کے بعد 20 میٹر نیچے دریا کی خشک گزرگاہ میں جا گرا۔ اس ٹرک میں 40 سے زائد افراد سوار تھے۔ مقامی پولیس افسر وشال شرما کے مطابق 21 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے زیادہ تر کی حالت نازک ہے۔

[pullquote]افغان پولیس کمانڈر سمیت پانچ افراد بم دھماکے میں ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں ہونے والے ایک بم دھماکے کی زد میں آ کر پولیس کے ایک کمانڈر سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ قندھار پولیس کے ترجمان ضیاء درانی کے بقول قندھار شہر میں ہونے والے اس بم دھماکے کے نتیجے میں افغانستان کی بارڈر ریپڈ ری ایکشن فورس کے کمانڈر کرنل جانان ماما، ان کے تین باڈی گارڈز اور ایک عام شہری ہلاک ہوئے۔ درانی کے مطابق ہلاک ہونے والے کمانڈر کی موٹر کار کے ساتھ منسلک کیا گیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کر لی ہے۔

[pullquote]ایرانی فوجی طاقت ہمسایوں کے لیے کوئی خطرہ نہیں، صدر روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران ہر وہ ہتھیار خود بنائے گا یا خریدے گا جو اس کے دفاع کے لیے ضروری ہو گا۔ حسن روحانی نے ملکی یوم دفاع پر اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ایرانی مسلح افواج ہمسایہ ممالک کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہیں۔ ٹیلی وژن پر براہ راست نشر ہونے والے اس خطاب میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کو بتا رہے ہیں کہ ایران کے دفاع کے لیے ہر ضروری ہتھیار خود تیار کیا جائے گا یا خریدا جائے گا اور اس کے لیے کسی کی اجازت کا انتظار نہیں کیا جائے گا۔

[pullquote]جرمن پولیس کی طرف سے منظم جرائم کے خلاف ملک گیر چھاپے[/pullquote]

وفاقی جرمن پولیس نے منظم جرائم کے خلاف ملک گیر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ جرمن اخبار بِلڈ کے مطابق ان چھاپوں کا ہدف ایسے افراد اور مقامات ہیں، جو اسمگلنگ اور جبری جسم فروشی سے متعلق ہیں۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس دوران 60 سے زائد قحبہ خانوں کی تلاشی بھی لی گئی۔ زیادہ تر چھاپے ملک کی مغربی ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں مارے گئے۔ اطلاعات کے مطابق ان چھاپوں کے دوران 100 سے زائد مشبہ افراد کو پابند کیا گیا جبکہ سات افراد کو باضابطہ طور پرگرفتار کیا گیا ہے۔

[pullquote]امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان براہ راست رابطے[/pullquote]

امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان کی متوقع ملاقات سے قبل دونوں ممالک کے درمیان براہ راست رابطے ہوئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق اس سربراہی ملاقات کے لیے منصوبہ بندی ’انتہائی اعلیٰ سطح‘ پر ہو گی۔ اس ملاقات کے لیے دعوت شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن نے دی تھی۔ شمالی کوریا کو اپنے متنازعہ جوہری اور میزائل پروگرام کے باعث سخت بین الاقوامی پابندیوں کا سامنا ہے۔ حالیہ مہینوں کے دوران جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان رابطوں میں بھی تیزی آئی ہے۔ دونوں کوریاؤں کے سربراہان کی ملاقات بھی آئندہ 10 دنوں میں ہونے والی ہے۔

[pullquote]سی آئی اے کے سربراہ کی شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن سے ’خفیہ ملاقات‘[/pullquote]

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق کچھ عرصہ قبل تک امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی سربراہی کرنے والے مائیک پومپیو نے اپریل کے پہلے ویک اینڈ پر شمالی کوریا کے اپنے ایک خفیہ دورے کے دوران کم جونگ اُن سے ملاقات کی تھی۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اسی ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے پومپیو کو نیا امریکی وزیر خارجہ نامزد کر دیا تھا۔ پومپیو کے اس مبینہ دورہ شمالی کوریا کے بارے میں سے آئی اے اور وائٹ ہاؤس ابھی تک قطعی خاموش ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے