جمعہ: 04 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

فلسطینی صدر کی معافی، اسرائیلی وزیر دفاع نے مسترد کر دی

فلسطینی صدر محمود عباس نے مبینہ طور پر سامیت مخالف بیان دینے پر معافی مانگ لی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ کسی کی عزت نفس مجروح نہیں کرنا چاہتے۔ تاہم اسرائیلی وزیر دفاع ایویگڈور لیبرمان نے ان کی معذرت کو مسترد کر دیا ہے۔ محمود عباس نے تجویز کیا تھا کہ یورپ میں دوسری عالمی جنگ کے دوران ’یہودیوں کے قتل عام کی وجہ ان کا مذہب نہیں بلکہ اعمال بنے‘۔ عباس کی طرف سے دیے گئے اس بیان کے باعث انہیں عالمی سطح پر ہدف تنقید بھی بنایا گیا۔ لیبرمان نے کہا ہے کہ وہ یہودیوں کے بارے میں دیے گئے محمود عباس کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہیں اور ان کی طرف سے مانگی جانے والی معافی کو مسترد کرتے ہیں۔

دوما، او پی سی ڈبلیو کے معائنہ کاروں نے چھان بین مکمل کر لی

روسی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کے روک تھام کے ادارے (او پی سی ڈبلیو) کے معائنہ کاروں نے شامی شہر دوما میں اپنی چھان بین کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ دمشق کے نواحی علاقے مشرقی غوطہ میں واقع اس شہر میں مبینہ کیمیائی حملوں کی تحقیقات کی خاطر یہ معائنہ کار وہاں گئے تھے، اس چھان کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ سات اپریل کو ہوئے اس حملے میں آیا کسی ممنوعہ کیمیکل مواد کی استعمال کیا گیا تھا یا نہیں۔ بتایا گیا ہے کہ معائنہ کاروں نے نمونے حاصل کر لیے ہیں اور جلد ہی رپورٹ مرتب کر لی جائے گی۔ اس مبینہ کیمیائی حملے کا الزام شامی صدر پر عائد کیا جاتا ہے تاہم وہ اسے مسترد کرتے ہیں۔

کارل مارکس کی دو سوویں سالگرہ، ٹریئر میں خصوصی تقریبات

معروف فلسفی اور دانشور کارل مارکس کی دو سوویں سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر میں متعدد تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ کل بروز ہفتہ پانچ مئی اس دن کی مناسبت سے جرمنی میں مارکس کے آبائی شہر ٹریئر میں بھی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ تاہم اس موقع پر ایک احتجاجی مظاہرے کی کال بھی دی گئی ہے، جس میں سینکڑوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ کسی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر ٹریئر میں سکیورٹی کی اضافی نفری تعینات کی جا رہی ہے۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نے مارکس کو تنقید کا نشانہ بنانا ہے تو وہ تشدد کا راستہ اختیار نہ کرے۔

روس میں پانچ مشتبہ افراد گرفتار

روسی حکام نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ اسلامک اسٹیٹ کے ساتھ روابط کے شبے میں پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعے کے دن روسی وفاقی خفیہ ادارے (ایف سی بی) نے ان افراد کو شمال مشرقی ماسکو سے حراست میں لیا۔ ان مشتبہ افراد سے گھر میں بنایا گیا دھماکا خیز مواد اور ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔ روسی نیوز ایجنسی RIA کے مطابق یہ افراد دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

طالبان شمال مشرقی صوبے کے اہم ضلع میں داخل

افغان سکیورٹی اہلکاروں نے بتایا ہے کہ طالبان عسکریت پسند شمال مشرقی صوبے بدخشاں کے اسٹریٹیجک نوعیت کے ضلع کوہستان کے وسطی حصے میں داخل ہو گئے ہیں۔ افغان فوج کے ترجمان کے مطابق کوہستان کے مرکزی حصے پر قبضے کی جنگ میں مقامی پولیس کے پانچ اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ طالبان عسکریت پسندوں کی چڑھائی کے بعد مقامی اور قومی پولیس کی پیچھے ہٹنے کی بنیادی وجہ اضافی کمک کا نہ پہنچنا تھا اور اب انہوں نے قریبی علاقوں میں پوزیشن سنبھالی لی ہے۔ طالبان کے ترجمان نے اس کارروائی میں پندرہ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

غزہ پٹی میں فلسطینیوں کا اسرائیلی سرحد پر احتجاج شروع

اسرائیلی پولیس نے آج بروز جمعہ غزہ سے متصل سرحد پر احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر آنسو گیس کے شیل پھینکے اور فائرنگ کی۔ ابھی تک کسی فلسطینی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ تیس مارچ سے ہر جمعے کو ہونے والے ان مظاہروں کی وجہ سے اب تک اسرائیلی فوج کی گولیاں لگنے سے تینتالیس فلسطینی ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔ چار مئی کی صبح سے فلسطینی نوجوان سرحد پر ٹائر لے کر جمع ہیں۔ غزہ پٹی میں دو تہائی سے زائد فلسطینی مہاجر ہیں، جو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

عوام الیکشن میں بدعنوان افراد کو مسترد کریں: عراقی سپریم مذہبی رہنما

عراق کے سپریم مذہبی رہنما آیت اللہ العظمیٰ علی سیستانی نے عراقی عوام کو پارلیمانی انتخابات میں بدعنوان عناصر کو مسترد کرنے کی تاکید کی ہے۔ علی سیستانی نے کہا کہ عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ایسے کرپٹ سیاسی لوگوں کے اقتدار میں لوٹنے کے راستے کو پوری طرح بند کر دیں کیونکہ یہ ماضی میں ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے عراقی عوام پر واضح کیا کہ وہ ایسے بدعنوان سیاستدانوں کے جال میں پھنسنے سے بھی محفوظ رہیں۔ عراق میں پارلیمانی انتخابات بارہ مئی کو ہوں گے۔

رواں برس ادب کے نوبل انعام کا اعلان نہیں کیا جائے گا

سویڈش اکیڈیمی نے جمعہ چار مئی کو اپنی ہفتہ وار میٹنگ کے بعد اعلان کیا ہے کہ رواں برس نوبل انعام برائے ادب کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔ اکیڈمی کے مطابق اس کی وجہ گزشتہ برس جنسی استحصال کے الزامات اور ادارے کی عزت پر اٹھنے والی انگلیاں ہیں۔ اس اعلان میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس کے نوبل انعام کو سن 2019 میں دیا جائے گا۔ سن 1943 کے بعد پہلی مرتبہ اس معتبر انعام کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔

میانمار: کان کا حادثہ، ایک درجن سے زائد کان کن ہلاک

شمالی میانمار میں قیمتی پتھر جیڈ (Jade) یا یشب کی ایک کان کے منہدم ہونے کے نتیجے میں کم از کم چودہ کان کن ہلاک ہو گئے ہیں۔ امدادی ورکروں کے مطابق یہ حادثہ آج بروز جمعہ وائی ہکا (Wai Hka) نامی گاؤں میں رونما ہوا۔ منہدم ہونے والی کان کے ملبے سے بعض کان کن بچ نکلنے میں کامیاب بھی ہوئے۔ جیڈ کانوں کے مقامی ایڈمنسٹریٹر نے کمپنیوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ کان کنوں کے تحفظ کے ملکی ضوابط پر مناسب انداز میں عمل کریں۔ وائی ہکا کی کانوں میں تقریبا پچاس ہزار کان کن ملازم ہیں۔

بھارت میں شدید طوفان سے ہونے والی ہلاکتیں ایک سو سے تجاوز کر گئیں

جمعرات تین مئی کو بھارتی ریاستوں اتر پردیش اور راجستھان میں آنے والے شدید طوفانِ باد و باراں سے ہونے والی ہلاکتیں 125 تک پہنچ گئی ہیں۔ اس طوفان سے 70 سے زائد افراد اُتر پردیش میں اور بقیہ راجستھان کے مختلف علاقوں میں ہلاک ہوئے۔ سب سے زیادہ متاثرہ اترپردیش کا ضلع آگرہ ہے اور اس میں ہلاک شدگان کی تعداد 43 بتائی گئی ہے۔ اس کے بعد راجستھان کا ضلع الور ہے اور اس میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 36 ہے۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ امدادی سلسلے کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شدید طوفان نے ان دونوں بھارتی ریاستوں کے بعض علاقوں میں نظام زندگی پوری طرح مفلوج کر دیا ہے۔

جاپان، جنوبی کوریا اور چین کے وزرائے خزانہ کی میٹنگ

فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں جاپان، چین اور جنوبی کوریا کے وزرائے خزانہ نے ملاقات کی ہے۔ تینوں وزرائے خزانہ نے اصولوں کی بنیاد پر جاری کثیر الملکی تجارتی عمل کو جاری رکھنے کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے ملکی تجارتی مفادات کے تحفظ یا پروٹیکشنزم کے بڑھتے ہوئے خطرے پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ ان تینوں وزرائے خزانہ کی ملاقات منیلا میں جاری ایشیئن ڈیویلپمنٹ بینک کی سالانہ میٹنگ کے حاشیے میں ہوئی ہے۔ تینوں وزرائے خزانہ نے جزیرہ نما کوریا کے لیڈروں کی ملاقات کا خیرمقدم کرنے کے علاوہ ان لیڈروں کی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان کو بھی خطے کے استحکام کے لیے حوصلہ افزاء قرار دیا۔

امریکا کی جنوبی کوریا میں متعین فوج میں کمی کا امکان

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی وزارت دفاع کو کہا کہ جنوبی کوریا میں فوج کی تعداد میں کمی پر غور کرے۔ اخبار کے مطابق جنوبی کوریا میں فوج کی تعداد میں کمی کا تعلق رواں ماہ کے دوران ہونے والی امریکی صدر کی شمالی کوریائی لیڈر کے ساتھ مجوزہ ملاقات یا جوہری ہتھیار سازی سے نہیں ہے۔ بعض حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ جزیرہ نما کوریا میں امن ڈیل کی صورت میں جنوبی کوریا میں ہزاروں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کا جواز بھی ختم ہو جائے گا۔ اس وقت جنوبی کوریا میں امریکا کے 23 ہزار500 فوجی متعین ہیں۔ جنوبی کوریائی صدر کے دفتر نے اخبار کی رپورٹ کو بےبنیاد قرار دیا ہے۔

امریکا اور چین کے تجارتی مذاکرات کا سلسلہ جاری

چینی دارالحکومت بیجنگ میں امریکا اور چین کے درمیان تجارتی مذاکرات کا موجودہ دور دوسرے روز بھی جاری رہا۔ ان مذاکرات کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان شروع ہونے والی ممکنہ تجارتی جنگ کو روکنا ہے۔ انہی مذاکرات میں دونوں ملکوں کے وفود اس کوشش میں ہیں کہ دو طرفہ تجارت کے پیچیدہ معاملات کو حل کریں۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کر رکھا ہے کہ اگر مذاکراتی عمل سے نتیجہ نہ نکلا تو وہ امریکا پہنچنے والی چینی ایکسپورٹ پر 150 بلین ڈالر کی محصولات کا نفاذ کر دیں گے۔ امریکی صدر کے انتباہ کے جواب میں چین نے بھی واضح کیا ہے کہ وہ بھی امریکی مصنوعات پر پچاس بلین ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کر سکتا ہے۔

یونانی جزیرے کے مقامی افراد کا مہاجرین کی آمد کے خلاف مظاہرہ

یونانی جزیرے لیسبوس میں مقامی افراد نے مہاجرین کی مسلسل آمد اور یورپی یونین کی مائیگریشن پالیسی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جمعرات تین مئی کو ہونے والے مظاہرے کے شرکاء کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کو آنسو گیس اور فلیش گرینیڈز کا استعمال کرنا پڑا۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس کی بس کو الٹانے کی کوشش بھی کی۔ پولیس کے مطابق مظاہرے میں شامل افراد کی تعداد ڈھائی ہزار کے لگ بھگ تھی۔ یہ مظاہرہ ایسے وقت میں کیا گیا جب یونانی وزیراعظم الیکسس سپراس لیسبوس میں منعقدہ ایک کانفرنس میں شریک ہونے کے لیے جزیرے پر پہنچنے والے تھے۔ مظاہرین کے مشتعل ہونے پر پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی تھی۔

سعودی عرب کی مدد کے لیے امریکی کمانڈوز کی تعیناتی، رپورٹ

ایک امریکی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور یمن کی سرحد پر امریکی کمانڈوز متعین کیے گئے ہیں۔ ان امریکی کمانڈوز کا بنیادی مقصد یمن کے حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کی فضا میں نشاندہی اور تباہ کرنا ہے۔ اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی کمانڈوز گزشتہ برس سعودی سرحد پر تعینات کیے گئے تھے۔ اخبار نے یہ رپورٹ امریکی ذرائع اور یورپی سفارت کاروں کی معلومات پر جاری کی ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان میجر ایڈریان رینکینے گالووے نے کہا ہے کہ امریکا جنگی مشن میں شامل ہوئے بغیر معلومات کے تبادلے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور اس کا مقصد سعودی عرب کی سرحد کو محفوظ بنانا ہے۔

یمن میں ہیضے کی وباء میں شدت پیدا ہونے کا امکان

بین الاقوامی طبی جریدے لانسیٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ رواں مہینے کے دوران یمن میں موسم برسات کے شروع ہونے پر ہیضے کی وباء میں شدت پیدا ہونے کا یقینی امکان ہے۔ خانہ جنگی کے شکار ملک یمن کو انتہائی شدید ہیضے کی وباء کا سامنا ہے۔ اس وقت اندازوں کے مطابق ایک ملین سے زائد افراد کو ہیضے کے مرض کا سامنا ہے۔ سن 2016 سے شروع ہونے والی وباء سے اب تک دو ہزار انسان اس مرض میں مبتلا رہنے کے بعد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ سائنسدانوں اور ماہرین نے وسطِ مئی میں روزوں کے مہینے کے دوران یمن کے کئی شہروں میں عوامی آگہی کی مہم شروع کرنے کو بھی اہم قرار دیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے