مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 کشمیری شہید

سری نگر: بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں فائرنگ کر کے 3 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سیل کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے علاقے کیران میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی کے دوران فائرنگ کر کے تین کشمیریوں کو شہید کردیا۔ کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد بھارتی حکام نے مزید نفری کو طلب کرلیا اور اس دوران خواتین اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

سرچ آپریشن کے نام پر کشمیری نوجوانوں کے قتل عام پر پلوانہ، کپواڑہ، ترال اور شوپیئن سمیت کشمیر کے کئی اضلاع میں ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کے باعث ان اضلاع میں تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں اور تجارتی مراکز بند رہے جب کہ قابض بھارتی فوج نے تلاشی کے نام پر تمام بڑی سڑکوں کو بلاک کر دیا۔ سری نگر میں نماز جمعہ کے بعد حریت پسند جماعتوں کی جانب سے احتجاج مظاہرے بھی کیے گئے اور ضلع کپواڑہ میں کشمیری نوجوانوں کے قتل کی مذمت کی گئی۔

دوسری جانب سری نگر کے علاقے گوری پورہ میں بھارتی پولیس کی 13 ویں بٹالین کی چوکی پر حملے میں بھارتی اہل کاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جب کہ حملہ آور بھارتی پولیس کے اہل کاروں سے اسلحہ چھین کر فرار ہو گئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے