ہفتہ : 05 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کم اور ٹرمپ کی ملاقات سے قبل جاپانی، جنوبی کوریا اور چینی حکومتوں کے رابطے[/pullquote]

جاپانی وزیراعظم شینزو آبے اگلے ہفتے کے دوران چینی وزیراعظم لی کیچیانگ اور جنوبی کوریائی صدر مون جے اِن سے ملاقات کریں گے۔ ٹوکیو میں ہونے والی اس علاقائی سمٹ کی دعوت جاپانی وزیراعظم نے دی ہے۔ بدھ نو مئی کو تینوں رہنماؤں کی اِس سمٹ کو شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات سے قبل ایک اہم علاقائی سمٹ قرار دی گئی ہے۔ جمعہ چار مئی کو جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے چینی صدر شی جن پینگ سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی۔ سات برس بعد پہلی مرتبہ کوئی چینی وزیر اعظم پہلی مرتبہ جاپان کا دورہ کر رہا ہے۔

[pullquote]کشمیر: تین عسکریت پسند اور ایک شہری کی ہلاکت[/pullquote]

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی اہلکاروں کی ایک کارروائی کے نتیجے میں آج بروز ہفتہ تین شدت پسند مارے گئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق یہ کارروائی ریاستی دارالحکومت سری نگر کے ایک گنجان آباد علاقے چھٹا بل میں کی گئی۔ مخبری کی بنیاد پر پولیس نے اس علاقے کے ایک مکان کو گھیر لیا تھا۔ سری نگر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ایس پی واڈیا کے مطابق دو طرف فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے مبینہ تینوں عسکریت پسندوں کا آپریشن شفاف انداز میں مکمل کیا گیا۔ ایک اور شہری کی ہلاکت فوجی گاڑی سے ٹکرانے ہوئی۔ پولیس نے شہری کی ہلاکت کو ’روڈ ایکسیڈنٹ‘ قرار دیا ہے۔

[pullquote]فرانسیسی صدر کے خلاف مظاہرہ، اضافی پولیس تعینات[/pullquote]

فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں سکیورٹی کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے اضافی دو ہزار پولیس اہلکاروں کو مختلف مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ یہ تعیناتی صدر ایمانوئل ماکروں کی صدارت کا پہلا سال مکمل ہونے پر کیے گئے احتجاج کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ پیرس میں پہلی مئی کو عالمی یوم محنت کے موقع پر پرتشدد مظاہر کیے گئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید مظاہروں کے پیش نظر پیرس میں اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ پولیس نے پہلی مئی کے مظاہروں میں گرفتار کیے گئے سات افراد پر کاریں نذر آتش کرنے اور ہنگامہ آرائی کی فرد جرم عائد کر دی ہے۔

[pullquote]مشرقی فلپائن میں شدید زلزلے کے جھٹکے[/pullquote]

ہفتہ پانچ مئی کو مشرقی فلپائنی علاقے میں طاقتور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تقریباً نصف شب میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر6.1 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز فلپائن کے دارالحکومت منیلا سے 310 کلومیٹر کی دوری پر زیر سمندر بتایا گیا ہے۔ ان جھٹکوں سے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور عمارتیں لرز کر رہ گئیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق زلزلے کے مرکز کے قریبی علاقوں میں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ منیلا حکام نے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات ابھی بیان نہیں ہیں۔

[pullquote]سینکڑوں ارب ڈالر کے نئے امریکی دفاعی بجٹ کی تفصیلات عام کر دی گئیں[/pullquote]

امریکی ایوانِ نمائندگان نے 717 بلین ڈالر کے نئے سالانہ دفاعی بجٹ کی تفصیلات عام کر دی ہیں۔ سن 2019 کے لیے مختص دفاعی بجٹ پر ایوانِ نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی اگلے ہفتے سے بحث شروع کرے گی اور اُس کے بعد اس کا بقیہ توثیقی عمل مکمل کیا جائے گا۔ اگلے سال کے بجٹ میں روس اور چین کے ساتھ مسابقتی عمل جاری رکھنے کے علاوہ ترکی کو ہتھیاروں کی فروخت عبوری طور پر معطل کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ ترکی کو ہتھیاروں کی فروخت کے معاملے کا تعلق پینٹاگون کی جانب سے ایوان میں ترک امریکی تعلقات کی موجودہ نوعیت سے متعلق رپورٹ سے ہے۔

[pullquote]شمالی کوریائی لیڈر سے ملاقات کی تاریخ طے ہو گئی ہے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریائی لیڈر کے ساتھ ان کی ملاقات کے مقام اور تاریخ کا تعین ہو گیا ہے۔ ٹرمپ نے اس بارے میں مزید تفصیل بتانے سے گریز کرتے ہوئے صرف اتنا کہا تفصیلات جلد جاری کر دی جائیں گی۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی ٹرمپ اور شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن کے درمیان ہونے والی ملاقات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تاہم یہ ضرور بتایا گیا کہ بائیس مئی کو صدر ٹرمپ جنوبی کوریائی صدر مُون جے اِن سے ملاقات کریں گے، جس میں جزیرہ نما کوریا پر رونما ہونے والی حالیہ تبدیلیوں پر بات چیت کی جائے گی۔

[pullquote]جرمن فوج قومی دفاع اور نیٹو کو فوقیت دے گی، جرمن دفاعی ترجیح[/pullquote]

جرمنی کی خاتون وزیر دفاع اُرزُولا فان ڈیئر لائن مستقبل میں وفاقی جرمن فوج کا اولین مقصد قومی دفاع کے ساتھ ساتھ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کو قرار دینا چاہتی ہیں۔ نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے یہ اہم اطلاع جرمنی کی دفاعی پالیسی ترجیحات سے متعلق ایک خصوصی دستاویز سے حاصل کی ہے۔ اس حوالے سے جرمن وزارت دفاع کے ترجمان نے جمعہ چار مئی کو اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نئی جرمن دفاعی پالیسی مستقبل کے تقاضوں کے پیش نظر مرتب کی گئی ہے۔ جرمن وزیر دفاع یہ پالیسی رواں برس جون میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

[pullquote]کارل مارکس کی دو سو ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے[/pullquote]

تاریخ کے عظیم دانشوروں میں شمار کیے جانے والے کارل مارکس کی دو سو ویں سالگرہ کے موقع پر کئی ملکوں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مارکس پانچ مئی سن 1818 کو جرمن شہر ٹریئر میں پیدا ہوئے تھے۔ اِس شہر کے گرد و نواح میں تقریباً چھ سو مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ ٹریئر شہر نے مارکس کو اپنا ’عظیم ترین بیٹا‘ بھی قرار دیا ہے۔ اسی شہر میں کارل مارکس کے تقریباً ساڑھے پانچ میٹر یا اٹھارہ فٹ بلند مجسمے کی نقاب کشائی بھی ہو گی۔ یہ مجسمہ چین کی جانب سے ٹریئر شہر کو دیا گیا ہے۔ دوسری جانب مارکس کے نظریات کے مخالفین بھی اپنی آوازیں بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]غزہ: چار مئی کو گیارہ سو سے زائد فلسطینی اسرائیل مخالف مظاہرے میں زخمی[/pullquote]

فلسطینی علاقے غزہ پٹی کے محکمہٴ صحت نے بتایا ہے کہ جمعہ چار مئی کو ہونے والے اسرائیل مخالف مظاہرے میں 1143 فلسطینی زخمی ہوئے۔ ان کو اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور آنسو گیس کی شدید شیلنگ کا سامنا رہا۔ ان زخمیوں میں گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والوں کی تعداد تراسی بتائی گئی ہے۔ اسرائیل کے ساتھ سرحد پر دس ہزار کے لگ بھگ فلسطینی مظاہرین ٹائر جلانے کے علاوہ اسرائیلی فوجیوں پر پتھراؤ بھی کرتے رہے تھے۔ تیس مارچ سے ہر جمعے کو ہونے والے ان مظاہروں کے دوران اب تک اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پچاس فلسطینی ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔

[pullquote]واشنگٹن کی خارجہ پالیسی میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے، امریکی وزیر خارجہ[/pullquote]

نئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ملکی خارجہ پالیسی کو کئی طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ پومپیو نے ملکی دفتر خارجہ میں امریکی سفارت کاروں کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طاقت کی مظہر خارجہ پالیسی کا دفاع بھی کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور اکھاڑ پچھاڑ سے عبارت ہے اور ایک طاقت ور قیادت کا متقاضی بھی۔ پوپمیو کے مطابق ایسے حالات میں خطرات کا ہمت اور حوصلے سے سامنا کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے امریکی سفارت کاروں سے کہا کہ یہ خوش قسمتی ہے کہ موجودہ امریکی صدر طاقتور سفارتی عمل پر یقین رکھتے ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا نے اپنا وقت جنوبی کوریا کے برابر کر دیا[/pullquote]

جزیرہ نما کوریا پر حالات میں بہتری کے سلسلے میں شمالی کوریا نے اپنی گھڑیوں کو جنوبی کوریا کے وقت کے مطابق کر دیا ہے۔ اس تبدیلی سے شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کا معیاری وقت یکساں ہو گیا ہے۔ جزیرہ نما کوریا کی دونوں ہمسایہ لیکن حریف ریاستوں کے معیاری وقت میں پہلے آدھ گھنٹے کا فرق تھا۔ شمالی کوریائی حکومت نے اس اقدام کو ’دونوں کوریاؤں کو ایک کرنے کے مقصد کی طرف پہلا قدم‘ اور رواں برس ستائیس اپریل کو کوریائی لیڈروں صدر مُون جے اِن اور چیئرمین کم جونگ اُن کی ملاقات کا تسلسل قرار دیا ہے۔ شمالی کوریا نے اپنا معیاری وقت سن 2015 میں جنوبی کوریا سے مختلف کر دیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے