جمعرات : 10 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی اور برطانیہ کی طرف سے ایرانی راکٹ حملوں کی مذمت[/pullquote]

جرمن حکومت نے شام سے اسرائیل کے خلاف ایرانی راکٹ حملوں کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جرمن وزارت خارجہ کے مطابق یہ ایرانی حملے اشتعال انگیزی تھے اور اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ دوسری جانب برطانیہ نے ایرانی راکٹ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے روس سے اپیل کی ہے کہ وہ ایران کو مزید ایسی کوئی کارروائی کرنے سے روکے۔ دوسری جانب شامی فوج نے کہا ہے کہ اسرائیل کے راکٹوں کے ایک بڑی تعداد کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]فرانس اور روس کا اسرائیل اور ایران سے کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ[/pullquote]

روس اور فرانس نے اسرائیل اور ایران سے دو طرفی فوجی کشیدگی میں کمی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق یہ خطرناک صورتحال ہونے کے ساتھ ساتھ پریشان کن بھی ہے۔ دوسری جانب فرانس نے بھی اسی طرح کا مطالبہ کیا ہے۔ پیرس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال سے متعلق آج جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کریں گے۔

[pullquote]کارل پرائز فرانسیسی صدر ماکروں کو دے دیا گیا[/pullquote]

کینرواں برس جرمنی کا مشہور بین الاقوامی کارل پرائز فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کو دیا گیا ہے۔ انہیں یہ انعام ایک نئے یورپ کا وژن پیش کرنے کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔ یہ انعام فرانسیسی صدر کی قوم پرستی کے خلاف کی جانے والی کوششوں کا بھی عکاس ہے۔ جرمن شہر آخن کے مئیر نے کارل پرائز ماکروں کے حوالے کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج کے یورپ کو متحرک رکھنے میں ان کا اہم کردار ہے۔ اس موقع پر جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھی فرانسیسی صدر کی بہادری اور یورپ کے مسائل حل کرنے کے لیے ان کی لگن کی تعریف کی۔

[pullquote]کینیا میں ڈیم ٹوٹنے سے کم از کم 24 افراد ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک کینیا میں گزشتہ رات ایک ڈیم ٹوٹنے سے ’بڑے پیمانے پر تباہی‘ کے خدشات ہیں۔ نیروبی حکام نے اس واقعے میں کم از کم چوبیس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ حکام کے مطابق ڈیم شدید بارشوں کی وجہ سے تباہ ہوا ہے۔ کینیا کو اس وقت بارشوں اور سیلابوں کا سامنا ہے۔ متاثرہ ڈیم دارالحکومت نیروبی سے 190 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈیم کے پانی سے ہونے والی تباہی کے ابتدائی تخمینے ابھی لگائے جا رہے ہیں۔ کینیا ریڈ کراس کے مطابق ان کا ادارہ اب تک تقریبا چالیس افراد کو ریسکیو کر چکا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب سے یمنی مہاجرین کی ملک بدری[/pullquote]

سعودی عرب رواں برس سترہ ہزار یمنی مہاجرین کو ملک بدر کر چکا ہے۔ اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ برائے مہاجرین (آئی او ایم) نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سعودی عرب میں موجود سات لاکھ مہاجرین کو بھی واپس جنگ زدہ ملک یمن روانہ کیا جا سکتا ہے۔ آئی او ایم کے مطابق سعودی حکومت نے ایسے یمنی مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے، جن کے پاس سعودی عرب میں قیام کا قانونی اجازت نامہ نہیں ہے۔ سعودی لیبر مارکیٹ میں غیرقانونی طور پر کام کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس کریک ڈاؤن کے نتیجے میں بنگلہ دیشی، فلپائن اور ایتھوپیا کے باشندوں کو بھی واپس روانہ کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]امریکی صدر کی ایران کو’سنگین نتائج‘ کی دھمکی[/pullquote]

ایرانی عالمی جوہری معاہدے سے دستبرداری کے ایک دن بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوہری پروگرام میں توسیع کرنے کی صورت میں تہران حکومت کو ’سنگین نتائج‘ کی دھمکی دی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران کو پرزور مشورہ دیتے ہیں کہ وہ جوہری پروگرام شروع نہ کرے۔ دوسری جانب امریکی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ وہ ایران کے حوالے سے اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

[pullquote]انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، یورپی یونین کی چین پر تنقید[/pullquote]

یورپی یونین نے سخت الفاظ میں چین میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بیجنگ میں یورپی وفد کے سربراہ کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ان کارکنوں اور وکلاء کے حوالے سے ’بہت بریشان‘ ہیں، جنہیں صرف آزادی اظہار رائے کی وجہ سے قید اور سزائیں سنائی گئی ہیں۔ انہوں نے نوبل انعام یافتہ لیو شیا کی بیوہ کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا، جو گزشتہ آٹھ برسوں سے اپنے گھر پر نظر بند ہیں۔

[pullquote]کینیا میں ایک ڈیم ٹوٹنے سے ’بڑے پیمانے پر تباہی‘ کے خدشات[/pullquote]

افریقی ملک کینیا میں گزشتہ رات ایک ڈیم ٹوٹنے سے ’بڑے پیمانے پر تباہی اور ہلاکتوں‘ کے خدشات ہیں۔ حکام کے مطابق ڈیم شدید بارشوں کی وجہ سے تباہ ہوا ہے۔ متاثرہ ڈیم دارالحکومت نیروبی سے ایک سو نوے کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈیم کے پانی سے ہونے والی تباہی کے ابتدائی تخمینے ابھی لگائے جا رہے ہیں اور یہ کہ مقامی افراد کو شدید جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔ کینیا ریڈ کراس کے مطابق ان کا ادارہ اب تک تقریبا چالیس افراد کو ریسکیو کر چکا ہے۔

[pullquote]ملائیشیا میں عام انتخابات، مہاتیر محمد کی جیت[/pullquote]

ملائیشیا میں ہونے والے عام انتخابات میں حیران کن طور پر مہاتیر محمد اور ان کے اتحادیوں نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ان کے مدمقابل نجیب رزاق تھے، جنہیں بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے۔ بانوے سالہ مہاتیر محمد دنیا کے معمر ترین وزیراعظم بن جائیں گے۔ مہاتیر محمد کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد نے دو سو بائیس رکنی پارلیمان میں ایک سو اکیس نشستیں حاصل کر لیں ہیں جب کہ حکومت سازی کے لیے ایک سو بارہ نشستیں درکار تھیں۔ مہاتیر محمد نے اپنی کامیابی کے چند گھنٹوں بعد ہی چین کے ساتھ ہونے والے چند معاہدوں پر دوبارہ مذاکرات کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

[pullquote]اسرائیل کے شام میں متعدد ایرانی اہداف پر حملے[/pullquote]

اسرائیلی فوج نے شام میں موجود ایران کے درجنوں فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان کے مطابق ایسا گولان پہاڑیوں پر موجود اسرائیلی چوکیوں پر ایرانی راکٹ حملوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے راکٹ فائر کیے جانے والے مقامات اور ایران کے خفیہ اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم اسرائیل نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ فوجی محاذ پر شدت نہیں چاہتا۔ قبل ازیں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے شامی سرزمین سے بیس راکٹ فائر کیے تھے اور ایسا ایرانی پاسدران انقلاب کے ایک کمانڈر کے حکم پر کیا گیا تھا۔

[pullquote]بھارت میں طوفان اور بارش، کم از کم 11 افراد ہلاک[/pullquote]

شمالی بھارت میں شدید طوفان اور بارشوں کی وجہ سے کم از کم گیارہ افراد ہلاک اور پچیس زخمی ہو گئے ہیں۔ بھارت میں ایک ہفتے کے دوران آنے والا یہ دوسرا ایسا طوفان ہے۔ حکام کے مطابق اترپردیش کے مغرب میں آنے والے اس طوفان کی وجہ سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، جبکہ متعدد گھر بھی منہدم ہوئے ہیں۔ کئی شہروں اور دیہات میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے آنے والے طوفان کے نتیجے میں ایک سو بیس افراد ہلاک اور دو سو کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔ چھ ہفتے بعد بھارت میں مون سون کا موسم بھی شروع ہونے والا ہے۔

[pullquote]صومالیہ میں مزید ایک حملہ، کم از کم گیارہ افراد ہلاک[/pullquote]

صومالیہ میں ہونے والے ایک حملے کے نتیجے میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ایک مارکیٹ میں ہونے والا یہ دھماکا آیا خودکش حملہ تھا۔ یہ دھماکا دارالحکومت موغا دیشو سے ستر کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ایک چھوٹے سے شہر میں ہوا ہے۔ دھماکے کے مقام سے قریب ہی امریکی فوجیوں کا ایک اڈہ بھی موجود ہے۔ اس علاقے میں الشباب کے عسکریت پسند سرگرم ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے