مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت، مزید 10 افراد شہید

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 10 کشمیریوں کو شہید کردیا جس کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہید افراد کی تعداد 14 ہوگئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے علاقے باڈیگام میں سرچ آپریشن کے دوران 5 افراد کو فائرنگ کرکے شہید کردیا، قابض فوج کی بربریت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر بھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں مزید 5 نوجوان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

شہید ہونے والے افراد میں پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق بٹ، صدام احمد پدر، بلال احمد مہند، عادل ملک اور توصیف احمد شیخ شامل ہیں۔

پانچ افراد کی شہادت کے بعد علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا جس پر مظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

بھارتی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے فائرنگ، پیلٹ گن اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی بھی ہوئے۔

احتجاج کے دوران قابض فوج کی گولیوں کا نشانہ بننے کے بعد شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت آصف احمد میر، عادل احمد شیخ، سجاد احمد راتھر، ناصر احمد کمار اور زبیر احمد نگرو کے ناموں سے ہوئی۔

قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر کو بھی تباہ کردیا۔

اس سے قبل بھارتی فورسز کی جانب سے بڑھتے مظالم اور گزشتہ روز 4 نوجوانوں کو شہید کرنے کے خلاف حریت رہنما سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی تھی۔

شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث سری نگر سمیت مختلف شہروں میں بازار مکمل طور پر بند ہیں اور ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے