منگل : 08 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت کے زیر کنٹرول کشمیر میں دوبارہ پرتشدد مظاہرے شروع[/pullquote]

بھارت کے زیر کنٹرول کشمیر میں سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے مابین ایک مرتبہ پھر پرتشدد جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ تازہ جھڑپوں کا یہ سلسلہ ایک زخمی کشمیری کی ہسپتال میں ہلاکت کے بعد شروع ہوا۔ گزشتہ تین روز سے جاری ان پرتشدد مظاہروں میں بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں اب تک چھ کشمیری شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ تین روز پہلے مظاہرے اس وقت شروع ہوئے تھے، جب بھارتی فورسز نے پانچ مبینہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

[pullquote]زخمی فلسطینی کو ہلاک کرنے والا اسرائیلی فوجی رہا[/pullquote]

ایک زخمی فلسطینی کو سر میں گولی مار کر ہلاک کرنے والے اسرائیلی فوجی کو قبل از وقت رہا کر دیا گیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس اسرائیلی فوجی کو اپنے بھائی کی شادی میں شرکت کے لیے رہا کیا گیا ہے۔ ایک عدالت نے اس مجرم کو اٹھارہ ماہ قید کی سزا سنائی تھی، جس میں دو مرتبہ کمی کر دی گئی تھی۔ اس اسرائیلی فوجی کی اس وقت ایک ویڈیو بنا لی گئی تھی، جب وہ ایک حملہ آور زخمی فلسطینی کو سر میں گولی مار کر ہلاک کر رہا تھا۔ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد دنیا بھر میں غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔

[pullquote]شمالی کوریائی رہنما کی چینی صدر سے دوسری مرتبہ ملاقات[/pullquote]

شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ اُن نے چینی صدر شی جن پنگ سے منگل کے روز دوسری مرتبہ ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت پر ہوئی، جب کِم اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ملاقات بھی متوقع ہے۔ قبل ازیں شمالی کوریائی رہنما مارچ میں ٹرین کے ذریعے چین پہنچے تھے۔ حالیہ چند ہفتوں میں شمالی کوریا کے حوالے سے سفارتی سرگرمیاں انتہائی تیز ہوئی ہیں۔ گزشتہ ماہ کے اواخر میں شمالی اور جنوبی کوریائی رہنماؤں کی ایک تاریخی ملاقات بھی ہوئی تھی۔

[pullquote]رواں برس 83 ہزار افغان شہری بے گھر ہوئے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق رواں برس کے پہلے چند ماہ میں ہی 83 ہزار سے زائد افغان شہری بے گھر ہو گئے۔ جنگی حالات کی وجہ سے صرف گزشتہ ہفتے اندرون ملک بے گھر ہونے والوں کی تعداد تقریباﹰ بیس ہزار بنتی ہے۔ حکومتی فورسز اور طالبان سمیت مسلح گروپوں کے مابین لڑائی کی وجہ سے گزشتہ برس قریب ساڑھے چار لاکھ افغان باشندوں کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے تھے۔

[pullquote]شام میں روسی ہیلی کاپٹر تباہ، دو پائلٹ ہلاک[/pullquote]

روسی وزارت دفاع کے مطابق شام میں روس کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں دو روسی پائلٹ مارے گئے ہیں۔ ماسکو سے جاری کردہ ایک وزارتی بیان کے مطابق یہ حادثہ پیر کے روز مشرقی شام میں پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کی وجوہات تکنیکی نوعیت کی تھیں۔ ایک ہفتے کے دوران روسی فضائیہ کو ہونے والا یہ دوسرا نقصان ہے۔ قبل ازیں تین مئی کو روس کا ایک جنگی طیارہ بھی گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

[pullquote]ٹرمپ کے فیصلے کا ایرانی معیشت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ایرانی مرکزی بینک[/pullquote]

ایران کے مرکزی بینک کے مطابق امریکی صدر کے ایران کے ساتھ جوہری ڈیل کے حوالے سے کسی بھی فیصلے کا ایرانی معیشت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ مرکزی بینک کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ملکی سینٹرل بینک ہر طرح کی صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔ بیان کے مطابق اگر امریکا ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدے سے دستبردار ہوتا ہے، تو ایرانی تیل کی صنعت متاثر نہیں ہو گی۔ ساٹھ فیصد ایرانی معیشت کا انحصار خام تیل کی پیداوار پر ہے۔

[pullquote]ایرانی جوہری معاہدہ، ٹرمپ آج منگل کو فیصلہ سنائیں گے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج منگل کے روز ایران کے عالمی جوہری معاہدے سے متعلق فیصلہ سنائیں گے۔ ٹرمپ کے مطابق وہ اپنا فیصلہ مقامی وقت کے مطابق دن دو بجے عوام کے سامنے رکھیں گے۔ امریکی صدر کے پاس آئندہ ہفتے تک وقت ہے کہ وہ ایران کے خلاف معطل پابندیاں دوبارہ سے نافذ کر سکتے ہیں۔ اس طرح کے کسی بھی اقدام کا مطلب ایران کے ساتھ سن دو ہزار پندرہ میں ہونے والے عالمی جوہری معاہدے کا خاتمہ ہوگا۔ ایران نے امریکا کو اس حوالے سے خبردار کیا ہے۔

[pullquote]گزشتہ ماہ افغان فورسز کی بمباری میں 107 بچے اور مرد زخمی یا ہلاک ہوئے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی طرف سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ افغان فورسز کی بمباری کے نتیجے میں ایک سو سات افراد زخمی یا ہلاک ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد تیس بتائی گئی ہے۔ گزشتہ ماہ افغان فورسز نے قندوز کے مضافات میں منعقدہ ایک مذہبی تقریب کو نشانہ بنایا تھا۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں افغان سکیورٹی فورسز کی اس نئی اسٹریٹجی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، جو امریکا کے ساتھ مل کر بنائی گئی ہے۔ اسی حکمت عملی کے تحت طالبان کے خلاف فضائی حملوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

[pullquote]سفارت خانے کا افتتاح، ٹرمپ اسرائیل نہیں جائیں گے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ یروشلم میں ملکی سفارت خانے کی افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق چودہ مئی کو ہونے والی اس تقریب میں ایک امریکی وفد نائب وزیر خارجہ کی سربراہی میں اسرائیل پہنچے گا۔ اس وفد میں امریکی صدر کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کُشنر بھی شامل ہوں گے۔ بین الاقوامی احتجاج کے باوجود گزشتہ روز یروشلم میں امریکی سفارت خانے کے روڈ سائن نصب کر دیے گئے تھے۔

[pullquote]چینی وزیراعظم کا تاریخی دورہ جاپان[/pullquote]

چینی وزیراعظم آٹھ برس بعد پہلی مرتبہ جاپان پہنچے ہیں۔ لی کیچیانگ کا استقبال جاپانی بادشاہ اکیہوٹو نے کیا۔ بدھ کے روز وہ جاپانی وزیراعظم شینزو آبے اور جنوبی کوریائی صدر مون جے ان سے ملاقات کریں گے۔ ان تین رہنماؤں کی مشترکہ ملاقات کا مرکزی موضوع شمالی کوریا ہوگا۔ رواں برس چین اور جاپان اپنی دوستی کے معاہدے کا چالیس سالہ جشن بھی منائیں گے۔ تاہم ماضی کی جنگ کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات ابھی تک مشکلات کا شکار ہیں۔

[pullquote]وینزویلا میں انتخابات کا انعقاد ملتوی کیا جائے، امریکا[/pullquote]

امریکا نے لاطینی امریکی ملک وینزویلا میں آئندہ صدارتی انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ نائب امریکی صدر مائیک پنس نے وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو سے یہ مطالبہ واشنگٹن میں ہونے والے امریکی ریاستوں کی تنظیم کے ایک اجلاس کے دوران کیا ہے۔ وینزویلا میں صدارتی انتخابات کا انعقاد بیس مئی کو ہو گا۔ دریں اثناء امریکا نے وینزویلا اور پاناما کی متعدد کمپنیوں کے خلاف نئی پابندیاں بھی عائد کر دی ہیں۔

[pullquote]چین: کمیونسٹ پارٹی کے سابق سربراہ کو عمر قید کی سزا[/pullquote]

چین میں کمیونسٹ پارٹی کے سابق سربراہ سن شینگ چائے کو کرپشن کے الزامات کے تحت عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ چون سالہ سن نے اپریل میں اقرار جرم کرتے ہوئے ایک سو ستر ملین یوآن کی رشوت لینے کا اعتراف کیا تھا۔ صدر شی جن پنگ کے بدعنوانی کے خلاف آپریشن میں متعدد عہدیداروں اور اہم شخصیات کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ سن نے اس عدالتی فیصلے کو قبول کرتے ہوئے اس کے خلاف اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

[pullquote]ایرانی معاہدے کو کمزور بنانے سے خطے کے حالات سنگین ہو جائیں گے، فرانس[/pullquote]

فرانسیسی وزیر دفاع کے مطابق ایرانی جوہری معاہدے کو کمزور کرنے سے خطے کے حالات تباہ کن ہو سکتے ہیں۔ فلورینس پیرلے کا فرانسیسی ریڈیو آر ٹی ایل سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایرانی جوہری معاہدہ کامل نہیں ہے لیکن اس کی وجہ سے ہی ایرانی جوہری سرگرمیاں معطل ہوئی ہیں۔ یورپی رہنما امریکی صدر سے متعدد مرتبہ یہ معاہدہ ختم نہ کرنے کی اپیل کر چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے